Tag: China

  • سونگھ کر بیماریوں کا پتہ لگانا ممکن؟

    سونگھ کر بیماریوں کا پتہ لگانا ممکن؟

    بیجنگ: چین میں ایسی روبوٹک ناک تیار کرلی گئی جو سونگھ کر کسی شخص میں بیماریوں کا پتہ لگا سکے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق چین کی سنگوا یونیورسٹی کے سائنس دان بیماریوں کی تشخیص کے لیے ایسی تکنیک پر کام کر رہے ہیں جس سے سانس، پسینہ، آنسو اور جسم سے خارج ہونے والے دیگر مواد میں موجود کیمیائی مادوں کو سونگھ کر بیماریوں کا پتہ لگایا جا سکے گا۔

    جب بھی کسی پرفیوم یا پھول کی خوشبو کو سونگھا جاتا ہے یا سانس کے ذریعے آلودگی ناک میں جاتی ہے تو در اصل جسم غیر مستحکم حیاتیاتی مرکبات کو محسوس کر رہا ہوتا ہے۔ یہ مرکبات وہ کیمیکل ہوتے ہیں جن کا نقطہ ابال کم ہوتا ہے لہٰذا وہ جلدی بخارات بن جاتے ہیں۔

    تمام حیاتیاتی اشیا متعدد مقاصد کے لیے قصداً یہ مرکبات خارج کرتے ہیں جن میں دفاع، مواصلات اور افزائشِ نسل جیسے امور شامل ہیں۔

    لیکن یہ مرکبات تمام حیاتیاتی عملیات کے طور پر ویسے بھی خارج ہوتے رہتے ہیں جس میں بیماری کی شناخت شامل ہے، اس کا مطلب ہے کہ ہر بیماری کا ایک مخصوص مرکب ہوتا ہے جو اس کی تشخیص کا سبب بن سکتا ہے۔

    بیماریوں سے متعلق یہ مرکبات لوگوں کو اپنے حوالے سے علم ہونے سے کافی عرصہ پہلے سے خارج ہو رہے ہوتے ہیں اور مرکبات کا یہ اخراج ڈاکٹروں کی جانب سے بلڈ ٹیسٹ یا دیگر تشخیصی تکنیک کے استعمال سے پہلے بھی ہوتا رہا ہے۔

    وولیٹو لومکس نامی اس خیال کو لیبارٹری سے مارکیٹ تک لانے میں کئی ایسے شعبہ جات کو اکٹھا کام کرنا ہوگا جو آپس میں ذرا سی بھی مطابقت نہیں رکھتے۔

    کئی بڑی بیماریوں کی تشخیص جتنی جلدی ہوجائے ان کا علاج اتنا آسان ہوتا ہے، لہٰذا اگر ماہرین اور معالجین مل کر مختلف بیماریوں کے مخصوص مرکبات کی درجہ بندی کرلیں اور انجینیئرز ایسے آلات بنا لیں جو فوری طور پر ان مخصوص علامات کی شناخت کرلیں تو یہ ممکنہ طور پر طب کے شعبے میں انقلاب لا سکتا ہے۔

    سونگھ کر بیماری کی تشخیص کا ایک اضافی فائدہ یہ بھی ہوگا کہ موجودہ تشخیص کی تکنیکوں سے مریضوں کو ہونے والی تکالیف سے چھٹکارہ حاصل ہو جائے گا۔

