Tag: chiniot

  • ملزمان قبر کھود کر اندر گھسنے کی کوشش کے دوران گرفتار

    ملزمان قبر کھود کر اندر گھسنے کی کوشش کے دوران گرفتار

    چنیوٹ: پنجاب کے شہر چنیوٹ میں ملزمان قبر کھود کر اندر گھسنے کی کوشش کے دوران گرفتار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ شہر اور گرد و نواح میں ایک جعلی پیر سرگرم ہو گیا ہے، جس کے کہنے پر تعویذ گنڈوں کے لیے قبروں کی بے حرمتی کی جا رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تعویذ گنڈوں کے لیے قبروں کی بے حرمتی کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان قبر میں گھسنے کی کوشش کے دوران پکڑے گئے۔

    پولیس کے مطابق جعلی پیر اجمل کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق جعلی پیر اجمل کے کہنے پر اس کے مرید تعویذ گنڈوں کے لیے قبریں کھود کر بے حرمتی کرتے ہیں، جب کہ جعلی پیر سادہ لوح لوگوں سے اس طرح رقم ہتھیا کر کاروبار چلا رہا ہے۔

    قبروں کی بے حرمتی کے سلسلے میں درج ایف آئی آر کے مطابق مدعی کا کہنا تھا کہ وہ دادی بھاؤ قبرستان میں اپنے والد کی قبر فاتحہ خوانی کے لیے گئے تھے، انھوں نے دیکھا کہ دو ملزمان نے ان کے والد کی قبر کھودی ہوئی تھی، ملزمان نے انھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

    پولیس کے مطابق جعلی پیر کے چیلے تعویز گنڈے کے لیے قبریں کھود کر اندر داخل ہو جاتے تھے، تاہم اہل علاقہ نے ملزمان حامد اور اسد کو قبر کھود کر داخل ہوتے پکڑا اور پولیس کے حوالے کیا۔

  • پاکستان کی اس خوبصورت عمارت کو منحوس محل کیوں کہا جاتا ہے؟

    پاکستان کی اس خوبصورت عمارت کو منحوس محل کیوں کہا جاتا ہے؟

    کراچی : چنیوٹ کا تاج محل جو ایک تاجر نے اپنے بیٹے کے لیے بنایا، اس محل کو کبھی یتیم خانہ بنایا گیا تو کبھی لائبریری اور کچھ لوگ اسے منحوس محل بھی کہتے ہیں۔

    پاکستان کے مشہور شہر چنیوٹ میں قائم "تاج محل” اپنی مثال آپ ہے، یہ عمارت اپنے طرزِ تعمیر میں انفرادیت اور آرائش کے اعتبار سے نہایت خوب صورت تھی۔

    چودہ مرلے پر تعمیر کی گئی یہ پانچ منزلہ خوبصورت اور دیدہ زیب عمارت70فیصد لکڑی سے بنائی گئی ہے اور اس پر کیا گیا کندہ کاری کا کام دیکھنے والوں کو آج بھی حیرت زدہ کردیتا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق کلکتہ کے ایک کامیاب تاجر شیخ عمر حیات نے پاکستان ہجرت کے بعد اسے اپنے بیٹے کے لیے1935 تعمیر کروایا تھا۔ جس کا نام گلزار حیات تھا۔ اسی لیے یہ عمارت گلزار منزل بھی کہلاتی ہے۔

    شیخ عمر حیات کی اہلیہ اور گلزار کی والدہ فاطمہ بی بی نے اپنے بیٹے کی شادی بڑی شان و شوکت کے ساتھ کی  مگر شادی کی اگلی ہی صبح بیٹا دنیا سے کوچ کر گیا۔ یہ ایک پُراسرار واقعہ تھا۔

    ماں نے اپنے بیٹے کو محل کے صحن میں دفن کروایا اور خود بھی دنیا سے رخصت ہوگئی۔ ان دونوں ماں بیٹا کی قبریں بھی اسی محل میں بنائی گئی ہیں۔ اسی حوالے سے کچھ لوگ اسے منحوس محل بھی کہتے ہیں۔

  • پولیو کا شکار ساجد علی پاکستان کو پولیو فری بنانے کے مشن پر

    پولیو کا شکار ساجد علی پاکستان کو پولیو فری بنانے کے مشن پر

    چنیوٹ: جسمانی معذوری کسی شخص کی رفتار جسمانی طور پر تو کم کرسکتی ہے، لیکن اس کے عزم و حوصلے اور خوابوں کو نہیں ختم کرسکتی، چنیوٹ کے ساجد علی اس کی جیتی جاگتی مثال ہیں۔

    صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ کے ساجد علی عزم و حوصلے کی تصویر ہیں، ساجد علی محکمہ صحت چنیوٹ کے ملازم ہیں اور وہ انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر پولیو پلانے کا کام کرتے ہیں۔

    ساجد علی خود بھی پولیو کا شکار ہیں، وہ بچپن میں ہی پولیو وائرس کا شکار ہو کر معذوری میں مبتلا ہوگئے تھے لیکن اس معذوری نے انہیں جینے کا ایک مقصد دے دیا ہے۔

    اب ان کا مشن ملک کی نئی نسل کو پولیو سے بچانا ہے اور اس مشن میں وہ کبھی اپنی معذوری کو آڑے آنے نہیں دیتے۔

    10 سال سے انسداد پولیو مہم سے وابستہ ساجد نہ صرف بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہیں بلکہ والدین سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔

    انہوں نے کبھی اپنی معذوری کو کمزوری نہیں بنایا، ساجد کا خواب پولیو فری پاکستان ہے اور اپنے اس خواب کی تکمیل کے لیے وہ دن رات مصروف عمل ہیں۔

  • شوہر بیوی کو جوئے میں ہار گیا، جواریوں سے تعلقات نہ بنانے پر چھری سے حملہ

    شوہر بیوی کو جوئے میں ہار گیا، جواریوں سے تعلقات نہ بنانے پر چھری سے حملہ

    چنیوٹ : جواری شوہر اپنی بیوی کو جوئے میں ہار گیا، جواریوں کے ساتھ تعلقات بنانے کے انکار پر تیز دھار آلے سے اس کا چہرہ بگاڑ دیا, زخمی خاتون جان بچا کر تھانے پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں خواتین پر تشدد کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، چنیوٹ کے نواحی علاقے میں شوہر علی رضا نے بیوی مہوش کے چہرے پر تیز دھار آلے سے زخم لگا دیئے، زخموں سے چُور خاتون تھانے پہنچ گئی۔

    مہوش نے پولیس کو بیان دیا کہ میں نویں کلاس کی طالبہ ہوں پیپر دینے کیلئے اپنے میکے گئی ہوئی تھی، گزشتہ رات علی رضا مجھے واپس گھر لے گیا۔

    شوہر جوئے میں مجھے ہارگیا تھا اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کا کہا، میرے انکار پرعلی رضا غصے میں آگیا اور مجھے کمرے میں بند کردیا، شوہر نے تیز دھار آلے سے میرے چہرے پر کٹ لگائے۔

    مہوش کا کہنا تھا کہ نویں جماعت کی طالبہ ہوں، شوہرنے میری رول نمبر سلپ بھی پھاڑ دی، شوہر نے دھمکی دی تھی بات نہ مانی تو مستقبل بھی خراب کردوں گا۔

    میں نے زخمی حالت میں گھر سے بھاگ کر جان بچائی، مہوش کے اہلخانہ نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • چنیوٹ میں خاوند نے بیوی بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    چنیوٹ میں خاوند نے بیوی بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    چنیوٹ: صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں سفاک شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے علاقے رائے چند میں اعجاز نامی شخص نے اپنی بیوی اور بچوں کو گولیاں مارکر خودکشی کرلی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے پیش آیا، مزید تحقیقات کر رہے ہیں، ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں اعجاز کی بیوی ، دو بیٹیاں اور بیٹا شامل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں خاوند نے بیوی، دو بیٹیوں اور بیٹے کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد خود کو کمرے میں بند کر کے آگ لگا کرخودکشی کرلی تھی۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 2 بچوں نے بھاگ کر جان بچائی جن کی عمر 7 سے 10 سال کے درمیان تھی۔

    واضح رہے کہ رواں سال 30 جنوری کو کوئٹہ میں محمد عاشق نامی شخص نے گھریلو ناچاقی پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں اس کی اہلیہ جاں بحق جبکہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی تھی۔

  • ہیکرز نے چنیوٹ کے شہری کا بھی بینک اکاؤنٹ لوٹ لیا

    ہیکرز نے چنیوٹ کے شہری کا بھی بینک اکاؤنٹ لوٹ لیا

    چنیوٹ: ہیکرز نے ایک اور شہری کا بینک اکاؤنٹ ہیک کر کے زندگی بھر کی کمائی لوٹ لی، چنیوٹ کے شہری نے چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ہیکرز نے ایک اور شہری کا بینک اکاؤنٹ شکار کر لیا، چنیوٹ کے شہری عبداللہ کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹ لی۔

    [bs-quote quote=”ہیکر نے بینک کے آفیشل نمبر سے کال کی اور اکاؤنٹ کی معلومات اور پن کوڈ مانگا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ہیکر نے اس بار بینک کے آفیشل نمبر سے کال کر کے شہری سے اس کے اکاؤنٹ کی معلومات اور پن کوڈ مانگا۔

