Tag: CHINESE

  • جہاز کی رفتار سے تیز ٹرین کا تجربہ کامیاب

    جہاز کی رفتار سے تیز ٹرین کا تجربہ کامیاب

    چین کے ایرو اسپیس سائنس اور انڈسٹری کارپوریشن کے سائنس دانوں کی جانب سے کیے جانے والے ایک تجربے میں ایک ایسی برق رفتار ٹرین کی کامیاب آزمائش کی گئی ہے جو مسافر طیارے کے مقابلے میں دگنی رفتار سے چل سکتی ہے۔

    سائنسدانوں نے تجربے میں الیکٹرک بلٹ ٹرین کو کامیابی سے چلایا۔ چھوٹے سے ٹریک پر آزمائی جانے والی ’ٹی-فلائٹ‘ نامی اس ٹرین نے 623 کلو میٹر فی گھنٹہ کی ریکارڈ رفتار سے سفر کیا۔

    اس ٹرین کی رفتار جاپان میں چلنے والی دنیا کی سب سے تیز ترین ٹرین ایم ایل ایکس 01 میگلیو (581 کلو میٹر فی گھنٹہ) سے بھی زیادہ ہے۔

    چینی انجینئر پُرامید ہیں کہ کمرشل استعمال میں آنے کے بعد اس ٹرین کی رفتار 2000.4 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔

    یہ رفتار آواز کی رفتار سے کہیں زیادہ اور بوئینگ 737 طیارے سے دُگنی ہوگی، اس رفتار پر ٹی فلائٹ ٹرین ووہان سے بیجنگ تک صرف 30 منٹ میں پہنچ سکے گی۔

    چین کی یہ میگلیو ٹرین کو آگے بڑھانے کے لئے مقناطیسیت کا استعمال کیا جاتا ہے، یہ ٹرین پٹریوں کے اوپر "لیویٹیٹ” کرتی ہے جس سے رگڑ کم ہوتی ہے۔

    اس ٹیکنالوھی کا استعمال پہیوں کی ضرورت کو ختم کرتا ہے، لہٰذا رگڑ کا نہ ہونا تیز اور خاموش سروس مہیا کرتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب انتہائی تیز ہائپر لوپ ٹرین نے کم ویکیوم ٹیوب میں سفر کرتے ہوئے مستحکم لیویٹیشن حاصل کی۔

  • سعودی عرب: قدیم عربی اور چینی سکوں کی نمائش

    سعودی عرب: قدیم عربی اور چینی سکوں کی نمائش

    ریاض: سعودی عرب میں شاہ عبدالعزیز پبلک لائبریری میں عربی اور چینی قدیم دستاویزات، سکوں اور مخطوطات کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت ثقافت نے چین کی وزارت کے اشتراک سے شاہ عبد العزیز پبلک لائبریری میں عربی اور چینی قدیم دستاویزات و سکوں کی نمائش کا اہتمام کیا۔

    شاہ عبد العزیز عوامی کتب خانے میں سال 72 ہجری کے سکوں کے علاوہ نایاب و نادر مخطوطات بھی رکھے گئے ہیں جو اسلامی فن اور عرب کی قدیم تاریخ کو اجاگر کرتے ہیں۔

    لائبریری میں شاہراہ ریشم کے حوالے سے ایک نادر اور نایاب دستاویز رکھی گئی ہے جس کی لمبائی 13 میٹر کے قریب ہے۔

    مذکورہ دستاویز شاہراہ ریشم کے بارے میں اس دور کی قدیم ترین دستاویز ہے جس میں اس عظیم شاہراہ کے بارے میں تمام تر تفصیلات موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ان نادر مخطوطات اورسکوں کی ایک نمائش چین کی پیکنک یونیورسٹی میں بھی شاہ عبد العزیز لائبریری کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔

  • مزیدار چائنیز پکوڑے جو بارش کا لطف دوبالا کردیں

    مزیدار چائنیز پکوڑے جو بارش کا لطف دوبالا کردیں

    پکوڑے بارشوں کے موسم کی خاص سوغات ہیں جو اس موسم کا لطف دوبالا کردیتے ہیں، آج ہم آپ کو مزیدار چائنیز پکوڑے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    بینگن: 2 عدد

    پھول گوبھی: 1 پھول چھوٹا

    آلو: 2 عدد

    پیاز 2 عدد

    شملہ مرچ: 3 عدد

    میدہ: 2 کپ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    زیرہ پاوڈر: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    لیموں کا جوس: 2 کھانے کے چمچ

    پانی: 1 کپ

    تیل: حسب ضرورت

    اجینو موتو (چائینیز سالٹ): 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    ایک پیالے میں میدہ، سفید زیرہ، نمک، لال مرچ، لیموں کا جوس اور پانی ملا کر پیسٹ بنالیں۔

