Tag: China

  • چین کی کالعدم بی ایل اے کی جانب سے جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کی مذمت

    چین کی کالعدم بی ایل اے کی جانب سے جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کی مذمت

    اسلام آباد: چین نے کالعدم بی ایل اے کی جانب سے جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کی مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے پاکستان میں کالعدم بی ایل اے کی جانب سے ٹرین ہائی جیکنگ کی مذمت کی ہے، وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ کا کہنا ہے چین دہشت گردی کی ہر قسم کا مخالف ہے۔

    انھوں نے کہا چین دہشت گردی کے مقابلے، اتحاد و استحکام، علاقائی امن اور عوام کی حفاظت کے لیے پاکستان کی کوششں میں اس کی معاونت جاری رکھے گا۔

    ترجمان ماؤننگ نے کہا چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، اور انسداد دہشت گردی سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر کالعدم بی ایل اے نے حملہ کر کے ٹرین ہائی جیک کر لی ہے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 30 دہشت گردوں کو مارا گیا ہے، جب کہ یرغمال 190 مسافر بازیاب کیے گئے ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، خواتین اور بچوں کی خودکش بمباروں کے ساتھ موجودگی پر انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا۔

    جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

  • ٹرمپ کا روس، چین اور ایران کی مشترکہ فوجی مشقوں رد عمل

    ٹرمپ کا روس، چین اور ایران کی مشترکہ فوجی مشقوں رد عمل

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یوکرینی حکام کے ساتھ مذاکرات کے اچھے نتائج کی توقع ہے، امید ہے یوکرین کیساتھ معدنیات کا معاہدہ بھی طے پا جائے گا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس پر محصولات عائد کرنے کے حوالے سے کافی چیزیں زیرغورہیں۔

    روس، چین اور ایران کی مشترکہ فوجی مشقوں کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر انہیں کوئی پریشانی نہیں ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق کل یوکرین کا وفد سعودی عرب میں جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی حکام سے مذاکرات کرے گا۔

    واضح رہے کہ ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں ایرانی ساحلی علاقے چابہار میں کل سے شروع ہوں گی۔

    چین ، روس اور ایران کی مشترکہ فوجی مشقیں

    رپورٹ کے مطابق ایرانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں منگل سے چابہار بندرگاہ کے علاقے میں ہوں گی۔مشقوں میں روسی، چینی اور ایرانی بحریہ کے جنگی جہاز اور معاون بحری جہاز حصہ لیں گے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق فوجی مشقوں کا مقصد ایران، روس اور چین کے درمیان کثیر الجہتی تعاون وسیع کرنا ہے۔

  • چین ، روس اور ایران کی مشترکہ فوجی مشقیں

    چین ، روس اور ایران کی مشترکہ فوجی مشقیں

    ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں ایرانی ساحلی علاقے چابہار میں کل سے شروع ہوں گی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں منگل سے چابہار بندرگاہ کے علاقے میں ہوں گی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق مشقوں میں روسی، چینی اور ایرانی بحریہ کے جنگی جہاز اور معاون بحری جہاز حصہ لیں گے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق فوجی مشقوں کا مقصد ایران، روس اور چین کے درمیان کثیر الجہتی تعاون وسیع کرنا ہے۔

    دوسری جانب ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ جنگ بندی اور امن معاہدہ ہونے تک روس پر پابندیاں عائد کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

    روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر زیلنسکی کے ساتھ ناخوشگوار ملاقات کے بعد اس پر جنگ بندی معاہہ قبول کرنے کیلیے دباؤ ڈالا اور انٹیلیجنس شیئرنگ بھی روک دی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ روس اس وقت یوکرین پر طاقتور حملے کر رہا ہے، اس کو مد نظر رکھتے ہوئے میں جنگ بندی اور امن معاہدہ ہونے تک ماسکو پر بڑے پیمانے پر بینکنگ پابندیاں اور ٹیرف لگانے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہوں۔

    ٹرمپ نے کہا کہ روس اور یوکرین کیلیے بہتر ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئیں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

    امریکا کا حماس سے ملاقات کے بعد اہم بیان

    ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے اس بیان پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ جنگ شروع کرنے کا ذمہ دار روس نہیں بلکہ کیف ہے۔

  • اے آئی روبوٹ نے اچانک تماشائیوں پر حملہ کر دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    اے آئی روبوٹ نے اچانک تماشائیوں پر حملہ کر دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    اے آئی روبوٹ نے ایک نماش کے دوران اچانک تماشائیوں پر حملہ کر دیا، جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے، جس میں چین میں ایک فیسٹیول میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ایک انسان نما روبوٹ دکھایا گیا ہے، جو اچانک شائقین کے قریب آتا ہے اور انھیں مارنے کی کوشش کرتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی نے فوراً حرکت میں آ کر روبوٹ کو قابو کیا اور اسے پیچھے ہٹا دیا۔

    ایلون مسک کا جدید ترین اے آئی ماڈل ” گروک تھری ” لانچ ، کون سے فیچرز شامل ؟

    ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ سافٹ ویئر کی ممکنہ خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے، کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ روبوٹ کی یہ بے قابو حرکت جان بوجھ کر حملہ کرنے کی بجائے، محض سسٹم کی خرابی ہو سکتی ہے۔

  • آبنائے تائیوان سے کینیڈین بحری جہاز گزرنے پر چین کو غصہ آ گیا

    آبنائے تائیوان سے کینیڈین بحری جہاز گزرنے پر چین کو غصہ آ گیا

    تائپے: کینیڈا کے جنگی بحری جہاز کی آبنائے تائیوان آمد پر چین نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے کینیڈین جنگی جہاز کی آبنائے تائیوان میں آمد پر غصے کا اظہار کیا ہے، چین کی فوج نے پیر کو کہا کہ آبنائے سے گزرنے والا کینیڈا کا جنگی جہاز حساس آبی گزرگاہ میں ’’امن کو نقصان پہنچا رہا ہے۔‘‘

    چینی فوج کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ کینیڈا کے اقدامات جان بوجھ کر مشکلات میں اضافہ کرنے اور آبنائے تائیوان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔

    ترجمان نے کہا چین نے مانیٹرنگ کے لیے اپنی فضائی اور بحری افواج کو علاقے کی طرف روانہ کر دیا ہے اور وہ تمام خطرات اور اشتعال انگیزیوں کا سختی سے مقابلہ کرے گا۔

    دنیا کا اسٹیج چین کے حوالے کرنے پر امریکا زندگی بھر افسوس کرتا رہے گا، سابق برطانوی وزیر اعظم کا انٹرویو

    کینیڈا نے چین کے رد عمل پر فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے پیر کی صبح 6 بجے سے 24 گھنٹوں کے دوران جزیرے کے قریب 41 چینی طیارے اور 9 جنگی جہاز ریکارڈ کیے ہیں۔

    تائیوان کی وزارت دفاع نے پیر کو کہا کہ آبنائے کا تعلق چین سے نہیں ہے، یہ تائیوان کا ہے، اور تناؤ پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے عالمی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔

    واضح رہے کہ اتوار کو کینیڈا کا بحری جنگی جہاز آبنائے تائیوان سے گزرا تھا۔ بیجنگ تائیوان کو ایک باغی صوبے کے طور پر دیکھتا ہے اور اس جزیرے کو چینی سرزمین سے الگ کرنے والے پانیوں پر دائرہ اختیار کا دعویٰ کرتا ہے۔

    دوسری طرف امریکا اور اس کے اتحادی باقاعدگی سے اس 180 کلومیٹر (112 میل) آبنائے سے گزرتے ہیں، تاکہ اس کی حیثیت ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ کے طور پر مستحکم کی جا سکے، تاہم اس پر چین شدید ناراض ہوتا ہے۔

  • 100 دفعہ دنیا تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    100 دفعہ دنیا تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا کے پاس ایٹمی ہتھیاروں کا اتنا بڑا ذخیرہ موجود ہے کہ ہم 100 دفعہ دنیا کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو نئے ایٹمی ہتھیاروں بنانے کی ضرورت نہیں ہے، اس سے بچنے والی رقم کو دوسرے معاملات پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ امریکا، روس اور چین اپنے دفاعی بجٹ کو آدھا کر دیں۔

    ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملا قات میں یہ پیشکش رکھنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

    اس سے قبل واشنگٹن ڈی سی میں بھارتی وزیر اعظم کی آمد اور مودی ٹرمپ ملاقات کے موقع پر کشمیری اور سکھ برادری نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر کشمیری، سکھ برادری کی بڑی تعداد اور بھارت کی دیگر اقلیتیں وائٹ ہاؤس کے باہرمودی کیخلاف سراپا احتجاج رہیں۔

    مظاہرین نے کشمیر اور خالصتان کے جھنڈے اور احتجاجی بینرز اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اتحادی ممالک کو دشمنوں سے زیادہ بدتر قرار دے دیا

    اس موقع پر مظاہرین نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ نریندر مودی اور اس کی کابینہ کو سکھوں پر مظالم کا ذمہ دار قرار دیا جائے۔

  • اینٹ کا جواب پتھر سے، امریکا پر چین کا جوابی ٹیرف لاگو ہو گیا

    اینٹ کا جواب پتھر سے، امریکا پر چین کا جوابی ٹیرف لاگو ہو گیا

    بیجنگ: اینٹ کا جواب پتھر سے، یا ’جیسے کو تیسا‘ کے مصداق چین کا جوابی ٹیرف آج سے امریکا پر لاگو ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی مصنوعات پر چین کے درآمدی ٹیکس کا اطلاق آج پیر سے ہو گیا ہے، چینی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی کوئلے اور مائع قدرتی گیس پر 15 فی صد سرحدی ٹیکس لگایا گیا ہے۔

    امریکی خام تیل، زرعی مشینری اور بڑے انجن والی کاروں پر 10 فی صد ٹیرف عائد ہوگا، گزشتہ ہفتے امریکا نے چین کی تمام درآمدی مصنوعات پر 10 فی صد ٹیرف عائد کیا تھا۔

    ایک دوسرے پر اضافی ٹیرف لاگو کرنے کے اقدامات سے دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ بڑھ گئی ہے، لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس کی پرواہ نہیں ہے، اس لیے انھوں نے مزید ممالک پر محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی فوٹیج دیکھ کر ٹرمپ کو کیا ہوا؟

    واضح رہے کہ اتوار کو ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکا میں تمام اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر 25 فی صد ٹیرف عائد کریں گے، جس کا مکمل اعلان آج پیر کو کیا جائے گا۔ سپر باؤل کے لیے جاتے ہوئے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ دوسری اقوام پر باہمی محصولات کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں، تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ کس کو نشانہ بنایا جائے گا۔

    گزشتہ ہفتے چینی حکام نے ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی گوگل کی اجارہ داری کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کیا تھا، اور ڈیزائنر برانڈز کیلون کلین اور ٹومی ہلفیگر کے امریکی مالک PVH کو بیجنگ کی ’ناقابل اعتماد ادارے‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ چین نے 25 نایاب دھاتوں پر برآمدی کنٹرول بھی نافذ کر دیا ہے، جن میں سے کچھ بہت سی برقی مصنوعات اور فوجی ساز و سامان کے اہم اجزا ہیں۔

  • پاناما ’بی آر آئی‘ سے دست بردار، چین کا امریکی مداخلت کے خلاف سخت رد عمل

    پاناما ’بی آر آئی‘ سے دست بردار، چین کا امریکی مداخلت کے خلاف سخت رد عمل

    بیجنگ: پاناما نے ’بی آر آئی‘ سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا ہے، جس پر چین نے امریکی مداخلت کے خلاف سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاناما کی ’بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو‘ سے دست برادری پر امریکا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن کی سرد جنگ کی ذہنیت ابھی ختم نہیں ہوئی۔

    ترجمان وزارت خارجہ لن جیان نے کہا ہم بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نقصان پر امریکا کی مذمت کرتے ہیں، امریکا چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو امریکی دباؤ اور زبردستی کے ذریعے سبوتاژ کرنا، اور بی آر آئی پر مفاہمت کی یادداشت کی تجدید نہ کرنے کا پاناما کا فیصلہ افسوس ناک ہے۔

