Tag: China

  • چینی صدر نے 2020 کو غیر معمولی سال قرار دے دیا

    چینی صدر نے 2020 کو غیر معمولی سال قرار دے دیا

    بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے 2020 کو غیر معمولی سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے دیہی علاقوں میں موجودہ معیار کے مطابق تقریباً 10 کروڑ افراد غربت سے نجات حاصل کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نئے سال 2021 کی آمد کے موقع پر چینی صدر مملکت شی جن پنگ نے چائنا میڈیا گروپ اور انٹرنیٹ کے ذریعے مختلف ممالک کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    چینی صدر نے اپنے پیغام میں 2020 کو غیر معمولی سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کرونا وائرس کی عالمی وبا کا سامنا رہا اور اس دوران ہم نے انسانی زندگی کو اوۤلیت دی۔

    انھوں نے وبا سے متاثرہ مریضوں کے ساتھ ہم دردی کا اظہار کرتے ہوئے وبا سے نبرد آزما ہونے والے تمام عوامی ہیروز کو سلام پیش کیا اور کہا ہم نے یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ اس عالمی وبا کے خلاف جدوجہد کی نئی تاریخ رقم کی۔

    چینی صدر نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کو ایک ساتھ مل کر وبائی اثرات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ایک مزید خوش حال گھر کی تعمیر بھی کرنی چاہیے، چین نے وبائی صورت حال کے دوران اہم عالمی معیشتوں میں سب سے پہلے مثبت شرح نمو کا ہدف حاصل کیا، ملکی سطح پر سائنس اور ٹیکنالوجی میں بھی اہم پیش رفت ہوئی۔

    چین کا اپنے شہریوں کو کرونا ویکسین مفت دینے کا اعلان

    شی جن پنگ نے کہا کہ چین کے دیہی علاقوں میں موجودہ معیار کے مطابق تقریباً 10 کروڑ افراد غربت سے نجات حاصل کر چکے ہیں، چین مستقبل میں اصلاحات اور کھلے پن کو مزید پختہ عزم کے ساتھ وسعت دے گا۔

    چینی صدر نے کہا کہ 2021 کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 100 ویں سال گرہ ہے، ہم پارٹی کے ’عوام کو مرکزی اہمیت دینے‘ کے انتظامی تصور کا اعادہ کرتے ہیں، کیوں کہ درست اقدار اور اخلاقیات کو دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوتی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہم اس عظیم راستے پر تنہا نہیں ہیں اور پوری دنیا ایک کنبے کی حیثیت رکھتی ہے۔ چینی صدر نے اپنے پیغام میں مختلف ممالک کی سلامتی اور عوام کی خوش حالی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

  • چین کا اپنے شہریوں کو کرونا ویکسین مفت دینے کا اعلان

    چین کا اپنے شہریوں کو کرونا ویکسین مفت دینے کا اعلان

    بیجنگ: چین نے اپنے تمام شہریوں کو کرونا وائرس کی ویکسین مفت دینے کا اعلان کردیا، مذکورہ ویکسین 79 فیصد مؤثر ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق چین کے قومی صحت کمیشن کے نائب سربراہ زینگ ای شن نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ چین اپنے تمام شہریوں کو نوول کرونا وائرس ویکسین مفت فراہم کرے گا۔

    چین نے گزشتہ روز ہی سرکاری دوا ساز کمپنی سائنو فارم کی تیار کردہ ویکسین کی عام استعمال کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ مذکورہ ویکسین کے ٹرائلز کے تیسرے مرحلے میں اس کی 79 فیصد افادیت سامنے آئی ہے۔

    یہ شرح فائزر اور موڈرنا کی تیار کردہ ویکسین سے کم ہے۔

    اس ویکسین کے تیسرے مرحلے کے تنائج سے پہلے ہی ایمرجنسی پروگرام کے تحت چین میں اسے تقریباً 10 لاکھ لوگوں کو دی چکی تھی۔

    چین میں سائنوویک اور سائنو فارم کے علاوہ مزید کم از کم 2 ویکسینز تیاری کے مراحل میں ہیں، ان میں سے ایک کین سائنو بائیولوجکس ہے جو سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں تیاری کے تیسرے مرحلے میں ہے۔

    اس ویکسین کی انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اپنے یہاں استعمال کی منظوری دے دی ہے، سنگا پور نے موڈرنا اور فائزر سمیت سائنو ویک ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کرلیا ہے جبکہ پاکستان میں بھی سائنو فارم ویکسین خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

  • ’گیم آف تھرونز‘ کے لیے مشہور ارب پتی پراسرار طور پر ہلاک

    ’گیم آف تھرونز‘ کے لیے مشہور ارب پتی پراسرار طور پر ہلاک

    بیجنگ: ارب پتی نیٹ فلیکس پروڈیوسر اور گیم آف تھرونز کی ویڈیو گیم بنانے کے لیے مشہور چینی ٹائیکون پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گیم آف تھرونز کی ویڈیو گیم بنانے والا چینی ارب پتی پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا، برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ 39 سالہ چینی ٹائیکون لِن چی کی موت کرسمس کے روز ڈرامائی طور پر ہوئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق گیم ڈیولپر لن چی کو مبینہ طور پر ان کے ایک ساتھی نے زہر دے کر مارا، یوزو گروپ کمپنی کے بانی اور چیئرمین کو 16 دسمبر کو زہر دیا گیا تھا اور ان کی موت کرسمس کے روز ہوئی۔

    لِن چی کا شمار چین کی امیر ترین شخصیات میں ہوتا تھا جن کی دولت اندازاً 1.3 بلین ڈالرز ہے، انھوں نے 2009 میں یوزو کمپنی کی بنیاد رکھی تھی اور گیمنگ انڈسٹری میں انتہائی کامیابی حاصل کی۔ یوزو گروپ ’گیم آف تھرونز ونٹر از کمنگ‘ گیم کے لیے مشہور ہے۔

    پولیس نے لن چی کو زہر دینے کے شبہے میں یوزو گروپ کے فلم اور ٹیلی وژن شعبے کے ایک سینئر ایگزیکٹو ژو یاؤ کو گرفتار کر رکھا ہے، یہ گرفتاری کمپنی کے ایگزیکٹو رینک کے ملازمین کے درمیان جھگڑے کی افواہوں کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ لِن چی کو چائے میں زہر ملا کر دیا گیا تھا۔ ان کی اچانک موت پر کمپنی کے موجودہ اور سابق ملازمین نے دفتر کے باہر جمع ہوکر سوگ منایا۔

  • چین میں لوگ آسمان سے گرتا ’آتشیں‘ گولا دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے، ویڈیو وائرل

    چین میں لوگ آسمان سے گرتا ’آتشیں‘ گولا دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے، ویڈیو وائرل

    بیجنگ: چین کے صوبے چنگھائی میں لوگ آسمان سے ایک بہت بڑا ’آتشیں‘ گولا گرتے دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق 23 دسمبر کو چین کے چنگھائی صوبے کی ننگچیانگ کاؤنٹی میں آسمان میں ایک نہایت روشن اور عظیم الجثہ روشنی کا گولا دیکھا گیا، جس نے لوگوں کو ڈرا دیا۔

    تیز روشنی کا یہ گولا نہایت تیز رفتاری سے زمین کی طرف آتا محسوس ہو رہا تھا، یہ نظارہ صوبے کے دو شہروں میں دیکھا گیا، جو بہت خوف زدہ کر دینے والا تھا، پہلے اچانک آسمان میں آتشیں گولے جیسی روشنی چمکی اور پھر ایسا لگا جیسے تیزی سے وہ زمین کی طرف گر رہی ہو۔

    نانگچیانگ اور یوسو شہروں میں بہت سارے لوگوں نے اسے دیکھا اور اس کی ویڈیو اور تصاویر بہت تیزی سے سوشل میڈیا کی زینت بنیں، مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ جب وہ گولا وہاں سے گزرا تو انھوں نے تیز آواز بھی سنی۔

