Tag: chiniot

  • شوہرکے قتل کے الزام میں قید خاتون اٹھارہ سال بعد باعزت بری

    شوہرکے قتل کے الزام میں قید خاتون اٹھارہ سال بعد باعزت بری

    لاہور : عدالت نے شوہر کے قتل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والی رانی بی بی کو اٹھارہ سال بعد باعزت بری کر دیا۔ بدقسمت خاتون جیل انتظامیہ کے رویے کی وجہ سے طویل عرصہ انصاف سےمحروم رہی۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کی رہائشی رانی بی بی کو شوہر کے قتل کے الزام اٹھارہ سال جیل کی ہوا کھانے کے بعد آخر کار انصاف مل ہی گیا، لاہور ہائی کورت نے خاتون کو الزام سے باعزت بری کر کے رہائی کا حکم دے دیا۔

    یہ ہی نہیں عدالت کی جانب سے رہائی کا پروانہ ملنے کے باوجود رانی بی بی کو ڈیڑھ ماہ بعد جیل سے رہا کیا گیا، اٹھارہ سال قبل جب وہ کال کوٹھری میں ڈالی گئی تو کم عمر تھی، تنگ و تاریک کوٹھڑی میں رہنے والی نے اپنا سب کچھ کھو دیا، اس دوران رانی بی بی کا والد محمد امیر جیل میں ہی انتقال کر گیا تھا۔

    سال انیس سو اٹھانوے میں خاتون پر شوہر اصغر کے قتل کا الزام لگاتھا، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ رانی بی بی کیخلاف قتل کا کوئی ثبوت نہیں ملا، مقتول اصغر کے بھائی نے مقدمے میں رانی بی بی کے والد، والدہ، بھائی اور کزن کو نامزد کیا تھا۔

    رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانی بی بی کا کہنا تھا کہ باعزت بری کئے جانے کی خبر ملی تو یقین نہیں آیا تھا، رہائی کی خوشی کیسی؟ بے گناہ قراردینے کا کیا فائدہ؟ ساری زندگی تو جیل میں گزر گئی۔

    رانی بی بی نے مزید بتایا کہ جیل میں خواتین قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے، درجنوں قیدی خواتین جیل عملہ کی وجہ سے بے گناہ قید کاٹ رہی ہیں۔

    جیل میں گوشت کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا دو دو قیدی خواتین کو دیا جاتا ہے، دوسری دفعہ کھانا مانگنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

    رانی بی بی کو تاخیر ہی سے سہی انصاف تو مل گیا، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا جھوٹا الزام لگا کر اس خاتون کے اٹھارہ سال تاریک کرنے والوں کو بھی سزا ملے گی؟


    مزید پڑھیں: سزائے موت کا ملزم، 20 سال بعد بےگناہ قرار


    واضح رہے کہ گزشتہ سال سپریم کورٹ نے سزائے موت کے قیدی مظہر فاروق کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا، ملزم بیس سال سے ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ میں قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔

    سیشن کورٹ قصور نے ملزم مظہر فاروق کو قتل کے مقدمے میں سزائے موت سنائی تھی جسے ہائیکورٹ نے بھی بحال رکھا تھا۔

    بعد ازاں مظہر فاروق نے سپریم کورٹ میں سزا کے خلاف اپیل دائر کی جس پر سپریم کورٹ نے مظہر فاروق کو بری کرنے کا حکم دیا۔

  • چنیوٹ میں محکمہ صحت مریضوں کے حوالے کردیا گیا

    چنیوٹ میں محکمہ صحت مریضوں کے حوالے کردیا گیا

    لاہور: پنجاب میں گڈ گورننس کی قلعی کھل گئی۔ چنیوٹ میں محکمہ صحت بیماروں کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خود کو خادم اعلیٰ کہلانے والے وزیر اعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس کے بلند و بانگ دعووں کے برعکس مختلف محکموں میں بدترین بد انتظامیاں سامنے آرہی ہیں۔

    صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں محکمہ صحت بیماروں کے حوالے کر دیا گیا۔ سرکاری رپورٹ میں محکمہ صحت کے 94 فیصد ملازمین ہی بیمار نکلے۔

    ایک روزہ کیمپ میں محکمہ صحت کے 729 ملازمین کے ٹیسٹ لیے گئے۔ 622 ملازمین کو ہیپاٹائٹس کی ویکسین دی گئی، 37 ملازمین شوگر، اور 15 سانس کی بیماری میں مبتلا پائے گئے۔

