Tag: China and Russia

  • نیوکلیئر پاور اسٹیشن : روس اور چین کے مابین تاریخی معاہدہ طے

    نیوکلیئر پاور اسٹیشن : روس اور چین کے مابین تاریخی معاہدہ طے

    روس اور چین کے درمیان چاند پر نیوکلیئر پاور اسٹیشن تعمیر کرنے کا معاہدہ طے پاگیا، پروگرام میں 17 ممالک کو ساتھ شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین اور روس نے چاند پر نیوکلیئر پاور پلانٹ بنانے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے، جس کا مقصد ایک مشترکہ بین الاقوامی چاند تحقیقی اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنا ہے، مذکورہ تحقیقی اسٹیشن 2036 تک مکمل ہو کر کام شروع کر دے گا۔

    اس معاہد ے کو گزشتہ ہفتے چین کے صدر شی جن پنگ کے ماسکو دورے کے دوران حتمی شکل دی گئی، جہاں چین کی قومی خلائی ایجنسی اور روس کی خلائی ایجنسی "روسکوسموس” نے تعاون کا یادداشت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے۔

    معاہدے کے مطابق روسی ری ایکٹر کو انٹرنیشنل لونر ریسرچ اسٹیشن (آئی ایل آر ایس) چلانے کے لیے استعال کیا جائے گا، جس پر دونوں ممالک مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں، رپورٹ کے مطابق روس کا کہنا ہے کہ اب تک 13 ممالک اس منصوبے کا حصہ بن چکے ہیں۔

    روسکوسموس کے مطابق نیوکلیئر پلانٹ (آئی ایل آر ایس) منصوبے کے لیے ایک اہم کردار ادا کرے گا”۔ اس منصوبے کا مقصد چاند کے جنوبی قطب پر 2030 کی دہائی کے وسط تک ایک مستقل تحقیقاتی بیس بنانا ہے جہاں سائنسی تحقیق اور انسانوں کی مستقل موجودگی کے لیے ٹیکنالوجی کی آزمائش کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ امریکہ بھی چاند پر ایک بیس اور نیوکلیئر پاور پلانٹ بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے، ناسا اور امریکی محکمہ توانائی ایک "فیوژن سر فیس پاور پراجیکٹ” پر کام کر رہے ہیں، جس کا مقصد چاند اور مریخ پر پائیدار تحقیقاتی بیس کی بنیاد رکھنا ہے۔

    یہ معاہدہ چین اور روس کے درمیان ہونے والے 25 سے زائد معاہدوں میں سے ایک ہے، جن پر گزشتہ ہفتے ماسکو میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان بات چیت ہوئی تھی۔

  • خلا میں امریکا سے مقابلے کیلئے روس اور چین ایک ہوگئے

    خلا میں امریکا سے مقابلے کیلئے روس اور چین ایک ہوگئے

    ماسکو : روس اور چین نے امریکا سے خلائی برتری کا مقابلہ کرنے کیلئے اہم معاہدہ کرلیا جس کے تحت دونوں ممالک چاند پر تحقیقات کے لئے مشترکہ خلائی اسٹیشن قائم کریں گے۔

    اس حوالے سے روسی خلائی ایجنسی روسکوموس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی تنصیبات چاند کی سطح یا اس کے مدار میں قائم کی جائیں گی۔

    چین نے اسے اپنا بین الاقوامی خلائی تعاون کا سب سے اہم پروجیکٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروجیکٹ دلچسپی رکھنے والے تمام ملکوں اور عالمی شراکت داروں کے لیے کھلا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک چاند پر مشترکہ خلائی اسٹیشن بنانے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ روس خلا میں برتری کی دوڑ میں امریکا کا مقابلہ کرنا کرنے کے لیے اپنی خلائی طاقت کو جدید اور مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

    روسی خلائی ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ اس سلسلے میں چینی خلائی ایجنسی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے ہیں۔

    ایک بیان کے مطابق معاہدے کے تحت چاند کی سطح یا مدار میں قائم خلائی اسٹیشن تجرباتی اور تحقیقی سہولیات کی فراہمی کے لیے تیار کیا جائے گا۔ یہ خلائی اسٹیشن خلائی تحقیق میں دلچسپی رکھنے والے دیگر ممالک کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔

    خلائی اسٹیشن کب تیار ہوگا اور اور اس پر کب کام شروع کیا جائے گا اس حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ واضح رہے چین امریکا کے بعد خلائی پروگرام میں سرمایہ کاری کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ مشترکہ منصوبے سے دونوں ممالک کو دیگر شعبوں میں بھی کئی فوائدہوں گے۔ خیال رہے کہ روس نے 1961 میں سوویت دور میں پہلی بار خلا میں کسی انسان کو بھیجا تھا۔