Tag: Chief Justice

  • واشنگٹن : ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں دس کروڑ سے زائد کے عطیات جمع

    واشنگٹن : ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں دس کروڑ سے زائد کے عطیات جمع

    واشنگٹن : بھاشا اور ڈیم فنڈ کے لئے اوورسیز پاکستانی بھی دل کھول کر چندہ دینے لگے، واشنگٹن میں منعقدہ ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں دس کروڑ سے زائد کے عطیات جمع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم فنڈ میں اب تک اسٹیٹ بینک و دیگر و نجی بینکوں سمیت دیگر سرکاری و پرائیوٹ اداروں کے ملازمین اور عوام نے کروڑوں روپے عطیہ کیے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    اس سلسلے میں واشنگٹن میں ڈیمز فنڈ کیلئے فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، تقریب کا اہتمام پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے کیا گیا، اس موقع پر جسٹس گلزار احمد، سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

    تقریب میں موجود افراد نے دو گھنٹے میں دس کروڑ سے زائد کے عطیات دیئے، تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے دستخط شدہ بیٹ اور بال کی نیلامی کے علاوہ وسیم اکرم کی دستخط شدہ بال بھی نیلامی کا حصہ تھی۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ماضی کے حکمرانوں کا بہت پہلے اقدامات کرنا چاہیئے تھے، پاکستان میں بڑے ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے سستی بجلی نہیں بن سکتی۔

    پاکستان میں پانی کا ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کم از کم چار ماہ کی ہونی چاہیئے، تقریب میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا، تقریب میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

  • ریسٹورنٹ کے مبینہ زہریلے کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت، چیف جسٹس نے نوٹس لے لیا

    ریسٹورنٹ کے مبینہ زہریلے کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت، چیف جسٹس نے نوٹس لے لیا

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان نے کراچی کے ہوٹل میں مضر صحت کھانا کھانے سے دو بچوں کی اموات کا نوٹس لے لیا، مکمل رپورٹ دس روز میں طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں کھانا کھانے سے دو کمسن بچوں کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    چیف جسٹس نے حکم جاری کیا ہے کہ بچوں کی ہلاکت پر دس دن میں مکمل رپورٹ پیش کی جائے، انہوں نے اس حوالے سے سندھ فوڈ اتھارٹی اور وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سے بھی جواب طلب کرلیا ہے۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا مزید کہنا تھا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی میں واقع ایریزونا گرل ریسٹورنٹ کا کھانا کھانے کے بعد دو بچوں اور ان کی والدہ کی حالت رشویشناک ہوگئی تھی، لیکن اسپتال جا کر دو بچے ڈیڑھ سالہ احمد اور 5 سالہ محمد دوران علاج جاں بحق ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : مبینہ طور پر مضرِ صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والے بچے سپردِ خاک

    بعد ازاں بچوں کی نمازِ جنازہ میں ان کے والد احسن اسلم کے ضبط کا بندھن بھی ٹوٹ گیا، پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے، اسپتال میں زیرِ علاج والدہ کو بچوں کا آخری دیدار کرایا گیا، متاثرہ خاندان کا دکھ بانٹنے کے لیے سندھ حکومت کا کوئی وزیر یا مشیر جنازے میں شریک نہیں ہوا۔

  • کٹاس راج مندرکیس: میاں منشا کی فیکٹری کو دس کروڑ جرمانہ

    کٹاس راج مندرکیس: میاں منشا کی فیکٹری کو دس کروڑ جرمانہ

    لاہور : کٹاس راج کیس میں عوام کا پانی چوری کرنے اور جھوٹ بولنے پر میاں منشا کی فیکٹری کو10  کروڑ کا جرمانہ کردیا، چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ڈی جی سیمنٹ پانی کی قیمت کی مد میں آٹھ کروڑ روپے جبکہ جھوٹ بولنے پر دو کروڑ روپے جرمانہ ڈیم فنڈ میں جمع کرایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں2رکنی بنچ نے کٹاس راج مندرکا تالاب خشک ہونے اور زیرزمین پانی نکالنے پر مقدمے کی سماعت کی۔

