Tag: China

  • چین: عدالت نے جاسوسی کے الزام پر کینیڈا کے بزنس مین کو سزا سنا دی

    چین: عدالت نے جاسوسی کے الزام پر کینیڈا کے بزنس مین کو سزا سنا دی

    بیجنگ: چین میں عدالت نے ایک کینیڈین بزنس مین کو جاسوسی کے الزام پر 11 سال قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی ایک عدالت نے جاسوسی کرنے پر کینیڈا کے ایک کاروباری شخص مائیکل سپیور کو گیارہ سال جیل کی سزا سنا دی ہے۔

    چین کے شہر ڈانڈونگ کے انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مائیکل سپیور کو جاسوسی اور غیر قانونی طور پر ریاست کے راز افشا پر مجرم قرار دیا گیا تھا۔

    دوسری طرف چین میں کینیڈین سفیر نے سزا کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، اور الزام لگایا ہے کہ اس سزا کا تعلق ہواوے کی افسر مینگ وینزو کے خلاف کینیڈا کے شہر وینکوور میں چلنے والے مقدمے سے ہے۔

    کینیڈا کی حکومت نے بدھ کو سنائے گئے اس فیصلے کی مذمت کی ہے، اے ایف پی کے مطابق مائیکل سپیور اور ان کے ساتھی کینیڈین مائیکل کوورگ کو 2018 میں حراست میں لیا گیا تھا، کینیڈین حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان دونوں کو دھوکے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    کینیڈین حکومت کا کہنا ہے کہ امریکی حوالگی کے وارنٹ پر ہواوے کمپنی کی ایک افسر مینگ وینزو کی کینیڈا میں گرفتاری کے بعد چین نے دونوں کینیڈین شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید خراب ہو گئے ہیں، چین نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ کینیڈا مقدمات کو سیاسی رنگ دے رہا ہے۔

  • چین نے نئی "ڈی این اے ویکسین” بنالی، ٹرائل کی منظوری

    چین نے نئی "ڈی این اے ویکسین” بنالی، ٹرائل کی منظوری

    چین میں مقامی طور پر سائنو ویک ویکسین اور امریکی بائیو ٹیک کمپنی انوویو کی جانب سے تیار کی جانے والی ڈی این اے ویکسین کے امتزاج کے منظوری دی گئی ہے۔

    انوویو کے مطابق اس ٹرائل کا آغاز چین میں موسم خزاں میں ہوگا، جس میں بالغ افراد میں ویکسینز کے امتزاج کے محفوظ ہونے اور افادیت کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

    یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب چین کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کے سربراہ گاؤ فو سمیت دیگر طبی حکام کی جانب سے چینی ویکسینز کی افادیت کی شرح کم ہونے پر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    انوویو کے سی ای او جے جوزف کم نے بتایا کہ ڈی این اے ویکسین پرائمری اور بوسٹری ویکسین کے طور پر کام کرسکے گی جس کی وجہ اس کے قابل برداشت ہونے، متوازن مدافعتی ردعمل اور آسانی سے اس کی ہر جگہ ترسیل کرنا ممکن ہے۔

    انوویو کی چینی شراکت دار اور ٹرائل اسپانسر کمپنی ایڈوانسڈ بائیو فارماسیوٹیکل کے چیئرمین وانگ بن نے بتایا کہ ویکسینز کے امتزاج سے ان کی بیماری سے لڑنے کی طاقت بڑھ جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پری کلینکل تحقیقی کام میں دریافت کیا گیا ہے کہ دو مختلف ویکسین سے قوت مدافعت کو بڑھایا جاسکتا ہے جس سے زیادہ ٹھوس اور متوازن مدافعتی ردعمل پیدا ہوتا ہے۔