  • برکس اجلاس :  چین  کا پاکستان کی حمایت کا اعادہ

    برکس اجلاس : چین کا پاکستان کی حمایت کا اعادہ

    بیجنگ : چین نے ایک رکن کی جانب سے برکس اجلاس میں شرکت روکنے کے بعد پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ  عالمی ترقی کا فروغ آگے بڑھانے میں پاکستان کے اہم کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کےترجمان نے برکس اجلاس کے بعد بیان میں کہا ہے کہ عالمی ترقی پرڈائیلاگ کا فیصلہ برکس ممالک میں مشاورت سے ہواتھا، پاکستان گلوبل ڈیولپمنٹ انیشیٹو کےدوستوں کےگروپ کا اہم رکن ہے۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین عالمی ترقی کافروغ آگے بڑھانے میں پاکستان کے اہم کردار کو قدرکی نگاہ سےدیکھتا ہے اور عالمی ترقی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی ترقیاتی اقدام کونافذ کرنےمیں ترجیحی شراکت دار ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز پاکستانی دفتر خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ برکس سربراہی اجلاس میں ایک رکن نے پاکستان کی شرکت کو روک دیا، امید ہے آئندہ ترقی پذیر ممالک کی شرکت کو یقینی بنائی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے فروغ میں چین کے کردار کوسراہتے ہیں، چین کیساتھ ملکر پاکستان عالمی امن اور جامع ترقی کے لیے مضبوط آواز اٹھا رہاہے۔

  • چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع

    چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع

    اسلام آباد: کرونا کے باعث پابندیوں میں نرمی کے بعد پاکستانی طلبہ کی پہلی پرواز چین روانہ ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع ہو گئیں، پہلی پرواز اسلام آباد ایئر پورٹ سے 105 طلبہ کو لے کر آج صبح پیر کو روانہ ہو گئی۔

    وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے پاکستانی طلبہ کے وفد کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے الوداع کیا، پی آئی اے کا خصوصی طیارہ طلبہ کو لے کر چین کے شہر ژیانگ پہنچے گا۔

    رانا تنویر حسین نے ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی خصوصی کوششوں کے باعث پاکستانی طلبہ وبا کے بعد اب چین جا کر اپنی تعلیم مکمل کر سکیں گے، کرونا کے باعث چین میں پڑھنے والے طلبہ کا کافی نقصان ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم چین کے صدر شی جن پنگ کی خصوصی کوششوں پر ان کے شکر گزار ہیں، چین کی حکومت اور چین کا ایمبیسی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    رانا تنویر نے کہا حج آپریشن کے باعث طیاروں اور فلائٹس کی کمی تھی، اس لیے طلبہ کے لیے پی آئی اے کے خصوصی طیارے کا انتظام کیا گیا، طلبہ کے پہلے بیچ کا جانا خوش آئند ہے، اس کے بعد مزید پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔

    انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے طلبہ کی واپسی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے خصوصی ہدایت کی تھی۔

  • کیا چین کو خلائی مخلوق کے سگنل موصول ہوگئے؟ ذرائع ابلاغ نے خبر شائع کر کے ہٹا دی

    کیا چین کو خلائی مخلوق کے سگنل موصول ہوگئے؟ ذرائع ابلاغ نے خبر شائع کر کے ہٹا دی

    چین نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ خلائی مخلوق کی کسی تہذیب کے سگنل وصول کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے، تاہم اس خبر کے شائع ہونے کے بعد کچھ ہی دیر بعد اسے ہٹا دیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کا دعویٰ ہے کہ اس کی دیوہیکل اسکائی آئی دوربین ممکنہ طور پر ایلین (خلائی مخلوق) تہذیبوں کے سگنلز پکڑنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    ریاستی حمایت یافتہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی نے اس حوالے ایک رپورٹ شائع کی تھی، لیکن بعد میں اس دریافت کے بارے میں شائع شدہ رپورٹ اور پوسٹس کو حذف کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بیجنگ نارمل یونیورسٹی، چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کی قومی فلکیاتی رصد گاہ اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے کی ماورائے زمین تہذیب کی تلاش کی ٹیم کے چیف سائنس دان ژانگ ٹونجی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دنیا کی سب سے بڑی ریڈیو ٹیلی اسکوپ اسکائی آئی کے ذریعے دریافت کیے گئے نیرو (تنگ) بینڈ برقی مقناطیسی سگنلز پچھلے پکڑے گئے سگنلز سے مختلف ہیں اور ٹیم ان کی مزید جانچ کر رہی ہے۔

