Tag: China

  • چین نے ایشیا پیسیفک میں نیٹو نما اتحاد کو مقامی ممالک کے اغوا کا طریقہ قرار دے دیا

    چین نے ایشیا پیسیفک میں نیٹو نما اتحاد کو مقامی ممالک کے اغوا کا طریقہ قرار دے دیا

    سنگاپور: چین نے ایشیا پیسیفک میں نیٹو نما اتحاد کو مقامی ممالک کے اغوا کا طریقہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے ایشیا پیسیفک میں نیٹو نما اتحاد کا قیام خطرناک قرار دے دیا، چین کے وزیر دفاع نے اتوار کو ایشیا پیسیفک ریجن میں ’’نیٹو نما‘‘ فوجی اتحاد قائم کرنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے کو تنازعات کے ’’بھنور‘‘ میں دھکیل دے گا۔

    وزیر دفاع لی شانگفو نے کہا ’’در اصل ایشیا پیسیفک میں نیٹو نما اتحاد قائم کرنے کی کوششیں علاقائی ممالک کو اغوا کرنے اور تنازعات اور تصادم کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا ایک طریقہ ہے، جو صرف ایشیا پیسفک کو جھگڑوں اور تنازعات کے بھنور میں پھنسا دے گا۔‘‘

    سنگاپور میں سیکیورٹی کانفرنس میں انھوں نے کہا آج کے ایشیا پیسفک کو جامع تعاون کی ضرورت ہے، اس کانفرنس میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بھی شرکت کی۔

    لی شانگفو کا یہ تبصرہ اُس واقعے سے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں امریکی اور چینی فوجی بحری جہاز آبنائے تائیوان کے فلیش پوائنٹ پر ایک دوسرے کے قریب آ گئے تھے، ایک ایسا واقعہ جس نے دونوں ممالک کا غصہ اور بھڑکایا۔

  • چین نے شینزو 16 کے ذریعے پہلا سویلین خلاباز خلا میں بھیج دیا

    چین نے شینزو 16 کے ذریعے پہلا سویلین خلاباز خلا میں بھیج دیا

    بیجنگ: چین کا خلائی جہاز شینزو 16 تین خلابازوں کو لے کر روانہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کا خلائی جہاز شینزو 16 تیان گانگ خلائی اسٹیشن کے لیے منگل کو روانہ ہو گیا، 3 خلانوردوں سمیت مشن میں ایک سویلین سائنس دان بھی شامل ہے۔

    مشن کی خاص بات ایک سویلین سائنس دان کی شمولیت ہے، یونیورسٹی کے پروفیسر ہائچاؤ خلا میں جانے والے پہلے چینی شہری ہیں۔

    چین رواں عشرے کے آخر تک چاند پر بھی انسانی مشن بھیجنا چاہتا ہے، یہ مشن خلائی اسٹیشن پر مختلف تجربات بھی کرے گا، مشن کے دوران 3 رکنی عملہ 5 ماہ تک خلائی اسٹیشن پر قیام کرے گا۔

    جِنگ ہیپینگ، ژو یانگزو، اور گُوئی ہائچاؤ پر مشتمل یہ عملہ خلائی اسٹیشن پر شینزو 15 کے خلابازوں کی ذمہ داریاں سنبھالے گا، جو نومبر سے چین کے نئے مکمل ہونے والے تیان گانگ خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔

    چین کے پروفیسر جو خلا میں جا کر تاریخ رقم کرنے والے ہیں

    واضح رہے کہ یہ 2021 کے بعد سے خلائی اسٹیشن پر چین کا پانچواں انسان بردار مشن ہے۔

  • روس یوکرین جنگ کے بعد پہلی بار چینی صدر کا زیلنسکی کو فون

    روس یوکرین جنگ کے بعد پہلی بار چینی صدر کا زیلنسکی کو فون

    بیجنگ: روس یوکرین جنگ کے بعد پہلی بار چینی صدر نے یوکرینی صدر کو فون کیا ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے بدھ کے روز اپنے یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی سے فون پر بات کی ہے، جو روس کے حملے کے آغاز کے بعد سے دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی معلوم کال ہے۔

    بی بی سی کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ان کی چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ فون پر ’طویل اور بامعنی‘ بات چیت ہوئی ہے، انھوں نے ٹویٹر پر کہا کہ انھیں یقین ہے کہ بیجنگ میں سفیر کی تقرری کے ساتھ ساتھ یہ فون کال دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے لیے طاقت ور محرک ثابت ہوگا۔

