Tag: China

  • کروناوائرس: سرجیکل ماسک کی چین اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کروناوائرس: سرجیکل ماسک کی چین اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد: ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سرجیکل ماسک کی چین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے تلاشی کے دوران بیگ سے ماسک کے 12پیکٹ برآمد کیے، مذکورہ ماسک چین اسمگل کیے جارہے ہیں۔

    اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کو ذاتی استعمال کے لیے ایک پیکٹ کے ساتھ سفر کی اجازت دی گئی ہے۔ جبکہ کرونا وائرس کے باعث بڑی تعداد میں ماسک بیرون ملک لے جانے پر پابندی ہے۔

    خیال رہے ملک میں کروناوائرس کیس سامنے آنے پر سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور 50 سرجیکل ماسک کے ڈبوں کی قیمت میں1500روپے تک اضافہ ہوا اور 80 روپے والا ڈبہ 2500 روپے تک فروخت ہونے لگا تھا۔ اس دوران ماسک اسمگلنگ کی کوششیں بھی کی گئیں۔

    حکومت کو سرجیکل ماسک کی قیمت مقرر کرنے کا حکم

    بعد ازاں وزیراعظم نے کرونا وائرس کے پیش نظر ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف نوٹس لے کر انتظامیہ کو کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا۔

  • ایران کی مدد کے لیے ارب پتی شخص میدان میں آگیا

    ایران کی مدد کے لیے ارب پتی شخص میدان میں آگیا

    بیجنگ: دنیا کی مقبول ترین ای کامرس کمپنی ’’علی بابا‘‘ کے شریک بانی جیک ما بھی کروناوائرس کے خلاف جنگ کے لیے میدان میں اتر آئے۔

    چینی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کروناوائرس سے لڑنے کے لیے جیک ما نے جاپان کو دس لاکھ سرجیکل ماسک کی امداد کی اور اب انہوں نے ایران کی بھی مدد کا اعلان کیا ہے۔

    چین کے امیر ترین شہریوں میں شمار ہونے والے جیک ما نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ اور ان کی ٹیم مزید ایک ملین سرجیکل ماسک اکھٹا کررہی ہے جو ایران پہنچائے جائیں گے۔

    چین کے بعد سب سے زیادہ ایران میں کروناوائرس سے شہری متاثر ہورہے ہیں جس کے پیش نظر لاکھوں ماسک تہران حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ جیک ما نے کیا ہے۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس بے قابو، 90 ممالک تک پہنچ گیا، 3386 افراد ہلاک

    ان کا کہنا تھا کہ ماسک کے ذریعے مہلک وائرس سے شہری اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کریں گے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس بے قابو ہو گیا ہے، اب تک وائرس 90 ممالک تک پہنچ چکا ہے، جب کہ وائرس سے دنیا بھر میں ہلاک افراد کی تعداد بھی بڑھ کر 3386 ہو گئی ہے۔

  • کرونا وائرس سے متاثر 36 ہزار سے زائد افراد صحتیاب

    کرونا وائرس سے متاثر 36 ہزار سے زائد افراد صحتیاب

    بیجنگ: چین میں جان لیوا کرونا وائرس سے اب تک 36 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں، صرف گزشتہ روز ساڑھے 3 ہزار افراد کو اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین میں جان لیوا کرونا وائرس میں کچھ بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں، چین میں گزشتہ روز کرونا وائرس سے متاثر 3 ہزار 6 سو 22 افراد علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیے گئے۔

    چینی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کرونا وائرس سے متاثر 36 ہزار 1 سو 17 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

    چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں میں بھی کمی آنا شروع ہوگئی ہے، گزشتہ روز چین میں 44 مزید افراد وائرس سے ہلاک ہوئے اور یہ جنوری سے اب تک ہلاکتوں کی کم ترین شرح ہے۔

    علاوہ ازیں ایک روز میں مزید 327 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو اس سے گزشتہ روز 433 تھے، چین میں کرونا سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد 78 ہزار 824 ہوگئی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ یہ ڈرنے کا نہیں عالمی اقدامات کا وقت ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وبا بن سکتی ہے، ہم اس وقت نازک صورتحال سے دو چار ہیں، متاثرہ ممالک کی حکومتیں ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں۔