    برطانیہ کی لیسٹر شائر یونیورسٹی کے وائرلوجسٹ جولیان ٹانگ نے کہا کہ انسانی ٹرائلز کے ڈیٹا کو دیکھنے کی ضرورت ہوگی تاکہ معلوم ہوسکے کہ یہ امتزاج دیگر ویکسینز کے امتزاج کے مقابلے میں کس حد تک قابل موازنہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دیگر ویکسینز کے امتزاج سے پیدا ہونے والا ردعمل اب تک کسی ایک ویکسین کی دو خوراکوں کے مقابلے میں مدافعتی نظام کو بڑھاتا ہوا نظر آتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایسٹرا زینیکا ویکسین اور فائزر/ بائیو این ٹیک ایم آر این اے ویکسین کے امتزاج کی کامیابی سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ دیگر ویکسینز کا امتزاج بھی اتنا ہی طاقتور ہوگا مگر کوشش کرکے نتائج کو دیکھنا چاہیے۔

    انوویو کی ڈی این اے ویکسین کمرے کے درجہ حرارت میں ایک سال سے زیادہ عرصے تک مستحکم رہ سکتی ہے اور عام ویکسین کے مقابلے میں اس کے لیے انجیکشن کی سوئی زیادہ گہرائی میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

    انوویو کے مطابق اس عمل سے ڈی این اے پلازما براہ راست جسمانی خلیات میں داخل ہوکر قابل برداشت مدافعتی ردعمل کو پیدا کرتا ہے۔ خیال رہے کہ اب تک کسی بھی ڈی این اے ویکسین کی انسانوں کے استعمال کے لیے منظوری نہیں دی گئی۔

  • سکے ڈھالنے کی قدیم ورکشاپ دریافت

    سکے ڈھالنے کی قدیم ورکشاپ دریافت

    بیجنگ: چین کے وسطی صوبے ہینان میں دنیا کی سکے ڈھالنے کی سب سے قدیم ورکشاپ دریافت ہوئی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی ماہرین آثار قدیمہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کا استعمال کرتے ہوئے ہینان کے صوبائی دارالحکومت ژینگ ژوکے مغربی حصے شنگ یانگ سٹی میں گوآنزہوآنگ کے کھنڈرات میں کانسی کو ڈھال کر برتن بنانے والی ورکشاپ کو دریافت کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ ورکشاپ پانچ سو پچاس قبل مسیح سے چھ سو چالیس قبل مسیح میں دھات کے معیاری سکے بنانے کے لئے بنائی گئی تھی، تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ دنیا میں سکے بنانے والی ابتک کی معلوم قدیم ترین ورکشاپ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: تین یتیم بچھڑی بہنوں کو ایک “تصویر” نے نئی زندگی دے دی

    چینی ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق مزید کھدائی کے دوران سکوں کی تیاری سے متعلق چاراقسام کے آثار دریافت ہوئے، جن میں تیار شدہ سکے، استعمال شدہ اور غیر استعمال شدہ سکوں کے سانچوں کے ساتھ ساتھ بیرونی سانچے بھی شامل ہیں۔

    کھدائی کے دوران ماہرین آثارقدیمہ نے کئی گڑھے بھی دریافت کئے جہاں بڑی مقدارمیں کانسی کے برتن بنانے کے دوران بچ جانے والے فضلے کو دبایا گیا تھا ایک گڑھے سے دو تیارشدہ دھات کے سکے بھی برآمد ہوئے ہیں۔

  • چین: کرونا کیسز کو کنٹرول کرنے کی حکمت عملی تیار

    چین: کرونا کیسز کو کنٹرول کرنے کی حکمت عملی تیار

    بیجنگ:چین نے کرونا قسم ڈیلٹا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق چین نے وائرس کی مقامی منتقلی کے کیسز کو لگام ڈالنے کی کوششیں کررہا ہے، کرونا کی نئی قسم سے نبرد آزما ہونے کے لئے اسپتالوں میں بھی ہنگامی بنیادوں کے تحت پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    ریاستی کونسل کی انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کی جانب سے جاری کی گئی گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ نوول کرونا وائرس کیسز کے علاج کیلئے مختص ہسپتالوں میں انفیکشنز پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ بغیر علامات والے کیسز کے ساتھ ساتھ درآمدی اور مقامی منتقلی کے تمام نوول کرونا وائرس کیسز کو مختص اسپتالوں کی قرنطینہ وارڈز میں داخل اور دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں سے علیحدہ رکھا جانا چاہیئے۔

