Tag: Chinese President Xi Jinping

  • چینی صدر شی چن پنگ آج پارلیمنٹ  سے خطاب کریں گے

    چینی صدر شی چن پنگ آج پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: چینی صدر شی چن پنگ آج  پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سےخطاب کریں گے۔

    چین کے صدر شی چن پنگ آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، چینی صدر کو نشان پاکستان سےبھی نوازا جائے گا، وزیر اعظم نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ رضا ربانی چینی صدر کا استقبال کریں گے۔

    وزرائے اعلیٰ ، گورنر ، مسلح افواج کے سربراہ ، سفارت کار اور دیگر اہم شخصیات پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بطور مہمان شرکت کریں گے۔

    چینی صدر کے مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کے بعد قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اظہارِ خیال کریں گے اور پھر وزیرِاعظم نوازشریف پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔

    چین کے صدر، ایوان میں تمام پارلیمانی سربراہوں ،اسپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سےملاقات کریں گے۔

    چینی صدرآج گرین پارلیمنٹ سولر پاور پراجیکٹ کا افتتاح بھی کریں گے، منصوبے کی مجموعی لاگت 66 کروڑ ہوگی۔

    گزشتہ روز وزیرِاعظم نوازشریف اور چینی صدر شی جن پنگ نے آٹھ ترقیاتی منصوبوں کی نقاب کشائی کی جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی اکاون یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

    چینی صدر کا تاریخی دورۂ پاکستان میں وزیرِاعظم نوازشریف اور چینی صدرشی جن پنگ نے بجلی کے پانچ منصوبوں سمیت آٹھ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، پاک چین اقتصادی تکنیکی معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے، آپٹیکل فائبرمنصوبوں کا بھی آغاز کردیا گیا ہے، پنجاب میں نو سو میگا واٹ کےشمسی توانائی کےمنصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا جبکہ شاہراہ قراقرم کی اپ گریڈیشن کی مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے، پاک چین مفاہمت کی اکیاون یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

    جن منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ان میں میٹرو ٹرانزٹ سسٹم ،اورنج لائن لاہور کا منصوبہ بھی شامل ہیں، بہاولپور میں سو میگاواٹ کے سولر پارک، اسلام آباد میں ایف ایم ریڈیو نائنٹی ایٹ دوستی چینل، ڈی ٹی ایم بی براڈکاسٹنگ ،اسمال ہائیڈرو پاور مشترکہ ریسرچ، پاک چین ثقافتی مرکز کے قیام،انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا کی لاہور برانچ اور سات سو بیس میگاواٹ کے پن بجلی منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا۔

    یاد رہے کہ چینی صدر کا طیارہ جب پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو پاک فضائیہ کے طیاروں نے اپنے حصار میں لے لیا تھا، معزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ جے ایف سترہ تھنڈرطیاروں نے فلائی پاسٹ کیا۔

     نورخان ایئربیس پر چین کے صدرشی چن پنگ کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا اور اکیس توپوں کی سلامی دی گئی، صدر ممنون حسین اور وزیرِاعظم نوازشریف نے چین کے صدر کا استقبال کیا۔

    معزز مہمان کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی دی، چین کے صدر شی چن پنگ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراء سے مصافحہ کیا۔

    صدر شی چن پنگ چین کی خاتون اول، سینئروزرا،کمیونسٹ پارٹی کےاعلیٰ حکام کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں۔ چین کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان بھی چینی صدر کے ہمراہ ہیں۔

  • پاکستان اور چین کے درمیان وفد کی سطح پر مذاکرات شروع

    پاکستان اور چین کے درمیان وفد کی سطح پر مذاکرات شروع

    اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات وزیراعظم ہاؤس میں شروع ہوگئے ہیں، چینی وفد کی قیادت صدر شی چن پنگ جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم نوازشریف کررہے ہیں۔