    نانگچیانگ کاؤنٹی میں ایک ترکی جرنلسٹ متی سوہتوگلو نے اس منظر کی ویڈیو اپنے ٹویٹر پیج پر شیئر کی، ایک اور شہری زیاؤ وانگ نے فیس بک پر اس کی ویڈیو شیئر کی۔

    meteorite fell in Qinghai, China. 2020.12.23 ,7:23am

    Posted by Ziyao Wang on Tuesday, December 22, 2020

    ان ویڈیوز میں آسمان میں تیرتا گولا مختلف زاویوں سے افق میں گزرتا دیکھا جا سکتا ہے، ان ویڈیوز میں ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی شامل تھی جو ایک عمارت کے پارکنگ لاٹ میں لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی تھی جس میں زمین پر سایہ گزرتا دیکھا جا سکتا ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق روشنی کا یہ گولا ایک روشن شہابیہ تھا، جو آسمان سے گزر رہا تھا، خوش قسمتی سے اس نے علاقے میں کوئی نقصان نہیں پہنچایا، چین کے ارتھ کوئک نیٹ ورکس نے بعد میں تصدیق کی کہ یہ بولائیڈ تھا جو ایک نہایت روشن شہاب ثاقب ہوتا ہے۔

  • نلکوں سے آتے گلابی پانی نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا

    نلکوں سے آتے گلابی پانی نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا

    چین کے کچھ علاقوں میں لوگوں کے گھروں میں نلکوں سے رنگین پانی آنے لگا جس نے مقامی افراد کو خوفزدہ کردیا۔

    شمالی چین کے علاقوں میں نلکوں سے گلابی رنگ کا پانی آنے لگا جس نے مقامی افراد کو پریشان کردیا، متعدد افراد نے اس پانی کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ رنگین پانی دو دن تک ان کے گھر میں آتا رہا اور اس کے بعد خود ہی معمول پر آگیا۔

    اس دوران حکام تفتیش کرتے رہے کہ پانی کا رنگ کیوں بدل گیا لیکن تاحال وہ اس کی وجہ تلاش نہیں کرسکے۔

    پانی کی رنگت میں ایسی تبدیلی اس سے قبل سنہ 2017 میں بھی دیکھی گئی تھی، حکام کا کہنا ہے کہ پانی کا رنگ گلابی ہوجانے کی وجہ وہ کیمیکل ہے جو پانی کو ٹریٹ (صاف) کرنے کے لیے اس میں شامل کیا جاتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ کیمیکل بے ضرر ہے اور پینے کے لیے بالکل محفوظ ہے۔

  • چین نے بھارت کو بڑا دھچکا دے دیا

    چین نے بھارت کو بڑا دھچکا دے دیا

    بیجنگ: بھارت کے ساتھ لائن آف ایکچیؤل کنٹرول پرتنازعے کے باعث چین نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین نے بھارت کےساتھ یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراءمنسوخ کردیا ہے، یادگاری ٹکٹ کی منسوخی کا اعلان چین کےسرکاری پوسٹ آفس نے کیا ہے، ٹکٹ کا اجرا انیس سو پچاس میں شروع ہونے والے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ پر کیا جانا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق مشترکہ یادگاری ٹکٹ پر چینی صدر اور وزیر اعظم مودی نے گزشتہ برس اکتوبر میں اتفاق کیا تھا، چینی فیصلہ سرحد پر فوجی تعطل متنازع تعلقات کا واضح مظہر ہے۔China cancels commemorative stamps with India | The Express Tribuneچین کے صوبے گانسو کے ایک مشہور مقام موگاؤ غاروں کو ظاہر کرنے والی ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ بنایا جانا تھا جس کا مقصد بدھ مت کے پیروکار وں کا دونوں ممالک کے ثقافتی کے بارے میں اگاہی دینا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  لداخ کے محاذ پر بھارت کو بڑا دھچکا

    رواں سال جون میں لداخ کے سرحدی تنازعے میں دونوں ملکوں میں کشیدگی اور بیس بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے چین بھارت تعلقات میں تناؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، چینی محکمہ ڈاک کی جانب سے حالیہ اقدام کے اسباب کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے تاہم مبصرین اسے دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی کا تسلسل قرار دیتے ہیں۔

  • خاص درجہ حرارت پر چلنے والی تیز رفتار ٹرین متعارف

    خاص درجہ حرارت پر چلنے والی تیز رفتار ٹرین متعارف

    بیجنگ: چین نے ٹرین سازی میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کی ٹرین ساز کمپنی سی آر آر سی ٹانگ شان کمپنی لمیٹڈ نے حال ہی میں ایک نئی قسم کی تیز رفتار ٹرین تیار کی ہے جو مختلف ریل سسٹمز پر تیز رفتاری کے ساتھ چل سکتی ہے۔