    یہ واضح نہیں ہے کہ رپورٹ کو بظاہر چین کی سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کے سرکاری اخبار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی کی ویب سائٹ سے کیوں ہٹا دیا گیا، حالانکہ یہ خبر پہلے ہی سوشل نیٹ ورک ویبو پر ٹرینڈ کرنا شروع کر چکی تھی اور دیگر بشمول ریاست کے زیر انتظام ذرائع ابلاغ نے بھی اسے شائع کیا تھا۔

    ستمبر 2020 میں اسکائی آئی، جو کہ چین کے جنوب مغربی صوبہ گوئیژو میں واقع ہے اور اس کا قطر 500 میٹر (1,640 فٹ) ہے، نے باضابطہ طور پر بیرونی زندگی کی تلاش کا آغاز کیا۔

    رپورٹ کے مطابق سائنس دان ژانگ نے بتایا کہ ٹیم نے 2019 میں جمع کیے گئے ڈیٹا پر کارروائی کرتے ہوئے 2020 میں مشکوک سگنلز کے دو سیٹوں کا پتہ لگایا، اور 2022 میں ایک اور مشکوک سگنل ایکسپو پلینیٹ کے اہداف کے مشاہدے سے ملا۔

    چین کی اسکائی آئی کم فریکوئنسی والے ریڈیو بینڈ میں انتہائی حساس ہے اور ایلین تہذیبوں کی تلاش میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مشتبہ سگنلز تاہم کسی قسم کی ریڈیو مداخلت بھی ہو سکتے ہیں، اس پر مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔

  • آرمی چیف  کے کہنے پر چین پاکستان کی مدد کیلئے آگیا

    آرمی چیف کے کہنے پر چین پاکستان کی مدد کیلئے آگیا

    اسلام آباد : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ حالیہ دورہ چین میں انتہائی قیمتی پیکج حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، چین پاکستان کو 2.3 بلین ڈالر کا قرض دینے پر راضی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے کہنے پر چین پاکستان کی مدد کیلئے آگیا، چین نے پاکستان کو 2.3 بلین ڈالر رول اوور کے تحت دینے پر رضا مندی ظاہر کردی گا مگر ابھی تک یہ رقم آئی ایم ایف کے معاہدے سے مشروط ہے۔

    چین نے نمایاں طور پر 9.2 بلین ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے کے تناظر میں 2.5 سے 2.8 بلین ڈالر کے درمیان اضافی امداد فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا حالیہ دورہ انتہائی قیمتی پیکج کے حصول میں شاندار کامیابی ہے کیونکہ چین موجودہ سیاسی حکومت کے کہنے پررقم دینے میں کترا رہا تھا۔

    ذرائع نے بتایا   اقتصادی پیکج پر بات چیت جاری ہے، ممکنہ طور پر امداد دو مرحلوں میں دی جائے گی۔

    پہلے  مرحلے میں 2.3  بلین  ڈالر کے رول اوور کیے جائیں گے اور دوسرے مرحلے میں نومبر یا دسمبر کے آخر تک مزید $2.5 سے $2.8 بلین دیئے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد کا چین کا دورہ

    یاد رہے گذشتہ ہفتے پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا تھا ، جس کی قیادت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ دورے کے دوران پاکستان اور چین کی اعلیٰ سطح کی فوجی قیادت کی ملاقات ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی وائس چیئرمین سی ایم سی جنرل ژھانگ نے وفود کی قیادت کی۔

    دونوں جانب سے بین الاقوامی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی جبکہ باہمی دفاعی تعاون پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا تھا

    پاکستان اور چین نے اسٹریٹجک شراکت داری پر عزم کا اعادہ بھی کیا جبکہ دونوں جانب سے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے رابطوں میں تسلسل پر اتفاق کیا گیا تھا۔

  • "بے ساکھیوں پر کھڑی حکومت جلد گرنے والی ہے”

    "بے ساکھیوں پر کھڑی حکومت جلد گرنے والی ہے”

    اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کو چین سے امداد پاک فوج کے باعث ملی، حکومت کو کوئی ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے شہباز حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بے ساکھیوں کا سہارا ہے جو جلد گرنے والی ہے کیونکہ اکثریت حکومت سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔

    سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہوراور فیصل آباد میں ضمنی انتخابات میں عوام نے فیصلہ کرنا ہے ضمنی انتخابات کے نتائج دیکھ کر حکومت دھڑم سے گرجائے گی۔

    شیخ رشید نے کہا کہ حکومت چین سے امداد ملنےکا شور ڈال رہی ہے، اس حکومت کو کوئی بھی ملک ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں ، چین سے یہ امداد پاک فوج کے باعث ملی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا جس کی قیادت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد کا چین کا دورہ

    دورے سے متعلق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا ک پاکستان اور چین کی اعلیٰ سطح کی فوجی قیادت کی ملاقات ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی وائس چیئرمین سی ایم سی جنرل ژھانگ نے وفود کی قیادت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین نے اسٹریٹجک شراکت داری پر عزم کا اعادہ بھی کیا، دونوں جانب سے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے رابطوں میں تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔

  • پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد کا چین کا دورہ

    پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد کا چین کا دورہ

    اسلام آباد: پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا جس کی قیادت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا، عسکری وفد کا دورہ 9 سے 12 جون کے درمیان ہوا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران پاکستان اور چین کی اعلیٰ سطح کی فوجی قیادت کی ملاقات ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی وائس چیئرمین سی ایم سی جنرل ژھانگ نے وفود کی قیادت کی۔

    دونوں جانب سے بین الاقوامی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی جبکہ باہمی دفاعی تعاون پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین نے اسٹریٹجک شراکت داری پر عزم کا اعادہ بھی کیا، دونوں جانب سے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے رابطوں میں تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔

    دونوں جانب سے تربیت، ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • یورپی پابندیوں کے باوجود روس تیل کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ، مگر کیسے ؟

    یورپی پابندیوں کے باوجود روس تیل کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ، مگر کیسے ؟

    ماسکو: یورپ کی جانب سے روسی تیل کی درآمدات پر پابندی کے بعد روس کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یورپ کی جانب سے روسی تیل کی درآمدات پر پابندی کے بعد ماسکو نے چین اور ہندوستان کو اپنے تیل کی سپلائی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں روسی تیل کی چین اور بھارت کو سپلائی میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے چین اور ہندوستان کے لئے تیل کی برآمدات بڑھانے کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب روسی تیل کی درآمدات کا بائیکاٹ کئے جانے کے مسئلے پر یورپی ملکوں میں اختلاف پایا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: روس نے یورپی ملک کو گیس کی فراہمی روک دی

    دوسری جانب یوکرین جنگ اور روسی تیل کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد یورپی منڈیوں میں ایشیائی ملکوں سے تیل کی خریداری میں اضافہ ہوگیا اور اس سلسلے میں رقابت بھی شروع ہوگئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سستے دام روسی تیل کی فراہمی سے ہندوستان کو روسی تیل کی درآمدات میں ترغیب بھی ملی ہے جیسا کہ اپریل میں روس ہندوستان کو تیل برآمد کرنے والا چوتھا بڑا ملک بن گیا جبکہ مارچ کے مہینے تک ہندوستان کو تیل کی برآمدات میں روس کا شمار دسویں نمبر پر ہوتا تھا۔

    مبصرین کا کہنا ہے کہ چین نے بھی روسی تیل کی خریداری اور اس کی درآمدات میں اضافہ کردیا ہے۔

  • چین ماحولیاتی آلودگی کے خلاف میدان میں، اہم اعلان کرڈالا

    چین ماحولیاتی آلودگی کے خلاف میدان میں، اہم اعلان کرڈالا

    بیجنگ: چین نے ماحولیاتی تحفظ کا بیڑا اٹھاتے ہوئے اس کا سبب بننے والوں کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین نے آلودگی پھیلانے کا باعث بننے والوں کیخلاف اپنے کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ اس تناظر میں کیا گیا ہے جب حال ہی میں ریاستی کو نسل نے نئی آلودگی کے پھیلاؤ کا باعث بننے والوں پر قابو پانے کے لئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

