Tag: China

  • چین کا پاکستان کے لیے کرونا ویکسین کی مزید 5 لاکھ ڈوزز کا تحفہ

    چین کا پاکستان کے لیے کرونا ویکسین کی مزید 5 لاکھ ڈوزز کا تحفہ

    اسلام آباد: چین کی جانب سے پاکستان کو کرونا ویکسین کی مزید 5 لاکھ ڈوزز کا تحفہ دیا جائے گا، چین اب تک پاکستان کو ویکسین کی 15 لاکھ ڈوزز بطور تحفہ فراہم کر چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کو کرونا وائرس ویکسین کی مزید 5 لاکھ ڈوزز کا تحفہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سائنو فارم ویکسین کی 5 لاکھ ڈوزز بطور تحفہ فراہم کرے گا۔

    ذرائع کا مطابق چین سے کرونا وائرس ویکسین کا تحفہ رواں ماہ پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، وزارت خارجہ نے وزارت صحت کو چینی ویکسین کے تحفے سے آگاہ کردیا ہے۔

    چین اب تک پاکستان کو ویکسین کی 15 لاکھ ڈوزز بطور تحفہ فراہم کر چکا ہے۔

    دوسری جانب ملک بھر میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 318 نئے کیسز سامنے آئے۔

    ملک میں مجموعی کرونا کیسز کی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار 920 ہوچکی ہے جبکہ کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 76 ہزار 34 ہوگئی۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 118 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 15 ہزار 619 ہوگئی۔

    وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں تقریباً 13 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے، ملک میں روزانہ 60 سے 70 ہزار ویکسین لگائی جارہی ہیں۔

    اسد عمر کے مطابق عید کے بعد ویکسین کی فراہمی کو مزید تیز کیا جائے گا، ویکسین کے لیے 350 ملین ڈالر رکھے گئے ہیں، ابھی تک 150 ملین ڈالر ویکسین کے لیے استعمال کر چکے ہیں۔

  • زہریلے کھانوں کی روک تھام، زبردست قلم ایجاد

    زہریلے کھانوں کی روک تھام، زبردست قلم ایجاد

    بیجنگ : چینی ماہرین نے ایک ایسا قلم تیار کیا ہے جو کھانے میں زہر اور زہریلی گیس کی شناخت کرسکے گا، اس قلم کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ مضر کیمیکل کی انتہائی معمولی مقدار بھی نوٹ کرسکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے ایک ایسا قلم تیار کیا ہے جو باسی کھانے، پھل، سبزیوں کی شناخت کرکے انسانی جان کو بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اس کے علاوہ یہ قلم زہریلی گیس کی بھی شناخت کرےگا۔

    مذکورہ قلم کی نب زہریلے کھانے اور گیس کی موجودگی پر اپنا رنگ بدل لیتی ہے، جس کی موجودگی کی پیشگی اطلاع پر کسی بڑے حادثے سے بچا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ جنگوں یا حملوں میں اکثر زہریلی گیس استعمال کی جاتی ہے جس کی بو اور رنگت نہیں ہوتی، اسی طرح کھانے پینے کی بہت سی اشیاء خراب ہونے پر گیس کے بخارات خارج کرتی ہیں جنہیں ہم سونگھ نہیں سکتے۔

    اس قلم کو چین میں شینزن انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز نے کئی اداروں کے تعاون سے تیار کیا ہے۔ اس کا اولین نمونہ (پروٹوٹائپ) دیکھنے میں سرنج کی طرح لگتا ہے اور بہت کم خرچ اور مؤثر بھی ہے۔ یہ اپنے خواص کی بنا پر مضر کیمیکل کی انتہائی معمولی مقدار بھی نوٹ کرسکتا ہے۔

    اس طرح کے سینسر عام طور پر ایگریگیشن انڈیوسڈ ایمیشن فلوروجین (ایل ای جینس) استعمال کرتے ہیں اور مضر کیمیکل ان سے چپکنے کے بعد ایک طرح کی رنگ دار روشنی خارج کرنے لگتے ہیں لیکن اب سے قبل یہ سارے نظام مائعات (لیکوئیڈ) پر مبنی تھے۔

