Tag: china cutting

  • اسلام آباد فٹبال گراؤنڈ میں وکلاء کی چائنا کٹنگ پرچیف جسٹس کا ازخود نوٹس

    اسلام آباد فٹبال گراؤنڈ میں وکلاء کی چائنا کٹنگ پرچیف جسٹس کا ازخود نوٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع فٹبال گراؤنڈ پر ناجائز قبضے کا از خود نوٹس لے لیا اورسی ڈی اے سے قبضے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وکیلوں کی جانب سے سیکٹر ایف8کے فٹبال گراؤنڈ پر مبینہ چائنہ کٹنگ کا چیف جسٹس ثاقب نثار نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے چئیرمین سی ڈی اے سے تین دن میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    اسلام آباد میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد میتلا نے بتایا ہے کہ قانون کا بھاشن دینے والوں کی لاقانونیت انتہا کو پہنچ گئی ہے، مذکورہ فٹبال گراؤنڈ پر وکلاء کا چیمبر زیر تعمیر ہے، حد تو یہ ہے عمارت بنا کر خود بھی رہ رہے ہیں اور اسے کرائے پر بھی دی ہوئی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے قبضے کو بچوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، علاقہ مکین وکیلوں کے عتاب سے بچنے کے باعث میڈیا پر نہیں آتے۔

    وکلاء گردی کی اس سے بڑی مثال کیا ہوگی کہ جب انتظامیہ کے لوگ کارروائی کیلئے آتے ہیں تو انہیں زدوکوب کرکے بھگا دیا جاتا ہے، اس کے علاوہ وکیلوں نے گراؤنڈ کی پارکنگ کو بھی نہ چھوڑا اور وہاں بھی قبضہ جمائے بیٹھے ہیں۔

  • چائنا کٹنگ میں ملوث پولیس افسررنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ویڈیو منظرعام پر

    چائنا کٹنگ میں ملوث پولیس افسررنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ویڈیو منظرعام پر

    کراچی : شہر قائد میں چائنا کٹنگ میں پولیس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اےآروائی نیوز پولیس افسر کے اعتراف کی وڈیو منظرعام پر لےآیا، صوبائی وزیر داخلہ سہیل انورسیال نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چائنہ کٹنگ کی بہتی گنگا میں پولیس افسر نے بھی ہاتھ صاف کیے، قانون کے رکھوالے نے دو نمبر پلاٹوں کی لین دین میں جیبیں گرم کرنے اعتراف کرلیا۔

    سندھ پولیس کی کالی بھیڑ پولیس افسر اکبر شرجو لینڈ مافیا کا سہولت کار بھی ہے، گلستان جوہر میں تعینات اس پولیس افسر اکبر شر نے عوام کو چونا لگادیا، رشوت لینے کی اعترافی وڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    سپریم کورٹ کے حکم پر شہرقائد میں چائنہ کٹنگ کے خلاف آپریشن ہوا تو پولیس افسر کو لینے کے دینے پڑ گئے، پولیس کو پیسے دینے والے کا گھر مسمار ہوا تو وہ اکبر شر کے گلے پڑ گیا۔

    پولیس افسر معاملہ رفع دفع کرانے متاثرہ فریق کے پاس جرگہ لے کر پہنچ گیا، پولیس والا جان چھڑانے کیلئے منت سماجت پراتر آیا، بچوں کا واسطہ دیا۔


    مزید پڑھیں: میئر کراچی کو اختیارات دے کر چائنا کٹنگ کا رواج زندہ نہیں کرسکتے، وزیراعلیٰ


    اس کا کہنا تھا کہ ہاتھ جوڑتا ہوں، پاؤں پکڑتا ہوں، ایک لاکھ روپے لے لو میری جان چھوڑدو، اے آر وائی نیوز کی خبر پر صوبائی وزیر داخلہ سہیل انورسیال نے فوری ایکشن لیتے ہوئے واقعے کی تفتیش کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ چائنا کٹنگ میں ملوث اہلکار کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