    ان میں کیڑے مار ادویات جیسے خطرناک کیمیکلز کی تیاری یا استعمال میں پیدا ہونے والی ان نئی طرح کی آلودگی کا باعث بننے والوں میں مستقل نامیاتی آلودگی، صحت کے مسائل اور اینٹی بائیوٹک شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی آلودگی سے ماحولیات اور انسانی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، لیکن فی الحال ملک میں اس کا موثر علاج نہیں کیا جاتا،

    ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے چین نے کچھ بڑے کیمیکلز کی رسک اسکر یننگ کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لئے متحرک اتھارٹی تشکیل دی جاچکی ہے، جو نئی آلودگی کا با عث بننے والوں کی فہرست جاری کرنے کے ساتھ ساتھ اور اس پر قابو پانے کے لئے اقدامات کا نفاذ کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی کا ساحل پر ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ ٹل گیا

    اس کے علاوہ اتھارٹی ان عناصر پر پابندیاں لگا نے اور اس کے اخراج کو بند کر کے، خطرناک کیمیکلز کے رسک منیجمنٹ سے متعلق قوانین کو مزید بہتر کرنے پر کام کریگی، سرکاری دستاویزی فہرست کے اقدامات میں 6چھ شعبے شامل کئے گئے ہیں اس میں نظام بنانے ، تحقیق اور مانیٹرنگ ، صاف پیداوار اور گرین مینوفیکچرنگ اور ٹیکنو لوجیکل مدد شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ چین آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک اور دوسری سب سے بڑی معیشت بھی ہے، اس کے علاوہ چین سب سے زیادہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والا ملک بھی ہے، جس کی وجہ اس کی توانائی کی ضروریات ہیں۔

  • چین: دوران ٹیک آف مسافر طیارے کو بڑا حادثہ پیش آ گیا (ویڈیو)

    چین: دوران ٹیک آف مسافر طیارے کو بڑا حادثہ پیش آ گیا (ویڈیو)

    بیجنگ: چین سے تبت کے لیے اڑان بھرنے والا تبتی طیارہ رن وے پر اچانک حادثے کا شکار ہو کر خوف ناک شعلوں میں گِھر گیا، جس کے باعث 36 مسافر زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح جنوب مغربی چین میں چونگ چنگ ژیانگبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تبت ایئر لائن کا طیارہ A319 ٹیک آف کی کوشش کرتے ہوئے رن سے اتر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

    چین کی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارے کے پائلٹس کو گڑ بڑ محسوس ہونے پر انھوں نے طریقہ کار کے مطابق ایمرجنسی میں ٹیک آف روک لیا، تاہم طیارہ رن وے سے اترنے کی وجہ سے انجن کو نقصان پہنچا اور اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔

    حادثے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیجز میں مسافروں کو چیختے ہوئے طیارے سے جان بچانے کے لیے بھاگتے دیکھا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں عملے کے 9 ارکان سمیت 122 افراد سوار تھے، جن میں 36 مسافروں کو معمولی زخم آنے پر انھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے کے بعد سے چونگ چنگ ژیانگبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو عارضی بند کیا گیا، اور متعدد پروازوں کو بھی منسوخ کرنا پڑا۔

    تبت ایئر لائن کا یہ طیارہ چینی شہر چونگ چنگ سے تبت کے شہر نینگچی جا رہا تھا، پرواز میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس پر پائلٹس نے ٹیک آف روکا تو اس کوشش میں طیارہ رن وے سے اتر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

    طیارے کو آگ لگنے سے شدید نقصان پہنچا ہے، جائے وقوعہ پر شہریوں کے بنائے گئے ویڈیو کلپس میں ایئر بس کی بائیں جانب آگ جلتی ہوئی دکھائی دیتی ہے، آگ لگتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    یہ واقعہ چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کے طیارے کے مہلک حادثے کے 2 ماہ سے بھی کم وقت کے بعد پیش آیا ہے، جس کی وجہ سے سی اے اے سی نے ممکنہ حفاظتی خامیوں کو تلاش کرنے کے لیے سیکٹر بھر میں معائنہ شروع کر دیا ہے۔