Tag: China

  • چین میں پہلی سائبر عدالت قائم

    چین میں پہلی سائبر عدالت قائم

    بیجنگ: چین میں پہلی سائبر عدالت کا افتتاح کردیا گیا جس میں انٹرنیٹ سے متعلق مقدمات اور شکایات کو آن لائن سماعتوں کے بعد نمٹا دیا جائے گا۔

    چین کے مشرقی شہر ہانگ ژو میں قائم کی جانے والی یہ سائبر عدالت انٹرنیٹ سے متعلق شکایات اور مقدمات پر ویڈیو چیٹ کے ذریعے سماعت منعقد کرے گی۔

    ویڈیو چیٹ کی سماعت پر تمام فریقین گھر بیٹھے اپنا مؤقف پیش کرسکیں گے اور انصاف حاصل کرسکیں گے۔

    مزید پڑھیں: سائبر حملے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر

    سائبر عدالت کے چیف جسٹس ڈو قائن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ عدالت انٹرنیٹ کی وجہ سے سامنے آنے والی مختلف شکایتوں اور مسئلوں کے لیے نہایت مؤثر حل فراہم کرسکے گی۔

    ان کے مطابق یہ سائبر عدالت اب مختلف شکایات کو بھی ایسے ہی حل کرے گی جیسے آن لائن شاپنگ کی جاسکتی ہے۔

    یہ عدالت کاپی رائٹس سے متعلق قوانین، آن لائن تجارتی تنازعے، اور آن لائن خریداروں کی شکایات پر کارروائی کرے گی۔

    یاد رہے کہ چین میں اس وقت دنیا کے سب سے زیادہ انٹرنیٹ صارفین موجود ہیں جن کی تعداد 73 کروڑ سے بھی زائد ہے۔ ملک میں اس وقت ای کامرس اور آن لائن تجارت بھی عروج پر ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • چین نے پاکستان پر امریکی صدر کی الزام تراشی مسترد کردی

    چین نے پاکستان پر امریکی صدر کی الزام تراشی مسترد کردی

    بیجنگ: چین نے پاکستان پر امریکی صدر کی الزام تراشی مسترد کردی اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور اندازسے لڑ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد چین پاکستان کی حمایت میں سامنے آگیا، ترجمان چینی دفترخارجہ نے میڈیا بریفنگ میں امریکی صدر ٹرمپ کے جانب سے پاکستان پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن کے لیے پاک امریکا کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور انداز سے لڑ رہا ہے۔

    چینی دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کیں، عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی،سفارتی تعلقات ہیں، توقع ہے امریکی پالیسیاں خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دیں گی۔


    مزید پڑھیں : امریکہ نے پاکستان کو اربوں ڈالر دیئے ہیں، نتائج چاہئیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا مطالبہ


    یاد رہے کہ افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی پالیسی بیان کرتے ہوئے پاکستان سے پھر ڈومور کا مطالبہ کیا جبکہ ساتھ ساتھ پاکستان کو دھمکیاں دے ڈالیں اور کہا اربوں ڈالر دیئے ہیں نتائج چاہئیں، پاکستان کو دہشت گردوں کےٹھکانوں کا صفایا کرنا ہوگا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ افغانستان میں ہماراساتھ دینے پر پاکستان کوفائدہ ہوگا، دوسری صورت میں اسے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا،  پاکستان اکثر ان افراد کو پناہ دیتا ہے، جو افراتفری پھیلاتے ہیں، پاکستان ہمارا اہم اتحادی ہے، پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • متنازع سرحدی علاقہ: چین اور بھارتی افواج میں جھڑپ، صورتحال کشیدہ

    متنازع سرحدی علاقہ: چین اور بھارتی افواج میں جھڑپ، صورتحال کشیدہ

    بیجنگ / نئی دہلی: چین اور بھارتی افواج کے درمیان ہمالیہ کے متنازع سرحدی علاقے میں جھڑپ ہوئی جس کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔

    چینی میڈیا کے مطابق متنازع سرحدی علاقے لداخ میں پنگوگ جھیل کے قریب بھارت نے ایک بار پھر متنازعہ سرحدی علاقے پر فوج کی نقل و حرکت تیز کرتے ہوئے جارحانہ اقدامات کیے جس کا بروقت جواب دیا گیا۔

    چینی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ’’بھارتی فوج سے جب جھڑپ ہوئی تو ہمارے فوجی اپنے علاقے میں موجود تھے اور انہوں نے دفاعی حکمتِ عملی اختیار کی‘‘۔ انہوں نے بھارت پر ایک بار پھر زور دیا کہ وہ متنازعہ سرحدی علاقے سے اپنی افواج کو واپس بلائے۔

    پڑھیں: بھارت متنازع علاقے سے فوج واپس بلائے ورنہ شرمندگی اٹھائے گا، چین

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کی افواج کے درمیان جھڑپ متنازعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کے بعد ہوئی، چینی فوج نے بھارتی فوجیوں پر پتھراؤ کیا جس پر وہاں کشیدگی بڑھ گئی تاہم دونوں ممالک کے اعلیٰ فوجی حکام نے فیلگ مٹینگ کر کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی۔

    خیال رہے کہ سکم کے قریب علاقے ڈوکلا م کے علاقے میں بھارت اورچین کے درمیان گزشتہ ایک ماہ سے کشیدگی ہے اور دونوں ممالک نے ہزاروں فوجی سرحد پر تعینات ہیں۔

    مزید پڑھیں: چین کا تحمل آخری حد تک پہنچ گیا ہے، بھارت تاخیری حربے استعمال نہ کرے، چینی وزارت دفاع

    چین کا الزام تھا کہ بھارتی فوج حال ہی میں اس کے ریاستی علاقے میں داخل ہو گئی تھی اور بھارت کے شمال مشرقی علاقے سکم کے حوالے سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے مابین جو مفاہمت ہوئی تھی، بھارت اس کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے متنازع سرحدی علاقے ڈوکلام میں اپنی فوج اتار رکھی ہے، چینی فوج سرحد سے متصل جگہ پر سڑک تعمیر کر نا چاہتی ہے، بھارت کو خدشہ ہے کہ اگر سڑک کی تعمیر مکمل ہوگئی تو وہ خطے میں چین سے اسٹریٹیجک معاملات میں پیچے رہ جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • چین میں ٹریفک حادثہ، 36 افراد ہلاک

    چین میں ٹریفک حادثہ، 36 افراد ہلاک

    بیجنگ: چین کے صوبے شین زی میں ٹریفک حادثے میں36 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق سیچوان سے ہنان جانے والے مسافر کوچ ٹنل کی دیوار سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 36 افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    چینی سرکاری ٹی وی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ان کے مطابق وہ اس پہلو پر بھی غو رکر رہے ہیں جائے وقوع پر کوئی اور گاڑی بھی ہوگی جو حادثے کا سبب بنی۔

    حادثے کے بعد ایکسپریس وے کے ایک حصے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    چین میں تیز رفتار گاڑیوں اور سڑکوں پر مناسب اسپیڈ بریکرز کی عدم موجودگی کے باعث ٹریفک حادثات عام ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق سنہ 2013 میں چین میں ڈھائی لاکھ افراد مختلف ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے۔


  • ٹھوس اشیا پر رنگین دھاگوں سے نقش نگاری کا خوبصورت فن

    ٹھوس اشیا پر رنگین دھاگوں سے نقش نگاری کا خوبصورت فن

    مختلف ٹھوس اشیا پر رنگین دھاگوں سے خوبصورت نقش تخلیق کرنا جنوبی چین کا نہایت خوبصورت فن ہے جسے چینی ثقافت میں ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔

    اس خوبصورت دستکاری کا آغاز 17 ویں صدی کے وسط سے ہوا تھا اور یہ چین کے جنوبی صوبوں ژائی من، کانگ ژو اور فیوجان میں نہایت مقبول ہے۔

    چین میں 300 سال قبل کے گوتم بدھ کے ایسے مجسمے موجود ہیں جنہیں دیدہ زیب بنانے کے لیے ان پر خوبصورت رنگین نقش نگاری کی گئی تھی۔

    مزید آگے جا کر اس فن میں جدت پیدا ہوئی۔ اب بدھا کے مجسموں پر کپڑے کے ٹکڑوں یا دھاگوں کو خوبصورت انداز میں جوڑ کر نہایت دلکش فن پارے تیار کیے جانے لگے۔

    ان میں بعض اوقات سونے کی تاروں یا سونے سے رنگے دھاگوں کو بھی استعمال کیا جاتا تھا۔

    جدید چین میں اب یہ فن صرف بدھا کے مجسموں تک محدود نہیں رہا۔ اب مختلف اقسام کے برتن، گلدان اور آرائشی اشیا بھی اس دستکاری میں ڈھال کر پیش کی جاتی ہیں جو بیش قیمت ہونے کے باوجود ہاتھوں ہاتھ بک جاتی ہیں۔