    صدر شی جن پنگ نے اپنی گفتگو میں مذاکرات پر زور دیا، اور کہا کہ جنگ سے نکلنے کا راستہ مذاکرات ہیں، چین امن کو فروغ دینے اور جلد از جلد جنگ بندی کی کوششیں کرے گا۔

    شی جن پنگ نے کہا کہ وہ یوکرین میں اپنا خصوصی نمائندہ بھیجیں گے، اور چین یوکرین تنازع کے حل کے لیے تمام فریقین سے بات چیت کرے گا۔

    فرانسیسی صدر نے چینی اقدام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تنازع کے حل کے لیے امن اور بات چیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

    چین نے بھی کال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ امن کے ساتھ کھڑا ہے۔ واضح رہے کہ مغرب کے برعکس بیجنگ نے روسی حملے پر غیر جانب دار رہنے کی کوشش کی ہے، تاہم اس نے ماسکو کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو نہیں چھپایا، نہ حملے کی مذمت کی اور گزشتہ ماہ صدر شی نے روس کا دو روزہ سرکاری دورہ بھی کیا تھا۔

  • آرمی چیف کا دورہ چین، چینی ہم منصب سے ملاقات

    آرمی چیف کا دورہ چین، چینی ہم منصب سے ملاقات

    اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر چین کا دورہ کر رہے ہیں جہاں ان کی چینی ہم منصب سے تفصیلی ملاقات ہوئی، ملاقات میں فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر چین کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ پیپلز لبریشن آرمی پی ایل اے آرمی ہیڈ کوارٹرز پہنچے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو چینی چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    آرمی چیف کی چینی ہم منصب سے تفصیلی ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں باہمی سیکیورٹی امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

    دونوں جانب سے خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    آرمی چیف نے پی ایل اے کے جوانوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور تربیتی معیار کو سراہا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف دیگر چینی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

  • چین سے کمرشل قرض کی مد میں 30 کروڑ ڈالر موصول

    چین سے کمرشل قرض کی مد میں 30 کروڑ ڈالر موصول

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ چین سے کمرشل قرض کی مد میں 30 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین سے تجارتی قرض کی مد میں تیس کروڑ ڈالر موصول ہونے کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 39 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہو گیا ہے۔

    ایس بی پی کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر 4.03 ارب ڈالر سے بڑھ کر 4.43 ارب ڈالر ہو گئے ہیں، جب کہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 60 لاکھ ڈالر اضافے سے 5 ارب 53 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی ملکی ذخائر 40 کروڑ ڈالر اضافے کے بعد 9 ارب 96 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔

  • بھارت دنیا کی سب سے زیادہ آبادی رکھنے والا ملک بن گیا

    بھارت دنیا کی سب سے زیادہ آبادی رکھنے والا ملک بن گیا

    نئی دہلی: بھارت آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا، بھارت کی آبادی 1 ارب 40 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔

    اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت اب دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، بھارت میں اب چین سے 29 لاکھ لوگ زیادہ ہیں اور ملک کی آبادی 140 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

    چین میں شرح پیدائش میں کمی آئی ہے اور اس سال یہ منفی میں ریکارڈ کی گئی۔

    یو این ایف پی اے کی دی اسٹیٹ آف ورلڈ پاپولیشن رپورٹ 2023 جاری کی گئی ہے جس کا عنوان ہے، 8 ارب زندگیاں، لامحدود امکانات: حقوق اور انتخاب کا معاملہ۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی آبادی اب 1428.6 ملین ہے، جبکہ چین کی آبادی 1425.7 ملین ہے، یعنی دونوں کی آبادی میں 29 لاکھ کا فرق ہے۔ رپورٹ میں تازہ ترین اعداد و شمار ڈیموگرافک انڈیکیٹرز کے زمرے میں دیے گئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے آبادی کے اعداد و شمار کے ریکارڈ میں یہ پہلا موقع ہے کہ 1950 کے بعد ہندوستان کی آبادی چین سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • سعودی آرامکو کا توانائی کے شعبے میں چین کی مدد کا فیصلہ