    عبد اللہ کی طرف سے ہیکر کو تفصیلات کی فراہمی کے بعد ان کے اکاؤنٹ سے ہیکر نے پونے 6 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر لیے۔

    لٹنے والے شہری عبد اللہ نے بینک کے عملے پر تعاون نہ کرنے کا الزام لگا دیا، ان کا کہنا تھا کہ بینک کا عملہ ان کے ساتھ تعاون نہیں کر رہا ہے۔

    عبد اللہ نے وزیرِ اعظم عمران خان اور چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کر دی۔ کہا میری عمر بھر کی کمائی لوٹی گئی ہے، مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ہیکر نے ریٹائرڈ سائنس دان کے اکاؤنٹ سے 30 لاکھ روپے نکال لیے


    یاد رہے کہ گزشتہ روز خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) کے ریٹائرڈ چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر یوسف خلجی کے اکاؤنٹ سے بھی 30 لاکھ روپے غائب کر دیے گئے تھے۔

    بزرگ شہری نے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ بینک فراڈ ہوا ہے۔

    ڈاکٹر یوسف خلجی کا کہنا تھا کہ ان کے پنشن اکاؤنٹ سے 25 اور 26 اکتوبر کو 30 لاکھ روپے نکلوائے گئے ہیں، اور بینک حکام اور ایف آئی اے کو درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

  • چنیوٹ: لیڈی ڈاکٹر کی فرض شناسی، خاتون نے رکشے میں بچی کو جنم دے دیا

    چنیوٹ: لیڈی ڈاکٹر کی فرض شناسی، خاتون نے رکشے میں بچی کو جنم دے دیا

    چنیوٹ : لیڈی ڈاکٹر نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بر وقت پہنچ کر رکشے میں زچگی کا مرحلہ مکمل کرکے حاملہ خاتون اور بچے کی جان بچالی۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے بنیادی مرکز صحت رجوعہ سادات سے چند گز کے فاصلے پر رکشے میں بچے کی پیدائش کا واقعہ پیش آیا ہے، رجوعہ سادات آنے والی حاملہ خاتون کی حالت رکشے میں بگڑ گئی۔

    مرکز صحت کی لیڈی ڈاکٹر نے فرض کی ادائیگی کی مثال قائم کردی، مقامی مدرسے کی ملازمہ مریم کو اس کا شوہر غلام نبی رکشے میں لے کر آرہا تھا کہ مرکز سے کچھ فاصلے پر ہی خاتون کی حالت غیر ہوگئی۔

    مزید پڑھیں: سکھر، خاتون نے رکشا میں بچی کوجنم دے دیا، آکسیجن نہ ہونے پر نومولود جاں‌ بحق

    خاتون کا شوہر  بھاگ کر مرکز پہنچا اور ڈاکٹر کو مطلع کیا، لیڈی ڈاکٹر یاسمین اطلاع ملتے ہی بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ہنگامی طور پر رکشے کو چادر سے ڈھانپ کر زچگی کے عمل کو مکمل کرکے دو قیمتی جانیں بچالیں، زچگی کے بعد زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔

  • پیپلز پارٹی یوٹرن لیتی ہے نہ شو بازی کرتی ہے: بلاول بھٹو

    پیپلز پارٹی یوٹرن لیتی ہے نہ شو بازی کرتی ہے: بلاول بھٹو

    چنیوٹ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی یوٹرن لیتی ہے نہ شو بازی کرتی ہے، الیکشن میں دھاندلی سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو 2 ناموں نے یرغمال رکھ ہے، دو جماعتوں نے پنجاب کو ذاتی نظریے کے لیے استعمال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں، پنجاب کے عوام ایک نظریاتی پارٹی کے انتظار میں ہیں۔ وہ چاہتے ہیں ان کے مسائل پیپلز پارٹی حل کرے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ عوام جانتے ہیں پیپلز پارٹی کے خلاف کس قسم کی سازشیں بنائی گئیں، سازشوں کا مقصد تھا پیپلز پارٹی کو ملک بھر میں پھیلنے سے روکا جائے، لوگ چاہتے ہیں ان کے مسائل پر بات ہو گالم گلوچ نہ ہو۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی یوٹرن یا شو بازی نہیں عوام کے لیے کام کرتی ہے، میثاق جمہوریت کے بارے میں شاہ محمود قریشی اچھی طرح جانتے ہیں۔ میثاق جمہوریت کے ذریعے ہم مضبوط نظام بنا سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جیسی جماعتیں آئین کو کمزور کرتی ہیں، پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں جا کر آئین کو مضبوط کرے گی، پیپلز پارٹی آج بھی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ووٹ لینے آؤ گے تو منہ کی کھانی پڑے گی، شہریوں کی ن لیگی امیدواروں کو وارننگ