    وفود کی سطح پر مذاکرات کے لئے وزیرِاعظم ہاؤس پہنچنے پر چین کے صدرشی چن پنگ کا استقبال وزیرِاعظم نوازشریف نے کیا، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا۔

    چینی صدرشی چن پنگ کا کہنا ہے کہ  پاک چین دوستی کے رشتے کو مضبوط بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، پاک چین دوستی ہمارا مشترکہ اثاثہ ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ  باہمی تعاون کا اہم باب ہے۔

    چینی صدر نے کہا کہ پاک چین دوستی کا فروغ شاندار مستقبل کا ایجنڈا ہے، اعلی سطحوں کر رابطے اور تعاون کے فروغ پر بے حد خوش ہے۔

    شی چن پنگ نے کہا کہ پاک چین تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں، علاقائی  اور عالمی امور پر ہمارا مؤقف یکساں ہے، رواں سال پہلے غیر ملکی دورہ کیلئے پاکستان کا انتخاب کیا۔

    وزیرِ اعظم نواز شریف کا کہنا  ہے کہ چینی صدر شی چن پنگ کی آمد ہمارے لئے باعث فخر ہے، چین کے عوام نے ہمیشہ ہمارا پُرجوش استقبال کیا، چین کی خاتون اول کی آمد کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔

    وزیرِ اعظم  نے کہا کہ دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پُر عزم ہے، چین ہمارا با اعتماد اور مضبوط دوست ہے، پاکستانی عوام عظیم دوست کے دورے کی بے تابی سے منتظر تھی۔

    ،

  • چینی صدر آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں

    چینی صدر آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں

    اسلام آباد: چینی صدرشی چن پنگ دو روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، اپنے دورے میں وہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے اور اقتصادی تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

    چینی صدر شی چن پنگ اپنے دو روزہ دورے کے دوران صدر اور وزیرِاعظم سمیت اہم شخصیات سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، دونوں ممالک کے وفاقی وزراء اور سینئیر حکام بھی ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر بات چیت کریں گے۔

    ملاقاتوں کے بعد پنتالیس ارب ڈالر کے منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے، چینی صدر مسلح افواج کے سربراہان اور چئیر مین جوائنٹ چیف آف اسٹاف سے بھی ملاقات کریں گے۔

    اس دوران پاک چین تعلقات اور دفاعی شعبوں میں تعاون کے امور پر بھی بات چیت کی جائے گی، چینی صدر کے دورے کے دوران چار سو سولہ پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔

  • چینی صدر ژی جن پنگ کے پاکستان کے دورے کا شیڈول جاری

    چینی صدر ژی جن پنگ کے پاکستان کے دورے کا شیڈول جاری

    اسلام آباد: چینی صدر ژی جن پنگ کے پاکستان کے دورے کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، چین کے صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

    چین کے صدر دو روزہ سرکاری دورے پر بیس اپریل کو پاکستان پہنچیں گے ۔ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ ان کے وفد میں سینیر وزرا، اور کمیونسٹ پارٹی کے حکام کے علاوہ بڑے سرمایہ کار اداروں کے سربراہان بھی ہوں گے۔

    چین کے صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، پاکستان اور چین کے درمیان مختلف سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے۔

    صدر ژی جن پنگ کی وزیرِاعظم نواز شریف سے ملاقات ہوگی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوگا، چینی صدر کے دورے میں توانائی ، مواصلات ، انفراسٹرکچر کےشعبوں میں سمجھوتے ہوں گے۔

    ایک خصوصی تقریب میں انہیں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان دیا جائے گا۔

  • چین کے صدر 20  اور 21 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے،  دفترخارجہ

    چین کے صدر 20 اور 21 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے، دفترخارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے چین کے صدر بیس اور اکیس اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ چین کے صدر ژی جن پنگ پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے، چین کے صدر ژی جن پنگ کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی صدر اپنی اہلیہ سمیت ساٹھ رکنی وفد کے ہمرا ہ دو روزہ دورے پر پاکستان آ رہے ہیں، اس موقع پر وہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق چینی صدرپاکستان اور خطے سے متعلق چین کی پالیسی کا اعلان بھی کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اہم اہم معاہدے ہونگے۔