    سعودی آرامکو کا توانائی کے شعبے میں چین کی مدد کا فیصلہ

    ریاض: سعودی آئل کمپنی آرامکو نے توانائی کے شعبے میں چین کی معاونت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آرمکو کی مدد سے چین کی توانائی کی سپلائی دگنی ہوجائے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی آرامکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ سعودی عریبین آئل کمپنی نے چین کی طویل مدتی انرجی سیکیورٹی اور ترقی کے لیے اپنی سپورٹ کی تصدیق کی ہے کیونکہ کمپنی پائیدار اہداف کو پورا کرنے کے لیے چینی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔

    26 مارچ کو بیجنگ میں چائنہ ڈویلپمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے امین ناصر کا کہنا تھا کہ آرامکو کی کم کاربن مصنوعات بنانے کے لیے چین کے ساتھ شراکت داری اخراج کو کم کرنے والی ٹیکنالوجیز ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم چین کی طویل مدتی توانائی کی حفاظت اور چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے توانائی اور کیمیکلز کا ایک ہمہ گیر ذریعہ بننا چاہتے ہیں۔

    سعودی آرامکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ ہم چین کی توانائی کی سپلائی کو دگنا کر رہے ہیں، بشمول نئی کم کاربن مصنوعات، کیمیکلز اور جدید مواد جو اخراج کو کم کرنے والی ٹیکنالوجیز سے تعاون یافتہ ہیں۔

    امین ناصر کا مزید کہنا تھا کہ آرامکو کا 2027 تک تیل کی پیداوار کو 13 ملین بیرل یومیہ تک بڑھانے کا منصوبہ چین کی طویل مدتی توانائی کی حفاظت کو مضبوط کرے گا۔

    سعودی آرامکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ توانائی کے مستقبل کے بارے میں آرامکو کا نظریہ چین کے ساتھ ہم آہنگ ہے، ہم چین کی طرح دہائیوں میں سوچتے ہیں۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ آرامکو مائع قدرتی گیس میں عالمی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہی ہے۔

    امین ناصر کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے پورٹ فولیو میں کم کاربن توانائی کو مستقل طور پر شامل کر رہے ہیں خاص طور پر بلیو ہائیڈروجن، بلیو امونیا، الیکٹرو فیول اور قابل تجدید ذرائع، ہم مائع قدرتی گیس میں داخلے کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ مارچ کے شروع میں سعودی آرامکو نے 2022 میں 46.46 فیصد کے ریکارڈ خالص منافع میں 604.01 بلین ریال تک اضافے کی اطلاع دی جو کہ تیل کی بڑھتی قیمتوں، فروخت کے بڑھتے ہوئے حجم اور ریفائنڈ مصنوعات کے مارجن میں بہتری کی وجہ سے ہے۔

    مالیاتی نتائج کا اعلان کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران امین ناصر نے عرب نیوز کو بتایا کہ توانائی کی منتقلی صرف اس صورت میں ہوگی جب استطاعت، فراہمی کی حفاظت اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ توانائی کی منتقلی کے اہداف کو مقررہ وقت کے اندر حاصل کرنے کے لیے تکنیکی ترقی اور جدت کے ذریعے مادی منتقلی بہت ضروری ہے۔

    امین ناصر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں، ہمارے پاس 12 عالمی مراکز ہیں جن میں سے زیادہ تر پائیداری پر کام کرتے ہیں، آرامکو اور دیگر کے لیے مادی منتقلی بہت اہم ہے کیونکہ مادی منتقلی کے بغیر موسمیاتی تبدیلی کی خواہشات کو حاصل کرنا مشکل ہوجائے گا۔

  • چین نے سیلاب متاثرہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر بنانے کا ذمہ اٹھا لیا

    چین نے سیلاب متاثرہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر بنانے کا ذمہ اٹھا لیا

    اسلام آباد: دوست ملک چین نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے گھر بنانے کا ذمہ اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے سیلاب سے متاثرہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے گھر بنانے کا فیصلہ کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر بنانے کے لیے فنڈنگ چین کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق چینی حکومت لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ادویات، ٹیسٹ کٹس بھی فراہم کرے گی، مجموعی طور پر چین لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے 307 ملین یوآن فراہم کرے گا۔