    اب ژی جیاؤ، پینگفانگ زینگ، ہیاتو فینگ، بین زونگ ٹینگ اور دیگر ساتھیوں نے ایل ای جینس کو ٹھوس شکل دی ہے اور اسے ایک سوئی کی نوک پر لگایا ہے۔ جیسے ہی کوئی گیس خارج ہوتی ہے یا کسی غذا کے سڑنے سے بخارات نکلتے ہیں اس کا سرا روشن ہوجاتا ہے۔

  • چین کی تیار کردہ  ایک اور کورونا ویکسین پاکستان لانے کی تیاریاں

    چین کی تیار کردہ ایک اور کورونا ویکسین پاکستان لانے کی تیاریاں

    اسلام آباد: پاکستان میں چین کی تیارکردہ ایک اور کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کا اجازت نامہ طلب کرلیا گیا، ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کورونا ویکسین کی منظوری دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی تیارکردہ تیسری کورونا ویکسین پاکستان لانے کی تیاریاں جاری ہے ،  پاکستان میں کورونا ویک ویکسین کے  ہنگامی استعمال کا اجازت نامہ طلب کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کی کمپنی نے چینی ویکسین کی منظوری کیلئے درخواست جمع کرادی، لاہور کی کمپنی سرجیکل،طبی آلات کی امپورٹ، ایکسپورٹ کرتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق کوروناویک ویکسین چینی کمپنی سائینو ویک لائف سائنسز کی تیار کردہ ہے، کمپنی نےڈریپ کو کورونا ویک کےکلینیکل ٹرائلز کاڈیٹا جمع کرا دیا ، ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کورونا ویکسین کی منظوری دے گا، ویکسین کو رواں ماہ ڈریپ سے منظوری ملنے کا امکان ہے۔

    ذرائع وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورون اویک ان ایکٹیویٹڈ ویکسین 2 ڈوزز پرمشتمل ہے، یہ ویکسین منفی 2تا 8درجہ حرارت پر زخیرہ ہوتی ہے۔

    خیال رہے چین نے جولائی 2020 میں کورونا ویک کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی ، کورونا ویک کے فیز ون ،ٹو کلنیکل ٹرائلز چین میں کیے گئے تھے  جبکہ فیز 3 ٹرائلز لاطینی امریکہ، یورپ ، ایشیا ، برازیل، ترکی، انڈونیشیا ، فلپائن میں کیے گئے۔

    ترکی کے فیز 3 ٹرائلز میں ویکسین 83.5 فیصد اور انڈونیشیا کےفیز تھری ٹرائلز میں ویکسین 65.3 فیصدمعیاری ثابت ہوئی ، میکسیکو ،ٹونیشیا،زمبابوے ، آذربائیجان، ملائیشیا، سنگاپور، ہانگ کانگ، فلپائن،تھائی لینڈ کورونا ویک ویکسین کی منظوری دے چکے ہیں۔

    انڈونیشیا دسمبر 2020 میں کورونا ویک ویکسین کی پہلی کھیپ درآمد کر چکا ہے جبکہ سائینو ویک رواں ماہ مختلف ممالک کو ویکسین کی 7 کروڑ ڈوزز فراہم  کر چکی ہے ، ویکسین سازی کی پیداواری صلاحیت 2ارب ڈوزز سالانہ ہے۔

    یاد رہے  چین میں تیار کردہ سائینو فارم اور کین سائینو ویکسین پاکستان میں استعمال کی جارہی ہے۔

  • چین سے کرونا ویکسین کی چوتھی کھیپ آج پہنچے گی

    چین سے کرونا ویکسین کی چوتھی کھیپ آج پہنچے گی

    اسلام آباد: چین سے کرونا ویکسین کی چوتھی کھیپ آج اسلام آباد پہنچے گی، کونویڈیسا ویکسین چینی کمپنی کین سائینو بائیو لوجکس کی تیار کردہ ہے اور پاکستان نے کین سائینو سے کرونا ویکسین کی خریداری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے کرونا ویکسین کی چوتھی کھیپ آج اسلام آباد پہنچے گی، کرونا ویکسین کی چوتھی کھیپ کونویڈیسا ویکسین کی 60 ہزار خوراکوں پر مشتمل ہے۔ ویکسین کمرشل پرواز پر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچائی جائے گی۔

