Tag: Chrystia Freeland

  • فلسطینیوں کے حامیوں نے کینیڈا کی نائب وزیر اعظم سمیت 17 ارکان پارلیمنٹ کے دفاتر پر قبضہ کر لیا

    فلسطینیوں کے حامیوں نے کینیڈا کی نائب وزیر اعظم سمیت 17 ارکان پارلیمنٹ کے دفاتر پر قبضہ کر لیا

    ٹورنٹو: کینیڈا میں فلسطینیوں کے حامی شہریوں نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ سمیت 17 ارکان پارلیمنٹ کے دفاتر پر قبضہ کر کے عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کر لی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز کے مطابق پیر کو کینیڈا بھر میں شہریوں نے بڑی تعداد میں نائب وزیر اعظم اور ڈیڑھ درجن اراکین پارلیمنٹ کے دفاتر میں گھس کر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں دھرنا دیا۔

    دھرنا دینے والے مظاہرین نے بینر اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور فلسطینیوں کا قتل عام بند کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے کینیڈا کی حکومت سے جنگ بندی اور غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا۔

    پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے، مظاہرین نے دفاتر پر قبضے کے بعد غزہ میں شہید ہونے والے بچوں کے نام بھی پڑھے۔ فلسطینیوں کی حمایت میں ریلی بھی نکالی گئی جس میں پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین کینیڈا کی حکومت سے اسرائیل کے ساتھ تمام تعلقات منقطع کرنے، اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں لگانے اور فوجی مدد نہ بھیجنے کا مطالبہ کرتے رہے۔

    فلسطینیوں کے حامیوں نے کینیڈا کی نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ کے دفتر پر بھی قبضہ کیا اور کہا ’’ہم آپ پر نسل کشی کا الزام لگاتے ہیں۔‘‘ مظاہرین غزہ میں نسل کشی بند کرو اور فلسطین کو آزاد کرو کے نعرے لگاتے رہے۔

    احتجاج کرنے والے کارکنوں نے کینیڈا بھر میں سیاست دانوں کے دفاتر کی دیواروں پر شہید فلسطینی بچوں کے نام بھی چپکائے، مظاہرین نے برنابی سے لے کر اسکاربورو اور مونٹریال تک ممبران پارلیمنٹ کے سترہ دفاتر پر قبضہ کیا تھا، جس پر کم از کم 6 کارکنوں کو لبرل ایم پی عارف ویرانی کے ٹورنٹو آفس سے گرفتار کیا گیا۔

    واضح رہے کہ کینیڈا کی حکومت نے اسرائیل سے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے سے انکار کر دیا ہے، جب کہ اس کا اتحادی اسرائیل غزہ میں ہزاروں لوگوں کو شہید کر رہا ہے، جن میں ساڑھے تین ہزار سے زیادہ بچے بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ فلسطینیوں کو بڑے پیمانے پر نسلی کشی کا شدید خطرہ ہے۔

  • گاڑی نہ رکھنے والی کینیڈین وزیر خزانہ پر تیز رفتاری کے لیے جرمانہ ہو گیا

    گاڑی نہ رکھنے والی کینیڈین وزیر خزانہ پر تیز رفتاری کے لیے جرمانہ ہو گیا

    ٹورنٹو: کینیڈا کی ایک خاتون وزیر پر تیز رفتاری کے لیے جرمانہ ہو گیا، دل چسپ بات یہ ہے کہ خاتون کے پاس کوئی گاڑی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ کے پاس اگرچہ کوئی کار نہیں ہے، تاہم البرٹا ہائی ویز پر تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے لیے انھیں جرمانہ کر دیا گیا ہے۔

    کرسٹیا فری لینڈ ایک شوقین سائیکلسٹ ہیں، ان پر ان کے آبائی صوبے البرٹا میں تیز رفتاری پر 200 ڈالر جرمانہ کیا گیا، انھیں گرانڈے پریری اور پیس ریور کے قصبوں کے درمیان 132 کلو میٹر فی گھنٹہ (82 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خزانہ کی ترجمان کیتھرین کپلنسکاس نے منگل کو بتایا کہ کرسٹیا فری لینڈ نے جرمانہ ادا کر دیا ہے، اگرچہ انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ مذکورہ سڑک پر رفتار کی حد کیا تھی، تاہم البرٹا ہائی ویز پر زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

    رپورٹس کے مطابق قانون ساز کرسٹیا فری لینڈ کینیڈا کے سب سے بڑے شہر وسطی ٹورنٹو میں ایک پارلیمانی حلقے کی نمائندگی کرتی ہیں، سائیکل پر اکثر ان کی تصاویر سامنے آتی رہتی ہیں۔ گزشتہ ماہ انھوں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ان کے پاس کوئی کار نہیں ہے اور یہ کہ اس بات پر ان کے والد حیران ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے بھی سائیکل پر آتے جاتے ہیں۔