Tag: Chudri sarwar

  • اوورسیزپاکستانی پاکستان کو دنیا کا سب سے طاقتور ملک بنائیں گے: محمدسرور

    اوورسیزپاکستانی پاکستان کو دنیا کا سب سے طاقتور ملک بنائیں گے: محمدسرور

    لندن: گورنر پنجاب محمد سرور کا کہنا ہے کہ اوورسیزپاکستانی پاکستان کو دنیا کا سب سے طاقتور ملک بنائیں گے، ملکی مسائل کی بنیادی وجہ کرپشن ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی دارالحکومت لندن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے حقوق دلائےگی۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہمارا ایمان ہے۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اشرافیہ چاہتی ہے قانون 95 فیصد عوام پر لاگو ہو۔

    برطانوی شہر مانچسٹر میں گذشتہ روز اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

    اوورسیزپاکستانیوں کےمسائل ترجیح بنیادوں پرحل کیےجائیں گے: گورنر پنجاب

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پرحل کیے جائیں گے، ان سے زیادہ ملک کا کوئی ہمدرد نہیں ہوسکتا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا، اوورسیز پاکستانی ہماری ضرورت ہیں‌۔

  • دہری شہریت کیس: سپریم کورٹ‌ نے چار نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے

    دہری شہریت کیس: سپریم کورٹ‌ نے چار نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے دہری شہریت کے باعث چار نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفکشن روک دیے اور ان سے وضاحت طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ میں دہری شہریت کیس سے متعلق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ چار سینیٹرز دہری شہریت کے حامل ہیں، جن میں سعدیہ عباسی، ہارون اختر، نزہت صادق، چوہدری سرور شامل ہیں۔

    سینیٹ انتخابات: ن لیگ کے حمایت یافتہ 15، پیپلزپارٹی کے 12، پی ٹی آئی کے 6 امیدوار کامیاب

    اس موقع پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹرز کو پہلے مطمئن کرنا ہوگا کہ وہ دہری شہریت ترک کر چکے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو چاروں سینیٹرز کے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکتے ہوئے حکم دیا کہ کیس کے فیصلے تک الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن جاری نہ کرے۔

    خیال رہے کہ نومنتخب سینیٹرز میں سے چوہدری سرور کا تعلق پاکستان تحریک انصاف جبکہ ہارون اختر، نزہت صادق اور سعدیہ عباسی کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے اور چاروں افراد پنجاب سے سینیٹرز منتخب ہوئے ہیں۔

    تجزیہ کار اس نوٹیفکیشن کو مسلم لیگ ن کے لیے بڑا دھچکا قرار دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ عدالتی فیصلے میں میاں نواز شریف کے بہ طور پارٹی سربراہ نااہل ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے آزاد حیثیت میں حصہ لیا تھا۔

    الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے نتائج جاری کردیے

    دوسری جانب چوہدری سرور کا وضاحتی بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے گورنر بننے سے پہلے ہی لندن کی شہریت چھوڑ دی تھی، میرے متعلق تمام خبریں من گھڑت ہیں، میں نے دہری شہریت سے متعلق ثبوت میڈیا کو جاری کردیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں