Tag: China

  • تجارتی جنگ ، چین کا امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان

    تجارتی جنگ ، چین کا امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان

    بیجنگ : امریکہ اورچین میں جاری تجارتی جنگ میں تیزی آگئی، چین نے امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چینی  وفد کا دورہ امریکہ بھی منسوخ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اورچین کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرنے لگا، دنیا کی دوبڑی معیشتوں میں بڑھتی تجارتی جنگ میں دونوں جانب سے کارروائیاں جاری ہے، ٹیکسوں کے نفاذ کے بعد مذاکرات بھی منسوخ کر دیے گئے۔

    امریکہ نے چین کی پانچ ہزار منصوعات پردوسوارب ڈالرکے زائد ٹیکس لگائے تو چین نے بھی جواباً امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کر دیے۔

    چینی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ کے اس اقدام کے بعد مذاکرات کا جواز نہیں ہے، آئندہ ہفتے چینی نائب صدر کی صدارت میں وفد کو امریکہ جانا تھا تاہم اب یہ دورہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : تجارتی جنگ: امریکی اقدامات کے ردعمل میں چین نے بھی اضافی ٹیکس عائد کردیے

    خیال رہے امریکی اقدامات کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر ساٹھ ارب ڈالرکی ڈیوٹیز عائد کی تھی۔

    اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے نئے ٹیکس عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ چین کی ناانصافی پرمبنی تجارتی طریقوں کا جواب ہے۔

    یاد رہے امریکا نے چین پر روس سے جیٹ طیارے اور میزائل خریدنے پر پابندی عائد کی تھی ، امریکا نے چینی فوجی ادارے پر الزام عائد کیا کہ چین نے روس سے ایس یو 25 فائٹر جیٹ اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایس 400 میزائل خریدے، چین کی یہ خریداری پابندیوں سے متعلق امریکہ کے 2017 کے قانون کی خلاف ورزی ہے ۔

    مزید پڑھیں : امریکا نے پابندیاں نہ ہٹائیں تو سنگین نتائج کیلئے تیار رہے، چین کی دھمکی

    جس پر چین نے دھمکی دی تھی کہ امریکا فوری پابندیاں ہٹائے، ورنہ سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔

    دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے روس کے 33 افراداور کمپنیوں کو بھی بلیک لسٹ کردیا، روس کا کہنا تھا کہ امریکا آگ سے کھیل رہا ہے ،جو خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

  • امریکا نے پابندیاں نہ ہٹائیں تو سنگین نتائج کیلئے تیار رہے، چین کی دھمکی

    امریکا نے پابندیاں نہ ہٹائیں تو سنگین نتائج کیلئے تیار رہے، چین کی دھمکی

    بیجنگ : چین نے امریکا کی جانب سے جنگی سازو سامان خریدنے کی پابندی پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ امریکا فوری طور پر پابندیاں ہٹائے ورنہ اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روس سے جیٹ طیارے خریدنے کی پاداش میں چین پر لگائی جانے والی پابندی کو ختم نہ کیا تو پھر اس کے نتائج کے لیے تیار ہو جائے۔

    روس نے بھی چینی فوج پر عائد پابندیوں کی مخالفت کی ہے اور امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس آگ کے کھیل سے باز رہے۔ واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے چین کے فوجی ادارے پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے روس سے ہتھیار خریدے ہیں اور چین کا یہ اقدام روس پر امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے جو اس پر امریکی انتخابات میں مداخلت اور یوکرین میں فوج کشی کے بعد لگائی گئی تھیں۔

    چین نے حال ہی میں روس سے دس سخوئی ایس یو35 جنگی طیارے اورایس400طیارہ شکن میزائل خریدے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نےروس کے 33 افراداور کمپنیوں کو بھی بلیک لسٹ کردیا۔

  • تجارتی جنگ: امریکی اقدامات کے ردعمل میں چین نے بھی اضافی ٹیکس عائد کردیے

    تجارتی جنگ: امریکی اقدامات کے ردعمل میں چین نے بھی اضافی ٹیکس عائد کردیے

    بیجنگ: امریکا کی جانب سے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کے ردعمل میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے امریکی اقدامات کا بھرپور جواب دیا، امریکی مصنوعات پر 60 بلین ڈالر کے اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ حکومت نے امریکا کی طرف سے چینی برآمدات پر عائد کردہ 200 بلین ڈالر کے محصولات کے جواب میں یہ قدم اٹھایا ہے۔

