Tag: China

  • چین کی موبائل کمپنیاں گوگل پلے اسٹور کو بڑا جھٹکا دینے کو تیار

    چین کی موبائل کمپنیاں گوگل پلے اسٹور کو بڑا جھٹکا دینے کو تیار

    بیجنگ: چینی موبائل کمپنیاں گوگل کی سروس پلے اسٹور کو بڑا جھٹکا دینے کے لیے اکٹھی ہوگئیں، چینی موبائل کمپنیاں صارفین کی سہولت کے لیے اپنے پلے اسٹور پر کام کر رہی ہیں۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چینی کمپنیوں نے پلے اسٹور کی اجارہ داری ختم کرنے، اور سافٹ ویئر اور سروسز میں اپنی خدمات میں اضافہ کرنے کے لیے کام شروع کردیا ہے۔

    چینی کمپنیاں ہواوے، شیاؤمی، اوپو اور ویوو ایک ساتھ ایک پلیٹ فارم پر کام کر رہی ہیں جو چین سے باہر موجود ڈویلپرز کو اپنی ایپس بیک وقت ان کمپنیوں کے ایپ اسٹورز میں اپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

    یہ کمپنیاں گلوبل ڈویلپر سروس الائنس (جی ڈی ایس اے) کے تحت اکٹھی ہوئی ہیں۔

    چین میں گوگل پلے اسٹور پر پابندی عائد ہے اور وہاں کے اینڈرائیڈ صارفین مختلف ایپ اسٹورز سے ایپس ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں جن میں سے بیشتر ہواوے یا اوپو کی ہیں۔

    گوگل پلے اسٹور کی عالمی سطح پر بالا دستی ہواوے کے لیے زیادہ بڑا مسئلہ ہے جو گزشتہ سال امریکی پابندیوں کے نتیجے میں گوگل ایپس اور سروسز بشمول پلے اسٹور کے لائسنس سے محروم ہوگئی تھی۔

    دوسری جانب پلے اسٹور گوگل کی آمدنی کا اہم ذریعہ ہے جس نے گزشتہ سال دنیا بھر میں 8.8 ارب ڈالرز کمائے تاہم اب چینی کمپنیاں پلے اسٹور کی بدولت گوگل کو بڑا جھٹکا دے سکتی ہیں۔

    چین کی یہ سروسز 9 خطوں بشمول بھارت، انڈونیشیا، روس اور ملائیشیا میں متعارف کروائے جانے کا منصوبہ ہے۔

    ابھی تک اسے مارچ میں متعارف کروایا جانا طے ہے تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اس میں تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔

  • کرونا وائرس: سعودی شہریوں کے چین جانے پر پابندی عائد

    کرونا وائرس: سعودی شہریوں کے چین جانے پر پابندی عائد

    ریاض: سعودی عرب نے اپنے تمام مقامی اور مملکت میں مقیم غیر ملکی شہریوں کے چین جانے پر پابندی عائد کردی، خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکی شہریوں کو چین سے واپس سعودی عرب نہیں آنے دیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے چین جانے پر پابندی لگا دی ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کرونا وائرس سے بچنے کی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے چین جانے پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے سفری دستاویزات ضبط کرلیے جائیں گے اور قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں سے کسی پر بھی خلاف ورزی ثابت ہوئی اور اس نے پابندی کے دوران چین کا سفر کیا تو اسے سعودی عرب واپس آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اب تک جان لیوا وائرس سے 563 افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں، پورے چین میں 28 ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

    چین سے باہر کرونا سے متاثرہ 191 کیس سامنے آئے ہیں تاہم ان میں ہلاکتوں کی تعداد صرف 2 ہے۔

