Tag: Chingchi

  • دوستوں کی محبت سے سرشار کم عمر ڈرائیور نے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں

    دوستوں کی محبت سے سرشار کم عمر ڈرائیور نے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں

    چنیوٹ کا 10 سالہ اصغر دوستوں کی محبت میں چنگچی رکشہ چلا کر انہیں اسکول پہنچانے لگا لیکن کم عمر ڈرائیور نے اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں 10 سالہ اصغر چنگچی رکشہ چلانے لگا۔

    یہ چنگچی رکشہ اس کے چچا کا ہے، اصغر اور اس کے دوستوں کو اسکول جانے میں بے حد مشکلات کا سامنا تھا جس کا حل اصغر نے یہ نکالا کہ وہ خود چنگچی چلا کر دوستوں کو اسکول پہنچانے لگا۔

    اصغر کا یہ اقدام تو انسانیت اور دوستوں کی محبت کے جذبے سے سرشار تھا، تاہم اس کی اس محبت نے خود اس کے ساتھ دیگر افراد کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دیں۔

    مرکزی سڑک پر تیز رفتار دوڑتی گاڑیوں کے دوران چنگچی چلاتا ننھا اصغر کسی بھی حادثے کا شکار ہوسکتا ہے جس سے نہ صرف اسے بلکہ دوسروں کی جان کو بھی خطرہ ہے۔

    اصغر کے والدین، اہل علاقہ اور مقامی پولیس تاحال اس صورتحال سے بے پروا نظر آرہی تھی تاہم اب میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد اسکول انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے۔

  • کراچی میں چنگچی رکشے چلانے کی اجازت

    کراچی میں چنگچی رکشے چلانے کی اجازت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چنگچی رکشے قانونی طور پر چلانے کی اجازت دے دی گئی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی سندھ حکومت نے آن لائن ٹیکسی سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت چنگچی رکشوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

    چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ چنگچی رکشے لائسنس اور فٹنس کے بعد سڑک پر چل سکیں گے، سپریم کورٹ کے احکامات پر رکشوں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے۔

    چیف سیکریٹری نے کہا کہ چنگچی رکشوں کا راستہ ماس ٹرانزٹ اور اہم شاہراہوں کو متاثر نہیں کرے گا۔

    سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ شہر میں 6 راستوں پر چنگچی رکشوں کی اجازت دی گئی ہے۔

    رکشوں کا روٹ یو پی سے خواجہ اجمیر نگری، ناگن چورنگی سے اقرا یونیورسٹی نارتھ کیمپس، بکرا منڈی سے لی مارکیٹ، بکرا منڈی سے منگھو پیر روڈ، 2 منٹ چورنگی سے نارتھ کراچی 6 نمبر، اور ناگن سے گودھرا موڑ رکھا گیا ہے۔

    اجلاس میں چنگچی رکشوں پر فیئر میٹر کی تنصیب لازمی قرار دی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر ٹر انسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا تھا کہ حکومت سندھ نے آن لائن ٹیکسی سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آن لائن ٹیکسی نے سندھ حکومت سے اجازت نہیں لی۔

    اویس شاہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ٹیکسی سروس والے حکومت سندھ کی کوئی بات نہیں مان رہے، آن لائن موٹر سائیکل سروس بند کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