Tag: China visit

  • دورہ چین کا چوتھا روز: عمران خان آج چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے

    دورہ چین کا چوتھا روز: عمران خان آج چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے

    بیجنگ : وزیراعظم پاکستان آج چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے، عمران خان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ون آن ون ملاقات صبح 10 بجے ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان جو ان دنوں چین کے دورے پر ہیں، شیڈول کے مطابق آج وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کا چوتھا روز ہے، وہ آج چینی صدر اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    عمران خان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ون آن ون ملاقات صبح 10 بجے ہوگی۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات کی مضبوطی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    اس کے علاوہ خطے کی مجموعی صورت حال اورعلاقائی معاملات پربھی بات چیت ہوگی اور سی پیک منصوبے، بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کے کردار کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کی چینی ہم منصب سے ملاقات صبح 11 بجے ہو گی، وفاقی وزراء کا وفد بھی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کرے گا۔

    بعد ازاں وزیراعظم پاکستان بزنس فورم کے ظہرانے میں شرکت کریں گے اور شجرکاری مہم میں حصہ اور پاکستان پویلین کا دورہ بھی کریں گے۔

    شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ عشائیہ اور بیجنگ انٹرنیشنل ایکسپو 2019میں بھی شرکت کریں گے، وزیراعظم چینی صدر کے ہمراہ چائنہ پویلین کا دورہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں: بیجنگ میں  وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر کی غیر رسمی ملاقات

    اپنا دورہ چین مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم28اپریل کی رات ساڑھے11بجے بیجنگ سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے اور29اپریل کی صبح وزیراعظم عمران خان وطن واپس پہنچیں گے۔

  • بیجنگ : وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر کی غیر رسمی ملاقات

    بیجنگ : وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر کی غیر رسمی ملاقات

    بیجنگ : وزیراعظم عمران خان چینی صدر کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دی گئی تقریب میں پہنچ گئے، گریٹ ہال آمد پر شی جن پنگ نےان کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان جو ان دنوں چین کے چار روزہ دورے پر بیجنگ میں موجود ہیں، اس موقع پر چینی صدر کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں وزیر اعظم عمران خان بھی مدعو ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عمران خان تقریب میں شرکت کیلئے بیجنگ کے گریٹ ہال پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر انہوں نےچینی صدر شی جن پنگ سے مصافحہ کیا۔ دونوں رہنماوں نے تصاویر بھی بنوائیں۔ یاد رہے کہ چینی صدر اور وزیراعظم عمران خان کی ون آن ون ملاقات 28اپریل کو شیڈول ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان چین کےپانچ روزہ دورے پربیجنگ پہنچے تو بیجنگ میں چین کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    وزیراعظم چین کے صدر، نائب صدر اور وزیراعظم سےملاقات کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ شیخ رشید، فیصل واوڈا، عبدالحفیظ شیخ، رزاق داؤد اور ڈاکٹر عطا الرحمٰن بھی ہیں۔

    چین روانگی سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا دورے کا مقصد اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے، چین مضبوط اور دوست ہمسایہ ملک ہے، پاک چین دوستی کسی علاقائی، بین الاقوامی پیش رفت سےمتاثرنہیں ہوگی، چینی صدر سے دوطرفہ تعلقات پرتفصیلی تبادلہ خیال کروں گا۔

  • کوشش کریں گے چین کے ساتھ طویل مدتی معاہدے طے پا جائیں: وزیر خزانہ

    کوشش کریں گے چین کے ساتھ طویل مدتی معاہدے طے پا جائیں: وزیر خزانہ

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کوشش کریں گے چین کے ساتھ طویل مدتی معاہدے طے پا جائیں، پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دورہ اہم ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق وزیر خزانہ اسد عمر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کا اتنہائی اہم دورہ کرنے جا رہے ہیں۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تجارت بڑھانے کے لیے بات چیت ہوگی، امدادی پیکج کیا ہوگا اس حوالے سے حتمی نہیں کہا جا سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے چین کے ساتھ طویل مدتی معاہدے طے پا جائیں، پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دورہ اہم ہوگا۔ تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چین کو سعودی عرب کی سی پیک میں شراکت داری پر آگاہ کیا جا چکا ہے، چین کو سعودی عرب کی سی پیک میں بطور پارٹنر شمولیت پر اعتراض نہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج 5 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر اور دیگر وفاقی وزرا فیصل واوڈا، شیخ رشید اور علی زیدی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان اور گورنر سندھ کے بھی چین جانے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم کا دورہ چین یکم نومبر سے 5 نومبر تک جاری رہے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان کےدورہ چین سے پہلےسی پیک کیلئےقائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل نو

    وزیراعظم عمران خان کےدورہ چین سے پہلےسی پیک کیلئےقائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل نو

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین سے پہلے سی پیک کیلئے قائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل نو کردی اور کمیٹی ممبران میں اضافہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے قبل اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں ، وزیراعظم نے سی پیک کیلئے قائم کابینہ کی خصوصی کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے۔

    وزیراعظم کی ہدایت پر کمیٹی ممبران میں اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد کمیٹی ارکان کی تعدادبارہ ہوگئی ہے۔

    وزیرمنصوبہ بندی چیئرمین مقرر کردیئے گئے ہیں، وزیر خزانہ، وزیر خارجہ، وزیر ریلوے اوروزیر مواصلات، پٹرولیم،داخلہ، قانون، پاور اور ساحلی امور کے وزراء بھی کمیٹی کاحصہ ہیں۔

    وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائےتجارت،ادارتی اصلاحات بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

    وزیرمنصوبہ بندی کی چیئرمین شپ میں قائم کمیٹی وزیراعظم کے دورہ چین سے پہلے سی پیک سے متعلق معاملات کا حتمی جائزہ لے گی اور سی پیک کے تحت تمام معاہدوں کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

    دورہ چین کے دوران سی پیک منصوبے کے اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان 3 نومبر کو دورہ چین کے لیے روانہ ہوں گے

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان اپنے دوسرے سرکاری دورے پر 3 نومبر کو چین کے لیے روانہ ہوں گے، وزیر اعظم 3 روز تک چین میں قیام کریں گے۔ قیام کے دوران چینی صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

    چین کے دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ وزیر اعظم کی ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔ وزیر اعظم 5 نومبر کو شنگھائی میں عالمی درآمدی نمائش میں مہمان ہوں گے۔

    وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران اقتصادی و دفاعی تعاون اور سی پیک منصوبوں پر اہم پیش رفت کا امکان ہے۔