    عدالتی حکم پر رپورٹ پیش کر دی گئی جس میں بتایا گیا ڈی جی سیمنٹ نے ٹیوب ویل کے ذریعہ زمین سے پانی نکالا، وہ بارش کا پانی استعمال نہیں کر رہے، جس پر چیف جسٹس پانی چوری اور جھوٹ بولنے پر میاں منشاکی ڈی جی سیمنٹ پربر س پڑے اور ریمارکس میں کہا ڈی جی سیمنٹ والے کہتے ہیں ہم نے پانی بارش سے جمع کیا، ڈی جی سیمنٹ والےجھوٹ بولتے ہیں، ڈی جی سیمنٹ کو غلط بیانی اور کنڈکٹ پر جرمانہ کررہے ہیں۔

    چیف جسٹس آف ہاکستان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے حکم دیا کہ ڈی جی سیمنٹ استعمال ہونے والے پانی کی قیمت آٹھ کروڑ روپے ڈیم فنڈ میں جمع کروائے جبکہ غلط بیانی اور مس کنڈکٹ پر 2 کروڑ روپے بطور جرمانہ بھی ڈیم فنڈ میں جمع کروایا جائے۔

    چیف جسٹس نے قرار دیا کہ آج کے بعد کمرشل استعمال کے لیے سیمنٹ فیکٹریوں کا پانی بند کر رہے ہیں، جس نے خلاف ورزی ہوئی تو سخت کارروائی ہوگی اور آئندہ کمرشل استعمال کے لیے ٹیوب ویل سے پانی نکالنے پر پابندی ہوگی اور سیمنٹ فیکٹریاں زمین سے پانی نہیں لیں گی۔

    چیف جسٹس نے فیکٹری کو رہائشی کالونیوں کے لیے دو ٹیوب ویل چلانے کی اجازت دے تاہم حکم دیا کی سیمنٹ فیکٹری یا پیپر ملز کے لیے یہ ہانی ہر گز استعمال نہ کیا جائے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ سیمنٹ فیکٹری کی کولنگ کے لیے نیا سسٹم لگایا جائے، جس پر ڈی جی سیمنٹ ک وکیل نے بتایا کہ ان کے پاس چھ ماہ کے لیے پانی موجود ہے اور نیا پلانٹ لگانے کے لیے 12 دے 18 ماہ درکار ہیں۔

    جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کولنگ سسٹم کے لیے ڈی جی سیمنٹ اپنا انتظام کر لے بعد میں اگر فیکٹری بند ہوئی تو ہو جائے، بعد ازاں عدالت نے سماعت کے بعد ازخود نوٹس نمٹا دیا۔

    خیال رہے ڈی جی سیمنٹ میاں منشاکی ملکیت ہے۔

    مزید پڑھیں : کٹاس راج مندرکا تالاب ٹینکروں کے پانی سے بھرا جائے: چیف جسٹس

    گذشتہ سماعت میں چیف جسٹس نے خشک کیے گئے کٹاس راج مندر کے تالاب کو ہر صورت پانی سے بھرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا اگر ٹینکروں کے ذریعے بھی پانی لے جانا پڑے تو مندر تک لے جا کر تالاب بھرا جائے۔

    چیف جسٹس نے سیمنٹ فیکٹریوں میں استعمال ہونے والے پانی کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کرلی تھی۔

  • قیام پاکستان کے  پیچھے جدوجہد اورعشق کارفرما ہے: چیف جسٹس

    قیام پاکستان کے  پیچھے جدوجہد اورعشق کارفرما ہے: چیف جسٹس

    کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے  پیچھے جدوجہد اورعشق کارفرما ہے.

    ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس نے کراچی میں‌ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انھوں نے کہا کہ پاکستان نہ ہوتا، تو میں آج کسی ہندوکامنشی ہوتا.

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ پاکستان ہمیں کسی نے تحفے میں نہیں دیا، اس کے پیچھے عشق کا جذبہ تھا، ہمارے بزرگو ں نے پاکستان کے لئے بہت قربانیاں دیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں، اللہ نے ہمیں پاکستان عطا کیا، ہم اس پاکستان کےساتھ کیا کر رہے ہیں، ہمیں‌ سوچنا ہوگا، ہمیں اس ملک کی قدرکرنی چاہیے، آئیں پاکستان سے عشق کرنا سیکھیں.