    چینی حکومت گھر بنانے کے لیے 25 کروڑ 94 لاکھ ملین یوآن، ایک سال کی ادویات کے لیے 4 کروڑ 48 لاکھ 4444 یوآن، مائیکرو فلیوڈ ٹیسٹ کٹس کی فراہم کے لیے 74 لاکھ 54032 یوآن فراہم کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے 7878 گھر بنائے جائیں گے، یہ گھر پری فیبریکیٹڈ ہوں گے، جس کا تخمینہ 12 لاکھ 54 ہزار روپے ہے، یہ گھر ایک کمرے، کچن، واش روم پر مشتمل ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے چین کو ایل ایچ ڈبلیوز کے لیے گھر تعمیر کی درخواست کی تھی، ملک بھر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے 7878 گھر سیلاب سے متاثرہ ہیں، 6415 گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔

    سندھ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے 4434 گھر تعمیر ہوں گے، بلوچستان میں 1272، پنجاب میں 203، کے پی کے میں 8 اضلاع کی 506 لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر تعمیر ہوں گے۔

    چین کی جانب سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو نمکول، پیراسیٹامول، اینٹی بائیوٹک دوا، زنک، آئرن، فالک ایسڈ کی گولیاں بھی فراہم کی جائیں گی، لیڈی ہیلتھ ورکرز کو کِٹ بیگ، اسٹیتھو اسکوپ، پینسل ٹارچ بھی فراہم کی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈنیشن سینٹر نے اس سلسلے میں صوبوں کی مشاورت سے فیزیبیلٹی اسٹڈی پلان تیار کر لیا ہے۔

  • سعودی عرب کی جانب سے چین میں نمائش

    سعودی عرب کی جانب سے چین میں نمائش

    ریاض: سعودی عرب کی جانب سے چین میں ایک نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کا مقصد چینی سیاحوں کو سعودی عرب کی طرف متوجہ کرنا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ سیاحت 13 سے 17 مارچ تک چین میں سیاحت کے فروغ کے لیے تعارفی نمائش کا انعقاد کرے گا۔

    تعارفی نمائش کے دوران چینی شہریوں کو سعودی عرب میں سیاحت کے لیے پسندیدہ مقامات سے متعارف کروایا جائے گا۔

    محکمہ سیاحت بیجنگ اور شنگھائی سمیت چین کے بڑے شہروں میں سعودی عرب کے ایسے سیاحتی مقامات کا پر کشش تعارف کروائے گا جنہیں چینی اب تک دریافت نہیں کر سکے ہیں۔

    چینی میڈیا کے مطابق ہوٹل اور فضائی کمپنیاں سعودی نمائش میں شریک ہوں گی، چین کی سو سے زیاہ کمپنیاں اور ادارے چینی سیاحوں کے سوالات کے جوابات دیں گے۔

    چینی سیاحوں کو بتایا جائے گا کہ سعودی عرب دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک ہے۔

    یہاں شاپنگ مالز، ریستوران، ساحل اور تفریحی مقامات بھی ہیں، مملکت میں 10 ہزار سے زیادہ تاریخی مقامات ہیں ان میں وہ بھی ہیں جنہیں یونیسکو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کیے ہوئے ہے۔

  • چین نے تائیوان کو ریڈ لائن قرار دے دیا

    چین نے تائیوان کو ریڈ لائن قرار دے دیا

    بیجنگ: چین نے تائیوان کو ریڈ لائن قرار دے دیا ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، چین نے تائیوان امریکا تعلقات کی کھل کر مخالفت کر دی۔

    چینی وزیرِ خارجہ چن کینگ نے واضح کر دیا کہ امریکا نے اپنی روش نہ بدلی تو تصادم ہو سکتا ہے، پارلیمنٹ کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چن کینگ نے کہا کہ کشیدگی کی وجہ امریکا کی متنازعہ پالیسیاں ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا بحرِ ہند میں مخصوص گروپ بنانے میں مصروف ہے، گروپ بندیوں سے خطے کے مفادات کو نقصان پہنچے گا، امریکا حد میں رہے۔

    چینی وزیر خارجہ نے یوکرین جنگ پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ خفیہ ہاتھ یوکرین جنگ کو بڑھانا چاہتے ہیں۔

    دی وال اسٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ بیجنگ کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے امریکا پر سخت نئے زبانی حملے اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ دنیا کی دو بڑی طاقتوں کے درمیان تعلقات کس قدر غیر مستحکم ہو چکے ہیں۔

    روئٹرز نے لکھا کہ چین کے وزیر خارجہ نے منگل کو یوکرین میں جنگ اور روس کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات سے معلق اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو چین کے بارے میں اپنا ’بگڑا‘ رویہ تبدیل کرنا چاہیے ورنہ ’تنازعہ اور تصادم‘ ہوگا۔