Tag: China

  • کرونا وائرس کی ابتدا کیسے ہوئی؟ ڈبلیو ایچ او نے اہم قدم اٹھا لیا

    کرونا وائرس کی ابتدا کیسے ہوئی؟ ڈبلیو ایچ او نے اہم قدم اٹھا لیا

    جنیوا: کرونا وائرس کی ابتدا کیسے ہوئی؟ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیش نے پتا لگانے کی ٹھان لی ہے، اور ایک بار پھر چین پر دباؤ ڈالنے لگا ہے۔

    فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بیجنگ پر زور دیا ہے کہ وہ کووِڈ 19 کی ابتدا کے بارے میں مزید معلومات پیش کرے، ٹیڈروس ایڈھانوم گیبرئیس نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ادارہ دوسری ٹیم بھیجنے کے لیے تیار ہے۔

    وبا کو 3 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم ابھی تک یہ علم نہیں ہو سکا ہے کہ کووِڈ نائنٹین وائرس انسانوں میں کیسے منتقل ہوا، چین کے شہر ووہان میں پہلے کیسز سامنے آنے کے باوجود ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اس وائرس کا ماخذ کیا ہے۔

    ٹیڈروس نے کہا ’’مکمل رسائی حاصل کرنے کے لیے ہم چین پر دباؤ ڈال رہے ہیں، اور ہم دیگر ممالک سے بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنی دوطرفہ ملاقاتوں میں اس معاملے کو اٹھائیں تاکہ بیجنگ پر تعاون کے لیے دباؤ پڑے۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’ہم بیجنگ سے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ تحریری طور پر ہمیں معلومات فراہم کرے، اور اگر وہ ہمیں اجازت دیں تو ہم وہاں ایک ٹیم بھیجنے کے لیے بھی تیار ہیں۔‘‘

    امریکا نے فائزر اور موڈرنا کی اپ ڈیٹ کرونا ویکسینز کی منظوری دے دی

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہے کہ چین اس سلسلے میں تعاون کرے گا۔ واضح رہے کہ کرونا کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے بعد کرونا کی ویکسینز کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، اور اگرچہ سائنس دان اس بات پر متفق ہیں کہ دنیا اب اس وبائی مرض کے شدید مرحلے سے نکل چکی ہے، تاہم عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ انتہائی تبدیل شدہ BA.2.86 اور دیگر ذیلی اومیکرون اقسام کی نگرانی میں اضافہ کرنا چاہیے۔

    ڈبلیو ایچ او کے سربراہ طویل عرصے سے چین پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ کرونا وائرس کے ماخذ کے بارے میں اپنی معلومات کا اشتراک کرے، کیوں کہ جب تک ایسا نہیں ہوتا اس سلسلے میں مفروضوں پر بات ہوتی رہے گی، اور مختلف نظریات تقویت پکڑتے رہیں گے۔ اس وائرس کی شناخت پہلی بار دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان میں ہوئی تھی، بہت سے لوگوں کو شبہ ہے کہ یہ سب سے پہلے زندہ جانوروں کی منڈی میں پھیلا تھا، اور اس کے بعد اس نے دنیا بھر میں تقریباً 70 لاکھ افراد مار دیے۔

  • چین میں کرپشن پر ہائی پروفائل کارپوریٹ سربراہ کو سزائے موت

    چین میں کرپشن پر ہائی پروفائل کارپوریٹ سربراہ کو سزائے موت

    بیجنگ: چین میں کرپشن پر ہائی پروفائل کارپوریٹ سربراہ وانگ بن کو مہلت کے ساتھ سزائے موت دے دی گئی۔

    چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیونسٹ پارٹی کے سابق سربراہ اور چائنا لائف انشورنس کے سابق چیئرمین وانگ بن کو تقریباً 325 ملین یوآن (44.5 ملین ڈالر) رشوت لینے اور تقریباً 56.4 ملین یوآن کے بیرون ملک ڈپازٹ چھپانے کے جرم میں منگل کو 2 سال کی مہلت کے ساتھ سزائے موت سنائی گئی۔