    بینگن کو چھلکوں سمیت چھوٹے کیوبز کی طرح کاٹ لیں۔

    گوبھی کے پھول الگ کرلیں۔

    پیاز اور شملہ مرچ کو بھی باریک کاٹ لیں۔

    اب ان سب کٹی ہوئی سبزیوں پر تھوڑا میدہ چھڑک دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کریں پھر سبزیوں کو پیسٹ میں مکس کر کے تیل میں ڈال کر فرائی کریں۔

    سبزیاں تھوڑی تھوڑی کر کے فرائی کریں اور جب یہ پکوڑوں کی طرح فرائی ہوجائیں تو نکال لیں۔

  • اماراتی وزیر خارجہ کی بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات

    اماراتی وزیر خارجہ کی بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات

    بیجنگ:اماراتی وزیرخارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے چین کے سرکاری دورے کے موقع پر بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب وانگ ڑی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزیرخارجہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کی بیجنگ آمد کا خیرمقدم کیا اور اس دورے کو دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کی فروغ کی کوششوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قراردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں رہ نماؤں کےدرمیان ہونے والی بات چیت میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، چینی اور اماراتی اقوام میں رابطے بڑھانے، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، تعلیمی، سیاحتی اور متبادل توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    چینی اور اماراتی وزراءخارجہ کی ملاقات میں عالمی حالات بالخصوص مشرق وسطیٰ کی تازہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    الشیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے جمہوریہ چین اور چینی حکومت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعاون جاری رکھنے اور تعلقات کومزید وسعت دینے کی یقین دہانی کرائی۔

  • طلباء کی رہائی کےلیے ہانگ کانگ میں مدر مارچ

    طلباء کی رہائی کےلیے ہانگ کانگ میں مدر مارچ

    ہانگ ہانگ سٹی : ہانگ کانگ میں متنازع بل کے خلاف مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے طلبا کی رہائی کے لیے 10 ہزار سے زائد مائیں سڑکوں پر نکل آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ کی سڑکوں پر اپنی نوعیت کا انوکھا ترین احتجاج کیا جا رہا ہے اس احتجاج میں صرف مائیں شامل ہیں جن کا مطالبہ حکومت مخالف مظاہروں میں شامل ہونے کے جرم میں گرفتار بیٹوں کی باعزت رہائی ہے۔

    اس احتجاج کو ’مدر مارچ‘ کا نام دیا گیا ہے جس میں 10 ہزار سے زائد مائیں شریک ہیں، احتجاجی ماؤں نے موبائل کی ٹارچ لائٹ کو جلا کر اپنے ہاتھ اس طرح بلند کر رکھے تھے جیسے امن کی مشعلیں تھامی ہوں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ماؤں نے بینرز ٹھا رکھے تھے جس میں طلبا کی رہائی کے مطالبے درج تھے اور حکومت کے ملزمان کو چین حوالگی کے متنازع بل کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

    واضح رہے کہ ہانگ کانگ کی حکومت نے ملزمان کی چین کو حوالگی کا بل منظور کیا تھا جس کے خلاف مظاہرے پھوٹ پڑے تھے، مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر حملے کیے اور سڑکیں بند کردی تھیں، ہانگ کانگ کی منتظم اعلیٰ نے بل معطل کردیا تھا تاہم مظاہرین بل کی منسوخی پر بضد رہے۔

  • ایرانی حکومت نے چینی شہریوں کیلئے ویزے کی شرط ختم کردی

    ایرانی حکومت نے چینی شہریوں کیلئے ویزے کی شرط ختم کردی

    تہران : ایرانی سیاحت کونسل نے چینی شہریوں کےلیے ویزے کی شرط ختم کردی، کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ معاشی مشکلات کے حل میں مدد فراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت جلد ہی چینی شہریوں کے لیے ویزہ کی شرط ختم کر رہی ہے تا کہ امریکا کی طرف سے ایران پرعائد کردہ اقتصادی پابندیوں کوغیرمؤثر بنانے کے لیے چینی سیاحوں کو ایران میں داخل ہونے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حکومت نے جمہوریہ چین کے باشندوں کے لیے ویزہ کی شرط ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    ایرانی سیاحت کونسل کے چیئرمین علی اصغر مونسان نے بتایا کہ ہمارا ہدف چین کے دو ملین سیاحوں کو ایران میں سیاحت کے لیے آنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی سیاحت کا شعبہ پابندیوں کا ہدف نہیں بنا، سیاحت کا شعبہ امریکا کی طرف سے عائد کردہ سخت ترین اقتصادی پابندیوں کے باعث درپیش معاشی مشکلات کے حل میں مدد فراہم کرے گا۔

    ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق 12 مارچ سے اب تک 52 ہزار چینی باشندے ایران کی سیاحت کےلیے آچکے ہیں، چینی سیاحوں کی تعداد لاکھوں تک لے جانے کے لیے ویزہ کی شرط ختم کی جا رہی ہے۔

  • چینی سائنسدانوں کا کارنامہ، جنیاتی سرجری میں استعمال کیلئے نیا آلہ ایجاد کرلیا

    چینی سائنسدانوں کا کارنامہ، جنیاتی سرجری میں استعمال کیلئے نیا آلہ ایجاد کرلیا

    شنگھائی : چینی سائنس دانوں نے جین کی درستگی اور ترمیم کے استعمال کے لیے نیا آلہ ایجاد کرلیا جسے جین ایڈیٹنگ ٹول قرار دیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے سائنسدانوں کی ٹیم نے جین کی درستگی اور ترمیم کے استعمال کے لئے نیا آلہ ایجاد کیا ہے جسے پہلے سے موجود آلات سے زیادہ محفوظ اور بااعتماد ”جین ایڈیٹنگ ٹول“قرار دیا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کی مدد سے جینیاتی سرجریز کے دورانیہ کو مزید کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سائنسدان اس سے قبل جینوم انجینرنگ کے لئے جنیاتی قینچی یا جنیٹک سیزر استعمال کی جا رہی ہے لیکن پہلے سے استعمال ہونے والی قینچی سے جین کا رینونکل ایسڈ یا آر این اے کے متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق شنگھائی انسٹی ٹیوٹ فار بائیولوجیکل سائنسز کی تحقیقاتی ٹیم جو چائینز اکیڈمی آف سائنسز کے زیر انتظام کام کرتی ہیں کی نئی جنیاتی قینچی نما آلے جس کو اے بی اے (ایف 148۔اے) کا نام دیا گیا ہے،جینز کو زیادہ احتیاط سے کاٹ سکتی ہے اور اس سے آر این اے بھی متاثر نہیں ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ نیا ایجاد کیا جانے والا آلہ مخصوص جنیاتی بیماریوں کے علاج میں بھی استعمال ہو سکے گا جیسے کہ تھلیسیمیا نیو کلئیر ڈی جنریشن اور بہرہ پن وغیرہ وغیرہ۔

  • چین کے نائب صدر وانگ کشان آج پاکستان پہنچیں گے

    چین کے نائب صدر وانگ کشان آج پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد : چین کے نائب صدر وانگ کشان آج پاکستان پہنچیں گے، دورے کے دوران وانگ کشان صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر پاکستان اور چین دستخط کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے نائب صدر وانگ کشان آج پاکستان پہنچ رہے ہیں ، وہ 26 سے 28 مئی تک پاکستان میں قیام کریں گے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق وانگ کشان چائنہ کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے کلیدی رکن ہیں، چینی نائب صدر کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطحی تبادلوں کو جاری رکھنا ہے۔

    ترجمان کے مطابق نومبر 2018 اور حالیہ دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں وزیراعظم کی شرکت کے بعد سے اعلی سطحی تبادلوں میں مزید تیزی آئی ہے۔

    چینی نائب صدر وانگ کشان اپنے دورہ پاکستان میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے،مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر پاکستان اور چین دستخط کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کا اعلامیہ جاری

    یاد رہے گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے چین کا 4 روزہ سرکاری دورہ کیا تھا ، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ عمران خان کا دوسرا دورہ تھا۔

    دورے کے دوران وزیراعظم کی چینی صدراورہم منصب سمیت عالمی رہنماؤں سےملاقات ہوئی جبکہ عمران خان نے چین کےاعلیٰ حکام، سرمایہ کار، تاجروں کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔

    وزیراعظم کی موجودگی میں سرمایہ کاری کے 14 معاہدوں پردستخط کیے جبکہ قیادت نے پاک چین دوستی کونئی بلندیوں پرلےجانے کےعزم کااظہارکیا اور کہا علاقائی یابین الاقوامی تبدیلی پاک چین تعلقات پراثراندازنہیں ہوگی۔

  • شادی اسکینڈل: چینی ملزمان 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل روانہ

    شادی اسکینڈل: چینی ملزمان 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل روانہ

    لاہور: مقامی عدالت نے پاکستانی لڑکیوں سے شادی کر کے بلیک میل کرنے کے اسکینڈل میں گرفتار 11 چینی باشندوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرکے غیر اخلاقی کام کروانے میں ملوث گیارہ چائنیز باشندوں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد ضلع کچہری پیش کیا گیا،جہاں تفتیشی رپورٹ نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

