Tag: Chinese president

  • چین کے صدر پانچ سال بعد پہلے یورپی دورے پر پیرس پہنچ گئے

    چین کے صدر پانچ سال بعد پہلے یورپی دورے پر پیرس پہنچ گئے

    چینی صدر شی جن پنگ پانچ سال کے طویل عرصے بعد یورپ کا دورہ کررہے ہیں، اور وہ اس سلسلے میں فرانس پہنچ گئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی صدر کا پانچ سال کے بعد یورپ کا پہلا دورہ ہے۔

    فرانس کے بعد چین کے صدر روس کے دوست ممالک سربیا اور ہنگری کا بھی دورہ کریں گے۔

    چینی صدر کی اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکروں اور یورپی کمیشن کی صدر سے ملاقات شیڈول ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کے صدر کے دورہ یورپ کے ایجنڈے میں یوکرین کی جنگ، تجارت اور سرمایہ کاری سرفہرست ہیں۔

    مسلم مخالف منشور کو مہرہ بنا کر مودی سرکار کی انتخابات میں جیت کی تیاری

    اس دورے کا بظاہر مقصد چین کے یورپی ممالک کے ساتھ رابطوں میں بہتری لانا اور انہیں مزید مستحکم بنانا ہے۔

  • صدر مملکت آصف علی زرداری کا چینی صدر کو خط

    صدر مملکت آصف علی زرداری کا چینی صدر کو خط

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں  نے شکریہ ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے تہنیتی پیغام پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    صدر آصف علی زرداری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ چین کے ساتھ سدا بہار شراکت داری مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان اور چین محض پڑوسی نہیں بلکہ آہنی بھائی ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کی مضبوط دوستی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے کلید کی حیثیت رکھتی ہے، پاکستان اور چین نے  دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی۔

    صدر مملکت نے کہا کہ تاریخ نے پاکستان اور چین کو ایک منفرد رشتے میں جوڑا ہے مشترکہ خیالات سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

     صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ عملی تعاون مزید مستحکم  بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے صدر آصف زرداری کو پاکستان کے 14ویں صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔

    اپنے پیغام میں شی جن پنگ نے کہا تھا کہ چین اور پاکستان اچھے پڑوسی، دوست، شراکت دار اور بھائی ہیں اور دونوں ممالک کی آہنی دوستی دونوں عوام کے لیے قیمتی خزانہ ہے۔

  • یوکرین جنگ : پیوٹن نے چینی صدر کے امن منصوبے پر بات چیت کا عندیہ دے دیا

    یوکرین جنگ : پیوٹن نے چینی صدر کے امن منصوبے پر بات چیت کا عندیہ دے دیا

    ماسکو : روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں چین کی جانب سے یوکرین کے خلاف جنگ کے منصوبے پر بات چیت کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ سرکاری دورے پر روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچ گئے جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب پیوٹن سے ملاقات کی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ وہ چینی صدر کے ماسکو کے انتہائی متوقع دورے کے دوران یوکرین کے شدید بحران کو حل کرنے کے لیے شی جن پنگ کے 12 نکاتی منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    ملاقات میں دونوں ملکوں کے صدور نے ایک دوسرے کو پیارے دوست کہا روسی صدر نے کہا کہ ہم مذاکراتی عمل کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ چین نے گزشتہ ماہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ایک منصوبہ جاری کیا تھا، اس میں دشمنی بند کرنا اور امن مذاکرات کا دوبارہ آغاز شامل ہے لیکن جمعہ کو امریکہ نے متنبہ کیا کہ چین کا یہ امن منصوبہ ایک حربہ بھی ہوسکتا ہے۔

    قبل ازیں چینی صدر کا طیارہ روس کے مقامی وقت کے مطابق 12بجکر59منٹ پر پیر کو ماسکو کے ونوکووو ایئرپورٹ پر پہنچا، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، چینی صدر اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر20تا 22مارچ تک روس کا 3 روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔

  • چین اور سعودی عرب کے درمیان 110 ارب ریال کے معاہدے ہوں گے

    چین اور سعودی عرب کے درمیان 110 ارب ریال کے معاہدے ہوں گے

    ریاض: سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر چینی صدر آج سفارتی و تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ریاض پہنچیں گے، دونوں ممالک کے درمیان 110 ارب ریال کے معاہدے ہوں گے۔

    عرب نیوز کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ آج بدھ کو تین روزہ دورے پر مملکتِ سعودی عرب پہنچ رہے ہیں، جس کے دوران وہ سعودی اور عرب رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    چینی صدر کے دورے کے دوران 3 سربراہی اجلاس منعقد ہوں گے، جن میں سعودی چینی سربراہی اجلاس، ریاض خلیج چین سربراہی اجلاس برائے تعاون اور ترقی، اور ریاض عرب چین سربراہی اجلاس برائے تعاون اور ترقی شامل ہیں۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، شرکا میں دونوں ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے 30 سے زائد رہنما اور عہدے دار شامل ہوں گے، جو اجتماعات کی اہمیت اور ان کے اعلیٰ علاقائی اور بین الاقوامی پروفائل کو اجاگر کریں گے۔

    دونوں ممالک کے درمیان 20 سے زائد ابتدائی معاہدوں پر، جن کی مالیت 110 ارب ریال (29.3 ارب ڈالر) سے زیادہ ہے، ایک اسٹریٹجک پارٹنرشپ ڈیل کے ساتھ دستخط کیے جائیں گے، سعودی عرب کے وژن 2030 کی ترقی اور تنوع کے منصوبے کو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے ایک منصوبے پر بھی دستخط ہوں گے۔

  • چین کے سابق صدر انتقال کر گئے

    چین کے سابق صدر انتقال کر گئے

    بیجنگ: چین کے سابق صدر جیانگ زیمن انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے سابق صدر جیانگ زیمن بدھ کو 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ خون کے کینسر (لیوکیمیا) کے مرض میں مبتلا تھے، اور ان کے کئی اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

    جیانگ زیمن 1993 سے 2003 تک چین کے صدر رہے، ان کا انتقال رات سوا بارہ بجے آبائی شہر شنگھائی میں ہوا۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا نیوز کے مطابق موت کا اعلان حکمران کمیونسٹ پارٹی، پارلیمنٹ، کابینہ اور فوج کی طرف سے چینی عوام کے نام ایک خط شائع کرتے ہوئے کیا گیا۔

    خط میں لکھا گیا ہے کہ یہ اعلان ’گہرے غم‘ کے ساتھ کیا جا رہا ہے، کامریڈ جیانگ زیمن کی موت ہماری پارٹی اور ہماری فوج، عوام اور تمام نسلی گروہوں کے لوگوں کے لیے ناقابلِ حساب نقصان ہے۔

    خط میں سابق صدر کو ایک اعلیٰ وقار کے حامل رہنما، ایک عظیم مارکسسٹ، سیاست دان، فوجی حکمت عملی کا ماہر، سفارت کار اور ایک طویل آزمائشی کمیونسٹ جنگجو قرار دیا گیا۔

    جیانگ کو 1989 میں جمہوریت کے حامی مظاہرین کے خلاف تیانمن اسکوائر کے خونی کریک ڈاؤن کے بعد چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کی سربراہی کے لیے گمنامی کی حالت سے نکال کر سامنے لایا گیا تھا، اور انھوں نے ملک کو واقعے کے بعد کی سفارتی تنہائی سے باہر نکال دیا تھا، سابق صدر نے نہ صرف امریکا کے ساتھ تعلقات بلکہ بے مثال اقتصادی ترقی کی بھی نگرانی کی۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کی چینی صدر کو مبارک باد

    وزیر اعظم شہباز شریف کی چینی صدر کو مبارک باد

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ کو ایک اور مدت کے لیے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے ایک ٹوئٹ میں لکھا: ’’میں پوری قوم کی جانب سے چینی صدر کو سی پی سی کے جنرل سیکریٹری کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘

    انھوں نے لکھا: ’’یہ چین کے عوام کی خدمت کے لیے ان کی دانش مندانہ ذمہ داری اور غیر متزلزل لگن کو خراج تحسین ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ ایک اور مدت کے لیے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے ہیں، آئندہ پانچ سال کے لیے چینی صدر ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔

    چینی صدر شی جن پنگ کے حوالے سے اہم خبر

    چینی صدر نے خطاب میں کہا دنیا کو ہماری ضرورت ہے، ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہم پُرعزم ہیں، آئندہ سو سال مزید ترقی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔

    ان کی نئی ٹیم میں لی کیانگ، ژاؤ لیجی، وانگ ہوننگ، کائی کی، ڈنگ ژوئی ژیانگ اور لی ژی شامل کیے گئے ہیں، چین میں دو بار سے زائد صدارت کے عہدے پرپابندی تھی، گزشتہ روز نئی ترمیم کے بعد شی جن پنگ کے تیسری بار صدر منتخب ہونے کی راہ ہموار کی گئی۔

  • چینی صدر شی جن پنگ کے حوالے سے اہم خبر

    چینی صدر شی جن پنگ کے حوالے سے اہم خبر

    بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ ایک اور مدت کے لیے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور ملک کے صدر منتخب ہو گئے۔

    چینی میڈیا کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ تیسری بار 5 سال کے لیے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور ملک کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

    چین کی کمیونسٹ پارٹی نے ہفتے کے روز ملک کی تمام لیڈرشپ میں شی جن پنگ کی ’بنیادی پوزیشن‘ کی توثیق کی، اور انھیں تیسری مرتبہ پارٹی اور ملک کی باگ ڈور سونپی۔

    چینی صدر کی نئی ٹیم میں لی کیانگ، ژاؤ لیجی، وانگ ہوننگ، کائی کی، ڈنگ ژوئی ژیانگ اور لی ژی کو شامل کیا گیا ہے، چین میں دو بار سے زائد صدارت کے عہدے پر پابندی تھی، گزشتہ روز نئی ترمیم کے بعد شی جن پنگ کے تیسری بار صدر منتخب ہونے کی راہ ہموار کی گئی۔

    بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی کے ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اجلاس کے اختتام پر، چین کی حکمران جماعت نے بڑے پیمانے پر رد و بدل کی منظوری دی، متعدد اعلیٰ عہدیدار مستعفی ہوئے۔

    چینی صدر نے خطاب میں کہا ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں، آئندہ سو سال مزید ترقی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔

    الجزیرہ کے مطابق پارٹی کے 2 ہزار 300 مندوبین اجلاس میں شریک تھے اور اجلاس کو اچھی طرح سے منضبط کیا گیا تھا، تاہم اجلاس میں ایک ناخوش گوار واقعہ بھی پیش آیا، جب سابق چینی صدر ہوجن تاؤ کو عظیم ہال آف دی پیپل میں اختتامی تقریب سے باہر لے جایا گیا، اس سلسلے میں کوئی سرکاری وضاحت بھی جاری نہیں کی گئی ہے۔

    مندوبین نے پارٹی کے چارٹر میں تبدیلیوں پر مشتمل ایک قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی، قرارداد کے مطابق پارٹی کے تمام اراکین ’پارٹی سینٹرل کمیٹی اور مجموعی پارٹی میں کامریڈ شی جن پنگ کی بنیادی پوزیشن کو برقرار رکھنے‘ کے پابند ہوں گے۔

  • چینی صدر نے تائیوان مسئلے پر امریکہ کو خبردار کردیا

    چینی صدر نے تائیوان مسئلے پر امریکہ کو خبردار کردیا

      بیجنگ : چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکہ کو واضح الفاظ میں کہا ہے کہ تائیوان ہمارا حصہ ہے، اس حوالے سے امریکی حمایت نقصان دہ ثابت ہوگی۔فوجی وردی پہن کرچینی صدر نے امریکہ کو خبردار کردیا ہے۔

      غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے صدر نے پہلی بار فوجی وردی پہن کر تائیوان کے بارے میں امریکہ کو انتباہ دیا ہے۔

      فوجی وردی میں ملبوس چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ تائیوان کے لیے امریکہ کی حمایت آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