    صرف 45 ملازمین کے ٹیسٹ مکمل درست قرار پائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • چنیوٹ میں پولیس کی کارروائی‘ 2 دہشت گرد گرفتار‘ اسلحہ برآمد

    چنیوٹ میں پولیس کی کارروائی‘ 2 دہشت گرد گرفتار‘ اسلحہ برآمد

    فیصل آباد : صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں پولیس نے کارروائی کرکے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ سے بھری گاڑی پکڑ لی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر چنیوٹ میں پولیس نےخفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحے سے بھری گاڑی اپنی تحویل میں لے لی۔

    پولیس کا کہنا ہے دہشت گردوں کے قبضے سے 16 پسٹل، 19 رائفلیں اور 25 ہزار سے زائد گولیاں برآمد ہوئی ہیں جبکہ پولیس نے ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔

    پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ اسلحہ محرم الحرام میں دہشت گردی کےلیے استعمال کیا جانا تھا۔


    سی ٹی ڈی کی ملتان میں کارروائی‘2 دہشت گرد ہلاک


    خیال رہے کہ رواں ہفتے 18 ستمبر کو ملتان کے علاقے جلال پورپیر والامیں سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا۔


    لاہورمیں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 4 دہشت گرد ہلاک


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور میں سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پرسگیاں پل کےقریب کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے قبضے سے 2 کلاشنکوفیں، رائفل اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔


    سی ٹی ڈی کی گجرات میں کارروائی‘ 3 دہشت گرد ہلاک


    واضح رہے کہ رواں سال 3 اگست کو سی ٹی ڈی نے گجرات میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، کلاشنکوف اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • چنیوٹ میں ایڈز کے نئے 10 مریض سامنے آگئے، تعداد 48ہوگئی

    چنیوٹ میں ایڈز کے نئے 10 مریض سامنے آگئے، تعداد 48ہوگئی

    چنیوٹ: ایڈز کا لاعلاج مرض تیزی سے پھیلنے لگا، ایڈز کے دس نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے، جسکے بعد تعداد اڑتالیس ہوگئی ہے۔

    پنجاب کے شہر چنیوٹ میں ایڈز جیسا مہلک مرض تیزی سے پھیلنے لگا، محکمہ ہیلتھ اور ریسکیو ذرائع کے مطابق چنیوٹ میں ایڈز کے دس نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ایڈز کے مریضوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے، جن میں سے 28افراد الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں زیر علاج ہیں جبکہ 8افراد اب تک جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    دس نئے مریضوں کی عمریں پانچ سال سے سترہ سال تک ہے، ان مریضوں میں سات مریضوں کو لاہور سروسز ہسپتال علاج کے لیے شفٹ کردیا گیا ہے جبکہ تین مریضوں نے لاہور جانے سے انکار کردیا ہے۔

    لاہور سروسز ہسپتال جانیوالوں میں نو سالہ ساجدہ دختر یوسف ، پانچ سالہ حسن ولد یوسف ، سترہ سالہ یاسین ولد یوسف ۔ آٹھ سالہ شان حیدر ولد جعفر ۔ دس سالہ شگفتہ دختر فریاد، وغیرہ شامل ہیں جبکہ صوبیہ ، عذراں اور ندیم نے جانے سے انکار کردیا ہے۔

    انچارج ایچ آئی وی ایڈز ڈاکٹر نازیہ احسان نے چار سالہ حسن علی ، دس سالہ خالدہ اور سترہ سالہ یاسین میں بھی چند روز قبل ایڈز کی تصدیق کی تھی، ان تینوں کا تعلق ایک ہی گھر سے ہے اور یہ حقیقی بہن بھائی ہیں۔

    مہلک مرض کی موجودگی سے لوگ سخت خوف و ہراس کا شکار ہیں یہاں تک کہ ایڈز کی تشخیص کے ڈر سے لوگوں نے ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا ہے۔