  • کراچی کے لیزشدہ مکانات مسمارنہیں کرنے دیں گے، وسیم اختر

    کراچی کے لیزشدہ مکانات مسمارنہیں کرنے دیں گے، وسیم اختر

    کراچی : شہر قائد کے میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ چائنا کٹنگ کی آڑ میں لیز شدہ مکانات مسمار نہیں کرنے دینگے یہ ہماری زمین ہے کوئی خالی نہیں کراسکتا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وسیم اختر نے کہا کہ کراچی میں مکانات کی لیز کے باوجود توڑپھوڑ غیرقانونی ہے، باغ کورنگی کےمکینوں کوپریشان ہونےکی ضرورت نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ چائناکٹنگ کی آڑ میں لیز شدہ مکانات مسمار نہیں کرنے دینگے یہ ہماری زمین ہےکوئی خالی نہیں کراسکتا، جنہوں نےغلط کام کیاان کوسزاملنی چاہئے۔

    میئرکراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ماضی میں جن لوگوں نےیہ کھیل کھیلا انہیں سب جانتے ہیں، چائنا کٹنگ کرنے والے بیرون اور اندرون ملک مزے کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قانونی چارہ جوئی کے لئے عدالت جائیں گے، گوٹھوں کو لیز دی جارہی ہے ان کو کوئی نہیں روک رہا۔


    مزید پڑھیں: میئروسیم اختر نے کراچی کی صورت حال کا ذمہ دارسندھ حکومت کو ٹھہرادیا


    علاوہ ازیں میئرکراچی وسیم اختر نے عباسی شہید اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے صفائی کی ابترصورتحال پربرہمی کا اظہار کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

     

  • چائنا کٹنگ کنگ سعید بھرم کابھائی عارفین بھی گرفتار

    چائنا کٹنگ کنگ سعید بھرم کابھائی عارفین بھی گرفتار

    کراچی : سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے کمانڈرسعید عرف بھرم کے بھائی عارفین کو دبئی سے حراست میں لے لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق عارفین کراچی میں چائنہ کٹنگ اور زمینوں پر قبضے میں ملوث ہے، سعید بھرم کو انٹر پول کے ذریعے دبئی سے گزشتہ دنوں حراست میں لیا گیا تھا.

    زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر کراچی کے بھی مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق ٹارگٹڈ کارروائیوں میں سیاسی جماعت کے مزید سات کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے.

    واضح رہے کہ سعید بھرم کراچی میں چائنہ کٹنگ کا اہم ملزم ہے جس پر بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ ، اغوا برائے تاوان، قتل ، اقدام قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے .

    ملزم کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد ملک سے فرار ہوگیا تھا.

     

  • اسلام آباد میں چائنہ کٹنگ، وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

    اسلام آباد میں چائنہ کٹنگ، وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

    اسلام آباد : دارالحکومت اسلام آباد میں قائم راول ڈیم کی زمین بھی لینڈما فیاکےقبضےمیں ہے۔جس کےباعث ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنےکی گنجائش کم ہوتی جارہی ہے۔وزیراعظم نےراول ڈیم پرچائنا کٹنگ کی خبروں کانوٹس لےکر چیئرمین سی ڈی اے سےرپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق چائناکٹنگ کا جن بےقابو ہوگیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مضا فات میں واقع راول ڈیم کی کروڑوں روپے کی زمین پر بذریعہ چائناکٹنگ ، لینڈ ما فیا کے قبضے کا ا نکشاف ہوا ہے۔

    لینڈمافیانے جڑواں شہروں کو پانی فراہم کرنے والے راول ڈیم کے کناروں کوچائنا کٹنگ کی،جس کے باعث ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کم ہوتی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطا بق قبضہ مافیا نے محکمہ مال کے ساتھ مل کر جعلی رجسٹریاں بھی بنوا ئیں، اسمال ڈیمز آرگنائزیشن کی جانب سے قابضین کوکئی مرتبہ نوٹس دیئے گئے لیکن قابضین نے قبضہ نہ چھوڑا۔

