Tag: Chinese Foreign Office

  • پاک چین دوستی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا: چینی وزارت خارجہ

    پاک چین دوستی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا: چینی وزارت خارجہ

    بیجنگ: چینی وزارت خارجہ نے جامعہ کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ کراچی میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    چینی وزارت خارجہ نے متاثرین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

    خیال رہے کہ 26 اپریل کی دوپہر کو جامعہ کراچی میں بلوچ علیحدگی پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والی خاتون خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس میں 3 چینی اساتذہ اور ایک پاکستانی شخص جاں بحق ہوئے۔

    دھماکے میں ایک غیر ملکی اور 2 ینجرز اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    دھماکے کی ذمہ داری بلوچ علیحدگی و انتہا پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے مجید بریگیڈ نے قبول کرلی ہے، خود کش خاتون حملہ آور کی جاری کی گئی تفصیل کے مطابق خاتون کا نام شیری بلوچ ہے جو اعلیٰ تعلیم یافتہ تھی جبکہ ان کے شوہر بھی ڈاکٹر ہیں۔

    شیری بلوچ نے دھماکے سے قبل ٹویٹر پر بلوچ زبان میں الوداعی پیغام بھی پوسٹ کیا تھا۔

  • پاکستان کا ووہان سے اپنے شہری نہ نکالنا اعتماد کا اظہار ہے: چین

    پاکستان کا ووہان سے اپنے شہری نہ نکالنا اعتماد کا اظہار ہے: چین

    بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا کرونا سے شدید متاثر شہر ووہان سے اپنے شہری نہ نکالنے کا فیصلہ چین پر اعتماد کا اظہار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزیر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا گیا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے فون پر بات کی۔

    چینی دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے چینی وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات پہنچائیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کرونا وائرس کا پھہلاؤ روکنے کے لیے چینی اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

    چینی دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے چین کو وائرس کی روک تھام پر ہر ممکن مدد کی پیشکش کی، پاکستان جلد چین کے لیے طیارے کے ذریعے طبی سامان روانہ کرے گا۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام چین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستانی حکومت کو بھروسہ ہے کہ چین پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

    چینی دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا ووہان سے اپنے شہری نہ نکالنے کا فیصلہ چین پر اعتماد کا اظہار ہے، مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام چین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان کے اقدامات گہری دوستی کی عکاسی کرتے ہیں۔

    چینی دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے چین میں اپنے شہریوں کے لیے کیے گئے چینی اقدامات کو سراہا۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی شہر ووہان میں اب تک 304 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 15 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

    کرونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں 4 پاکستانی طلبہ بھی شامل ہیں جو ووہان میں موجود ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کمزور نظام صحت والے ممالک میں اس وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کا خدشہ ہے، وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