    ایڈز کنٹرول پروگرام پنجاب کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان ظفر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ابتدائی طور پر 42 افراد میں ایچ آئی وی وائرس پایا گیا تھا، جن میں سے 30 لوگ ایڈز کے مریض ہیں، ایچ آئی وی سے متاثرہ  افراد میں ہر عمر کے مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان پیپلزپارٹی آج چنیوٹ میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    پاکستان پیپلزپارٹی آج چنیوٹ میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    چنیوٹ : پاکستان پیپلزپارٹی آج چنیوٹ میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے ۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج چنیوٹ میں کارکنوں کا لہو گرمائیں گے، جلسے کا اہتمام چنیوٹ کے اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں کیا گیا ہے، تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، شہر کو بھی سجایا جا رہا ہے۔

    اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں بارہ ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں، پنڈال میں پیپلزپارٹی کے پرچم اور بینرز بھی لگائے گئے ہیں۔

    بلاول بھٹو آج شام چھ بجے جلسے سے خطاب کرینگے، جلسہ گاہ کی سیکیورٹی کیلے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

    گذشتہ روز پیپلزپارٹی رہنما قمرزمان کائرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی کل سے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کررہی ہے، بلاول بھٹو اپنے مستقبل کا ایجنڈا بتائیں گے۔

    قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نااہل وزیراعظم اپنی قوت کا مظاہرہ کررہے ہیں، نوازشریف کاجلوس کس کےخلاف ہے، میاں صاحب کی ساری باتیں عدلیہ اور فوج کےخلاف ہیں، آپ کو کرپشن کے پیسے چھپانے پرنا اہل کردیا گیا ہے، میرے شہر کا بچہ آپ کی ریلی کی نظر ہوا، آپ کو ریلی کا حق نہیں، میاں صاحب آپ نااہل ہو چکےہیں۔

    عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے پی پی رہنما نے کہا تھا کہ خان صاحب نے اپوزیشن کو توڑا ہے، عمران خان کا نیا پاکستان کہاں گیا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • مقدمہ بازی کی رنجش ، ملزم نے اسکول ٹیچر پر تیزاب پھینک دیا

    مقدمہ بازی کی رنجش ، ملزم نے اسکول ٹیچر پر تیزاب پھینک دیا

    چنیوٹ : مقدمہ بازی کی رنجش پر ملزم نے سکول ٹیچر پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں اسکول ٹیچر کے جسم کا تیس فی صد حصہ متاثر ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے علاقہ شمس الحسن ٹاؤن کی رہائشی اسپشل ایجوکیشن سکول میں تعینات روبینہ کوثر گھر سے سکول کے لیے نکلی تو ملزم مرتضے نے اسے روکا اوراسے اپنے اوپر دائر مقدمہ واپس لینے کے لیے مجبور کیا۔

    روبینہ کوثر نے انکار کیا تو ملزم مرتضے نے اس پر تیزاب انڈیل دیا، جس کے نتیجے میں روبینہ کا بایاں بازو اور جسم کا تیس فی صد حصہ متاثر ہوا۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122اور پولیس نے متاثر اسکول ٹیچر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا، جہاں اسکی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔


    مزید پڑھیں : کراچی : رشتے کے تنازعہ پر لڑکی پر تیزاب پھینک دیا گیا


    پولیس کے مطابق روبینہ کوثر نے ملزم مرتضے کے خلاف نوکریوں میں جھانسے کی صورت میں تیرہ لاکھ روپے ہتھیانے کا مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔

  • چنیوٹ : پی اے ایف کا ڈرون طیارہ پبروالا میں گرگیا

    چنیوٹ : پی اے ایف کا ڈرون طیارہ پبروالا میں گرگیا

    چنیوٹ : پی اے ایف کا ڈرون طیارہ نامعلوم وجوہات کی بناپر آگ لگنے کے باعث چنیوٹ میں گرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کا بغیر پائلٹ طیارہ چنیوٹ کے علاقے پبروالا میں گر کر تباہ ہو گیا، ڈرون گرنے کی وجہ سےعلاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،تاہم ابھی اس کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    ۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کا بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ بغیر پائلٹ کا طیارہ تربیتی مشن پر تھا۔

    ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پرپہنچ گئیں جنہو ں نے پورےعلاقےکو گھیرےمیں لے لیا۔ پی اے ایف کی ٹیمیں بھی سرگودھا سےچنیوٹ پہنچ گئیں۔