  • محکمہ ریلوے کی ترقی کیلئے چین کی پاکستان کو بڑی پیشکش

    محکمہ ریلوے کی ترقی کیلئے چین کی پاکستان کو بڑی پیشکش

    اسلام آباد : چینی سفیریاؤ جنگ نے کہا ہے کہ ریل انفرااسٹرکچر کی ترقی کیلئے پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کریں گے، تمام حالات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

    یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے ملاقات کے موقع پر کہی، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے چینی کے سفیر یاؤجنگ نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ ریل منصوبوں پر تبادلہ خیال اور کام کی رفتارمزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر ریلوے نے کورونا وائرس سے ہلاکتوں پر چینی سفیر سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی قوم اور حکومت چین کے ساتھ ہے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ رواں مالی سال میں ہی شروع ہوجائے گا، ایم ایل ون منصوبے میں گہری دلچسپی لینے پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں، امید ہے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے اقدامات کو مزید تیز کیا جائیگا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کی خواہش ہے کہ ایم ایل ون اور کے سی آر جلد مکمل ہو، منصوبوں کے لیے چین کےساتھ ضروری اقدامات کریں گے،5سال کے1800کلومیٹر ایم ایل ون منصوبے پر9ارب ڈالر لاگت آئے گی۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے اور ملکی معیشت کے لیے بہت اہم ہے، چینی شراکت داری سے پاکستان میں ریل کا نقشہ بدل جائیگا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر یاؤ جِنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے روڈ اور ریل انفرا سٹرکچر کو ترقی دینا نا گزیر ہے، پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کریں گے، پاکستان اور چین تمام حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاونین خصوصی زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور بتایا کہ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاونین خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں بریفنگ دی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورتحال بہت گھمبیر ہو چکی ہے، کرونا وائرس کی ساخت سے متعلق تاحال کچھ پتہ نہیں چل رہا۔ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وائرس کا کوئی حل نہیں ہے نہ ہی اس کا کوئی ماہر موجود ہے، بہت سے ممالک مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کسی کو اندازہ نہیں کہ جو وہ کر رہے ہیں وہ ٹھیک ہے یا نہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وہاں رہنے والے پاکستانی طلبا محفوظ ہاتھوں میں ہیں، سفارت خانے سے 2 افراد کو ووہان جانے کی اجازت ہے۔ کئی ممالک کو اس حوالے سے کیے گئے اقدامات پر یقین نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقدامات کے نتائج کے حوالے سے ابھی تک کسی کو نہیں پتہ، 2 افراد کو اس شرط پر جانے کی اجازت دی گئی کہ وہ بغیر چیک نہیں آسکیں گے۔ ہم نے اپنے لوگ اس لیے بھیجے تاکہ وہاں وہ بچوں کا درد دیکھ سکیں، وہ وہاں ہی رہیں گے۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت اور کابینہ کو احساس ہے کہ ہم کوئی حکمت عملی آپ سے شیئر کریں، معاملہ اپنی اولاد کا ہو تو خواہش ہوگی کل کے بجائے آج ہی بچے واپس آجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بھرپور اندازہ ہے کہ بچوں کے والدین بہت پریشان ہیں، والدین کے تحفظات اپنی جگہ لیکن حالات بھی دیکھیں۔

    اس سے قبل کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایمرجنسی کور گروپ کے اجلاس کے دوران ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ اب تک قومی ادارہ صحت کو کرونا وائرس کے مشتبہ 89 نمونے موصول ہوئے ہیں، موصول ہونے والے تمام نمونے منفی ہیں، پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کو مربوط بنایا گیا ہے اور 4 لاکھ سے زائد باہر سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوچکی ہے۔