    دو سالہ مہلت ختم ہونے کے بعد وانگ کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا جائے گا، شینڈونگ صوبے کی عدالت کے جاری کردہ فیصلے کے مطابق عمر قید کے دوران وانگ بن پیرول یا سزا میں کمی کے اہل نہیں ہوں گے۔

    عدالت نے وانگ بن کو تاحیات سیاسی حقوق سے بھی محروم کر دیا ہے، اور ان کے تمام اثاثے بھی ضبط کر لیے گئے۔ عدالتی فیصلے میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا وانگ اس فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں یا نہیں۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے مالیاتی شعبے میں کرپشن کے خلاف جو کریک ڈاؤن شروع کیا ہے اس میں یہ پہلی ہائی پروفائل سزا ہے۔

  • پاک چین دوستی، سی پیک سبوتاژ کی ہر کوشش ناکام ہوگی: چین

    پاک چین دوستی، سی پیک سبوتاژ کی ہر کوشش ناکام ہوگی: چین

    بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی اور اقتصادی راہداری (سی پیک) کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان چینی وزارتِ خارجہ وینگ بن ون نے بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کام جاری رکھے گا، اور پاکستان میں چینی اہلکاروں اور منصوبوں اور تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

    چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہری، ادارے اور کمپنیاں محتاط رہیں۔

  • چین میں بارشوں سے سڑک پر بننے والے گڑھے میں گاڑی گرنے کی خوفناک ویڈیو

    چین میں بارشوں سے سڑک پر بننے والے گڑھے میں گاڑی گرنے کی خوفناک ویڈیو

    بیجنگ: چین میں زبردست بارشوں کے بعد ایک سڑک پر بننے والے گہرے گڑھے میں گاڑی گر گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے علاقے ہیلون جیانگ میں ڈوکسوری طوفان نے تباہی مچا دی ہے، ایک علاقے میں طوفان میں پل کا ایک حصہ بھی بہہ گیا جس کے باعث کئی گاڑیاں اس میں گر کر حادثے کا شکار ہو گئیں۔

    ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک گاڑی کو خوف ناک طور پر گڑھے میں گرتے دیکھا جا سکتا ہے، سڑک پر گڑھا اس طرح اچانک سامنے آتا ہے کہ ڈرائیورز کو پتا نہیں چل پاتا، جس کی وجہ سے کئی گاڑیاں گڑھے میں گریں۔

    یہ ویڈیو ایک گاڑی کے ڈیش بورڈ پر لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی، جو حادثے کی شکار گاڑی کے بالکل پیچھے چل رہی تھی، اور خود حادثے سے بال بال بچ گئی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی اچانک گڑھے میں جا گری اور دیگر گاڑیوں میں سوار لوگ اس کی مدد کے لیے فوری طور پر پہنچے۔

    خوش قسمتی سے اس حادثے میں ڈرائیور محفوظ رہا، لوگوں نے اسے بڑی مشکل سے لیکن بہ حفاظت گاڑی سے کھینچ کر نکال لیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گڑھے میں پہلے بھی گاڑیاں گری ہوئی تھیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ ہیلونگ جیانگ ڈوکسوری کی زد میں آنے والا تازہ ترین مقام ہے، جس کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

  • ویڈیو: بیجنگ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 20 افراد ہلاک

    ویڈیو: بیجنگ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 20 افراد ہلاک

    بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ اور مضافات میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، 20 افراد ہلاک اور 27 لا پتا ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے دارالحکومت کا علاقہ 140 برسوں میں پہلی بار ریکارڈ شدید بارشوں کی زد پر ہے، بیجنگ میں سیلاب سے کم از کم بیس افراد ہلاک اور ستائیس لا پتا ہو گئے ہیں۔