  • وزیراعظم نے لوہے اورتانبے کے ذخائر کی سائٹ کا معائنہ کیا

    وزیراعظم نے لوہے اورتانبے کے ذخائر کی سائٹ کا معائنہ کیا

    چنیوٹ : وزیراعظم میں نوازشریف نے چنیوٹ کے علاقے رجوعہ سادات کا دورہ کیا اور وہاں دریافت ہونے والے لوہے اور تانبے کے ذخائر کی سائٹ کا معائنہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نےچنیوٹ کے نواحی علاقے رجوعہ سادات کا دورہ کیا اور وہاں دریافت ہونے والے لوہے اور تانبے کے ذخائر کی سائٹ کا معائنہ کیا۔

    رجوعہ پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمرمبارک مند اور چینی ماہرین بھی اس موقع موجود تھے ڈاکٹر ثمرمبارک مند نے وزیراعظم کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔

    اس موقع پر تقریب سے خطاب میں چنیوٹ میں معدنیات کی دریافت پرپوری قوم کومبارکباددیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ صدیوں سے جس زمین پر فصلیں اگارہے تھے پتہ نہیں تھا کہ اس کے نیچے اتنے ذخائر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ہمارا ایجنڈا ہے اور ہم انشاءاللہ بہت جلد اس میں کامیاب ہونگے، وزیر اعظم نے کہا کہ ایران اور ترکمانستان سے گیس درآمد کی جائے گی، اور تھر کے کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبے پر جلد عملدرآمد ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگلے تین سال میں ملک کو درپیش تمام چیلنجز کا خا تمہ کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ ہیں، کشکول ہمیشہ کیلئے توڑ دیا جائے گا۔

  • چنیوٹ: ایم کیوایم رہنماء اصغرعباس کی ٹارگٹ کلنگ، الطاف حسین کی مذمت

    چنیوٹ: ایم کیوایم رہنماء اصغرعباس کی ٹارگٹ کلنگ، الطاف حسین کی مذمت

    چنیوٹ: ایم کیو ایم کے سینئر نائب صدر اصغرعباس کو نامعلوم قاتلوں نے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، اصغرعباس جعفری چنیوٹ پریس کلب کے نائب صدر اور پانچ بیٹیوں کے والد تھے۔

    متحدہ قومی موومنٹ چنیوٹ کے سینئر نائب صدر اصغر عباس گھر سے بچوں کے لیے چیزیں خریدنے کے لیے نکلے تو مسلم بازار کے قریب نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔

    ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اڑتالیس سالہ اصغرعباس جعفری پانچ بیٹیوں کے والد جبکہ سینئر صحافی اور چینیوٹ پریس کلب کے نائب صدر بھی تھے، انکی نمازِ جنازہ چنیوٹ کے تحصیل چوک پر سہ پہر تین بجے ادا کی جائیگی، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اصغر عباس کی شہادت پر ایم کیوایم کے کارکان اور ذمہ داران سے دلی تعزیت کی ہے۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے چنیوٹ میں سینئر نائب صدر اصغرعباس کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں ایم کیو ایم کےکارکنوں کے قتل پر حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

    الطاف حسین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چنیوٹ میں ایم کیو ایم کے سینئر نائب صدر سید اصغر کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، الطاف حسین نے کہا کہ قوم سانحہؐ پشاور کو بھولے نہیں کہ سفاک قاتلوں نے اصغر عباس کو نشانہ بنا ڈالا۔

    الطاف حسین نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کا کام تبلیغ کرنا ہے سیاست کرنا نہیں، انکا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کو چن چن کو قتل کیا جارہا ہے جبکہ پنجاب حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

    الطاف حسین نے کہا کہ رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اجلاس میں کسی بھی وقت فیصلہ سنایا جائے گا جبکہ آج ملک بھر میں کالے جھنڈے لہرائے جائیں گے۔

  • سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

    سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

     چینیوٹ: پاکستان نیوی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیوآپریشن تیزی سے جاری ہے۔ اے آر وائی کی نشاندہی پر پاک فوج کے جوان چینیوٹ میں محصور لوگوں کو نکالنے کے لیے روانہ ہوئے۔ پاک فوج اور پاک بحریہ کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کےمطابق ریسکیو ٹیمیں کھنہ پل کے علاقے میں پہنچ گئی ہیں ۔ جہاں سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہے ۔پاک بحریہ کے جوان برساتی نالوں میں پھنسے افراد کو ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے نکال رہے ہیں ۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی سرچ اینڈ ریسیکیو ٹیمیں ضروری سازوسامان سے لیس ہیں۔اور ماہر غوطہ خور بھی ریسکیو ٹیموں کا حصہ ہیں، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ میڈیکل ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