    چین نے پارلیمنٹ ہاؤس کی بجلی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے ایک منصوبے کی بھی پاکستان کو پیشکش کی ہے، اس منصوبے سے ایک اعشاریہ آٹھ میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی،  جسے تیس ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا، یہ منصوبہ چین کی طر ف سے پاکستان کے لئے ایک تحفہ ہے۔

    دوسری جانب پاکستان کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے کشمیری رہنماؤں کے خلاف مقدمات پر اختلافات ہیں، کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، بھارت کے دفائی بجٹ میں اضافہ خطے کیلئے نقصان دہ ہے، ہم نے سرینگر کا مسئلہ مناسب فورم پر اٹھایا۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ سعودی وزیر مذہبی امور کا دورہ پاکستان معمول کا تھا، سعودی وزیر مذہبی امور کا دورہ اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر تھا۔سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے پاکستانی وفد آج واپس پہنچے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ یمن میں قید گیارہ پاکستانی کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، بھارتی کی جانب سے مظاہرین پر تشدد غیر قانونی ہے، ہم ٹویٹ پر رد عمل نہیں دیتے، انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کا کوئی سرکاری بیان نہیں آیا۔

  • چینی صدر پاکستان کا دورہ 17 سے 19 اپریل تک کریں گے

    چینی صدر پاکستان کا دورہ 17 سے 19 اپریل تک کریں گے

    اسلام آباد: چینی صدر شی جنگ پنگ سترہ سے انیس اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    پاکستان اور چین کے درمیان چینی صدر کے دورہ پاکستان کی تاریخوں پر اتفاق ہوگیا ہے، چینی صدر شی جنگ پنگ سترہ سےانیس اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گے، دورے کی حتمی تاریخوں کا اعلان یمن کی صورتحال کو مدِ نظررکھ کر کیا جائے گا۔

    پاک فوج کی اسپیشل سیکیورٹی فورس چینی صدرکی سکیورٹی کے فرائض ادا کرے گی۔

    گزشتہ روز ہی اسپیشل سیکیورٹی فورس کا قیام صدارتی آرڈیننس کے زریعہ عمل میں لایا گیا ہے۔

  • چینی صدر کا دورہِ پاکستان ملتوی

    چینی صدر کا دورہِ پاکستان ملتوی

    اسلام آباد: ہمسایہ ملک چین کے صدر نے رواں میں کیا جانے والا دورہِ پاکستان ملتوی کردیا ہے، دورہ ملتوی کرنے کی وجوہات اسلام آباد میں امن و امان کی صورتِ حال کا خراب ہونا بتایا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد رانا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے پندرہ ستمبر کو پاکستان آنا تھا ۔ چین سے آئی ہوئی سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے کلئیرنس نہ ملنے پر ملتوی کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس سے پہلے چینی صدر کے دورے کے موقع پر ان کی مصروفیات اور دیگر سرگرمیاں لاہور منتقل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تھی لیکن یہ تجویز منظور نہیں کی گئی۔

    اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک ِ انصاف کی جانب سے دئے گئے دھرنوں کے باعث امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت مین موجودچین کی سیکیورٹی ٹیم نے کلیئرنس نہیں دی۔

    اے آروائی نیوز کے بیورو چیف (اسلام آباد) صابر شاکر نے بتایا کہ چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے کا با ضابطہ اعلان دفترِ خارجہ نے نہیں کیا بلکہ وفاقی حکومت کے ذرائع سے یہ اطلاع موصول ہوئی ہے اور دورہ عارضی طور پر ملتوی کیا گیا ہے۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے دورہ ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شیڈول کو ری شیڈول کرائے۔