      انہوں نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ تائیوان کے معاملے میں فیصلہ کن بات وہی ہوگی جو چین چاہے گا، چین تائیوان کو اپنا اٹوٹ حصہ سمجھتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے تائیوان کی حمایت اور اسلحے کی فروخت متحدہ چین کی پالیسی کے خلاف اور اقتدار اعلیٰ کے منافی ہے۔

      دوسری جانب امریکہ اپنا بحری بیڑا آبنائے تائیوان روانہ کرکے علاقے میں مسلسل کشیدکی بنائے رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

  • چین کے صدر شی جن پنگ کا جون میں پاکستان کے دورے کا امکان

    چین کے صدر شی جن پنگ کا جون میں پاکستان کے دورے کا امکان

    اسلام آباد : چین کے صدر شی جن پنگ کا جون میں پاکستان آنے کا امکان ‌ہے، چینی صدر کی دورے کی حتمی تاریخوں کا تعین کیا جا رہا ہے، پاکستان اور چینی وزارت خارجہ اس حوالے سے آپس میں رابطے میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ جون میں پاکستان کا دورہ کریں گے، چینی صدر اعلٰی سطح وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے ، دفتر خارجہ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ انتہائی اہم نوعیت کا ہوگا، صدر کی دورے کی حتمی تاریخوں کا تعین کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں پاکستان اور چینی وزارت خارجہ اس حوالے سے آپس میں رابطے میں ہیں۔

    شی جن پنگ کے دورے کے دوران دونوں ممالک میں اہم معاہدوں پر دستخط اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ متوقع ہیں، عمران خان نے دورہ چین کے دوران شی جن پنگ کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر سے رابطہ کرکے چینی عوام کی مدد کے لیے پاکستانی ڈاکٹرز، فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستانی حکومت، عوام کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے چین کےساتھ ہے، کرونا وائرس کے بعد چین کے فوری، مؤثر اقدامات کو دنیا بھر میں سراہاگیا، چین وائرس پر قابو پانے میں کامیاب ہوگا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کی چینی عوام کی مدد کے لیے پاکستانی ڈاکٹرز بھیجنے کی پیشکش

    چینی صدر نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی جانب سے حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین کرونا وائرس کے خلاف بروقت اور تیز ترین اقدامات کر رہا ہے، چینی عوام کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کریں گے۔

    شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ پاکستانی طلبہ کی اپنے شہری کی طرح دیکھ بھال اور علاج کیا جا رہا ہے، پاکستانی طلبا کی حفاظت،صحت اور فلاح یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

    چینی صدر نے اقتصادی شراکت داری کو نئی جہتوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک پاک چین اقتصادی شراکت داری کا محور ہوگا۔

  • چینی صدر کا پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ: اعلامیہ

    چینی صدر کا پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ: اعلامیہ

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، ملاقات میں چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ میں ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیے کے مطابق چینی صدر نے وزیر اعظم عمران خان اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر خارجہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر ریلوے اور مشیر تجارت بھی موجود تھے۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے خطے میں امن کے لیے فوری طور پر مقبوضہ وادی سے کرفیو اٹھانے پر زور دیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھائے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز صورتحال پیدا کر رکھی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کا لاک ڈاؤن جاری ہے، کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔ اہم قومی امور پر چین نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی۔ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چین کا کردار اہم ہے، سی پیک کی جلد تکمیل ہماری پہلی ترجیح ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے چین کو تمام اہم امور پر مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ملاقات میں چینی صدر نے سماجی و معاشی ترقی پر مبنی حکومتی ایجنڈے کو بھی سراہا۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مضبوط اور وسیع تر کرنے پر اتفاق ہوا۔ صدر شی جن پنگ نے سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے قومی و علاقائی معاشی ترقی کے عمل میں مدد ملے گی۔

    چینی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات سے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

    چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغان مسئلے کے پر امن حل پر اتفاق کیا۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر اظہار اطمینان کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے مزید فروغ پر بھی اتفاق ہوا۔