Tag: chinese foreign minister

  • پہلگام فالس فلیگ حملہ، چینی وزیر خارجہ کا پاکستان کی حمایت کا اعلان

    پہلگام فالس فلیگ حملہ، چینی وزیر خارجہ کا پاکستان کی حمایت کا اعلان

    نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا گفتگو میں باک بھارت تنازع سمیت موجودہ علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی، چینی ہم منصب نے پہلگام فالس فلیگ حملے کے سلسلے میں پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا۔

    اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کو پہلگام واقعے اور خطے کی موجودہ صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اقدامات اور اس کا پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، وانگ ژی نے کہا کہ چین پہلگام حملے کی جلد شفاف و منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

    چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے دونوں ممالک پر بات چیت سے معاملات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کامقابلہ کرنا تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، وانگ ژی نے پاکستان کے سیکیورٹی خدشات سے متعلق چین کی حمایت کا اظہار بھی کیا۔

    دونوں رہنماؤں کی بات چیت کے موقع پر چینی وزیرخارجہ نے خود مختاری، سلامتی کے مفادات کے تحفظ کیلئےاسلام آباد کی حمایت کا اعادہ کیا، اسحاق ڈار نے پاکستان کیلئے چین کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

    علاوہ ازیں لاہور میں اولڈ راویان ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے خارجہ محاذ پر مؤثر حکمت عملی اپنائی ہے اور بھارت کے اقدامات کا بھرپور اور مناسب جواب دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کے اعلان کو غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دیا ہے۔

    اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر اس معاہدے کو معطل یا تبدیل نہیں کرسکتا، اس کے لیے فریقین کی باہمی رضامندی ضروری ہے۔

  • ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد چین کا اہم بیان

    ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد چین کا اہم بیان

    اسرائیل پر ایرانی ڈرون حملے کے بعد چینی وزیر خارجہ وانگ ای کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین نے توقع ظاہر کی ہے کہ ایران حالیہ صورتحال کو اچھی طرح سنبھال لے گا اور خطے کو شورش میں نہیں ڈالے گا۔

    خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو کی۔ چین نے ایران کی جانب سے علاقائی اور پڑوسی ممالک کو نشانہ نہ بنانے کے عمل کو سراہا۔

    چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی جانب سے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا گیا جس میں کہا گیا کہ چین مشرق وسطیٰ میں تصادم بڑھنے سے روکنے کیلئے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی آرمی چیف کا ایران پر ممکنہ حملے سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے۔

    اسرائیلی آرمی چیف کی جانب سے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایران کو اسرائیل پر حملے کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

    اسرائیل کو دل نہیں دماغ سے سوچنا چاہیے، برطانوی وزیر خارجہ

    اسرائیلی آرمی چیف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب امریکہ، برطانیہ، فرانس سمیت اسرائیلی اتحادی ممالک خطہ میں امن وامان کیلئے اسرائیل کوتحمل سے کام لینے پر زور دے رہے ہیں۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹے کہ دوران اسرائیلی وزیراعظم نے اپنی جنگی کابینہ کا اجلاس دوسری بار طلب کیا ہے، تاکہ ایران کیخلاف ایکشن لینے کا کوئی حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔

  • چیلنجز خطے کےامن واستحکام کے لیے بہت اہم ہیں، آرمی چیف

    چیلنجز خطے کےامن واستحکام کے لیے بہت اہم ہیں، آرمی چیف

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو وژن اور حکمت عملی سے چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی اس موقع پر باہمی دلچسپی کےامور، علاقائی سلامتی کےمعاملات اور دوطرفہ دفاعی تعاون کےفروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے علاقائی استحکام میں پاکستان کےکردار کو سراہا اور کہا کہ دنیا علاقائی امن واستحکام کیلئےپاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات خیال کی ہم آہنگی، باہمی احترام پرمبنی ہیں اور چین باہمی خوشحالی پریقین رکھتاہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے چینی وزیرخارجہ نےاو آئی سی کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کو سراہا اس کے ساتھ ہی پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور سی پیک کو فراہم سیکیورٹی کی بھی تعریف کرتے ہوئے ہر سطح پر پاکستان سے تعاون کیلیے بھرپور کردار کا اظہار کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ چیلنجز خطے کے امن واستحکام کیلیے بہت اہم ہیں اور عالمی برادری کو وژن اور حکمت عملی سے چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے او آئی سی کانفرنس کو افغان مسائل سے نمٹنے کیلئے تاریخی قراردیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنا بہت اہم ہے۔

  • سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مدد گار ثابت ہوگا، وزیراعظم عمران خان

    سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مدد گار ثابت ہوگا، وزیراعظم عمران خان

    نیویارک : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل پاکستان کی ترجیح ہے، منصوبہ سے ملک کی ترقی و خوشحالی میں مدد ملے گی، چینی وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی ایک ماہ میں دوسری ملاقات ہوئی ہے، یہ ملاقات یو این جنرل اسمبلی سیشن کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔

    ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور علاقائی معاملات پر گفتگو کی گئی، وزیراعظم نے دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین سے مشترکہ شراکت داری خطے کے امن و استحکام کی بڑی وجہ ہے۔

    پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل پاکستان کی ترجیح ہے، منصوبے کے تحت جاری منصوبوں کو جلد مکمل کریں گے، سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی،خوشحالی میں مدد گار ثابت ہو گا، ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی بحران پیدا کر رکھا ہے، لاک ڈاؤن اور کرفیو سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، مواصلات کی مسلسل روک تھام نے کشمیریوں کودہری اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔

    بھارت نے پانچ اگست کو غیرقانونی اور یکطرفہ اقدام کیا، جس کا مقصد عالمی سطح پر کشمیر کی تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنا تھا، بھارتی اقدام یواین قراردادوں، عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھانے پر زور دیا۔

    اس موقع پر چینی وزیر خارجہ  وانگ ژی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چین اس اہم مسئلے پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، چینی وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کے ساتھ مل کرکام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،

    انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید تقویت فراہم کریں گے، منصوبوں کی کامیابی سے پاکستان اور خطے میں معاشی استحکام آئے گا۔

    ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

  • کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی : چینی وزیرخارجہ نے بھارت کا دورہ منسوخ کردیا

    کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی : چینی وزیرخارجہ نے بھارت کا دورہ منسوخ کردیا

    نئی دہلی : چینی وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فورسز کے مظالم پر بھارت کا دورہ منسوخ کردیا، چینی وزیرخارجہ کا9سے10ستمبرکو نئی دہلی کادورہ شیڈول تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بھارت کو ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑگئی، کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنا بھارت کا دورہ منسوخ کردیا تاہم وہ ہفتے کے روز پاکستان آئیں گے۔

    ذرائع کے مطابق چینی وزیرخارجہ وانگ ای کی ستمبر کی نو تاریخ کو نئی دہلی میں بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوول سے ملاقات شیڈول تھی۔

    اس موقع پر چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازعات کے حوالے سے مذاکرات ہونا تھے لیکن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر چینی وزیرخارجہ نے بھارت کا سرکاری دورہ منسوخ کردیا ہے۔

    اس صورتحال سکے پیش نظر بھارتی حکام بھی پریشانی کا شکار ہیں اور انہوں نے چینی وزیرخارجہ کے دورے کی نئی تاریخ طے کرنے کی سر توڑ کوششیں کیں لیکن اب تک کامیاب نہیں ہوسکیں۔

    دوسری جانب چینی وزیر خارجہ بھارتی دورے پر پاکستان کے دورے کو ترجیح دیتے ہوئے ہفتے کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں چین، افغانستان اور پاکستان کے درمیان سہہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    واضح رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے ایک ماہ مکمل ہوگیا، مہینہ بھر سے وادی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • مسئلہ کشمیر: چین کی سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کو حمایت کی یقین دہانی

    مسئلہ کشمیر: چین کی سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کو حمایت کی یقین دہانی

    بیجنگ: پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی وزارت خارجہ جلد پاکستانی مؤقف کی تائید میں بیان جاری کرے گا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ چین اسٹیٹ کونسلر، وزیر خارجہ وانگ ژی سے ڈھائی گھنٹے ملاقات ہوئی، چینی وزیر خارجہ نے بھارتی یک طرفہ اقدام کے خلاف ہمارے مؤقف کی تائید کی، چین نے آج  ایک پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کابا اعتماد دوست ہے.