    قرنطینہ وارڈز میں کام کرنیوالے عملہ کا اپنے کام کی جگہ پر داخل ہونے سے قبل مکمل ویکسی نیشن کرانا لازمی ہے، مزید کہا کہ عملہ کو بھی الگ تھلگ رکھنے کیلئے انتظامات کیے جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ووہان شہر میں ایک بار پھر کرونا کا خطرہ منڈلانے لگا، طبی ماہرین کا بڑا فیصلہ

    واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ڈیلٹا وائرس کے بڑھتے وار کے باعث ووہان شہر کی پوری آبادی کے کرونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ووہان میں ماس کرونا ٹیسٹنگ کا فیصلے کی بڑی وجہ کرونا کے سات کیسز رپورٹ ہونا تھے۔

    حکام کے مطابق ووہان میں باہر سے کام کے لئے آنے والے مزدوروں میں کرونا کے یہ کیسز دریافت ہوئے، جس کے باعث گذشتہ ایک سال کے دوران مقامی سطح پر کرونا کیسز آنے کا سلسلہ ٹوٹا۔

    حکام نے کرونا کیسز کے بڑھنے پر موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کو بیجنگ میں داخلے سے بھی روک دیا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سائنو فام ویکسین صوبوں کو حسب ضرورت فراہم کی جائے گی

    سائنو فام ویکسین صوبوں کو حسب ضرورت فراہم کی جائے گی

    اسلام آباد : چین سے کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ اسلام آباد منتقل کردی گئی، سائنو فام ویکسین صوبوں کو حسب ضرورت فراہم کی جائے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا چین سے کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ اسلام آباد منتقل کردی گئی ہے، پی آئی اے کی پرواز5لاکھ 28ہزار ڈوز لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔

    ذرائع کے مطابق چین سے لائی گئی ویکسین فیڈرل ای پی آئی کے مرکزی ویئر ہاؤس منتقل کی گئی ہے، سائنو فام ویکسین صوبوں کوحسب ضرورت فراہم کی جائےگی۔

    چین سے آج 13لاکھ 20سائنو فام ڈوز اسلام آباد پہنچی ہیں،7لاکھ92ہزار سائینو فام ڈوز گزشتہ رات اسلام آباد پہنچی تھیں، 6لاکھ80ہزار سائنو فام ڈوز کی تیسری کھیپ کل اسلام آباد پہنچے گی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان نے20لاکھ سائنو فام ویکسین ڈوز چینی کمپنی سے خریدی ہیں۔

  • چینی محققین کی کرونا وائرس کے ماخذ سے متعلق رپورٹ

    چینی محققین کی کرونا وائرس کے ماخذ سے متعلق رپورٹ

    بیجنگ: چینی محققین کا کہنا ہے کہ نیا اور مہلک ترین کرونا وائرس قدرتی طور پر پیدا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے سائنسی تحقیقی رسالے سائنس چائنا لائف میں حالیہ دنوں شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی محققین کی اکثریت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ کرونا وائرس قدرتی طور پر پیدا ہوا ہے۔

    محققین نے بتایا کہ اس بات کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں کہ یہ وائرس مصنوعی طور پر لیبارٹری میں تیار کیا گیا ہے، محققین کے مطابق وائرس کی ساخت کے مطالعے سے بھی یہ بات واضح طور پر سامنے آئی ہے کہ اسے انسانوں کی جانب سے نہیں بنایا گیا۔