    کونویڈیسا ویکسین چینی کمپنی کین سائینو بائیو لوجکس کی تیار کردہ ہے اور پاکستان نے کین سائینو سے کرونا ویکسین کی خریداری کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سے ویکسین کی چوتھی کھیپ 26 مارچ کو اسلام آباد پہنچنا تھی، ناگزیر وجوہات کی بنا پر ویکسین لانے میں تاخیر ہوئی۔ اب اس کے بعد چین سے ویکسین کی پانچویں کھیپ 31 مارچ کو آئے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سے 10 لاکھ خوراکوں کی کھیپ بھجوانے کی بھی اپیل کی گئی ہے، چین سے تاحال کرونا ویکسین کی 3 کھیپ پاکستان آچکی ہیں، چین پاکستان کو کرونا ویکسین کی 15 لاکھ خوراکیں عطیہ کر چکا ہے۔

    علاوہ ازیں پاکستان نے کین سائینو سے سنگل ڈوز 60 ہزار ویکسین خوراکیں اور سائینو فارم سے 10 لاکھ ویکسین خوراکیں خریدی ہیں۔

  • مثالی دوستی، چین کا پاکستان کے لیے ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    مثالی دوستی، چین کا پاکستان کے لیے ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان کے ساتھ مثالی دوستی کے پیش نظر چین نے 31 مارچ تک پاکستان کو مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ ویکسین کے حصول کے لیے 100 سے زیادہ ممالک رابطہ کر چکے ہیں، تاہم پاکستان سے مثالی دوستی نبھاتے ہوئے ترجیحی بنیاد پر ویکسین مہیا کریں گے۔

    چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کو اکتیس مارچ تک مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوا دے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزرائے خارجہ نے کرونا صورت حال، دو طرفہ تعلقات باہمی دل چسپی کے امور اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    شاہ محمود نے چینی قیادت کی وزیر اعظم کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا، اور کہا کرونا وبا میں چین نے جس طرح پاکستان کی معاونت کی وہ فقید المثال ہے۔

    وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں ویکسی نیشن کی صورت حال سے آگاہ کیا، اور کہا پاکستان نے شہریوں کو کرونا سے محفوظ بنانے کے لیے ویکسی نیشن کا منصوبہ تشکیل دیا ہے، اس جامع منصوبے کی تشکیل کے لیے جلد ویکسین کی مزید ڈوز درکار ہوں گی۔ وزیر خارجہ نے تحفتاً کرونا ویکسین بھجوانے پر چینی قیادت کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

    چینی وزیر خارجہ نے کہا 31 مارچ تک پاکستان کو مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوا دیں گے، اگرچہ ویکسین کے حصول کے لیے سو سے زیادہ ممالک رابطہ کر چکے ہیں، تاہم پاکستان سے مثالی دوستی نبھاتے ہوئے ترجیحی بنیاد پر ویکسین مہیا کریں گے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے اس جذبہ خیر سگالی پر چینی ہم منصب وانگ ژی کا شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور چین میں اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم کا خط

    وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم کا خط

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم نے خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی ہم منصب لی کَچیانگ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    چینی وزیر اعظم نے خط میں لکھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کرونا کے خلاف جنگ ضرور جیتے گا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور وہ اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ ہیں، انھوں نے چند دن قبل چین سے منگوائی گئی کرونا ویکسین بھی لگوائی ہے۔

    مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ

    کرونا پازیٹیو ہونے کے بعد دنیا بھر کے رہنماؤں اور سفرا نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

