کراچی (31 جولائی 2025) گلشن معمار میں اغوا میں ناکامی پر فائرنگ سے 8 سالہ بچہ کے جاں بحق ہونے واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے والد کی مدعیت میں 4 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کو 4 ملزمان نے ذاتی رنجش پراغوا کرنے کی کوشش کی، بچے کے شور مچانے پرملزمان نے سر میں گولی مار کر بچے کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان میں وسیم، بشیر، محسن اور اقبال شامل ہیں، واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم ان کی تلاش جاری ہے۔
مقتول بچے کے والد اللہ بچایا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری خاندان میں دشمنی چل رہی ہے، مخالفین نے میری بیوی اور ایک بچے کو پہلے سے اغوا کیا ہوا ہے۔
اللہ بچایا کے مطابق 4 افراد آج میرے ایک اور بچے کو اغوا کرنے کیلیے آئے تھے، مخالفین کا کہنا ہے کہ صلح کرلو لیکن میں راضی نہیں تھا۔
بچے کے والد نے مزید بتایا کہ اغواکے دوران بچے نے شور مچایا تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے میرا بیٹا سر پر گولی لگنے سے موقع پر ہی جان سے چلا گیا، مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