    ایف آئی اے تفتیشی افسر نے چائنیز نوجوان پاکستانی ایجنٹوں سے ملکر پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرتے تھے اور شادی کے بعد ملزمان منظم گروہ بنا کر پاکستانی لڑکیوں سے غیر اخلاقی کام کراتے تھے ۔

    اس موقع پر ایف آئی اے حکام نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری اور متاثرین کو شامل تفتیش کرنا ہے، لہٰذا ان کا جوڈیشل ریمانڈ دیا جائے، جس پرعدالت نے گیارہ چینی باشندوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا تے ہوئے ملزمان کو 27مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

    یاد رہے کہ ایف آئی اے نے آٹھ مئی کو کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرکے غیراخلاقی کام کرانے میں ملوث گیارہ چائنیز سمیت تیرہ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔جبکہ مقدمہ میں ملوث 2پاکستانی ملزمان شوکت علی اور محمد انصر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین کی حکومت نے اس معاملے پر ہرممکن تعاون کی پیش کش کی ہے، چینی حکومت کے اس عمل کو بے حد سراہتے ہیں، چینی حکام کی ایک ٹیم نے حالیہ دنوں میں پاکستان کا دورہ بھی کیا۔

    ترجمان کے مطابق چینی حکام نے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے حکام سے ملاقاتیں بھی کیں، دفتر خارجہ اور چین میں پاکستانی مشنز صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، شکایت کی صورت میں پاکستانی شہریوں کو ہرممکن معاونت فراہم کی جارہی ہے۔

  • پولینڈ میں چینی کمپنی ’ہواوے‘ کا اعلیٰ عہدیدار جاسوسی کے الزام میں گرفتار

    پولینڈ میں چینی کمپنی ’ہواوے‘ کا اعلیٰ عہدیدار جاسوسی کے الزام میں گرفتار

    وارسا : پولینڈ کی پولیس نے جاسوسی کے الزام میں چین اور پولینڈ کے دو شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے، زیر حراست شخص چینی ٹیلی کام کمپنی اعلیٰ عہدیدار ہے۔

    پولینڈ کے نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چینی شہری چین کی معروف ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی پولش برانچ کا ڈائریکٹر ہے، ہواوے کمپنی نے اعلیٰ عہدیدار کی گرفتاری پر فی الفور کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ متعدد ممالک کی جانب سے مذکورہ چینی ٹیلی کام کمپنی کی اشیاء پر سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    پولش میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گرفتار پولش شہری ’پیوٹر ڈی‘ پولینڈ کی داخلہ سیکیورٹی ایجنسی (اے ڈبلیو بی) کا سابق اعلیٰ عہدیدار تھا، جس نے بد عنوانی کے الزامات کے باعث اے ڈبلیو بی چھوڑ دی تھی لیکن اس کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا تھا۔

    پولش سیکیورٹی سروس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے دونوں افراد کو تین ماہ تک حراست میں رکھا جائے گا۔

    مقامی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی ایجنسی اے ڈبلیو بی نے پولینڈ میں واقع ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے دفتر اور اورنج پولاسکا پر چھاپہ مارکر سرچ آپریشن کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اورنج الاسکا وہ جگہ ہے جہاں پولش شہری ’پیوٹر ڈی‘ ملازمت کرتا تھا۔

    چینی ٹیلی کام کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’جن ممالک میں ہماری برانچز کام کررہی ہیں ہم وہاں کے تمام قوانین و ضوابط کی پاسداری کرتے ہیں اور اپنے تمام ملازمین کو قوانین کی پاسداری کا کہتے ہیں‘۔

    دوسری جانب اونج الاسکا کا جاری بیان میں کہنا ہے کہ پولش سیکیورٹی سروس کی جانب سے ’پیوٹر ڈی‘ کے بارے مواد جمع کیا ہے لیکن یہ نہیں معلوم کہ وہ مواد اس کے پیشہ وارانہ کام سے متعلق ہے یا نہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ، امریکا اور آسٹریلیا نے ہواوے کو اپنے 5جی موبائل نیٹ ورک میں شمولیت سے روک دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین ہواوے کے ذریعے اپنے حریف ممالک کی جاسوسی کے الزامات ہیں تاہم ہواوے کمپنی نے چین کے لیے جاسوسی کرنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔

    مزید پڑھیں : چینی ٹیلی کام کمپنی ’ہواوے‘ کے بانی کی بیٹی کینیڈا میں گرفتار

    خیال رہے کہ گذشتہ برس کینیڈا میں ہواوے کمپنی کے بانی کی بیٹی اور چیف فنانشل آفیسر مینگ وینزوا کو یکم دسمبر کو کینیڈین شہر وانکوور سے حراست میں لیا گیا تھا جنہیں امریکا کے حوالے کرنے کا امکان ہے۔