    چین کی اس پیشترفت سے پانچ ہزار سے زائد امریکی مصنوعات متاثر ہوں گی، دونوں ممالک کے مابین اس تجارتی جنگ کی وجہ سے عالمی تجارت میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

    تجارتی جنگ میں شدت: امریکا نے چین پر200 ارب ڈالر کے ٹیکس عائد کردیے

    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے نئے ٹیکس عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ چین کی ناانصافی پرمبنی تجارتی طریقوں کا جواب ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا نے چینی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے نئے محصولات نافذ کیے، یہ نئے ٹیکس پانچ ہزار سے زیادہ اشیا پرنافذ کیے گئے ہیں۔

    امریکا کی جانب سے چین پرلگائے گئے یہ نئے ٹیکس رواں ماہ 24 ستمبر سے لاگو ہوں گے، اگلے سال یہ 10 فیصد سے شروع ہو کر 25 فیصد تک پہنچ جائیں گے۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے مذاکرات کے لیے آمادگی کا بھی اظہار کیا ہے۔

  • تجارتی جنگ میں شدت: امریکا نے چین پر200 ارب ڈالر کے ٹیکس عائد کردیے

    تجارتی جنگ میں شدت: امریکا نے چین پر200 ارب ڈالر کے ٹیکس عائد کردیے

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر200 ارب ڈالر کے نئے ٹیکس عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ چین کی ناانصافی پرمبنی تجارتی طریقوں کا جواب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے چینی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے نئے محصولات نافذ کردیے ہیں، یہ نئے ٹیکس پانچ ہزار سے زیادہ اشیا پرنافذ کیے گئے ہیں۔

    امریکا کی جانب سے چین پرلگائے گئے یہ نئے ٹیکس رواں ماہ 24 ستمبر سے لاگو ہوں گے، اگلے سال یہ 10 فیصد سے شروع ہو کر 25 فیصد تک پہنچ جائیں گے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم نے چین کو موقع دیا لیکن وہ اب تک اپنے طریقہ کار کو بدلنے پرآمادہ نظر نہیں آتا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے تنبیہ کی کہ اگر چین نے امریکا کی جانب سے عائد کیے جانے والے ٹیکس پرمزاحمت کی تو ہم 267 ارب ڈالر کی چینی مصنوعات پرٹیکس لگا دیں گے۔

    امریکا اس سے قبل چین سے درآمد کی جانے والی سینکڑوں اشیا پر 50 ارب ڈالر کا ٹیرف عائد کرچکا ہے اور رواں سال کے دوران چینی مصنوعات پرتیسرا ٹیرف ہے۔

    امریکا نے چینی درآمدات پر دوسری مرتبہ اضافی ٹیکس عائد کردیے

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا نے 16 ارب امریکی ڈالر کی چینی اشیا پرمحصولات میں اضافہ کیا تھا اور رواں سال جولائی میں وائٹ ہاؤس نے 34 ارب امریکی ڈالر کی چینی مصنوعات پر ٹیکس عائد کیے تھے۔

  • آرمی چیف کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک اور دیگر امور پر گفتگو

    آرمی چیف کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک اور دیگر امور پر گفتگو

    راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرتے ہوئے چینی ہم منصب سے ملاقات کی، ملاقات میں سی پیک سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ چینی کمانڈر کے ساتھ ملاقات میں آرمی چیف نے خطے میں سیکورٹی کی صورتِ حال اور سی پیک کے امور پر گفتگو کی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ہان ویگو کی ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چینی آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کام یابیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

    چینی کمانڈر ہان ویگو نے پاک فوج کے سربراہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے لیے پاک فوج کی سیکورٹی کا معیار قابلِ تعریف ہے۔

    پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاک فوج کے تجربات سے استفادے کے خواہاں ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، آئی ایس پی آر


    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مثالی باہمی فوجی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج میں تعاون کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کل وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ آرمی چیف عوامی جمہوریہ چین کے تین روزہ دورے پر ہیں۔

  • سمندری طوفان ’مینگ کھٹ‘ نے چین میں تباہی مچادی، 4 افراد ہلاک

    سمندری طوفان ’مینگ کھٹ‘ نے چین میں تباہی مچادی، 4 افراد ہلاک

    ہانگ کانگ : مینگ کھٹ نامی خطرناک سمندری طوفان نے ہانگ کانگ سمیت جنوبی چین میں تباہی مچادی، طوفان کے باعث دو افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خطرناک سمندری طوفان ’مینگ کھٹ‘ فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد چینی شہر ہانگ کانگ پہنچ چکا ہے۔ سال کے سب سے خطرناک سمندری طوفان نے فلپائن میں 64 افراد کو لقمہ اجل بنایا ہے۔