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی اقدام سے مقبوضہ کشمیرکی حیثیت، جغرافیہ میں تبدیلی ہوئی، چین نے اتفاق کیا کہ بھارتی اقدامات سے خطےمیں امن کو خطرات لاحق ہیں، مقبوضہ کشمیر متنازع مسئلہ تھا اور ہے.

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرار داد منظور

    چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکا حل یواین قراردادوں پرہونا چاہیے، چین کی خواہش ہے مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے، چین کو پاکستان کے خدشات سے آگاہ کیا ہے، ہمیں کرفیو اٹھنے کے بعد مزید خون خرابے کا اندیشہ ہے، ردعمل بھی آ سکتا ہے

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو خدشہ ہے کہ بھارت پلواما جیسی حرکت دوبارہ کرسکتا ہے، چین نے کہا کہے کہ وہ پاکستان کی سیکیورٹی کونسل جانے کی حمایت اور مکمل تعاون کرے گا.

    پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری وزارتیں اور مشنز آپس میں روابط جاری رکھیں گے، روابط سے مشترکہ حکمت عملی ہوگی اورہم یکسوئی سے آگے بڑھ سکیں گے.

  • وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، عالمی معاملات پر تبادلہ خیال

    وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، عالمی معاملات پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، چینی وزیر خارجہ نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

    وانگ ژی نے اپنی قیادت کی طرف سے نئی حکومت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ چینی قیادت نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ستون ہے، حکومت پاکستان سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔

    مزید پڑھیں: چینی وزیرخارجہ وانگ ژی کی شاہ محمود قریشی سے ون آن ون ملاقات

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی چینی وزیر خارجہ نے ملاقات کی تھی، ملاقات میں چین نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے عزم کا اظہار کیا جبکہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    فریقین نے اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کو دہرایا جبکہ چین نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے حمایت جاری رکھنے کا اظہار کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی سماجی اورمعاشی ترقی کے لیے اہم ہے، سی پیک موجودہ حکومت کے لیے اولین ترجیح ہے۔

  • چینی وزیرخارجہ وانگ ژی3روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    چینی وزیرخارجہ وانگ ژی3روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد : چینی وزیرخارجہ وانگ ژی3روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر ان کا اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ای 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، چینی وزیرخارجہ جمعہ سے اتوار تک پاکستان کا دورہ کرینگے۔

    ذرائع کے مطابق چینی وزیرخارجہ کی صدر پاکستان عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں جبکہ پاک چین وزرائے خارجہ وفودکی سطح پرمذاکرات بھی کریں گے۔

    چینی وزرات خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین پاکستان تمام موسموں کے اسٹریٹجک پارٹنرہیں، دونوں ممالک اچھے پڑوسی، دوست اور بھائی ہیں۔

    دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اورترقی کاعمل جاری ہے۔ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود وفود کی سطح پر چینی وزیرخارجہ سے بات چیت کرینگے، نئی حکومت آنے کے بعد اعلیٰ چینی عہدیدار کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • چین کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کرینگے، چینی وزیرِ خارجہ

    چین کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کرینگے، چینی وزیرِ خارجہ

    اسلام آباد:  چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژی نے پاک چین تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چینی قیادت کے درمیان اعلی سطح کے روابط ہیں، ان کا کہنا تھا کہ چین کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کرینگے۔

    اسلام آباد میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے  مشیر خارجہ سرتاج عزیز ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دے گا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ توانائی، اسٹرکچر اور اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

    وانگ ژی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن قائم کرنے کے لئے پاکستان اور چین کی سوچ ایک ہے اور افغانستان کی تعمیر نو میں ہر طرح سے مدد کریں گے۔

    انھوں نے اعتراف کیا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے اور پاکستان افغانستان کے مسائل کا بہتر حل پیش کرسکتا ہے۔

     اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دہشت گردی کے خاتمے پر متفق ہیں، چین نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے اقدامات کوسراہا ہے۔

    سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان اور چین مل کر کام کرنے پر تیار ہیں، پاکستان، چین کے ساتھ خصوصاً توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔

    انہوں نے چینی وزیرِ خارجہ کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی کے تناظر میں چینی وزیرِخارجہ کا دورۂ پاکستان اہم ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال چینی صدر کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن پاکستان کی کشیدہ سیاسی صورتحال اور دھرنوں کے باعث دورہ ملتوی کرنا پڑا۔