    ووٹ لینے آؤ گے تو منہ کی کھانی پڑے گی، شہریوں کی ن لیگی امیدواروں کو وارننگ

    چنیوٹ : صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ کی عوام نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو وارننگ دی ہے کہ ووٹ لینے آؤ گے تو منہ کی کھانی پڑے گی جبکہ شہریوں نے مختلف علاقوں میں تنبیہ کے بینرز آویزاں کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں بھی مسلم لیگ ن کو عوامی احتساب کا سامنا ہے، ن لیگ کے آزمائے ہوئے امیدواروں کے خلاف عوام نے بینرز لگا دیئے ہیں، اہلیان حلقہ کا کہنا ہے کہ پچھلے دس سال میں علاقے میں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، ہم مفاد پرستوں اور لٹیروں کو ووٹ نہیں دیں گے اور ایسے امیدواروں کا بائیکاٹ کریں گے۔

    بینرز سابقہ ایم این اے قیصراحمد شیخ اور سابقہ ایم پی اے مولانا الیاس چنیوٹی کے خلاف آویزاں کئے گئے ہیں، جس پر تحریر کیا ہے ووٹ لینے آؤ گے تو منہ کی کھانی پڑے گی۔

    یاد رہے چند روز قبل چینوٹ میں ن لیگ کے قصر شیخ جب 5 سال بعد ووٹ مانگنے پہنچے تو ناراض اہل علاقہ نے انہیں گھیر لیا تھا اور کارکردگی کا حساب مانگ لیا “وعدے پورے کیوں نہیں کیے ، پانچ سالوں کا حساب دو۔

    الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوارآج سے تیئس جولائی تک انتخابی مہم چلاسکیں گے جبکہ امیدوار پولنگ سےاڑتالیس گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔

    واضح رہےکہ ملک میں 25 جولائی کو عام انتخابات ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • شہباز شریف چنیوٹ میں، شہریوں کا زمین پر لیٹ کر احتجاج

    شہباز شریف چنیوٹ میں، شہریوں کا زمین پر لیٹ کر احتجاج

    چنیوٹ: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چنیوٹ کا دورہ کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو اسپتال کی تعمیر نو اور توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد اسپتال کا افتتاح کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ آمد پر اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اسپتال کی تعمیرِ نو پر 12 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ ہوئے، جب کہ ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کی تعمیر پرایک کروڑ 10 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

    شہباز شریف نے اسپتال میں ہونے والے اضافوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ای سی جی، الٹراساؤنڈ کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، بلڈبینک، سی ٹی اسکین، لیپرو اسکوپک سرجری کے شعبے قائم کیے گئے ہیں جب کہ فزیوتھراپی، تھیلے سیمیا اور کارڈیالوجی وارڈ بنائے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ ایکسرے اورسی ٹی اسکین اسپتال میں بالکل مفت ہوں گے، اسپتال میں پیتھالوجی لیب بھی بنائیں گے، جس میں خون کے ٹیسٹ بالکل مفت کیے جائیں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے ووٹ دیا اور ہم پھر حکومت میں آئے تو ایک سال میں اسپتال کی ایک اور نئی عمارت بنائیں گے، ایک زمانہ تھا اس اسپتال میں کوئی آنا نہیں چاہتا تھا، آج یہاں عوام کارش دیکھ کر دلی سکون محسوس ہوا۔

    پاک فضائیہ کے تعاون سے فورٹ منرو اسپتال کا منصوبہ اہم سنگ میل ہے، شہباز شریف


    شہریوں کا زمین پر لیٹ کر احتجاج


    دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کی چنیوٹ آمد پر شہریوں نے زمینوں پر قبضے کے خلاف شدید احتجاج کیا، شہریوں نے زمین پر لیٹ کر پٹواریوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، تاہم شہباز شریف ان کی شکایت سنے بغیر انھیں مایوس کرتے ہوئے وہاں سے روانہ ہوگئے۔

    قبل ازیں مظاہرین کے احتجاج نے کمشنر کی دوڑیں لگوا دیں، مشتعل مظاہرین کو پولیس کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، مظاہرین کو روکنے کے لیے کمشنر مومن آغا بھی پہنچ گئے، کمشنر خود پولیس کے ساتھ مظاہرین کو باہر نکالتے رہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز میاں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں بھی پاک فضائیہ کے تعاون سے تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتال فورٹ منرو کے منصوبے کے سلسلے میں ایک یادداشت پر دستخط کیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