Tag: cholera

  • افریقی ملک میں موت کا رقص، درجنوں افراد جان سے گئے

    افریقی ملک میں موت کا رقص، درجنوں افراد جان سے گئے

    افریقی ملک ایتھوپیا میں جان لیوا بیماری سے درجنوں افراد موت کا نوالہ بن گئے، سینکڑوں مریضوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔

     خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایتھوپیا میں ہیضے سے 31 افراد ہلاک ہوگئے، بین الاقوامی طبی فلاحی تنظیم ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے وبا پھیلنے سے خبردار کردیا۔

    ڈاکٹرزودآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ایتھوپیا میں ہیضے کی وبا بہت تیزی سے پھیل رہی ہے، جنوبی سوڈان سے پناہ گزینوں کی آمد سے صورتحال مزید خراب ہوئی۔

    ایک ماہ کے دوران ایتھوپیا کے گیمبیلا علاقےمیں 1500سے زائد افراد ہیضے کاشکار ہوچکے ہیں، پڑوسی ملک جنوبی سوڈان میں تشدد کی کارروائیوں سے بچ کر آنے والے لوگوں کی آمد سے صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔

    ایم ایس ایف کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیضہ مغربی ایتھوپیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ جنوبی سوڈان میں بھی وبا جاری ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں زندگیاں خطرے میں ہیں۔

    ایتھوپیا تقریباً 12 کروڑ آبادی کے ساتھ افریقہ کا دوسرا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، اس وقت کئی علاقوں میں ہیضے کی وبا سے نبرد آزما ہے، جن میں اس کا دوسرا سب سے بڑا خطہ، امہارا، سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے۔

    ہیضہ ایک شدید آنتوں کی بیماری ہے جو وائبریو کولرا نامی بیکٹیریا سے آلودہ خوراک اور پانی کے ذریعے پھیلتی ہے جو اکثر گندے یا آلودہ پانی سے جنم لیتی ہے۔

  • سوڈان میں وبا کی نئی لہر سے 300 افراد جاں بحق

    سوڈان میں وبا کی نئی لہر سے 300 افراد جاں بحق

    خرطوم: سوڈان میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، جس سے 300 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ہیضے کے 11 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ سوڈان میں خانہ جنگی کی وجہ سے پیدا ہونے والے انسانی بحران نے انفیکشنز کو بڑھا دیا ہے، جس میں ہیضہ بھی شامل ہے، جس سے 316 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں ڈینگی اور گردن توڑ بخار بھی پھیل رہا ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں اموات کی شرح کے حساب سے ہیضے کی حالیہ وبائیں زیادہ مہلک رہی ہیں، ہیضہ آلودہ خوراک اور پانی میں پھیلنے والے بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتا ہے، اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صاف پانی اور صفائی ستھرائی تک رسائی ضروری ہوتی ہے، لیکن خانہ جنگی کے باعث سوڈان میں اس حوالے سے حالات ابتر ہیں۔

    ہیضہ ایک ایسی بیماری ہے جس کا اگر علاج نہ کیا جائے تو محض چند گھنٹوں کے اندر مار سکتی ہے، پانچ سال سے کم عمر بچوں کو خاص طور پر اس سے خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سوڈان میں لڑائی نے ملک میں ہر پانچ میں سے ایک شخص کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا ہے اور تشدد کے نتیجے میں دسیوں ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ادھر بگڑتی صورت حال کے سبب سوڈان میں خود مختار کونسل کے سربراہ جنرل عبد الفتاح البرہان نے ’ادری‘ کی راہ داری کھول دی ہے، اور چاڈ کے ساتھ بارڈر کراسنگ کو 3 ماہ تک استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے، ورلڈ فوڈ پروگرام اور سعودی عرب نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد الفاشر شہر میں انسانی امداد پہنچانا ہے جہاں انسانی صورت حال ابتر ہو چکی ہے۔

  • کویت میں ہیضے کا پہلا کیس سامنے آ گیا

    کویت میں ہیضے کا پہلا کیس سامنے آ گیا

    کویت سٹی: کویت میں ہیضے کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں پڑوسی ملک سے حال ہی میں واپس آنے والے ایک شہری میں ہیضے کے انفیکشن کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

    کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (کے یو این اے) نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ متاثرہ شہری کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے اور اس کا ایک اسپتال میں علاج بھی جاری ہے۔

    وزارت نے ایک بیان میں کویت میں ہیضے کے پھیلنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے، تاہم وزارت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر محفوظ پانی اور خوراک کے ذرائع سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ہر سال پوری دنیا میں ہیضے کے 1.3 سے 4 ملین کے درمیان کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جب کہ ہیضے کے انفیکشن سے ہر سال دنیا بھر میں 21 ہزار سے لے کر 143,000 کے درمیان اموات ہوتی ہیں۔

    عراق اور شام اس وقت ہیضے کی وبا کا شکار ہیں، رواں ماہ شام میں ہیضے کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1400 تک پہنچ گئی ہے۔

  • ہیضے سے ہزاروں افراد متاثر، 13 اموات

    ہیضے سے ہزاروں افراد متاثر، 13 اموات

    ژوب: صوبہ بلوچستان کے شہر ژوب میں ہیضے سے ہزاروں افراد متاثر ہوگئے جبکہ 13 اموات بھی ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ شہر میں ہیضے کے مرض میں اضافہ ہورہا ہے جس سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ ہیضے کے باعث 5 جولائی سے اب تک 2 ہزار 334 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    ڈی ایچ او کے مطابق ہیضے سے ڈی ایچ کیو اسپتال میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، بعض افراد کے ڈی ایچ کیو اسپتال سے باہر بھی اموات کی اطلاع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج 462 متاثرہ افراد اسپتال لائے گئے ہیں، ہیضے سے متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