    محققین نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 2003 کے سارس وائرس کے مقابلے میں موجودہ کووِڈ 19 وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے کی زیادہ صلاحیت رکھتا ہے، اور اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ اس وائرس کو کسی لیبارٹری یا مارکیٹ سے انسانوں میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پھیلایا گیا ہو۔

  • چین: 3 بچوں کی پالیسی کے لیے تجاویز پیش

    چین: 3 بچوں کی پالیسی کے لیے تجاویز پیش

    بیجنگ: چین کے محکمہ صحت نے 3 بچوں کی پالیسی پر عمل درآمد میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات تجویز کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی صحت کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کمیشن نے مقامی خاندانی منصوبہ بندی کے ضوابط پر بروقت نظرثانی کی تجویز دی ہے۔

    کمیشن نے یہ بھی کہا کہ زچہ و بچہ کی بہتر دیکھ بھال کے لیے انتہائی معیار کے طبی وسائل تک رسائی مزید آسان بنائی جائے۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ کمیشن چائلڈ کیئر سروسز کی فراہمی کے لیے نجی شعبے کی شراکت کی بھی حوصلہ افزائی کرتا ہے، نیز ایک بچے والے کنبوں کے بچوں کے لیے ایک لیو سسٹم کی تشکیل کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ ان کے والدین پر توجہ دی جا سکے۔

    چین: ایک سے زیادہ بچوں والے خاندانوں کے لیے بڑا اعلان

    کمیشن نے دیگر اقدامات بھی تجویز کیے ہیں، جن میں انتظامی امور کو درست کرنا، سرکاری سروسز کو بہتر کرنا، آبادی کی بہتر مانیٹرنگ اور آبادی سے متعلق پالیسی پر ریسرچ کو مستحکم کرنا شامل ہیں۔

  • بڑی خبر، دنیا کی آدھی آبادی کو کرونا ویکسین لگ گئی

    بڑی خبر، دنیا کی آدھی آبادی کو کرونا ویکسین لگ گئی

    پیرس: تاریخ کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم جاری ہے، دنیا کی آدھی آبادی کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگ گئی ہے، چین تمام ممالک میں سرفہرست ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 8 ماہ قبل کرونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوا تھا اور اب تک دنیا بھر میں 4 ارب افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، جب کہ دنیا کی کُل آبادی ساڑھے 7 ارب کے قریب ہے، اس لحاظ سے دنیا کی آدھی سے زیادہ آبادی کو ویکسین لگ چکی ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دنیا میں کرونا ویکسین لگنے کا عمل تھوڑا سست ہوا ہے، جن پہلے ایک ارب افراد کو ویکسین لگی وہ ان تک 140 دن میں پہنچی تھی، دوسرے ایک ارب افراد کو یہ ترسیل 40 روز میں ہوئی، اس کے بعد تیسرے ایک ارب افراد کو 26 دن میں اور چوتھے ایک ارب افراد تک ویکسین ایک ماہ میں پہنچی۔

    رپورٹ کے مطابق دنیا میں تین ایسے ممالک ہیں جہاں سب سے زیادہ ویکسین لگائی گئی ہے، چار ارب ویکسینز میں سے 40 فی صد یعنی 1.6 ارب چین میں لگائی گئی ہے، بھارت میں تقریباً ساڑھے 40 کروڑ افراد کو اور امریکا میں 34 کروڑ کے قریب ویکسین لگائی گئی۔

    آبادی کے لحاظ سے متحدہ عرب امارات سرفہرست ہے، جہاں آبادی کے 70 فی صد کے قریب ویکسین لگ چکی ہے، جب کہ بحرین اور یوروگوئے میں 60 فی صد سے زائد لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے۔

    اس کے بعد جن ممالک نے اپنی آدھی سے زیادہ آبادی کو ویکسین لگائی ہے ان میں قطر، چلی، کینیڈا، اسرائیل، سنگاپور، برطانیہ، منگولیا، ڈنمارک اور بیلجیم شامل ہیں، یورپی یونین نے بھی اپنی آدھی آبادی کو ویکسین لگا دی ہے۔