    ہانگ کانگ میں اتوار کے روز علی الصبح تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش اور آندھی کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس کے باعث سیکڑوں مکانات کی چھتیں آڑ گئیں اور لوگوں کی املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے،  اس وقت ہانگ کانگ میں 173 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ہانگ کانگ میں بھی موسلا دھار بارشوں اور  223 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والے طوفانی جھکڑوں سے نمٹنے کے لیے چینی حکام کی جانب سے حفاظتی انتظامات اور متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے طوفان کے باعث 550 سے زائد پروازیں منسوخ اور 200 سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی ہیں جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جنوبی چین سے تقریباً 30 لاکھ افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے تیز ہواؤں بارشوں اور طوفان کے نتیجے میں چین کے صوبے گونگ ڈانگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث فلپائن میں 64 افراد ہلاک ہوئے ہیں ہلاک ہونے والے افراد میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ہلاک ہونے والے افراد میں زیادہ تر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 13 تاحال لاپتہ ہیں۔

    فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ سلائیڈنگ طوفان کے بعد شروع ہوئی جب لوگ اپنے گھروں کو واپس آرہے تھے، حکام کے مطابق طوفان کے نتیجے میں 57 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    اس سے قبل گزشتہ سال سپر ٹائیفون ہیٹو نے ہانگ کانگ میں تباہی مچائی تھی۔

  • تجارتی جنگ، مذاکرات کے لیے امریکا نے چینی حکام کو مدعو کرلیا

    تجارتی جنگ، مذاکرات کے لیے امریکا نے چینی حکام کو مدعو کرلیا

    واشنگٹن: چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ سے متعلق امریکی انتظامیہ نے مذاکرات کے لیے چینی حکام کو مدعو کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی انتظامیہ کی جانب سے تجارتی ڈیل کے حوالے سے چینی حکام کو مدعو کرنے پر صدر ٹرمپ نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک اعلیٰ اقتصادی مشیر نے بتایا ہے کہ انتظامیہ نے مذاکرات کی بحالی کی خاطر چینی حکام کو امریکا مدعو کرلیا ہے۔

    دوسری جانب صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ چینی حکام کے مذاکرات سے متعلق امریکا آنے پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے بجائے چینی حکام پر دباؤ ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ڈیل کرے۔

    تجارتی جنگ: امریکا نے چینی درآمدات پر دوسری مرتبہ اضافی ٹیکس عائد کردیے

    امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری تجارتی مارکیٹ میں کسی قسم کا کوئی خسارہ نہیں بلکہ امریکی مارکیٹ میں بہتری آئی ہے جبکہ چینی مارکیٹ میں مندی کا سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ جاری ہے، گذشتہ ماہ امریکی حکام نے چینی درآمدات پر مزید 16 ارب ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کیے تھے، جبکہ چینی حکومت بھی مذکورہ اقدامات کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی اضافی محصولات کے جواب میں چین نے بھی بلاتاخیر امریکی منصوعات پر 16 ارب ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کیا تھا، اور حکام نے یہ بھی عندیہ دیا تھا کہ ہر امریکی فیصلوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

  • نئی حکومت کی وجہ سے چین سے تعلقات متاثر ہوئے: مولانا فضل الرحمان

    نئی حکومت کی وجہ سے چین سے تعلقات متاثر ہوئے: مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اضطراب کا شکار ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کی وجہ سے چین سے تعلقات متاثر ہوئے.

    ان کا کہنا تھا کہ  فاٹا سے متعلق بل اسمبلی میں بھونڈےاندازمیں پاس کرایاگیا، فاٹا بل پاس کرکے اب یہ لوگ پھنسے ہوئے ہیں، ہماری نظرمیں فاٹاکی آج بھی ایک علیحدہ حیثیت ہے.

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئین کےتحت ملک میں سپریم ایگزیکٹوموجود ہے، ایگزیکٹوکی جگہ کوئی کہےکہ وہ سپریم ایگزیکٹوہے تو یہ درست نہیں.

    انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس سے متعلق ن لیگ کی درخواست بجا ہے، اداروں کا تحفظ کریں، اس کے لئے قربانیاں دی ہیں.