    مزید پڑھیں: شاہ رخ جتوئی کو ڈیتھ سیل منتقل کیا جائے: چیف جسٹس برہم


    انھوں نے کہا کہ جب کسی چیز سےعشق کرلیں، تواس کےعشق میں فنا ہوجاتے ہیں، پاکستان کو ایک ماں کی طرح دیکھیں، اس کی قدر کریں.

    چیف جسٹس نے کہا کہ ہماری پہلی اور آخری محبت پاکستان ہے، پاکستان میں پانی کم ہوتا جارہا ہے، ملک کی ترقی کے لئےہم سب کو حصہ ڈالنا ہوگا.

    جاوید میاں داد کا ڈیم فنڈ میں بڑا عطیہ

    آج پاکستان کے سابق کپتان جاوید میاں داد نے چیف جسٹس سے ملاقات کی اور ڈیم فنڈ میں 2 لاکھ روپے کی رقم جمع کرائی.

    اس موقع پر لیجنڈ‌ کرکٹر نے عمران خان کے دستخط شدہ 92 ورلڈکپ کی گیند بھی نیلامی کے لئے پیش کی.

  • ڈیم فنڈ : سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کی جانب سے 22 ملین کا چیک چیف جسٹس کو پیش

    ڈیم فنڈ : سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کی جانب سے 22 ملین کا چیک چیف جسٹس کو پیش

    کراچی : سیکریٹری ایوی ایشن اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ثاقب عزیز نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کی۔

    انہوں نے پی آئی اے کے کارکنان کی جانب سے سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کئے گئے ڈیمز فنڈ میں بائیس ملین روپے کا چیک ان کے حوالے کیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کارکنان کی تمام نمائندوں تنظیموں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔

    جن میں ساسا کے جنرل سیکریٹری صفدر انجم، سی بی اے کے نائب صدر ضمیر حسین چانڈیو، پالپا کے صدر رضوان گوندل اور سیب کے صدر وسیم ایوب بھی شامل تھے۔

    اپنے پیغام میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ثاقب عزیز نے کہا کہ پی آئی اے کارکنان نے ملکی ترقی میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے اور ہر طرح کے حالات میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

    سپریم کورٹ اور حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے قائم کئے گئے چندہ مہم میں بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔

    پی آئی اے کارکنان نے ائر لائن کے مشکل حالات کے باوجود اپنی ایک دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ کے لئے عطیہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترم چیف جسٹس ثاقب نثار نے پی آئی اے کی اس کاوش کو بہت سراہا ہے۔

  • چیف جسٹس کی سرکاری کوارٹرز کے خلاف آپریشن 3ماہ مؤخر کرنے کی ہدایت

    چیف جسٹس کی سرکاری کوارٹرز کے خلاف آپریشن 3ماہ مؤخر کرنے کی ہدایت

    کراچی : چیف جسٹس کی سرکاری کوارٹرز کے خلاف آپریشن 3 ماہ مؤخرکرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ گورنر سندھ نے پاکستان کوارٹرز کے معاملے پر پریس کانفرنس طلب کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوارٹرز کے گھر خالی کرانے کے معاملے پر گورنرسندھ عمر ان اسماعیل نے چیف جسٹس ثاقب نثار نے رابطہ کیا اور آپریشن رکوانے کی درخواست کی۔

    جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے سرکاری کوارٹرز کےخلاف آپریشن 3 ماہ مؤخر کرنے کی ہدایت کردی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان نے کہا معاملے پر نظر ثانی پر چیف جسٹس کے بے حد مشکور ہیں۔

    دوسری جانب گورنرسندھ نے پاکستان کوارٹرزکے معاملے پر پریس کانفرنس طلب کر لی ہے، عمران اسماعیل سرکاری کوارٹرز کے معاملے پر اہم اعلان کریں گے۔

    مزید پڑھیں : کراچی: پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے

    یاد رہے آج صبح پولیس پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں کی بے دخلی کیلئے پہنچی تو شہریوں نے احتجاج کیا اور علاقہ مکینوں نے پاکستان کوارٹرز کے داخلی راستے رکاوٹیں لگا کر بند کردیئے، جس پر پولیس نے مکینوں پر بے دریغ لاٹھی چارج کیا ، شیلنگ کی اور واٹر کینن کا استعمال کیا، جس کے بعد علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