  • چین میں کرونا وائرس، امریکی صدر موقع کا فائدہ اٹھانے لگے

    چین میں کرونا وائرس، امریکی صدر موقع کا فائدہ اٹھانے لگے

    واشنگٹن: چین میں کرونا وائرس کے سبب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ موقع کا فائدہ اٹھانے لگے، ٹرمپ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کاروبار کے لیے ماحول سازگار ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کاروبار کے لیے اب امریکا مشکل مقام نہیں ہے، ماضی میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے قومی سلامتی کا بہانہ استعمال ہوتا رہا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے لیے امریکا کے ساتھ کاروبار مشکل نہیں بنانا چاہتے، چاہتا ہوں امریکا کے ساتھ کاروبار سب کے لیے آسان ہو، کاروبار میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کی کاروباری مارکیٹ سب کے لیے کھلی ہے، ہم سے جیٹ انجن مثال کے طور پر خریدیں جو دنیا میں بہترین ہیں، انتظامیہ کو ہدایت کردی ہے کاروبار کے لیے ماحول سازگار ہے۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس سے امریکا کو فائدہ ، امریکی وزارت تجارت کی عجیب منطق

    یاد رہے کہ چند روز قبل امریکا کے سیکریٹری برائے تجارت ولبرروس کا کہنا تھا کہ چین میں پھیلنے والا کرونا وائرس امریکا کی معیشت کے لیے مثبت ثابت ہوسکتا ہے۔

    ولبرروس کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے ملازمتوں کی واپسی میں تیزی لانے میں مدد ملے گی جبکہ تاجروں کوچین سےچیزیں منگوانےپرنظرثانی بھی کرنا پڑےگی۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، چین کے صوبے ہوبے میں ایک دن میں سوسے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد پندرہ سو سے تجاوز کرگئی جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 71204 ہوگئی ہے۔

  • کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 143 افراد ہلاک

    کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 143 افراد ہلاک

    بیجنگ: چین میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 143 ہلاکتیں ہوگئیں، چین میں اب تک کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 16 سو 66 جبکہ وائرس سے متاثر افراد کی تعداد ساڑھے 68 ہزار ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 143 اموات سامنے آگئیں، مجموعی طور پر چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 16 سو 66 ہوگئی ہے۔

    چین میں کرونا سے متاثر افراد کی تعداد 68 ہزار 500 ہوگئی ہے جبکہ 2 لاکھ سے زیادہ افراد طبی نگرانی میں ہیں۔ چین کے علاوہ 29 ممالک میں بھی کرونا کے مریضوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    فرانس، جاپان اور ہانگ کانگ میں اب تک کرونا وائرس سے 1، 1 ہلاکت سامنے آچکی ہے۔

    چینی شہر چونگ چنگ میں ڈس انفیکشن ٹنل بنادی گئی ہے، 20 سیکنڈ میں لوگ اس کے ذریعے انفیکشن پیدا کرنے والے جراثیم سے چھٹکارا پاسکتے ہیں۔

    دوسری جانب برطانیہ میں کرونا وائرس سے متاثر 9 میں سے 8 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں ڈسچارج کردیا گیا۔

    برطانوی نیشنل ہیلتھ سروس کا کہنا ہے کہ برطانیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں، برطانیہ میں کرونا وائرس 4 لاکھ افراد کی جان لے سکتا ہے۔

    حکام کے مطابق برطانیہ کرونا وائرس ویکسین کے لیے 40 ملین پاؤنڈز خرچ کر رہا ہے۔

  • چین میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے مناسب اقدامات کیے جائیں، عدالت

    چین میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے مناسب اقدامات کیے جائیں، عدالت

    اسلام آباد : عدالت نے حکم جاری کیا ہے کہ وفاقی حکومت چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے میں مناسب اقدامات کرے، دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے جاری کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں کورونا وائرس سے متعلق 2درخواستوں کی سماعت ہوئی، اس موقع پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے تفصیلی حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

    دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سماعت پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد شفیع اور ڈی جی فارن افیئرز پیش ہوئے تھے، دونوں افسران نے عدالت کو تفصیل سے کورونا وائرس سے پٌیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بھی عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ چین میں موجود پاکستانی طلبا کی صحت اور ان کی سیکیورٹی سے متعلق  بھی عدالت کو آگاہ کیا۔

     حکم نامے میں کہا گیاہے کہ وفاقی حکومت کراونا وائرس کی وجہ سے  پاکستانیوں کو چین سے واپس لانے میں مناسب اقدامات کرے۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ کیس کی سماعت 18فروری تک ملتوی کردی۔