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام معاملات میں عوام کےاعتمادکےساتھ آگےبڑھناہے، حکومت متنازع فیصلے واپس لے، اگرایسا نہ ہوا، تو ہم فیصلے واپس کرائیں گے.

    ان کا کہنا تھا کہ کلثوم نوازکی وفات پروہ نوازشریف اور ان کے فیملی سےتعزیت کرتے ہیں، اللہ کلثوم نوازکوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے.

  • چین اور روس کے تجارتی معاملات، ڈالرز کے استعمال میں کمی لانے کا فیصلہ

    چین اور روس کے تجارتی معاملات، ڈالرز کے استعمال میں کمی لانے کا فیصلہ

    ماسکو: چین اور روس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے تجارتی معاملات میں ڈالرز کا کم سے کم استعمال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق روس اور چین اب تجارتی معاملات میں ڈالرز کے استعمال میں کمی لاکر اپنی کرنسی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو اور بیجنگ حکومتوں نے زیادہ تر تجارتی معاہدوں میں اپنی قومی کرنسی کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    روس کی جانب سے اکنامک فارم کا انعقاد روسی شہر ولادی ووسٹوک میں کیا گیا، جہاں چینی صدر شی جن پنگ نے شرکت کی، اس موقع پر ولادی میر پیوٹن کا کہنا تھا کہ اس فیصلے دونوں ملکوں کو استحکام حاصل ہوگا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں خطرات موجود ہیں، چین نے بھی اپنی قومی کرنسی استعمال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

    روسی تاریخ کی سب سے بڑی جنگی مشقوں کا آغاز، 3 لاکھ سے زائد فوجی شریک

    خیال رہے کہ روس نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی جنگی مشقوں کا آغاز بھی کیا ہے جس میں ہزاروں روسی اور چینی فوجی اپنی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔

    مذکورہ جنگی مشقوں میں تین لاکھ سے زائد فوجی اہلکار ہزاروں کی تعداد میں ٹینکوں اور سیکڑوں جنگی جہازوں کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔

    واضح رہے کہ سرد جنگ کے بعد روس نے چینی سرحد کے قریب اب تک کی سب سے بڑی جنگی مشقیں شروع کی ہیں، بڑے پیمانے پر ان جنگی مشقوں کو ’واسٹاک 2018‘ کا نام دیا گیا ہے، چین کے تین ہزار سے زائد فوجی بھی بکتر بند گاڑیوں اور جہازوں کے ساتھ مشقوں میں شریک ہیں۔

  • باری نہ آنے پر غصے سے بھرے نوجوان نے ٹریفک سگنل توڑ دیا

    باری نہ آنے پر غصے سے بھرے نوجوان نے ٹریفک سگنل توڑ دیا

    بیجنگ: چین کے صوبے تیانجن میں ٹریفک نہ کھلنے پر نوجوان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا اور اُس نے جلدی گاڑی لے جانے کے چکر میں سگنل ہی توڑ  ڈالا۔

    ٹریفک جام کے بعد سگنل کا بند ہونا ڈرائیور اور مسافر دونوں کے لیے ہی بعض اوقات کرب کا باعث بن جاتا ہے کیونکہ بہت سے لوگ کسی پریشانی میں جلد گھر جانے کے چکر میں ہوتے ہیں۔

    چین کے صوبے تیانجن میں اپنی طرز کا انوکھا واقعہ اُس وقت پیش آیا کہ جب نوجوان ٹریفک جام کے بعد سگنل پر پہنچا اور اُسے سڑک پر لگا اشارہ بند ملا۔

    مذکورہ نوجوان نے سرخ بتی دیکھ کر کچھ دیر تو انتظار کیا مگر جب سگنل تبدیل نہ ہوا تو اُس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا۔

    نوجوان ڈرائیور غصے کی حالت میں گاڑی سے نیچے اترا اور اُس نے سگنل پر زور سے ہاتھ مارا جس کے بعد ٹریفک کنٹرل کرنے کے لیے لگائے جانے والا اشارہ سڑک پر ٹوٹ کے گر گیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں نوجوان کو سگنل گراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس نے ویڈیو کی مدد سے مذکورہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

    تفتیشی افسران کا کہنا تھا کہ نوجوان نشے میں دھت تھا اور اُس نے غصے کی حالت میں یہ حرکت کی، جرم کا اعتراف کرنے کے بعد عدالت نے نوجوان پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے 5 روز کے لیے جیل بھیج دیا۔