    پولیس آپریشن کے دوران متعدد مظاہرین زخمی ہوئے اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان کوارٹرز کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری پولیس واپس بلانے کا حکم دے دیا تاہم آپریشن روکنے کے احکامات کے باوجود پولیس کی طرف سے پتھراو اور شیلنگ کا سلسلہ جاری رہا، مشتعل افراد نے گاڑی جلادی اور احتجاج کیا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے احکامات پرپاکستان کوارٹرزمیں آپریشن روک لیا گیا، واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہےاور ڈی آئی جی سی آئی اے اورڈی آئی جی ایسٹ پرمشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔

    وفاقی وزیربرائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے اے آروائی نیوز سے گفگتوکرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پولیس اورکراچی پولیس چیف ذمہ دار افسران ہیں، نہیں سمجھتا اس معاملے میں پیپلزپارٹی کی مداخلت نہ ہو۔

  • پانی کی کمی کی وجہ سے اپنے بچوں کی زندگی تلف ہوتے نہیں دیکھ سکتا: چیف جسٹس

    پانی کی کمی کی وجہ سے اپنے بچوں کی زندگی تلف ہوتے نہیں دیکھ سکتا: چیف جسٹس

    اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ  پانی کی کمی کی وجہ سے اپنی بچوں کی زندگی تلف ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔

    ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس نے  دو روزہ بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر انھوں نے غیرملکی ماہرین کی سمپوزیم میں شرکت پر شکریہ ادا کیا.

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے یہ سوچ رہی کہ عوام کے بنیادی حقوق کے لئے جدوجہد کروں، آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، آئین پڑھ کر سوچتا ہوں، عوام کو ان کے حقوق کب ملیں گے.

    قائد اعظم نے خود کو فنا کر کے ہمیں پاکستان دیا، یہ پاکستان ہماری ماں ہے، کیا ہم اس سےعشق نہیں کرسکتے؟

    چیف جسٹس نے کہا کہ میرے بچے پانی سے محروم ہو کر زندگی سے محروم ہوجائیں، یہ مجھے گوارا نہیں، عدلیہ عوام کےبنیادی حقوق کی ضامن ہے.

    انھوں نے کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقو ق کا تحفظ عدلیہ کا فرض ہے، پانی کی کمی کی وجہ سے اپنی بچوں کی زندگی تلف ہوتے نہیں دیکھ سکتا. ہماری نئی نسل پانی سےمحروم ہوجائےایسانہیں ہونےدیں گے.

    چیف جسٹس نے کہا کہ ماضی میں کسی نے آبی ذخائر کے لئے کچھ نہیں کیا، جب معلوم تھا کہ پاکستان کے پاس وافر پانی نہیں تو اقدامات کیوں نہ کئے گئے.

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیں تحفےمیں نہیں ملا،قائد اعظم نے خود کو فنا کر کے ہمیں پاکستان دیا، یہ پاکستان ہماری ماں ہے، کیا ہم اس سےعشق نہیں کرسکتے؟

    انھوں نے سوال کیا کہ اگر کسی نےاسپتالوں کے لئے کام نہیں کیا، تو کیا ہم بھی اپنی ذمے داری پوری نہیں‌ کرتے.


    صوبوں میں اتفاق رائے ہی سے آبی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے: سرتاج عزیز


    قوم کے بچوں نے جوپیسے مجھےدیے، وہ امانت ہے، امانت میں خیانت کرنابہت بڑا گناہ ہے، جتنےدن میں ہوں، اپنی قوم کومایوس نہیں کرسکتا.

    انھوں نے کہا کہ آج ہونے والی باتیں‌ نوٹ کی جانے والی تھیں،آج جوغیرملکی مہمان یہاں آئےہیں، وہ روز روز  نہیں آسکتے.

    اپنی تقریر میں انھوں نے جسٹس ہانی مسلم، جسٹس اعجاز، سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کے تعاون اور کاوشوں‌ کو سراہا.