    بیجنگ کی سڑکیں دریاؤں میں تبدیل ہو گئی ہیں، سیلابی ریلے گاڑیوں سمیت راستے میں آنے والی ہر شے بہا لے گئے، موسمیاتی سروس نے بدھ کو بتایا کہ حکام نے 744.8 ملی میٹر (29.3 انچ) بارش ریکارڈ کی، جو 1891 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

    بیجنگ کی موسمیاتی سروس کے مطابق 40 گھنٹوں میں ریکارڈ کی گئی بارش جولائی کے پورے مہینے کی اوسط بارش کے قریب تھی۔ مدارینی (ٹرافیکل) طوفان ڈوکسوری نے گزشتہ ہفتے جنوبی فوجیان صوبے سے ٹکرانے کے بعد سے شمال کی طرف بڑھتے ہوئے دارالحکومت اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں شدید بارشیں برسا دی ہیں۔

    حکام نے بدھ کے روز ہزاروں ہنگامی اہلکاروں کو بیجنگ سے 60 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع شہر زوزو روانہ کیا تھا، جب کہ طوفان نے دارالحکومت کے آس پاس کے علاقوں کو بری طرح تباہ کیا۔

  • چین بھی موسمیاتی تبدیلی کی زد میں، گرمی کا 60 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    چین بھی موسمیاتی تبدیلی کی زد میں، گرمی کا 60 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    بیجنگ: چین بھی موسمیاتی تبدیلی کی زد میں آ گیا ہے، بیجنگ میں گرمی کا 60 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین ہیٹ ویو کی زد میں آ گیا ہے، دارالحکومت بیجنگ میں گرمی کا 60 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، گزشتہ 2 روز چین میں تاریخی گرمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    دارالحکومت بیجنگ میں شدید گرمی کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے، جمعرات کو پارہ 41.1 ڈگری تک چلا گیا، بیجنگ کی موسمیاتی سروس کے مطابق درجہ حرارت نے 1961 میں 40.6 ڈگری کے پچھلے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    حکام کی جانب سے چین کے شمالی علاقوں کے لیے اعلیٰ ترین سطح کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جھلسا دینے والا درجہ حرارت صرف بیجنگ تک محدود نہیں ہے بلکہ پورے ملک میں محسوس کیا جا رہا ہے اور سائنس دانوں نے اس شدید گرمی کی وجہ موسمیاتی تبدیلی کو قرار دیا ہے۔

    پیشن گوئی کرنے والے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پارے کی بڑھتی ہوئی سطح اگلے تین سے چار دنوں تک برقرار رہے گی۔

  • چینی ہم منصب سے ملاقات، انٹونی بلنکن نے چینی حکام کو امریکی خدشات سے آگاہ کر دیا

    چینی ہم منصب سے ملاقات، انٹونی بلنکن نے چینی حکام کو امریکی خدشات سے آگاہ کر دیا

    بیجنگ: امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن کی چینی ہم منصب سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں چین کے اسٹیٹ قونصلر بھی موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی ہم منصب وانگ ئی سے ملاقات کی ہے، جس میں چین کے قونصل جنرل بھی موجود تھے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ملاقات میں ٹھوس اور تعمیری بات ہوئی، جس میں انٹونی بلنکن نے مسائل پر بات چیت اور روابط کے تمام چینلز کھلے رکھنے پر زور دیا۔

    اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ مشترکہ مفادات اور مواقع پر بات چیت کی گئی، بلنکن نے چینی حکام کو امریکی خدشات سے بھی آگاہ کیا، اور کہا کہ امریکا اپنے عوام اور اقدار کے لیے ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

    ملاقات میں چینی وزیر خارجہ اور قونصل جنرل نے دونوں ملکوں کے درمیان روابط پر زور دیا، انٹونی بلنکن نے چینی رہنماؤں کو امریکا کے دورے کی دعوت بھی دی۔