  • کروناوائرس تیزی سےانسانی زندگیاں نگلنے لگا، ہلاکتوں کی تعداد 563 تک جا پہنچی

    کروناوائرس تیزی سےانسانی زندگیاں نگلنے لگا، ہلاکتوں کی تعداد 563 تک جا پہنچی

    بیجنگ : چین میں کروناوائرس تیزی سےانسانی زندگیاں نگلنےلگا، چوبیس گھنٹے میں 73 افراد جان سے گئے،جس کے بعد وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 563 ہوگئی جبکہ اٹھائس ہزارافرادزندگی و موت کی کشکمش میں ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس نے چین میں نظام زندگی مفلوج کردیاہے، جان لیواوائرس اب تک563 سے زائدافراد کی جان لے چکا ہے، مہلک وائرس سےصرف چین میں 28 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

    اسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں اور متاثرین کی تعداد بڑھنے کے باعث اسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی، ووہان میں اسٹیڈیم اور کنونشن سینٹرز میں بیڈز لگادئیے گئےجبکہ ووہان میں مسلسل دس روز سے اسپتال میں کام کرنے والا ساتئیس سالہ ڈاکٹر دل کا دوہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔

    چین میں نومولود بچےمیں پیدائش کےصرف تیس گھنٹےبعدکورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، بچی کی والدہ بھی وائرس سے متاثر ہیں۔

    مزید پڑھیں : چین نے کرونا وائرس سے نمٹنے میں کوتاہیوں کا اعتراف کرلیا

    اب تک پچس ممالک میں کرونا وائرس کے 190 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ جاپان کی بندرگاہ پر روکےگئے کروزشپ میں مزید دس کیسز رپورٹ ہوئے،مریضوں کی تعداد20 ہوچکی ہے ، وائرس کےخوف کے باعث تائیوان نے بندرگاہ پر کروز شپ کا داخلہ روک دیا ہے۔

    خیال رہے چین کی اعلیٰ قیادت نے کرونا وائرس سے نمٹنے میں کوتاہیوں کا اعتراف کیا تھا، چینی صدر شی جن پنگ کی سربراہی میں پولیٹبر و اسٹینڈنگ کمیٹی کا کہنا ہے حکومت کو اس بڑے امتحان سے سبق سیکھنا ہوگا، ایمرجنسی مینیجمینٹ کے قومی نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے اور جنگلی حیات کی غیرقانونی تجارت پرمستقل طور پر پابندی عائد کرنا ہوگی۔

    کرونا چین کی معیشت کو بھی متاثر کر رہا ہے اور چین میں معیشت مندی کا شکارہیں۔

    واضح رہے کرونا وائرس سانس کےنظام میں شدید انفیکشن کا باعث بنتا ہے، اس کی علامات میں بخار اور خشک کھانسی شامل ہے۔

  • چین سے فضائی آپریشن معطل کیے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں: ترجمان وزارت صحت

    چین سے فضائی آپریشن معطل کیے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں: ترجمان وزارت صحت

    اسلام آباد: وزارت قومی صحت نے چین سے فضائی آپریشن معطل کیے جانے کی خبروں کی تردید کردی، ترجمان کے مطابق چین سے پروازیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت قومی صحت نے چین سے فضائی آپریشن بند کیے جانے کی خبروں کی تردید کردی۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق چین سے پروازوں کی پابندی کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ چین سے پروازیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل چین سے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا جو 3 فروری کو بحال کردیا گیا، جس کے بعد ارومچی سے سدرن چائنا ایئر کی پرواز سی زیڈ 6007 اسلام آباد پہنچی۔

    مذکورہ پرواز کے ذریعے 61 پاکستانی وطن واپس پہنچے، ایئرپورٹ پر معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا بھی موجود تھے جنہوں نے اسکریننگ کی نگرانی کی۔

    دوپہر 12 بجے چین سے ایک اور پرواز سی زیڈ 5241 اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچی جس میں 82 مسافر سوار تھے، چین سے پہنچنے والے تمام مسافروں کی سخت اسکریننگ کی گئی۔

  • چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 361 ہو گئی

    چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 361 ہو گئی

    بیجنگ: چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 361 ہو گئی ہے، چین کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے، متعدد ممالک نے چین کے ساتھ اپنی سرحد بند کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں فلو جیسا ہلاکت خیز وائرس تباہ کن ثابت ہو گیا ہے، چین میں اس سے ہونے والی اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، چینی حکومت کی جانب سے اس کی روک تھام کے لیے ہنگامی اور بھرپور اقدامات کے باوجود وائرس سے اموات کے سلسلے کو روکا نہیں جا سکا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے 17 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ روک تھام کے لیے فوجی میڈیکل ٹیمیں انتظامیہ سے مل کر کام کر رہی ہیں، چین میں کئی اسپتال بھی محض چند دنوں میں قائم کیے جا چکے ہیں، جس سے چینی ہنر مندوں کی مشاقی کا ایک اور ثبوت فراہم ہوتا ہے۔

    بد قسمت چین ابھی کرونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں سے چھٹکارا نہیں پا سکا ہے کہ اچانک صوبے ہنان میں برڈ فلو نے اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں، ایچ 5 این 1 انفلوئنزا چینی صوبے میں ساڑے 4 ہزار مرغیاں ہلاک ہو چکی ہیں جب کہ پولٹری فارم میں بچ جانے والی 17 ہزار سے زائد مرغیوں کو احتیاطاً تلف کرنا پڑا۔ ماہرین کا کہنا ہے برڈ فلو جانوروں سے انسانوں کو بھی لگ سکتا ہے تاہم ایک انسان سے دوسرے کو منتقل نہیں ہوتا۔

    کرونا کے بعد چین میں ایک اور وبا پھوٹ پڑی

    ادھر فلپائن میں کرونا وائرس سے پہلے مریض کی موت کی تصدیق کی گئی ہے، یہ اس وائرس سے چین سے باہر پہلی ہلاکت ہے۔ دوسری طرف ہانک کانگ نے اگرچہ چین کے ساتھ اپنی سرحد بند کر کے فیری اور ریل سروس روک دی ہے تاہم ہیلتھ ورکرز نے مطالبہ کیا ہے کہ سرحد کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے تاکہ کوئی آمد و رفت نہ ہو سکے۔

    چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا تھا کہ نئی 57 ہلاکتیں اتوار کو صوبے ہوبائی میں ہوئی ہیں جسے گزشتہ ایک ہفتے سے باقی ملک سے کاٹ کر مکمل طور پر سیل کیا جا چکا ہے۔

  • چین سے 2 پاکستانی شہری پشاور پہنچ گئے

    چین سے 2 پاکستانی شہری پشاور پہنچ گئے

    پشاور: چین سے 2 پاکستانی شہری پشاور پہنچ گئے، دونوں شہریوں کو چین سے کلیئرنس کے بعد بھیجا گیا ہے جبکہ پشاور ایئرپورٹ پر بھی دونوں کی اسکریننگ کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے 2 پاکستانی کلیئرنس کے بعد پشاور پہنچ گئے، دونوں پاکستانی چین سے دوحہ اور پھر پشاور پہنچے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پاکستانی مسافروں کو اسکر یننگ کے عمل سے بھی گزارا گیا، بعد ازاں دونوں مسافروں کو آئسولیشن روم منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں 14 دن تک رکھا جائے گا۔

    خیال رہے کہ چین کے کرونا وائرس سے متاثرہ شہر ووہان میں اس وقت 1 ہزار پاکستانی شہری اور طالبعلم موجود ہیں، 4 طلبہ میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    اس سے قبل ایک اور پاکستانی طالبعلم ارسلان ووہان سے کراچی پہنچا تھا جس کے بعد اسے آغا خان اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ارسلان 14 دن تک آغا خان اسپتال میں آئسولیشن وارڈ میں رہے گا، ارسلان کے سیمپل قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد پہنچا دیے گئے ہیں، ٹیسٹ نیگیٹو آنے کی صورت میں اسے ریلیز کر دیا جائے گا۔