  • بنی گالا میں عمران خان کا گھر ریگولرائز نہیں ہوا تو جرمانہ دینا پڑے گا، چیف جسٹس

    بنی گالا میں عمران خان کا گھر ریگولرائز نہیں ہوا تو جرمانہ دینا پڑے گا، چیف جسٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ بنی گالا میں سب سے پہلے عمران خان کا گھر ریگولرائز ہوگا، ریگولرائز نہیں ہوا تو پہلا جرمانہ بھی انہیں دینا پڑے گا۔

    \تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بنی گالہ غیرقانونی تعمیرات کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بنی گالا میں تعمیرات ٹاؤن پلاننگ کے بغیر ہوئیں۔

    اب تمام تعمیرات گرانا مناسب نہیں ہوگا. ہم تحریک انصاف والوں کی کارکردگی دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ان ہی لوگوں نے اس مسئلے کے حل لیے درخواست دائر کی تھی۔

    ان کا دوٹوک الفاظ میں مزید کہنا تھا کہ بنی گالہ میں سب سے پہلے عمران خان کا گھر ریگولرائز ہوگا، گھر ریگورائز نہیں ہے تو سب سے پہلے جرمانہ بھی عمران خان صاحب کو ہی دینا ہوگا۔

    چیف جسٹس نے وکیل صفائی سے مکالمے میں کہا یہ کوئی سیاسی بیان نہیں جو میں دے رہا ہوں، بابراعوان صاحب آپ کو یہ وزیراعظم صاحب کو بتانا ہے۔

    مزید پڑھیں: بنی گالہ تجاوزات کیس، سپریم کورٹ کا عمران خان کو جرمانہ ادا کرنے کا حکم

    اس موقع پر اعلیٰ عدالت نے بنی گالہ میں ریگولرائزیشن سے متعلق کمیٹی تشکیل دے دی، چیف جسٹس نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کمیٹی کی سربراہی کریں گے، کمیٹی دس دن میں رپورٹ پیش کرے گی، انہوں نے کہا کہ راول جھیل کی آلودگی کا معاملہ الگ سے دیکھیں گے۔

  • چیف جسٹس نے لاہور کے پٹوارخانوں کی تفصیلات ایک ہفتے میں طلب کرلیں

    چیف جسٹس نے لاہور کے پٹوارخانوں کی تفصیلات ایک ہفتے میں طلب کرلیں

    لاہور : چیف جسٹس نے لاہور کے پٹوارخانوں کی تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی، ان کا کہنا ہے کہ بتایا جائے اب پٹواری کس طرح زمینوں کی منتقلی کرسکتے ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے پٹوارخانوں سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوئی، اس موقع پر چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ لاہور کے پٹوارخانوں میں تعینات پٹواری اب بھی زمینوں کا انتقال کررہے ہیں۔

    بتایا جائے اب وہ کس طرح زمینوں کی منتقلی کرسکتے ہیں اور کس قانون کےتحت کام کررہے ہیں ؟ چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ پٹواری قبرستانوں کی زمینوں کی بھی منتقلی کررہے ہیں، معصوم لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا جاتا ہے۔

    لینڈ ریونیو اتھارٹی کی بجائے پٹواری کیوں اور کیسے زمینوں کی منتقلی کررہے ہیں، اگر قانونی جواز پیش نہ کرسکے تو پٹواریوں کو نکال دوں گا۔

    چیف جسٹس نے پنجاب حکومت اورسینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے جواب طلب کرتے ہوئےلاہور بھر میں لگے پٹواریوں کی تفصیلات ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

  • عوام سے التجا کرتا ہوں منرل  واٹر پینا بند کر دیں، چیف جسٹس

    عوام سے التجا کرتا ہوں منرل واٹر پینا بند کر دیں، چیف جسٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس ثاقب نثار نے عوام سے التجا کی کہ منرل واٹرپینا بند کر دیں، نلکے کا پانی ابال کر پئیں، اللہ کے فضل سے کچھ نہیں نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے منرل واٹر کمپنیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی، سماعت میں چیف جسٹس نے قوم سے منرل واٹر نہ پینےکی درخواست کردی۔

    چیف جسٹس نے کہا عوام سے التجا کرتا ہوں منرل واٹرپینا بند کردیں، نلکے کا پانی ابال کر پئیں،اللہ کےفضل سےکچھ نہیں نہیں ہوگا۔

    جسٹس ثاقب ںثار نے ریمارکس میں کہا منرل واٹر کمپنیاں زمین سے پانی نکال کربوتلیں بھرتی ہیں،منرل واٹرکمپنیاں چھوٹی بوتل32روپےمیں بیچ رہی ہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دئیے کمپنیز کا سالانہ منافع ایک بلین سے زائد ہے۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے منرل واٹر کمپنیوں کے وکیل سے کہا اعتزازصاحب آپ جرمنی،ناروےکی مثالیں نہ دیں، وہاں کے دریاؤں میں پانی بہت ہے۔