     مزید پڑھیں: کرونا وائرس بے قابو ، 1100 سے زائد زندگیاں نگل گیا

    واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس بے قابو ہوگیا ہے، روزانہ سو کے لگ بھگ افراد اس موزذی مرض کی وجہی سے موت کے منہ میں جارہے ہیں، آج مزید ستانوے مریض دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1113 ہوگئی ہے جبکہ 45 ہزار افراد اب بھی جان لیوا وائرس کا شکار ہوکر اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

     

  • ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے زلفی بخاری کی چینی سفیر سے اہم ملاقات

    ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے زلفی بخاری کی چینی سفیر سے اہم ملاقات

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور پاکستان میں چین کے سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی چین کے سفیر یاؤ ژنگ سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں کرونا وائرس سے متاثرہ چینی شہر ووہان میں پاکستانی طلبا کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور ہوا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، موجود صورتحال پر گہری نظر ہے۔ وہ ہمارے بچے ہیں ہم ہر طرح سے ان کا خیال رکھیں گے۔

    انہوں نے پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت تک کرونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    زلفی بخاری نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی واپسی تک تمام ہم وطنوں کا خصوصی خیال رکھا جائے، اسپیشل کیسز کی صورت میں چینی حکومت خصوصی تعاون کرے، سفارتخانے کے اہلکاروں اور پاکستانی شہریوں میں رابطے آسان بنائے جائیں۔

    ملاقات میں صورتحال میں بہتری پر پاکستانیوں کے انخلا کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔ زلفی بخاری نے صورتحال کی خود نگرانی کے لیے چین جانے کی پیشکش کی، انہوں نے کہا کہ خواہش ہے مشکل وقت میں ہم وطنوں کے پاس جاؤں۔

    چینی سفیر یاؤ ژنگ نے کہا کہ آپ کی سوچ قابل تعریف ہے مگر ابھی وہاں جانا مناسب نہیں، ہم وطنوں کے لیے آپ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

    زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستانیوں کو بہتر رہائش اور خوراک کا انتظام یقینی بنایا جائے، چین میں موجود طالب علموں سے رابطے میں ہوں۔ کوشش جاری ہیں حالات کی جلد بہتری کے لیے پر امید ہیں۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی دیکھ بھال مزید بہتر کر رہے ہیں، ہر قسم کی پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں گے۔

  • کرونا وائرس: چین میں مہنگائی کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر

    کرونا وائرس: چین میں مہنگائی کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر

    بیجنگ: چین میں کرونا وائرس نے معیشت پر بھی کاری وار کردیا، ملک میں مہنگائی کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے چین میں مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور چین میں افراط زر کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی۔

    رپورٹ کے مطابق چین میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 5.4 فیصد ہوگئی۔

    چین میں شرح نمو میں کمی کا سلسلہ گزشتہ سال بھی جاری رہا تھا، ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق سنہ 2019 میں مجموعی طور پر چینی معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد رہی، جو گزشتہ 29 برسوں میں سب سے کم شرح نمو ہے۔

    اس سلسلے میں حکومت کا کہنا تھا کہ معیشت کو دباؤ اور عدم استحکام جیسے خطرات کا سامنا ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق امریکا کے ساتھ تجارتی کشیدگی نے چین کی معاشی ترقی کی رفتار کو اس سطح تک پہنچایا ہے۔ گزشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی اشیا پر اضافی ٹیکس عائد کیا تھا جس سے چینی برآمدات پر برا اثر پڑا۔

    تب بھی معاشی ماہرین نے جن بدترین اثرات کا خدشہ ظاہر کیا تھا وہ سامنے نہیں آئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صدی کے پہلے عشرے میں چینی معیشت کی شرح نمو 10 فیصد سے کم نہیں ہوئی، اگرچہ گزشتہ برس چینی معیشت کی ترقی کی شرح کم ہوئی ہے لیکن دنیا کی دوسری بڑی معیشتوں کی نسبت، چینی معیشت اب بھی بہت آگے ہے۔