Tag: chinese mother

  • کرونا وائرس: ماں نے بیٹی کی پڑھائی کے لیے ٹینٹ تعمیر کرلیا

    کرونا وائرس: ماں نے بیٹی کی پڑھائی کے لیے ٹینٹ تعمیر کرلیا

    بیجنگ: چین میں جان لیوا کرونا وائرس نے جہاں ایک طرف تو پورے ملک کو خوف کی لپیٹ میں لے رکھا ہے، وہیں لوگوں نے معمولات زندگی سے جڑے رہنے کے لیے نئے نئے طریقے ڈھونڈ لیے ہیں۔

    چین کے سب سے متاثرہ شہر ووہان سے ملحقہ ایک نواحی قصبے میں ایک ماں نے اپنی بیٹی کی پڑھائی کے لیے بانس اور پلاسٹک سے عارضی ٹینٹ تعمیر کرلیا۔

    یہ علاقہ کرونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کی زد میں ہے اور یہاں پر انٹرنیٹ کی رفتار بھی خاصی سست ہوگئی ہے۔ چند روز قبل ماں نے موبائل ہاتھ میں لے کر قصبے کا چکر لگایا تو دیکھا کہ قصبے کے داخلی حصے پر انٹرنیٹ کی رفتار صحیح ہے۔

    چونکہ پڑھائی کے دوران انٹرنیٹ سے معلومات کے حصول کی ضرورت پڑتی ہے لہٰذا ماں نے وہیں بیٹھ کر اپنی 7 سالہ بیٹی کو پڑھانے کا فیصلہ کرلیا اور اس مقصد کے لیے بانس اور پلاسٹک سے ایک عارضی ٹینٹ تعمیر کرلیا۔

    دونوں ماں بیٹی روزانہ ماسک پہن کر اس ٹینٹ کے اندر بیٹھ کر پڑھائی کرتے ہیں۔ ماں بیٹی کی ٹینٹ میں بیٹھ کر پڑھنے کی ویڈیو چینی میڈیا نے بھی نشر کی ہے۔

    خیال رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2 ہزار 236 ہوگئی ہے، وائرس سے روز 100 سے زائد افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں چین میں 889 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 75 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

  • چین میں برقی زینہ ماں کو نگل گیا، کمسن بچہ محفوظ رہا

    چین میں برقی زینہ ماں کو نگل گیا، کمسن بچہ محفوظ رہا

    بیجنگ: چین میں ایک خاتون ڈیپارٹمنٹل اسٹور کی ایکسیلیٹر کا پلیٹ فارم ٹوٹ جانے کے سبب الیکٹرانک سیڑھیوں میں پھنس کر ہلاک ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق 30 سالہ زیانگ لوئی جیان اپنے بیٹے کو گود میں تھامے ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے ایکسیلیٹر کے ذریعے اوپر آرہی تھی کہ برقی زینے کا پلیٹ فارم ٹوٹ گیا۔

    سیکیورٹی ویڈیو کیمرہ کی آن لائن گردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح خاتون جب برقی زینے سے اوپر آئی تو زینہ ٹوٹ گیا اور خاتون نے گرتے گرتے اپنے کم سن بیٹے کو آگے کی جانب دھکا دے دیا جسے نزدیک ہی موجود دکاندار نے کھینچ کر بچالیا۔

    chinese escalator

    ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے عملے کے ایک فرد نے خاتون کا ہاتھ پکڑ کراسے کھنیچنے کی کوشش کی لیکن برقی زینہ مسلسل گھومتا رہا اورچند ہی لمحوں میں زیانگ اس سسٹم میں نیچے کی جانب چلی گئی۔

    فائر فائٹرز نے چار گھنٹے کی جدو جہد کے بعد جب مشین کو کاٹ کر خاتون کو باہر نکالا تو وہ انتقال کرچکی تھیں۔