    پڑوسی ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے عمران خان کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، مودی نے ٹوئٹ کیا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا، برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر، جرمن سفیر برنہارڈ شلاگیک، سری لنکن وزیر نمل راجا پکسکا، پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لِس روزن ہوم، اور پاکستان میں امریکی اور فرانسیسی سفارت خانوں نے ٹوئٹس کر کے وزیر اعظم پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • سائنس فکشن فلم "اوتار” نے ایک بار پھر دھوم مچا دی

    سائنس فکشن فلم "اوتار” نے ایک بار پھر دھوم مچا دی

    بیجنگ : شہرہ آفاق کامیاب سائنس فکشن فلم "اوتار” نے ایک بار پھر دھوم مچادی، فلم نے اس بار چین میں کھڑکی توڑ بزنس کیا۔

    شہرہ آفاق فلمیں بنانے والے ہالی ووڈ کے معروف فلم ساز جیمز کیمرون کی فلم "اوتار” نے چین میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔

    اس حوالے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق2009میں باکس آفس پردھوم مچانے والی ہالی ووڈ سائنس فکشن فلم اواتار نے چین میں دوبارہ کھڑکی توڑ بزنس کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم "اوتار” کے اس ہفتے 55 کروڑ روپے کے ٹکٹ فروخت ہوئے۔ مذکورہ فلم باکس آفس کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کرنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ جیمز کیمرون نے نہ صرف "ٹرمینیٹر” اور "اوتار” جیسی شہرہ آفاق فلمیں بنائیں بلکہ”ٹائی ٹینک” "ریمبو” اور "اسٹریج ڈیز” جیسی فلمیں بھی انہوں نے ہی بنائیں۔

    اس کے علاوہ ان کی سائنس فکشن فلم سیریز” ٹرمینیٹر” کی پہلی فلم 1984 میں ریلیز ہوئی اور اب تک اس سیریز کی پانچ فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں جب کہ چھٹی فلم رواں برس ریلیز کی جائے گی۔

  • دنیا کا پہلا "کورونا وائرس پاسپورٹ” جاری

    دنیا کا پہلا "کورونا وائرس پاسپورٹ” جاری

    بیجنگ : کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر چینی حکومت نے وبا کے پھیلاؤ کے سد باب اور شہریوں کی فضائی آمد و رفت کے لیے”وائرس پاسپورٹ” متعارف کرادیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی وبا کورونا کے دوران سفری مشکلات کو حل کرنے کے لیے چین نے اپنی شہریوں کے لیے "وائرس پاسپورٹ” کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔

    یہ پاسپورٹ ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے طرز پر تیار کیا گیا ہے جس میں مسافر کے کورونا ٹیسٹ، ویکسی نیشن اور ضروری طبی معلومات درج ہیں جب کہ پاسپورٹ ہونے کی وجہ سے اس میں سفری تفصیلات بھی موجود ہوں گی۔

    واضح رہے کہ چین میں بیرون ملک سے داخل ہونے یا باہر جانے کے لیے مسافروں کو وائرس پاسپورٹ دکھانا ہوگا تاہم ابھی یہ لازمی نہیں کیونکہ یہ ابتدائی طور پر صرف چینی شہریوں پر لاگو ہوگا البتہ بہت جلد اس نظام کو لازمی اور غیر ملکی مسافروں پر بھی لاگو کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے چینی امور خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ "وائرس پاسپورٹ” عالمی معاشی بحالی کو فروغ دینے اور سرحد پار سفر کو آسان بنانے کے لئے تیار کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ یہ دنیا کا پہلا وائرس پاسپورٹ ہوگا۔

    اس کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی وائرس پاسپورٹ جیسی دستاویز پر غور کیا جا رہا ہے امریکہ اور برطانیہ اسی طرح کے اجازت نامے پر عمل درآمد کے لیے غور کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب یورپی یونین ویکسین "گرین پاس ” کے اجراء پر بھی کام کر رہی ہے جس سے شہریوں کو رکن ممالک اور بیرون ملک سفر کرنے کا موقع ملے گا۔