    کمپنی کے مطابق چار سو کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے چلنے والی اس ٹرین کو بین الاقوامی روٹس پر ریل کے مختلف سسٹمز کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جس سے ریل کا بین الاقوامی سفر زیادہ آسان ہوگیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹرین منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ اور 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان درجہ حرارت میں چل سکتی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں ریلوے ٹریک کے چار اہم معیارات ہیں، جب عام ٹرینیں مختلف گیج رکھنے والے ممالک کے درمیان چلتی ہیں تو انہیں اپنی ٹرین کی بوگیوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، جس میں وقت اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔

    چونکہ نئی سی آر آر سی ٹرین گیج بدلنے والی بوگیوں سے لیس ہے، اس لئے یہ سرحد پار سفر کے دوران اپنے ریل موڈ کو تبدیل کرسکتی ہے، جس سے ریل سسٹمز میں سفر کی استعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوسکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:   بلٹ ٹرین نے تیز رفتاری کا ایک اور ریکارڈ بنا ڈالا

    گذشتہ ماہ چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والے اسکائی ٹرین کی آزمائش کا کامیاب تجربہ کیا گیا، رپورٹ کے مطابق ٹرین سروس کے آپریشن کا آغاز آئندہ برس سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    چائنا ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق چین میں مقامی انجینئرزنے ’مونو ریل‘ گاڑی تیار کی جسے ’اسکائی ٹرینُ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ہوا میں لٹکی ہوئی پٹریوں پر چلنے والی اسکائی ٹرین 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ٹرین میں 510 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔

  • چین نے چاند پر اپنا پرچم لہرا دیا (تصاویر جاری)

    چین نے چاند پر اپنا پرچم لہرا دیا (تصاویر جاری)

    بیجنگ: چین نے چاند پر اپنا جھنڈا گاڑ دیا ہے، چینی اسپیس سینٹر کی جانب سے اس کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے چاند سے نمونے اکھٹا کرنے کے لیے خلائی مشن چاند پر بھیجا تھا، جس نے چاند کی زمین پر ایک بار پھر چینی پرچم لہرا دیا ہے۔

    یہ تصاویر چین کی قومی خلائی انتظامیہ نے آج جاری کی ہیں، جس میں چانگ 5 نامی خلائی گاڑی کو چینی قومی پرچم لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے، چین نے اس بار جینئن کپڑے سے بنا ہوا جھنڈا چاند پر بھیجا ہے۔

    تصاویر ایک پینورامک کیمرے سے لی گئی ہیں جو خلائی گاڑی پر نصب تھا، یہ خلائی گاڑی جمعرات کو چاند سے نمونے لے کر جمعرات کو واپس ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ چین کا چانگ فائیو تحقیقات مشن 24 نومبر کو لانچ کیا گیا تھا، اور یکم دسمبر کو یہ خلائی گاڑی چاند پر اوشین آف اسٹارمز کے شمال میں اتر گئی تھی۔

    چاند پر تحقیق، چین نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرلی

    گزشتہ روز اس نے چاند پر سے مٹی کے نموے اور پتھر جمع کرنے کا کام مکمل کیا اور واپسی کے لیے اڑان بھری، چانگ 5 نے دو طریقوں کی مدد سے نمونے اکھٹے کیے جن میں سے پہلا آسان اور سادہ تھا جب کہ دوسرے میں روبوٹ نے اپنے بازوؤں کی مدد سے وہاں پر ڈرلنگ کی اور پھر نمونے حاصل کیے۔

    رپورٹ کے مطابق خلائی گاڑی نے چاند کی 2 کلومیٹر گہرائی سے نمونے حاصل کیے اور ڈیٹا مانیٹرنگ میں بیٹھے ماہرین کو بھیجا۔

    چانگ فائیو مشن کو چینی خلائی تاریخ کا سب سے پیچیدہ اور چیلنجنگ مشن سمجھا جاتا ہے، اور یہ گزشتہ چالیس برسوں میں چاند سے نمونے لانے والا دنیا کا پہلا مشن ہے۔