    خوبصورت ہونے کے ساتھ یہ نقش نگاری نہایت محنت اور وقت طلب بھی ہے اور ایک فن پارے کی تکمیل میں کئی ماہ لگ جاتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • چین میں 7 شدت کا زلزلہ، 13  افراد ہلاک

    چین میں 7 شدت کا زلزلہ، 13 افراد ہلاک

    بیجنگ : چین کے صوبے سیچوان میں خوفناک زلزلے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور ایک سو پچھتر افراد زخمی ہوئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے صوبے سیچوان میں زلزلے نے پلک جھپکتے تباہی مچادی، جس کی شدت امریکی زلزلہ پیمامرکز کی جانب سے 7 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ لاکھوں مکانات کو نقصان پہنچا۔

    زلزلے سےمختلف علاقوں میں مواصلات اوربجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا اورسڑکیں تباہ ہوگئیں، زلزلے کے جھٹکے شنگھائی میں بھی محسوس کئے گئے۔

    زلزلے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر آگئے، آفٹرشاکس کے خدشے کے باعث لوگوں نے رات کھلی جگہوں پرجاگ کر گزاری۔

    متاثرہ علاقوں میں ملبے تلے سیکڑوں افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    یسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، زلزلے سے ہونیوالے نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ  ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ مئی 2008ء میں چینی صوبہ سیچوان میں 7.9 شدت کے زلزلے میں لگ بھگ 90,000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • چین نے شمالی کوریا کا ساتھ چھوڑ دیا

    چین نے شمالی کوریا کا ساتھ چھوڑ دیا

    نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے میزائل پروگرام کےباعث اس پر نئی پابندیوں کی منظوری دے دی جس پر چین نے بھی اتفاق کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ میزائل تجربے کے بعد اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں شمالی کوریا کی برآمدات کو محدود کرنے سے متعلق قراردار تسلیم کرلی گئی۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں جاپان، جنوبی کوریا اور امریکہ نے ان تجربات کی مذمت کی تھی جس کے بعد سلامتی کونسل نے نئی پابندیوں کے مسودے پر رائے شماری کی۔

    چین کے سفیر لیو جیائی نے کہا کہ یہ قرارداد ظاہر کرتی ہے کہ دنیا جزیرہ نما کوریا پر ایٹمی ہتھیاروں کے خلاف متحد ہے۔

    انہوں نے اس امریکی بیان کا خیرمقدم کیا کہ امریکہ شمالی کوریا کی حکومت تبدیل کرنا یا شمالی و جنوبی کوریا کے انضمام کو ترجیح دینا نہیں چاہتا۔

    چین کے سفیر لیو جیائی نے روسی سفیر کے ہمراہ جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل شکن نظام کی تنصیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے فوری طور پر روک دیا جائے۔


    امریکہ شمالی کوریا کا دشمن نہیں ‘ریکس ٹیلرسن


    یاد رہے کہ تین روز قبل امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کا کہنا تھا کہ ہم شمالی کوریا کے دشمن نہیں ہم نہیں چاہتے کہ وہاں حکومت کا تختہ الٹ جائے۔


    چین نےشمالی کوریا سے متعلق ہمارے لیےکچھ نہیں کیا ‘ڈونلڈ ٹرمپ


    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ چین سے بہت مایوس ہیں کیونکہ وہ شمالی کوریا کے اسلحے کے پروگرام کو روکنے کے لیے زیادہ کوشش نہیں کر رہا ہے


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • چین نےشمالی کوریا سے متعلق ہمارے لیےکچھ نہیں کیا ‘ڈونلڈ ٹرمپ

    چین نےشمالی کوریا سے متعلق ہمارے لیےکچھ نہیں کیا ‘ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ کے ردعمل پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئےشمالی کوریا کے متعلق پالیسی پرامریکی چینی تجارت کوخسارے کا سودا بتایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں چین سے بہت مایوس ہوں۔ ہمارے بے وقوف سابق رہنماؤں نے انہیں کروڑوں ڈالر تجارت میں کمانے کا موقع دیا لیکن وہ پھر بھی شمالی کوریا کے سلسلے میں ہمارے لیے کچھ نہیں کر رہا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ چین سے بہت مایوس ہیں کیونکہ وہ شمالی کوریا کے اسلحے کے پروگرام کو روکنے کے لیے زیادہ کوشش نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کی اب اجازت نہیں دیں گے۔ چین با آسانی اس مسئلے کو حل کر سکتا ہے۔