    دوسری جانب چین میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 304 ہوگئی ہے، کروناسے ایک ہلاکت فلپائن میں بھی سامنے آئی ہے۔ چین میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • پاکستان کا ووہان سے اپنے شہری نہ نکالنا اعتماد کا اظہار ہے: چین

    پاکستان کا ووہان سے اپنے شہری نہ نکالنا اعتماد کا اظہار ہے: چین

    بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا کرونا سے شدید متاثر شہر ووہان سے اپنے شہری نہ نکالنے کا فیصلہ چین پر اعتماد کا اظہار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزیر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا گیا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے فون پر بات کی۔

    چینی دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے چینی وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات پہنچائیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کرونا وائرس کا پھہلاؤ روکنے کے لیے چینی اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

    چینی دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے چین کو وائرس کی روک تھام پر ہر ممکن مدد کی پیشکش کی، پاکستان جلد چین کے لیے طیارے کے ذریعے طبی سامان روانہ کرے گا۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام چین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستانی حکومت کو بھروسہ ہے کہ چین پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

    چینی دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا ووہان سے اپنے شہری نہ نکالنے کا فیصلہ چین پر اعتماد کا اظہار ہے، مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام چین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان کے اقدامات گہری دوستی کی عکاسی کرتے ہیں۔

    چینی دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے چین میں اپنے شہریوں کے لیے کیے گئے چینی اقدامات کو سراہا۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی شہر ووہان میں اب تک 304 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 15 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

    کرونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں 4 پاکستانی طلبہ بھی شامل ہیں جو ووہان میں موجود ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کمزور نظام صحت والے ممالک میں اس وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کا خدشہ ہے، وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

  • چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرگئی

    چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرگئی

    بیجنگ:  چین میں کروناوائرس سےہلاکتوں کی تعداد 250 سےتجاوزکرگئی جبکہ12 ہزار افراد متاثر ہیں، امریکا اور اٹلی نے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ سوئیڈن میں بھی کرونا وائرس کاکیس سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں کروناوائرس سے 259 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 12 ہزار افراد متاثر ہوئے، چین کے مختلف شہروں میں نظام زندگی مفلوج ہے ، چودہ صوبوں میں چھٹیاں اور لوگ گھروں میں محدود ہیں جبکہ چین کی معشیت کو اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔

    کروناوائرس سے دنیا بھر میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے، اب تک 23 ممالک میں کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ، امریکا اور اٹلی نے کرونا وائرس کے بعد ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی اور ساتھ ہی چین کیساتھ فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیا ہے جبکہ سوئیڈن میں کرونا وائرس کاکیس سامنےآگیا ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ کاکہناہے ان تمام غیر ملکیوں کو بھی امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائےگی ، جوگزشتہ دو ہفتے کے دوران چین گئےتھے جبکہ سنگاپور اور منگولیا نے چینی باشندوں کی آمد پر پابندی لگادی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت نےبین الاقوامی ہیلتھ ایمرجنسی کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا وائرس کومزیدپھیلنےسےروکنے کیلئےمل کر کام کرناہوگا، چین پرتجارتی یاسفری پابندیوں کی سفارش نہیں کر رہے۔

    چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے وائرس نے مختلف صوبوں کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، ماہرین کو خدشہ ہے کرونا وائرس چمگادڑ کھانے سے پھیلا ، اس وائرس کا علاج تاحال دریافت نہیں ہوا جبکہ متعدد مُلک جان لیوا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں۔