    اسمال ڈیمز آرگنا یزیشن کی جانب سے جعلی رجسٹریاں تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے اسلام آباد انتظامیہ کو بارہا خطوط لکھے لیکن معاملہ جوں کا توں رہا، اب وزیر اعظم نے ان خبروں کا نوٹس لیتے ہو ئے چئیرمین سی ڈی اے کو شام پانچ بجے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

  • چائنا کٹنگ: ڈھائی ارب مالیت کی زمین غیرقانونی طورپر لیز کی گئی،نیب

    چائنا کٹنگ: ڈھائی ارب مالیت کی زمین غیرقانونی طورپر لیز کی گئی،نیب

    کراچی : نیب حکام نے سندھ میں زمین کی غیرقانونی لیز کاکچاچٹھا کھول دیا۔ ایڈمرل ریٹائرڈ سعید احمد سرگانہ نے کہا ہے کہ چائنا کٹنگ کے ذریعے ڈھائی ارب روپے مالیت کی زمین لیز کی گئی۔

    سندھ میں چائنا کٹنگ کے ذریعے زمینوں کی غیرقانونی لیز کے باعث قومی خزانے کو اب تک اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جا چکا ہے.

    صوبائی حکومت تاحال بے خبر ہے ،نیب حکام نے خط لکھا تو حکام کو ہوش آیا۔ بارہ ہزار ایکڑ زمین کی لیز ختم کردی گئی۔

    ڈپٹی چیئرمین نیب ایڈمرل ریٹائرڈ سعید احمد سرگانہ نے انکشاف کیاکہ سندھ میں بائیس ہزار ایکڑ زمین کی غیر قانونی لیزکے لئے چائنا کٹنگ کاراستہ اختیار کیاگیا۔انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ نیب کسی بھی مجرم کو رشوت لے کر چھوڑ دیتاہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ نیب نے محکمہ لوکل گورنمنٹ، ورکس اینڈ سروسز ، آبپاشی اور محکمہ خوراک سمیت مختلف محکموں کے خلاف چوالیس مقدمات بنائے جن میں چار کروڑ سترہ لاکھ روپے سے زائدکی ریکوری ہوئی اور یہ رقم متعلقہ محکمے کو دیدی گئی ہے۔

  • چائنہ کٹنگ میں ملوّث متحدہ کے دوکارکنان جیل روانہ

    چائنہ کٹنگ میں ملوّث متحدہ کے دوکارکنان جیل روانہ

    کراچی : نیب کورٹ نے چائنہ کٹنگ میں ملوث اور دہشت گرد وں کی مالی معاونت کرنے والے ایم کیو ایم کے دو کارکنان کو جیل بھیج دیا ۔

    ملزمان مجیب اللہ صدیقی اور فیصل مسرور کے ڈی اے کے جعلی افسر بن کر زمینوں کی 400 سے زائد غیر قانونی لیزوں میں ملوث رہے ہیں۔

    ملزمان پر کرپشن کے ذریعے حاصل کی جانے والی کروڑوں روپے کی رقم حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے لندن بھیجنے کا الزام ہے ۔

    تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان یہ رقم کراچی میں دہشت گردی میں ملوث ٹارگٹ کلرز کو بھی فراہم کرتے تھے ۔ملزمان کو احتساب عدالت نے 21اکتوبر تک جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔

  • کراچی:چائناکٹنگ سے متعلق اینٹی کرپشن نے ڈائریکٹر لینڈ سے تفصیلات مانگ لیں

    کراچی:چائناکٹنگ سے متعلق اینٹی کرپشن نے ڈائریکٹر لینڈ سے تفصیلات مانگ لیں

    کراچی: چائناکٹنگ سے متعلق اینٹی کرپشن نے ڈائریکٹر لینڈسے تفصیلات مانگ لیں، زمینوں پر قبضے اور گمشدہ فائلوں والی زمینوں کی معلومات بھی طلب کرلیں ہیں۔

    کراچی میں چائنا کنٹگ سے کس کس نے فوائد لیے اور کس کس نےکتنا مال کمایا؟ کس کس نے رقوم وصول کیں، اینٹی کرپشن نے حقائق جاننے کیلئے ڈائریکٹر لینڈ کو خط لکھ دیا،  اینٹی کرپشن نے خط میں کے ایم سی اور کے ڈی اے سے تمام تفصیلات مانگ لیں۔

