Tag: Christian Eriksen

  • کیا ڈینش فٹبالر کرسچن ایرکسن کو دل کا دورہ پڑا تھا؟

    کیا ڈینش فٹبالر کرسچن ایرکسن کو دل کا دورہ پڑا تھا؟

    گزشتہ روز یورو 2020 میں ڈینش فٹبالر کرسچن ایرکسن کے فٹبال میچ کے دوران گر جانے کے بعد ان کا کیریئر بھی خطرے میں دکھائی دے رہا ہے، مداحوں نے کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ روز ڈنمارک کے فٹ بالر کرسچن ایرکسن فٹ بال کے یورو 2020 مقابلوں کے پہلے میچ میں فن لینڈ کے خلاف میچ کے دوران گر گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔

    29 سالہ کرسچن ایرکسن ابھی تک اسپتال میں ہیں، لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، تاہم تاحال ان کی بیماری کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

    سنجے شرما لندن میں سینٹ جارج یونیورسٹی میں سپورٹس کارڈیالوجی کے پروفیسر ہیں اور وہ اس حوالے سے کہتے ہیں کہ واضح طور پر کچھ بہت غلط ہو گیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہوا اور ایسا کیوں ہوا؟ کرسچن ایرکسن کے 2019 میں معمول کے ٹیسٹ ہوئے تھے تو یہ دل کا دورہ کیسے ہوسکتا ہے؟

    سنجے شرما کا کہنا ہے کہ ایرکسن کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کے دوبارہ فٹ بال کھیلنے کا کوئی امکان نہیں ہے، برطانیہ کی فٹ بال باڈیز ایرکسن کو دوبارہ کھیلنے کی اجازت دینے کے بارے میں انتہائی سختی سے پیش آسکتی ہیں۔

    اس سے قبل بولٹن وانڈرس کے فٹ بالر فیبریس موامبا کو مارچ 2012 میں ٹوٹنہم ہاٹ پور کے خلاف میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے اپنا کیرئیر ختم کرنا پڑا تھا، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوبارہ آغاز کی امید کی تھی، لیکن طبی مشورے پر پانچ ماہ بعد پروفیشنل فٹبال سے ریٹائر ہوگئے۔

    کرسچن ایرکسن کو دل کا دورہ پڑنے کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وائرل ہوئی تو مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کے ساتھ ساتھ جذباتی پیغامات دیکھنے کو ملے، ایک صارف نے لکھا کہ یہ واقعی بہت افسوسناک ہے، لیکن کل ان تصاویر کو دیکھنے کے بعد مجھے خوشی ہے کہ وہ اب بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

    ایک اور ٹویٹر صارف کا کہنا تھا کہ ان کی صحت اس وقت زیادہ اہم ہے، ان کے کیریئر کے بارے میں فیصلے کا انتظار کیا جا سکتا ہے، مجھے یقین ہے کہ کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے ان کی صحت کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔

  • فٹ بال کے میدان سے افسوسناک خبر: کھلاڑی میچ کے دوران بے ہوش

    فٹ بال کے میدان سے افسوسناک خبر: کھلاڑی میچ کے دوران بے ہوش

    یورو کپ میں ڈنمارک اور فن لینڈ کے میچ کے دوران افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈنمارک اور فن لینڈ کے میچ کے دوران ڈنمارک کا فٹبالر میچ کے دوران بے ہوش ہو کر گر پڑا، ڈنمارک کے مڈ فیلڈر کرسچین ارکسن کے بے ہوش ہونے پر میچ روک دیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پرگردش کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گراؤنڈ میں موجود طبی عملہ کرسچین ارکسن کو اسٹیچر پر اٹھا کر گراونڈ سے باہر لے جاتے ہیں۔

    https://youtu.be/07CtiqK_FLI

    بعد ازاں طبی امداد کے لیے ارکسن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر دنیا بھر کے فٹ بالرز اور مداح کرسچین ارکسن کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں اور نیک تمناوں کا اظہار کر رہے ہیں۔

    پرتگال کے لیجنڈری فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میری تمام دعائیں ارکسن اور اس کے خاندان کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ ارکسن جلد فٹ بال کے میدان میں ہوں گے۔