  • چین میں کرونا وائرس سے مزید ہلاکتیں، تعداد 170 ہو گئی

    چین میں کرونا وائرس سے مزید ہلاکتیں، تعداد 170 ہو گئی

    بیجنگ: کرونا وائرس وبا کی طرح پھیلنے لگا ہے، چین کے صوبے ہوبائے میں وائرس سے مزید 38 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 170 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، سب سے زیادہ ہلاکتیں ووہان شہر میں ہوئیں، 7700 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    چین کے علاوہ دیگر 15 ملکوں میں بھی کرونا وائرس کے 68 مریضوں کا انکشاف ہوا ہے، جاپان، فرانس، اردن اور بھارت کے شہریوں نے چین سے واپسی شروع کر دی ہے، دوسری طرف چینی حکام نے سفر پر پابندیاں مزید سخت کر دیں۔

    چین میں زیر تعلیم 4 پاکستانی طلبہ میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد چین میں مقیم طلبہ کے والدین پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں، والدین نے حکومت سے بچوں کو فوری طور پر وطن واپس لانے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

    کروناوائرس کے علاج کیلئے دو دن کے اندر پہلا اسپتال قائم

    ادھر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی صحت بہتر ہے، وطن واپسی کے لیے کسی بھی پاکستانی کی چین کی ٹیم 14 دن تک نگرانی کرے گی۔

    چین میں کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے بھی اقدامات بڑے پیمانے پر شروع کر دیے گئے ہیں، غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 500 مزدوروں نے مل کر دو دن کے اندر اندر چین میں پہلا کرونا وائرس کے علاج کے لیے اسپتال قائم کر دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مزید دو اسپتال جلد ہی قیام کے بعد متاثرین کے لیے کھول دیے جائیں گے۔

  • کرونا وائرس کے لیے تعمیر کیا جانے والا اسپتال صرف 4 دن میں تکمیل کے قریب

    کرونا وائرس کے لیے تعمیر کیا جانے والا اسپتال صرف 4 دن میں تکمیل کے قریب

    چین نے تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس کے علاج کے لیے صرف 4 دن قبل ووہان شہرمیں 1 ہزار بستروں کا اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا اور 4 دن بعد یہ اسپتال اپنی تعمیر کے نصف مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔

    چین میں اس وقت کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ووہان شہر ہے جہاں اب تک ساڑھے 4 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہو کر اسپتالوں میں داخل ہوچکے ہیں۔

    اس وائرس سے اب تک 106 افراد موت کے منہ میں بھی جا چکے ہیں۔

    چینی حکومت نے چند روز قبل کرونا کے علاج کے لیے مخصوص اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا جو 1 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا اور یہ اسپتال صرف 4 دن میں نصف تعمیر ہوچکا ہے۔

    اسپتال کا نام فائر گاڈ ماؤنٹین ہاسپٹل رکھا جائے گا۔ اسپتال کے لیے 25 ہزار مربع میٹر علاقے میں کھدائی کا کام شروع کیا گیا تھا، اسپتال کو پری فیبری کیٹیڈ مٹیریئل یعنی پہلے سے تیار شدہ اشیا سے بنایا جارہا ہے۔

    اسپتال کی تعمیر مزید 3 سے 4 روز میں مکمل ہوجائے گی اور 3 فروری بروز پیر یہاں پہلا مریض داخل کردیا جائے گا۔

    چین اس سے قبل بھی اسی طرح کی ریکارڈ مدت میں کی جانے والی تعمیرات کا ریکارڈ رکھتا ہے۔

    سنہ 2003 میں بھی سارس وائرس سے نمٹنے کے لیے ایک اسپتال بنایا گیا تھا جسے 4 ہزار افراد نے دن رات کام کر کے صرف 7 روز میں تیار کرلیا تھا۔

    اب مذکورہ اسپتال کی تعمیر کے بعد امکان ہے کہ ملک بھر سے کرونا وائرس کے مریضوں کو یہیں لا کر علاج کیا جائے گا۔

    چین نے فلو کی طرح کے اس وائرس سے نمٹنے کے لیے سفری پابندیاں سخت کر رکھی ہیں اور ووہان سے باہر نکلنے یا شہر میں جانے پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    اب تک امریکا، جرمنی، جاپان، فرانس اور سنگاپور سمیت 16 ممالک میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