    امریکی دھمکیاں، کینیڈا کے وزیراعظم نے ساتھیوں کو خبردار کردیا

    واضح رہے کہ پاناما نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے معاہدے سے دست بردار ہو رہا ہے، اس طرح وہ پہلا لاطینی امریکی ملک بن گیا ہے جو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے باہر نکلا ہے، صدر حوزے راؤل ملینو نے کہا کہ انھوں نے ہدایت کر دی ہے کہ حکام بیجنگ کو 90 دن میں دست برداری کا نوٹس بھیجے۔

    بی آر آئی 150 سے زائد ممالک کی شراکت والا اقتصادی تعاون کا منصوبہ ہے، جس میں 20 سے زائد لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک بھی شامل ہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاناما مجموعی دوطرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے طویل المدتی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی مداخلت کے دباؤ میں نہیں آئے گا اور درست فیصلہ کرے گا۔

  • امریکی ٹیرف کے جواب میں چین کا بڑا فیصلہ

    امریکی ٹیرف کے جواب میں چین کا بڑا فیصلہ

    امریکا کے چینی درآمدات پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کے بعد چین کی جانب سے بھی رد عمل سامنے آگیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ٹیرف کے جواب میں چین نے امریکا سے ایل این جی اور کوئلے کی درآمدات پر 15 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکا سے خام تیل کی درآمدات پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

    چینی وزارت کامرس کا کہنا ہے کہ امریکا سے درآمد زرعی مشینوں اور پک اپ ٹرک پر بھی 10 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا، امریکی ٹیرف کے اقدامات ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2 روز قبل بڑے تجارتی شراکت داروں چین، کینیڈا اور میکسیکو پر نئے ٹیرف لگادیئے تھے۔

    دوسری جانب امریکا کی پڑوسیوں سے تجارتی جنگ کا خطرہ ٹل گیا، صدر ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پراضافی ٹیرف 30 دن کیلئے روک دیا۔

    ٹرمپ کا کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسین صدر کلاڈیا سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، میکسیکو اور کینیڈا نے غیر قانونی تارکین وطن اور منشیات روکنے کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    امریکا کی پڑوسیوں سے تجارتی جنگ کاخطرہ ٹل گیا

    میکسیکو نے امریکی سرحد پر نیشنل گارڈز کے 10 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کردیا ہے، واضح رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اضافی ٹیرف لگا دیا تھا، جس پر پڑوسیوں نے جوابی ٹیرف عائد کر دیا تھا۔

  • چین کا ’امریکی ٹیرف پالیسی‘ پر شدید ردعمل

    چین کا ’امریکی ٹیرف پالیسی‘ پر شدید ردعمل

    واشنگٹن : امریکا میں قائم چین کے سفارتخانے کے ترجمان نے امریکی ٹیرف پالیسی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تجارت اور محصولات کی جنگ میں کسی کی فتح نہیں ہوتی۔

    ترجمان چینی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے اس اقدام کا جواب دے گا، ٹیرف پالیسی سے امریکا کے اندرونی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچے گا، امریکا کا اقدام دنیا کے لیے خسارے کا سودا ہے۔

    دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی امریکہ کی جانب سے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیکس عائد کرنے کے اعلان پر اپنا مؤقف بیان کردیا۔

    ترجمان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یکطرفہ طور پر ٹیکس عائد کرنے کا عمل عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنے مسائل کو حل کرنے میں سود مند نہیں ہے بلکہ دونوں فریقوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور دنیا کے لیے بھی کوئی فائدہ مند نہیں ہے۔

    چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے غلط اقدامات کو درست کرے، چین اور امریکہ کے درمیان منشیات کے خلاف تعاون کا تحفظ کرے، اور چین امریکہ تعلقات کو مستحکم، صحت مند، اور پائیدار ترقی کی طرف بڑھائے۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ نے عالمی تجارتی جنگ چھیڑ دی، 3 ممالک پر اضافی ٹیرف عائد

    واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز چین، کینیڈا اور میکسیکو پر اضافی ٹیرف کے الگ الگ صدارتی حکم ناموں پر دستخط کر دیے۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق میکسیکو اور کینیڈا کی درآمدات پر منگل سے 25 فی صد اور چین پر 10 فی صد ٹیرف نافذ ہوگا۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اضافی ٹیرف غیر قانونی تارکین وطن اور منشیات کی آمد کے باعث لگایا گیا ہے اور یہ ’امریکیوں کی حفاظت‘ کے لیے ضروری ہے۔