  • زمین کی گہرائیوں کی کھوج کے لیے چین کا بڑا قدم

    زمین کی گہرائیوں کی کھوج کے لیے چین کا بڑا قدم

    بیجنگ: چین نے زمین کی انتہائی گہرائی میں سائنسی تحقیق کے لیے بھی ایک لیب قائم کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے زمین کی انتہائی گہرائی میں سائنسی تحقیق اور معدنی وسائل کی نشان دہی کرنے والی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ایک نئی لیب کا افتتاح کیا ہے۔

    وزارت قدرتی وسائل کا کہنا ہے یہ لیب چین کی اکیڈمی برائے ارضیاتی سائنسز کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی اثر و رسوخ کا حامل ایک تحقیقی ادارہ بننا ہے۔

    یہ لیب جن شعبوں میں کام کرے گی ان میں زمین کی گہرائیوں میں وسائل اور ساختیاتی دریافت اور زمین میں گہرے ترین سوراخ کھودنا شامل ہیں۔ اس سلسلے میں یہ لیب تحقیقی وسائل کو جمع کرے گی اور اپنے بین الاقوامی ہم منصب اداروں کے ساتھ ان شعبوں میں تعاون کرے گی۔

    زمین کی گہرائیوں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا، اور دریافتوں کے لیے درکار آلات کے تبادلے کے حوالے سے بھی یہ لیب اپنی خدمات انجام دے گی۔

    وزارت قدرتی وسائل کے مطابق زمین کی گہرائی میں بہت ساری توانائی، صنعتی خام مال اور آبی وسائل محفوظ ہیں، تاہم زمین کی انتہائی گہرائی میں وسائل کی دریافت میں کئی ایک مشکلات کا سامنا بھی ہوگا جن میں زمین کے اندر کا انتہائی دباؤ اور شدید درجہ حرارت والا ماحول شامل ہیں۔

  • خطرناک ٹرینڈ نے بچوں کی جانیں خطرے میں ڈال دی، ویڈیو وائرل

    خطرناک ٹرینڈ نے بچوں کی جانیں خطرے میں ڈال دی، ویڈیو وائرل

    سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر اکثر اوقات مختلف چیلنجز اور ٹرینڈز جاری رہتے ہیں جس کے مطابق نوجوان ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرتے ہیں، تاہم اب چین میں ایک خطرناک ٹرینڈ نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

    چین میں مشہور ہونے والے اس ٹرینڈ کو بچے تیزی سے فالو کر رہے ہیں اور اس کی ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

    اس کے لیے بچے کسی مین ہول میں پٹاخہ پھینک دیتے ہیں، اگلے ہی لمحے مین ہول میں زور دار دھماکہ ہوتا ہے اور مین ہول کا ڈھکن اور قریب کھڑا بچہ دھماکے سے فضا میں اڑتے ہیں۔

    اس شرارت میں بچے کو شدید جسمانی نقصان کا خطرہ رہتا ہے جبکہ آس پاس کھڑے دیگر افراد بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

    اس ٹرینڈ کے تحت بنائی جانے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو میں 3 بچے مین ہول میں پٹاخہ پھینکتے ہیں، دھماکہ ہونے پر ایک بچہ فضا میں اڑ کر کر نیچے گرتا ہے جبکہ دوسرا بچہ بھی زمین پر گر جاتا ہے۔

    ایک اور ویڈیو میں کچھ بچے مین ہول میں پٹاخہ پھینکتے ہیں جس کے بعد 3 مین ہولز میں دھماکہ ہوتا ہے۔

    حکام کے مطابق اب تک اس نوعیت کی 5 ویڈیوز منظر عام پر آچکی ہیں، خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کا واقعہ سامنے نہیں آیا۔

    ان کے مطابق سیوریج میں موجود میتھین گیس پٹاخے کی چنگاری سے آگ پکڑ لیتی ہے اور اس کا دھماکہ خطرناک ہوسکتا ہے۔

    ان ویڈیوز نے جہاں ایک طرف تو والدین کو پریشان کردیا ہے، تو دوسری جانب دیگر افراد نے بھی اس رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