Tag: china tour

  • وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین ، مالیاتی پیکج کو حتمی شکل دینے پاکستانی وفد چین روانہ

    وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین ، مالیاتی پیکج کو حتمی شکل دینے پاکستانی وفد چین روانہ

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران کئے گئے معاہدوں اور مالیاتی پیکج کے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لئے پاکستانی حکام کا وفد چین روانہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان حالیہ دورے میں کئے گئے معاہدوں اور مالیاتی پیکج کے معاملات کوحتمی شکل دینےکیلئے پاکستانی حکام کا وفد چین روانہ ہوگیا۔

    وفد میں سیکریٹری خزانہ عارف احمد خان ، تجارت اور منصوبہ بندی کے سیکریٹریز محمد یونس ڈاگھا اور ظفر حسن ا اور گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ بھی شامل ہیں، دورے کے دوران چینی حکام سے مالیاتی پیکج کے خدوخال اور معاہدوں پر عمل درآمد کو آگے بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔

    زرائع کے مطابق چین کے ساتھ معاہدوں میں برآمدات کیلیے چینی مارکیٹ تک رسائی بھی شامل ہے، چین ایک ارب ڈالر مالیت کی پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی بھی دے گا۔

    خیال رہے پاکستانی حکام کا دورہ وزیر اعظم عمران خان کےحالیہ دورے کی کڑی ہے۔

    مزید پڑھیں : چین نے پاکستان کی تاریخی مدد کی: وزیرِ اعظم عمران خان

    گذشتہ روز  وزیرِ اعظم نے اجلاس میں کہا تھا کہ چین سے پاکستان کو مالی امداد کی تفصیلات بیان کرنا قبل از وقت ہو گا، چین کتنی مدد دے رہا ہے ظاہر نہیں کر سکتے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے اپنے 5 روزہ دورہ چین میں چینی صدر اور وزیراعظم کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا جبکہ 15 دونوں ممالک کے درمیان 15 معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے تھے۔

    وزیرخزانہ نے بھی چین سے وطن واپسی پر کہا تھا پاکستان کو ادائیگیوں کا کوئی بحران نہیں رہا، ملک فوری بحران سے نکل چکا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا بحران بھی ٹل گیا ہے،  معیشت کی سمت میں تبدیلی آئی ہے، سعودی عرب نے 6 ارب ڈالر دیے، مزید ذرائع سے بھی رقم آئی، اب حکومت کی توجہ طویل المیعاد استحکام پر مرکوز ہے۔

  • دورۂ چین کا آخری دن ، وزیراعظم کا وطن واپسی پر رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ

    دورۂ چین کا آخری دن ، وزیراعظم کا وطن واپسی پر رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نےدورۂ چین سے وطن واپسی پر رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے، ملک واپسی پر دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی پر بریفنگ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا چین میں دورے کا آج آخری روز ہے، عمران خان آج شام دورہ چین مکمل کرکے وطن واپس پہنچیں گے، وطن واپسی پر وزیراعظم نے رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

    ملک واپسی پر وزیراعظم مذاکراتی ٹیم اورامن وامان سے متعلقہ وزرا سے ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی اور وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری سے حالیہ احتجاج ، معاہدے اور دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی پر تفصیلی بریفنگ لیں گے اور مظاہرین سےمعاہدے اور اس کا پس منظر دیکھا جائے گا۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے آخری روز شنگھائی میں چائنا ایکسپورٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک سے گوادر پورٹ تک رسائی اورمشرق وسطیٰ کے ممالک سے تجارت آسان ہوگی۔ سی پیک کارو باری لاگت اور فاصلے کم کرنے کا باعث بنے گا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا پاکستان ہر طرح کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔نیاپاکستان کاروبار کیلئے زیادہ سازگار جگہ ثابت ہوگی۔ ہم پاکستان میں شفافیت اور احتساب کے قوانین کو بہتر بنا رہے ہیں۔

    خیال رہے سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنا کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔

    مزید پڑھیں : حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

    تین روز بعد ملک بھر میں‌ دھرنے پر بیٹھے مظاہرین اور حکومتی نمائندوں میں کامیاب مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پاگیا تھا، وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے مظاہرین کو تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔

    معاہدے کے مطابق حکومت آسیہ بی بی کیس میں نظرثانی اپیل پر اعتراض نہیں کرے گی، آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے حکومت قانونی کارروائی کرے گی۔

    جس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے دھرنے میں سرکاری و نجی املاک کے نقصان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شر پسندی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