  • چین امریکا تعلقات میں بڑا بریک تھرو، امریکی وزیر خارجہ چین پہنچ گئے

    چین امریکا تعلقات میں بڑا بریک تھرو، امریکی وزیر خارجہ چین پہنچ گئے

    بیجنگ: امریکی وزیر خارجہ چین کے ایک غیر معمولی دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں، یہ دورہ چین امریکا تعلقات میں ایک بڑا بریک تھرو ہے تاہم کوئی حقیقی پیش رفت ہو سکے گی یا نہیں، یہ ابھی واضح نہیں ہے۔

    روئٹرز کے مطابق امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن چین کے دو روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں، انٹونی بلنکن کے دورے کا مقصد امریکا اور چین کے تعلقات کو بحال کرنا ہے، تاہم کسی پیش رفت کی امید کم دیکھی جا رہی ہے۔

    امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے سرخی لگائی کہ بلنکن امریکا اور چین کے بڑھتے ہوئے تناؤ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے اتوار کو اعلیٰ سفارتی مشن پر بیجنگ پہنچے ہیں، کسی اعلیٰ ترین امریکی عہدے دار کا پانچ سال میں چین کا یہ پہلا دورہ ہے، اور صدر جو بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے بلنکن چین کا دورہ کرنے والے اعلیٰ ترین امریکی اہل کار ہیں۔

    اس دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ چینی ہم منصب چن گینگ، اعلیٰ سفارت کار سمیت ممکنہ طور پر صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ فروری میں اس وقت ملتوی کر دیا گیا تھا جب امریکا پر تیرتے ایک چینی نگرانی کے غبارے کو مار گرایا گیا تھا۔

  • پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرض ادا کر دیا، زرمبادلہ ذخائر خطرناک حد تک کم

    پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرض ادا کر دیا، زرمبادلہ ذخائر خطرناک حد تک کم

    اسلام آباد: پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرض ادا کر دیا جس کے بعد زرمبادلہ ذخائر کم ہوگئے، موڈیز کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرضہ ادا کر دیا ہے، قرض کی ادائیگی کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر سے بھی نیچے آگئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحٰق ڈار اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ورچوئل میٹنگ جاری ہے، بجٹ کے بعد وزیر خزانہ کا نیتھن پورٹر سے پہلی بار رابطہ ہوا ہے۔

    ورچوئل رابطے میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوسکی، آئی ایم ایف کے خدشات دور کرنے کے لیے میٹنگز کا ایک اور دور ہوگا۔

    موڈیز کے تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 6.7 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پروگرام دوبارہ شروع ہوتا نظر نہیں آرہا۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کا پروگرام جون تک مکمل نہیں کر سکے گا، پاکستان آئی ایم ایف پروگرام جاری رکھنے کی آخری کوشش کر رہا ہے، پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر فنانسنگ گیپ اور ایکسچینج ریٹ بڑی رکاوٹ ہیں۔

  • چین، پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی مرتبہ انسداد دہشت گردی مذاکرات

    چین، پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی مرتبہ انسداد دہشت گردی مذاکرات

    بیجنگ: چین، پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی مرتبہ انسداد دہشت گردی مذاکرات ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین، پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی بار سہ فریقی انسداد دہشت گردی مذاکرات منعقد ہوئے ہیں، جس میں علاقائی سلامتی کی صورت حال اور خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرے پر گفتگو کی گئی۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وفود کے درمیان علاقائی سلامتی کی صورت حال پر گفتگو ہوئی، مذاکرات کا انعقاد بیجنگ میں کیا گیا، جس میں خطے میں نئی صف بندی کی تجویز پیش کی گئی۔

    ترجمان چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ سہ فریقی اجلاس ڈائریکٹر جنرل سطح پر ہوئے ہیں، مذاکرات میں سہ فریقی اجلاس آئندہ بھی منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    اجلاس میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی پر چینی کردار کو سراہا گیا۔