    یاد رہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ ٹویٹ پیانگ یانگ کی جانب سے ایک ماہ میں دوسری بار بین براعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے کے ایک روز بعد آیا ہے۔

    واضح رہے کہ شمالی کوریا نے دعوی کیا کہ اب پورا کا پورا امریکہ اس کے نشانے کی زد پرآ چکا ہے۔

  • چین میں پانڈا کے ساتھ برے سلوک پر تنازعہ

    چین میں پانڈا کے ساتھ برے سلوک پر تنازعہ

    بیجنگ: چین میں ایک پانڈا بریڈنگ سینٹر میں انتظامیہ کے افراد کی جانب سے 2 پانڈا کے ساتھ جارحانہ رویہ اپنانے پر ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

    مغربی چین کے علاقے چنگ ڈو میں واقع اس بریڈنگ سینٹر سے سامنے آںے والی یہ متنازعہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔

    مزید پڑھیں: وائلڈ لائف نگہبان ۔ پانڈا ڈیڈی

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 معصوم پانڈا اپنے مخصوص حصے کے دورازے سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں روکنے کے لیے ان کے نگران ان سے نہایت برا سلوک کر رہے ہیں۔

    دونوں نگران ان پانڈوں کو گھسیٹتے اور اٹھا کر پھینکتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہوجانے کے بعد لوگ ان نگرانوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    ایک شخص نے تبصرہ کیا، ’اگر آپ میں صبر اور برداشت نہیں ہے تو آپ کو پانڈا کا نگران نہیں بننا چاہیئے‘۔

    یاد رہے کہ پانڈا چین کا قومی جانور ہے اور عالمی ادارہ برائے تحفظ ماحولیات آئی یو سی این نے اس جانور کو معدومی کے خطرے کا شکار جانوروں کی فہرست میں شامل کر رکھا تھا۔

    تاہم چین نے پانڈا کے تحفظ اور نسل میں اضافے کے لیے مؤثر ہنگامی اقدامات اٹھائے جس کے بعد یہ معصوم جانور اب معدومی کے خطرے سے باہر نکل آیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ 

  • بھارت چینی فوج سے متعلق غلط فہمی میں نہ رہے،چین

    بھارت چینی فوج سے متعلق غلط فہمی میں نہ رہے،چین

    بیجنگ : چین نے بھارت کوخبردارکیا ہے کہ ملک کی سلامتی اورسرحدوں کی حفاظت کے سلسلے میں بھارت چینی فوج کے بارے میں کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

    چینی وزارت دفاع کے ترجمان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ چینی فوج اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے، پہاڑاپنی جگہ سے ہل سکتے ہیں لیکن چینی عوام کے عزم کوہلانا ناممکن ہے، چین کی خودمختاری اورسرحدوں کی حفاظت کو مستقل مضبوط کیا جارہا ہے۔

    ووکیان کا کہنا تھا کہ چینی فوج نے سکم بارڈر پر ہنگامی اقدامات مکمل کرلیے ہیں جس کے بعد محاصرے اور مشقوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

    اس سے قبل چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ جون میں سکم پر بھارتی فوج چینی سرحد کی حدود میں داخل ہوگئی تھی اور ایک ماہ گزرنے کے باوجود بھی وہیں موجود ہے۔

    گزشتہ دنوں یہ خبریں بھی گرم تھیں کہ سکم پر چینی فوج کے ہاتھوں 158 فوجی مارے گئے، تاہم چین نے اس کی بھی تردید کی تھی۔

    چین نے بھارت سے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ حالات کو مزید بگڑنے سے بچانے کیلئے بھارتی فوجیوں کو فوری طور پر ۔واپس بلالے۔

    خیال رہے کہ سکم کے قریب علاقے ڈوکلا م کے علاقے میں بھارت اورچین کے درمیان گزشتہ ایک ماہ سے کشیدگی ہے اور دونوں ممالک نے ہزاروں فوجی سرحد پر تعینات ہیں۔

    چین کا الزام ہے کہ بھارتی فوج حال ہی میں اس کے ریاستی علاقے میں داخل ہو گئی تھی اور بھارت کے شمال مشرقی علاقے سکم کے حوالے سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے مابین جو مفاہمت ہوئی تھی، بھارت اس کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