Tag: Choudhry Brothers

  • مفاہمت کے راستے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، پرویز الٰہی، اکرم درانی

    مفاہمت کے راستے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، پرویز الٰہی، اکرم درانی

    اسلام آباد : چوہدری برادران کی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہٰی اور صوبائی وزیر عمار یاسر بھی موجود تھے، جے یو آئی کا وفد بھی ق لیگ رہنماؤں سے ملاقات کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی مفاہمت کا مشن لے کر اسلام آباد میں جے یو آئی ف کے امیر کی رہائش گاہ پہنچے، ان کے ہمراہ صوبائی وزیر عمار یاسر بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہم یہاں مفاہمت کیلئے آئے ہیں، امید ہے معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا، مفاہمت ہو تو ساری چیزیں ٹھیک ہوجاتی ہیں۔

    اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا یہاں آنے سے پہلے آپ کا وزیراعظم عمران خان سے کوئی رابطہ ہوا؟

    جس کے جواب میں پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کل صبح مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، ملاقات وزیراعظم آفس میں صبح11بجے ہوگی۔ واضح رہے کہ اس موقع پر جے یو آئی ف کا وفد بھی ق لیگ رہنماؤں سے ملاقات کرے گا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہردی پرویزالہٰی نے کہا کہ مایوسی گناہ ہے اور ہم نے مایوسی کی طرف نہیں جانا، راستے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں جو چیزیں آرہی ہے اسی میں حل ڈھونڈ رہے ہیں, اچھا ماحول ہو تو مشکل سے مشکل مسائل بھی حل ہوجاتے ہیں۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اگر نیت ٹھیک ہو تو چیزیں جلدی صحیح ہوجاتی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جتنی جلدی ہوسکیں معاملات حل ہوجائے، یہ بات بھائی چارے سے شروع ہوگی اور اسی پر ختم ہوگی۔

    پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت میں جلد معاملات حل ہونے چاہئیں، دھرنے سے سب کے لیے معاشی اوراقتصادی مسائل پیدا ہورہے ہیں، مولانا فضل الرحمان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری ہرممکن کوشش ہے کہ ماحول میں بہتری آئے، مزید قربت پیدا کرنی ہے تاکہ معاملات بہتری کی طرف جاسکیں، معاملات چل رہے ہیں، ڈیڈلاک نہیں ہے۔

    اس موقع پر اکرم درانی نے کہا کہ ہم ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں، آج سب یہاں ماحول کو ٹھنڈا کرنے کیلئے آئے ہیں، ہم ماحول کو خوشگوار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

    ،اکرم درانی نے کہا کہ ایسی ملاقاتوں سے ماحول کی بہتری میں مدد ملتی ہے، مولانا کی چوہدری برادران سے بھائیوں کی طرح دوستی ہے، یہ تیسری نسل کی دوستی ہے، ہمارا کام ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اچھے دوستوں کی مدد سے حالات میں بہتری آتی ہے، سخت ماحول سے مزید مسائل پیدا ہورہے ہیں جن کے جلد حل میں سب کی بہتری ہے۔

  • پلاٹس کی فروخت : چوہدری برادران کیخلاف نیب انکوائری بند کرنے کی منظوری

    پلاٹس کی فروخت : چوہدری برادران کیخلاف نیب انکوائری بند کرنے کی منظوری

    لاہور : قومی احتساب بیورو لاہور نے چیئرمین نیب کو پرویزالٰہی اور چوہدری شجاعت کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی،رہنماؤں پر پلاٹس کی غیر قانونی فروخت کا الزام تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ق لیگ کے رہنما پرویزالٰہی اور چوہدری شجاعت کیخلاف انکوائریز کو بند کرنے کے ریفرنس پر سماعت نیب لاہور میں ہوئی، نیب نے ریفرنس دائر کیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کیخلاف ایل ڈی اے کے پلاٹس خریدنے کی انکوئری بند کردی جائے۔

    ریفرنس کے مطابق چوہدری برادران کےخلاف ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹس کا کیس چل رہا تھا۔ اس حوالے سے نیب کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ نیب لاہور نے چیئرمین نیب کو انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی ہے، احتساب عدالت کےجج نے کیس کی سماعت 8جنوری تک ملتوی کردی۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ پرویزالٰہی پر ایل ڈی اے سٹی میں28پلاٹس کے غیرقانونی فروخت کی تحقیقات جاری تھیں، چوہدری شجاعت سےبھی ان 28پلاٹس سے متعلق تحقیقات کی گئیں، تحقیقات میں پتہ چلا کہ پلاٹس چوہدری برادران کے ملازم نے خریدے ہیں، چوہدری برادران کے خلاف کسی قسم کی شہادت یاثبوت نہیں ملے۔

    واضح رہے کہ نیب نے اس سے قبل 6 نومبر کو چوہدری برادران کو ناجائز اثاثہ جات کیس میں طلب کیا تھا اور انہیں 50 صفحات پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا تھا جس میں چوہدری برادران اور ان کے اہلخانہ کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں جو آج نیب کو جمع کروا دی گئیں۔

    مزید پڑھیں: نیب کی چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش

    یاد رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف مذکورہ کرپشن کیس نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز میں شامل ہیں جنہیں سنہ 2015 میں درج کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران پر 2.428 ارب کے غیر قانونی اثاثہ جات، آمدن سے زائد اخراجات اور ناجائر بھرتیوں کے الزامات ہیں۔

  • نیب کی چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش

    نیب کی چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو نے چوہدری پرویزالہی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش کردی، نیب کے مطابق دونوں رہنماؤں کیخلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت سے سفارش کی ہے کہ چوہدری پرویزالہی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف کیس بند کردیا جائے۔

    نیب نے ریفرنس دائر کیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کیخلاف ایل ڈی اے کے پلاٹس خریدنے کی انکوئری بند کردی جائے، ریفرنس کے مطابق چوہدری برادران کےخلاف ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹس کا کیس چل رہا تھا۔

    مزید پڑھیں: ناجائز اثاثہ جات کیس، چوہدری برادران نے نیب کو دستاویزات جمع کروا دیں

    دونوں رہنماؤں پر28پلاٹس کی غیر قانونی فروخت کا الزام تھا، نیب ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ پلاٹس چوہدری برادران کے ملازم نے خریدے تھے، چوہدری پرویز الہٰی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف کوئی دستاویزی یا زبانی شواہد نہیں ملے۔

    نیب نے اس سے قبل 6 نومبر کو چوہدری برادران کو ناجائز اثاثہ جات کیس میں طلب کیا تھا اور انہیں 50 صفحات پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا تھا جس میں چوہدری برادران اور ان کے اہلخانہ کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں جو آج نیب کو جمع کروا دی گئیں۔

    یاد رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف مذکورہ کرپشن کیس نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز میں شامل ہیں جنہیں سنہ 2015 میں درج کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران پر 2.428 ارب کے غیر قانونی اثاثہ جات، آمدن سے زائد اخراجات اور ناجائر بھرتیوں کے الزامات ہیں۔