Tag: Chittagong Test

  • عابد علی نے عبداللہ شفیق کی اننگز کو بہترین قرار دے دیا

    عابد علی نے عبداللہ شفیق کی اننگز کو بہترین قرار دے دیا

    چٹاکانگ: بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے ہیرو عابد علی کا کہنا ہے کہ سنچری نہ بنانے کاافسوس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد گفتگو میں عابد علی نے بتایا کہ عبداللہ شفیق کا ڈیبیو ٹیسٹ تھا، ہم نے مشاورت کی کہ زیادہ سے زیادہ وکٹ پر ٹہرا جائے اور خراب گیندوں کا انتظار کیا جائے، اپنی حکمت عملی میں کامیاب رہے اور فتح سمیٹ لی۔

    عابد علی کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ سے کھیلتا آرہا تھا، پراعتمادتھا کہ بہترین کارکردگی دکھاؤں گا، ذہن کو مثبت رکھتے ہوئے کھیلا جس کا صلہ ملا۔

    یہ بھی پڑھیں: چٹاکانگ ٹیسٹ میں فتح پر کپتان بابر اعظم نے کیا کہا؟

    ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سینچری نہ بنانے پر عابد علی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسری اننگز میں بھی سینچری نہ کرنے کا افسوس ہے، مگر خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستان میچ جیتا، جو ہمارے لئے بہت اہم ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستانی اوپنرز نے پاکستان کی دوسری اننگز میں 151 رنز کی بہترین شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے راستے پر ہمکنار کیا تھا، ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والےعبداللہ شفیق نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے چٹاکانگ ٹیسٹ کو یادگار بنایا عبداللہ شفیق نے پہلی اننگز میں 52، دوسری میں 73بنائے۔

     عابد علی نے چٹاکانگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 133 جبکہ دوسری اننگز میں 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

  • چٹاکانگ ٹیسٹ:پاکستان نے بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

    چٹاکانگ ٹیسٹ:پاکستان نے بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

    چٹاکانگ: ٹی ٹوئنٹی کے بعد شاہینوں نے ٹیسٹ میں بھی شاندار آغاز کرتے ہوئے بنگلا دیش کو آؤٹ کلاس کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے چٹاکانگ ٹیسٹ میں بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، پاکستان نے 202 رنز کاہدف 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

    پاکستانی اوپنرز کی 151 رنز کی بہترین شراکت نے میچ جیتنے کی بنیاد ڈالی، ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والےعبداللہ شفیق نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے چٹاکانگ ٹیسٹ کو یادگار بنالیا، عبداللہ شفیق نے پہلی اننگز میں 52، دوسری میں 73بنائے۔

    پاکستانی اوپنر عابد علی دوسری اننگز میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 91 رنز کی بہترین اننگز کھیلی وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، عابد علی نے پہلی اننگزمیں 133 بنائے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: کیا پلان ملا تھا؟ بلے باز نے بتا دیا

    یاد رہے کہ چٹاکانگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بنگلا دیش نے 330 رنز بنائے تھے، تیج السلام کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان 286 رنز پر آل آؤٹ ہوئی جس کے باعث بنگال ٹائیگرز کو 44 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

    بنگلا دیش کی دوسری اننگز میں شاہین نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 157 پر آل آؤٹ کیا تھا۔

    چٹاکانگ ٹیسٹ میں شاہین شاہ آفریدی 7، حسن علی اور ساجد خان نے 4، چار وکٹیں لیکر نمایاں رہے۔

    دومیچوں کی سیریز میں پاکستان نے 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 4 دسمبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

  • چٹاگانگ ٹیسٹ: بنگلا دیش کےخلاف عابد علی کی شاندار سینچری

    چٹاگانگ ٹیسٹ: بنگلا دیش کےخلاف عابد علی کی شاندار سینچری

    چٹاگانگ: پاکستانی بیٹرز عابد علی کی ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، بیٹر نے بنگلا دیش کے خلاف سینچری جڑ دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کے خلاف چٹاکانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی اوپنر عابد علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور جم کر بنگلہ دیش بولرز کے خلاف مزاحمت کی۔

    عابد علی نے پہلے پہل بیٹر عبداللہ شفیق کے ساتھ 146 رنز کی اوپننگ شراکت داری کرتے ہوئے قومی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، بعد ازاں بنگلا دیش کے خلاف سینچری جڑ ڈالی، ان کی شاندار اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے بھی شامل ہیں، عابد علی اس وقت 112 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    بنگلا دیش کے خلاف سینچری بنانے پر آئی سی سی نے بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    واضح رہے کہ عابد علی انٹرنیشنل کرکٹ میں آتے ہی تاریخ ساز بلے باز بن چکے ہیں، وہ دنیا کے پہلے بلے باز ہیں جنھوں نے اپنے اولین ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی ہے۔

    عابد علی ابتدائی 2 ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں، اسی اعزاز کے باعث وہ دنیا کے نویں کرکٹر بنے تھے جنہوں نے اپنے دو ابتدائی ٹیسٹوں میں سینچریاں اسکور کیں۔

    عابدعلی 2007 سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اس عرصے میں وہ بیس سنچریاں اسکور کر چکے ہیں جن میں چار ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔

  • چٹاگانگ ٹیسٹ: قومی بولرز کے بعد بیٹرز بھی ڈٹ گئے

    چٹاگانگ ٹیسٹ: قومی بولرز کے بعد بیٹرز بھی ڈٹ گئے

    چٹاگانگ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز قومی ٹیم کے اوپنرز نے بنگلہ دیشی بولنگ کا بھرکس نکال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف چٹاگانگ ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنالیے، قومی ٹیم کے بنگلہ دیش کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 185 رنز درکار ہیں۔

    عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    اس سے قبل شاہینوں کا پلٹ کر وار، بنگلا دیش کو 330 رنز پر آل آؤٹ کردیا تھا۔

    پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے 2، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بنگلا دیش اپنے گذشتہ اسکور میں 76 رنز کا اضافہ کرسکی۔

    بنگلہ دیش چٹاکانگ ٹیسٹ کے پہلے روز 49 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد سبنھلی، لٹن داس اور مشفیق الرحیم نے پانچویں وکٹ کی شراکت پر ریکارڈ 204 رنز بناکر اپنی ٹیم کو نہ صرف مکمل تباہی سے بچایا ساتھ ہی بڑا اسکور کرنے کی بنیاد بھی ڈالی۔لٹن داس 114 اور مشفیق الرحیم 91 رنز بناکر نروس نائینٹز کا شکار ہوئے تو پاکستانی بولرز نے بنگال ٹائیگرز کو جکڑ لیا اور وقفے وقفے سے ان کی وکٹیں حاصل کرتے رہے۔

    لٹن داس اور مشفیق الرحیم کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بنگلا دیشی بیٹرز پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹہر سکا، ٹیل اینڈرز مہدی حسن نے 38 رنز کی تیز اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