Tag: China-National Day

  • وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت کا چین کے قومی دن پر پیغام

    وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت کا چین کے قومی دن پر پیغام

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے چین کے قومی دن پر کہا پاکستان اور چین گہرے دوست اور ہمسائے ہیں جبکہ صدرمملکت عارف علوی کا کہنا ہے پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چین کے قومی دن کے موقع پر چینی ہم منصب کو اپنے پیغام میں پاکستانی عوام کی طرف سے چینی حکومت و عوام کو مبارکباد دی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین گہرے دوست اورہمسائےہیں، چین کی معاشی کامیابی ترقی پذیر ممالک کے لئے مثال ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان سی پیک اور اسٹریٹجک شراکت داری کا فروغ چاہتے ہیں، چین کے ساتھ تعلقات کو پاکستانی عوام خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

    پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے، صدر مملکت

    دوسری جانب صدرمملکت عارف علوی نے چین کے قومی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے، پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوگی۔

    صدرمملکت کا کہنا تھا کہ سی پیک دونوں ممالک کےعوام کیلئے ترقی کا باعث بنے گا، سی پیک خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔

    خیال رہے چین میں قومی دن کا شاندارجشن منایا گیا، دوہزاراٹھارہ افراد نے انسانی جھنڈا بنایا جبکہ ڈھول کے ساتھ روایتی چینی رقص نے جشن کو چارچاند لگائے۔

    اس موقع پرکھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے، رسہ کشی و ملاکھڑاہوا اور بچوں نے مصوری کے شاہکارتخلیق کئے جبکہ ڈریگن بوٹ ریس میں سیاحوں نےبھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔

    چین کے قومی دن کی تقریبات چاراکتوبر تک جاری رہیں گی۔

  • بیجنگ: عوامی جمہوریہ چین اپنا 65واں قومی دن منا رہا ہے

    بیجنگ: عوامی جمہوریہ چین اپنا 65واں قومی دن منا رہا ہے

    بیجینگ:  یکم اکتوبر عوامی جمہوریہ چین کی عوام کے لئے خوشیوں کا پیغام لاتا ہے. چین اور دنیا کے دیگر ملکوں میں رہنے والے چینی باشندے اپنا یہ یوم آزادی پورے قومی جوش و جذبے اور وقار سے مناتے ہیں۔

    آج چین اپنا پینسٹھواں قومی دن منا رہا ہے، قومی دن کی مناسبت سے چین کے دارالحکومت بیجنگ کے تیانمن اسکوائرکو ایک دیوہیکل گلدستے سے سجادیا گیا ہے دارالحکومت بیجنگ کی تمام مرکزی شاہراہوں کو پھولوں کے قالین سے سجا دیا گیا ہے۔

    دارالحکومت میں ایک بڑی تقریب منعقد کی گئی ہے، اس پُروقار تقریب میں ہزاروں چینی شہری ملک کی سیاسی قیادت اور فوجی قیادت نے شرکت کی، چین کے وزیرِاعظم لی کی چیانگ چینی صدرشی جن پینگ اور دیگر رہنماؤں نے چین کے قومی ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔۔

    قومی دن کی تقریبات کا اختتام پر شام کو شاندار آتش بازی کے ساتھ کیا جائے گا ،چینی وزیرِاعظم نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