  • چین میں کرونا پھیلاؤ کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    چین میں کرونا پھیلاؤ کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    بیجنگ: چین میں کرونا پھیلاو کا اہم سبب سامنے آگیا ہے، جہاں بیرون ملک سے درآمد کئے گئے گوشت پر عالمی وبا کے شواہد ملے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ چینی شہر جینان میں رونما ہوا، جہاں حکام کو برازیل، نیوزی لینڈ اور بولیویا سے درآمد کئے گئے فروزن اشیا کے پیکٹوں پر نئے کرونا وائرس کے شواہد ملے۔

    جینان میونسپل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ برازیل، نیوزی لینڈ اور بولیویا سے جمے ہوئے گوشت کو درآمد کرنے والی کمپنیوں کا نام گوتائی انٹرنیشنل گروپ اور شنگھائی ژونگلی ڈیویلپمنٹ ٹریڈ ہے، جمے ہوئے گوشت کو شنگھائی کی ینگشان بندرگاہ سے درآمد کیا گیا تھا، تاہم بیان میں جمے ہوئے گوشت کو برآمد کرنے والی کمپنیوں کا نام نہیں بتایا گیا۔جینان میونسپل ہیلتھ کے مطابق سات ہزار پانچ سو سے زائد افراد جو ممکنہ طور پر جو ان وائرس زدہ مصنوعات کے قریب گئے ان کا ٹیسٹ کرایا گیا جن کے نتائج منفی آئے ہیں۔

    واضح رہے کہ چینی حکام کو گذشتہ ہفتے چین کے شہر لانزہو میں غیر ملکی جھینگوں کے پیکٹوں پر کورونا وائرس ملا تھا، اس کے علاوہ ووہان میں برازیل سے لائے گئے گوشت پر اور شینڈونگ اور جیانگسو صوبوں میں ارجنٹائن سے درآمد کیے گئے گوشت میں بھی وائرس پایا گیا تھا۔

    چین کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ گوشت درآمد کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے جبکہ برازیل اور ارجنٹائن سب سے زیادہ گوشت برآمد کرنے والے ممالک ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرونا نے وائرس سے محفوظ ممالک کو بھی نہ بخشا

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ جمے ہوئے گوشت سے کووڈ-19 پھیلنے کے امکانات کم ہیں، لیکن چین نے کئی بار درآمد شدہ گوشت پر وائرس پائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے جو کہ درآمدات پر پابندی کا سبب بنا ہے۔

  • چین کی 6 جی ٹیکنالوجی کی جانب اہم پیش قدمی

    چین کی 6 جی ٹیکنالوجی کی جانب اہم پیش قدمی

    بیجنگ: چین نے ٹیکنالوجی کے دوڑ میں سبقت حاصل کرتے ہوئے سکس جی ٹیکنالوجی کیلئے سیٹلائٹ روانہ کر دیا ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق سکس جی ٹیکنالوجی فائیو جی سے سوگنا تیز ہو سکتی ہے، دنیا کی پہلی سکس جی سیٹلائٹ کا شمار ان تیرہ دیگر سیٹلائٹس میں ہوتا ہے جنہیں مارچ میں سکس نامی گاڑی کے ذریعے خلائی مدار میں بھیجا گیا تھا۔باقی سیٹلائٹس کمرشل مقاصد کے لیے بھیجی گئی ہیں اس کے علاوہ سکس جی پر تجربے کے لیے بھی مخصوص سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجا گیا ہے۔China successfully sends world's first 6G satellite into orbit to test  technology — RT World Newsچینی میڈیا کے مطابق بھیجے گئے مصنوعی سیارے میں آپٹیکل ریموٹ سینسنگ سسٹم بھی موجود ہے جو فصلوں کی تباہ کاریوں کی نگرانی کرسکتا ہے ، سیلاب اور جنگل کی آگ کو روک سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  متحدہ عرب امارات کا خلائی مشن مریخ‌ پر کب پہنچے گا؟‌

    چینی میڈیا کے مطابق چین کے شمالی صوبے شانشی کے تائیوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے سکس جنریشن ٹیلی مواصلات کی ٹیکنالوجی کے حامل تجرباتی سیٹلائٹ کو زمین کے مدار میں بھیجا گیا، جدید ترین سیٹلائٹ کانام چین کی یونیورسٹی آف الیکٹرانک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ یہ خلا میں سکس جی فریکوئنسی بینڈ کی کارکردگی کی تصدیق کے لئے استعمال ہوگا۔