    دنیا کے غریب ممالک نے دیر سے ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا اور وہ بھی کویکس اور امیر ممالک کی طرف سے عطیہ کے باعث ممکن ہوا۔

    اوسطاً دنیا بھر میں ایک سو افراد میں سے 52 کو ویکسین لگ چکی ہے، تین ممالک ایسے ہیں جہاں اب تک ویکسین لگانے کا عمل شروع نہیں ہوا جن میں برونڈی، ایریٹیریا اور شمالی کوریا شامل ہیں۔

  • چین: ایک سے زیادہ بچوں والے خاندانوں کے لیے بڑا اعلان

    چین: ایک سے زیادہ بچوں والے خاندانوں کے لیے بڑا اعلان

    پان زیہوا: چینی شہر پان زیہوا میں حکام نے ایک سے زیادہ بچوں والے خاندانوں کی مالی اعانت کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے اقدامات کے تحت چین کا جنوب مغربی شہر پان ژیہوا ایک سے زیادہ بچوں والے خاندانوں کو رعایت فراہم کرے گا۔

    اس سلسلے میں میونسپلٹی حکومت نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ بچوں کی پیدائش کی ملکی پالیسیوں کے تحت 12 جون 2021 کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والے پہلے بچے کے علاوہ ہر بچے کو 3 سال کی عمر تک ماہانہ 500 یوآن (تقریباً 76.9 امریکی ڈالر) ملیں گے۔

    اس مالی معاونت کے حصول کے لیے والدین اور دوسرے یا تیسرے بچے کے لیے اس علاقے کا سکونتی سرٹیفکیٹ، ہوکو یا پان ژیہوا کا مستقل رہائشی ہونا لازمی ہے۔

    واضح رہے کہ چین نے ایک ایسے فیصلے کی منظوری دی ہے جس کے تحت جوڑوں کو متعدد معاون اقدامات کے ساتھ ساتھ تین بچے پیدا کرنے کی اجازت ہے، اور اس کا مقصد ملک کی آبادی کے ڈھانچے کو بہتر بنانا اور آبادی میں طویل المدت اور متوازن ترقی کو فروغ دینا ہے۔

  • اہم خبر، افغان طالبان کی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات

    اہم خبر، افغان طالبان کی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات

    بیجنگ: افغان طالبان کے اعلیٰ سطحی وفد نے چین کا دورہ کیا ہے، وفد کی قیادت ملا غنی برادر کررہے ہیں۔

    ترجمان طالبان کے مطابق طالبان کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد بیجنگ حکام سے بات چیت کے لیے چین میں موجود ہے، نو رکنی وفد کی قیادت ملاح عبدالغنی برادر کر رہے ہیں، طالبان کا وفد چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر چین پہنچا ہے۔

    ترجمان طالبان کے مطابق وفد نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں امن عمل اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق اہم ترین ملاقات میں افغان طالبان نے چین کو یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کی سیکیورٹی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی جبکہ چین نے بھی باور کرایا ہے کہ وہ افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے اور اس کے بجائے مسائل حل کرنے اور امن لانے میں مدد کریں گے۔

    ترجمان طالبان کے مطابق وفد نے چین کے افغانستان کے لیے خصوصی سفیر سے بھی ملاقات کی اور یہ دورہ چینی حکام کی دعوت پر کیا گیا۔

    چینی وزارت خارجہ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر خارجہ وانگ یی نے طالبان کے نمائندوں سے چین کے شمالی شیر تیانجن میں ملاقات کی۔

    دوسری جانب ایک بیان میں افغان صدر کا کہنا ہے کہ وہ طالبان سے براہ راست مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں، اشرف غنی کا کہنا تھا کہ ہم امریکا اور نیٹو کے فوجی انخلا کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، افغان عوام کو مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ افغانستان سے امریکی اور غیرملکی افواج کے انخلا کے بعد صورت حال سنگین ہوچکی ہے۔