    چیف جسٹس نے اعتزازاحسن سے استفسار کیا کہ آپ کو معلوم ہے لاہور میں بورنگ کریں تو پانی کتنےفٹ پرآتاہے، اعتزازاحسن نے جواب دیا جی چار سو فٹ پر پانی آتاہے ۔

    جس پر چیف جسٹس نے کہا اس سے نیچے پتھر اور چٹانیں ہیں، جس سے پانی نہیں نکلتا، آپ چاہتےہیں لاہور اورشیخوپورہ کا پانی سکھا دیں، منرل واٹر کمپنیاں مفت میں پانی بھرتی ہیں، لوگ بالٹیاں لے کر بیٹھے رہتے ہیں ان کے نلکوں میں پانی نہیں آتا۔

    جسٹس میاں ثاقب نثار نے مزید ریمارکس میں کہا جعلی پانی بیچا جارہا ہے، اربوں گیلن پانی لے کر لاکھوں روپے بھی نہیں دیے گئے، ہم پانی بیچنے والی کمپنیوں کی ٹربائنیں بند کردیتےہیں، پانی بیچنے والی کمپنیوں کو نلکے لگا کر دیتے ہیں۔

    چیف جسٹس کی منرل واٹر کمپنیوں کو ایک روپے فی لیٹر ادا کرنے کی تجویز

    چیف جسٹس نے منرل واٹر کمپنیوں کو ایک روپے فی لیٹر ادا کرنے کی تجویز کرتے ہوئے کہا منرل واٹر کمپنیوں کو تجویز پسند ہے تو بتائیں ورنہ کمپنیاں بند کریں، ایک پیسہ ادا کرکے 92روپے فی لیٹر بیچنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ اربوں گیلن پانی استعمال کرکےاربوں کما گئے، بدلے میں عوام کو مہنگے پانی کے علاوہ کچھ بھی نہیں ملا، کوئی پیسہ ادا نہیں کیا اور زیر زمین پانی استعمال کرگئے، میری تو لوگوں سے اپیل ہے، منرل واٹر والا پانی استعمال نہ کریں۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا بےچاری عوام بالٹی اور لوٹا لیے پانی کے لیے دربدرپھرتی ہے، خدا کے لیے بوتلوں کا پانی نہ پیاجائے، یہ کمپنیاں توایک روپے فی لیٹر بھی دینے کو تیار نہیں، ہمارا ہی پانی بوتلوں میں بھرکر ہمیں ہی بیچا جاتا ہے۔

    جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے جن لوگوں نے ہماری زمینوں کو بنجر کیا ان کا پانی کا استعمال بند کریں، سروس اسٹیشنز پر میٹھے پانی سے گاڑیاں دھوئی جارہی ہیں، جس پرایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا ایک کار پر 400 لیٹر پانی خرچ ہوتاہے، سیمنٹ انڈسٹری کےلئے 5ہزارفی کیوسک قیمت نافذہوگئی ہے۔

    سپریم کورٹ نے پانی کے ریٹ اور ان پر چارجز عائد کرنے کے لیے قانون سازی کا حکم دے دیا ، عدالت نےحکم منرل واٹرکمپنیوں کی رضامندی سے جاری کیا ۔

    عدالت نے کہا صوبائی اور مرکزی حکومتیں اس سلسلےمیں قانون سازی کریں اور 3ہفتے میں عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ میں منرل واٹر کمپنیوں سے متعلق کیس کی سماعت3 ہفتے کے لیے ملتوی کردی گئی۔

    گذشتہ سماعت میں بھی چیف جسٹس نے واضح کیا تھا کہ منرل واٹر کمپنیوں کی طرف سے فی لیٹر اعشاریہ دو پیسے کی ادائیگی کوئی ریٹ نہیں، کم از کم نرخ 50 پیسے یا 1 روپیہ فی لیٹر ہونا چاہیے،چیف جسٹس نے کہا کہ پانی ملک کا سب سے بڑا عطیہ ہے جو مفت میں دیا جا رہا ہے