Tag: children Hospital

  • لاہور کے بڑے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، فارمیسی جل کر خاکستر

    لاہور کے بڑے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، فارمیسی جل کر خاکستر

    لاہور کے معروف چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا ہے، واقعے میں فارمیسی جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی

    تفصیلات کے مطابق چلڈرن اسپتال کی تیسری منزل پر علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ تیسرے منزل پر لگی، اسپتال کا تیسرا فلور میڈیسن اسٹور کے طور پر استعمال ہو رہا تھا اسٹور میں کروڑوں روپے مالیت کی ادویات موجود تھیں جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کی دوائیاں تباہ ہوگئیں۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی سات گاڑیاں جائے حادثے پر پہنچی اور آگ بھجانے کے عمل میں حصہ لیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اسنارکل بھی آگ بھجانے کے عمل میں مصروف عمل ہیں تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث مزید تین گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ تیزی سے پھیل رہی ہے شدید دھوئیں اور آگ کی شدت کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ادھر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے، تمام مریض اور اسٹاف محفوظ ہے اور اپنے امور سرانجام دے رہے ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا، وزیر اعلی حمزہ شہباز نےسیکرٹری صحت سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے،واقعہ کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • سابق کپتان مصباح الحق کا بچوں کے امراض قلب کے لیے پہلا اسپتال بنانے کا اعلان

    سابق کپتان مصباح الحق کا بچوں کے امراض قلب کے لیے پہلا اسپتال بنانے کا اعلان

    لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے زندگی کی دوسری اننگز کا آغاز کردیا، بچوں کے دل کے امراض کے لیے پاکستان میں بنائے جانے والے پہلے اسپتال کے لیے چندہ جمع کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چلڈرن ہارٹ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام لاہور میں بچوں کے دل کے امراض کے لیے ہسپتال کے لیے فنڈ ریزر نگ کا اہتمام کیا گیا جس میں سابق اور موجودہ کرکٹرز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

    مصباح الحق نے دل کے مریض بچوں کے لیے اسپتال کے قیام کو ضروری قرار دیتے ہوئے اپنی خدمات پراجیکٹ لیے وقف کرنے کا اعلان کیا۔

    واضح رہے کہ کہ چلڈرن ہارٹ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ لاہور میں ایک ارب چونسٹھ کروڑ روپے لاگت سے ہسپتال قائم کرنے کے لیے فنڈز اکھٹے کررہا ہے، اس تنظیم کے تحت پہلے ہی دل میں سوراخ لے کر پیدا ہونے والے ہزاروں بچوں کا مفت علاج کیا جاچکا ہے۔