    اینٹی کرپشن یونٹ کا کہنا ہے کہ چائنہ کٹنگ سے حاصل رقم دہشت گردی میں استعمال ہوئی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسا ایک سیاسی جماعت کو بھیجا گیا، اینٹی کرپشن نے لینڈ ڈیپارٹمنٹ سے سرکاری پراجیکٹس کی منصوبہ بندی سے متعلق معلومات بھی مانگی ہیں۔

    کے ڈی اے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف علی خان کیخلاف چائنہ کٹنگ سمیت دیگر الزامات کے کیس کی سماعت ہوئی، سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر رینجرز نے جوابی حلف نامہ جمع کرادیا، رینجرز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نوے روز کے ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں ہے اس دوران تین بار اسکی گھروالوں سے ملاقات کے ساتھ طبی معائنہ بھی کرایا گیا ہے۔

  • چائنا کٹنگ کے الزام، لائنزایریا ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر فرید یوسفانی گرفتار

    چائنا کٹنگ کے الزام، لائنزایریا ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر فرید یوسفانی گرفتار

    کراچی: نیب نے لائنزایریا ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر فرید یوسفانی کو چائنا کٹنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ فرید احمد یوسفانی بلڈرز اور قبضہ مافیا کیلئے سرکاری زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہے ، فرید یوسفانی نے گلستان جوہر اور گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں کی زمینوں پر قبضے کیے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے کئی سابق ایڈمنسٹریٹرز، کے ڈی اے اور ریونیو افسران کے غیرقانونی قبضے میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی ہے اور قبضوں کی فروخت کے ذریعے حاصل پیسے سے دہشت گردوں کی فنڈنگ کی جاتی تھی۔

    کرپشن اور لینڈ مافیا کی سرپرستی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف گزشتہ تین ماہ سے نیب کی کارروائیاں جاری ہیں، جس کے دوران ایکسپریس وے پروجیکٹ، حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بے نظیرلوکاسٹ ہاؤسنگ اسکیم کے متعدد افسران کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

  • سوک سینٹر پر رینجرز اور ایف آئی اے کا چھاپہ، اہم ریکارڈ ضبط

    سوک سینٹر پر رینجرز اور ایف آئی اے کا چھاپہ، اہم ریکارڈ ضبط

    کراچی : رینجرز اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سوک سینٹر میں محکمہ لینڈ کے دفتر پر چھاپہ مارکر ہزاروں کی تعداد میں چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی طریقوں سے لیز کی جانے والی زمینوں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق یہ چھاپہ زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے مارا گیا۔ رینجرز اور ایف آئی اے نے سوک سینٹر میں تیسرے اور دسویں فلور پر واقع محکمہ لینڈ کے دفتر پر پہلے سے گرفتار محکمہ لینڈ کے افسرجمیل بلوچ کی نشاندہی پر چھاپہ مارا ۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ وفاقی حکومت کے اداروں سے تعلق رکھنے والی 700 سے 800 ایکڑ زمین قابل اعتراض طریقے سے نجی افراد کو دی گئیں۔

    چھاپے کے دوران رینجرز نے ہزاروں کی تعداد میں زمینوں کی فائلیں تحویل میں لے لیں ، ذرائع کاکہنا ہے کہ رینجرز نے ذیادہ تر فائلیں چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی طریقے سے زمینوں کو لیز کئے جانے کی فائلیں تحویل میں لیکر ٹرک کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کردی ہیں۔

    کارروائی کے دوران سادہ لباس ایف آئی اے کے افسران و اہلکار بھی رینجرز کے ہمراہ تھے ۔کارروائی ایک گھنٹے تک جاری رہی ۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دس برس میں سرکاری زمین کی چائنا کٹنگ کا ریکارڈ بھی طلب کرنے کا فیصلہ گیاہے جبکہ ذمہ داران کے خلاف منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