Tag: cilerck

  • طالبہ کے والد کی تضحیک کرنے والا کالج کلرک نوکری سے برطرف، پرنسپل کا تبادلہ

    طالبہ کے والد کی تضحیک کرنے والا کالج کلرک نوکری سے برطرف، پرنسپل کا تبادلہ

    کراچی : سندھ کے صوبائی وزیر نے اپنی ہی عدالت لگالی، کالج پرنسپل کا تبادلہ اور کلرک کو شہری کے پاؤں پکڑ کر معافی منگوائی پھر نوکری سے بھی برطرف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیو سعید آباد گرلز کالج مٹیاری میں بیٹی کے داخلے کے لیے پاؤں پڑنے والے باپ کو عزت مل گئی۔ تکبر کی علامت بننے والے کلرک نے بھی پاؤں پکڑ کر طالبہ کے باپ سے معافی مانگ لی۔

    صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے کالج پرنسپل کا تبادلہ اور کلرک جانب کیریو کو عہدے سے فوری ہٹا کر دوسرے کلرک کامران خانزادہ کو بھی معطل کردیا۔

    نیو سعید آباد طالب المولیٰ گرلز کالج کے کلرک کو طالبہ کے والد سے بدتمیزی بہت مہنگی پڑگئی، طالبہ کا والد داخلہ فارم کے حصول کیلئے اس کے پاؤں پکڑرہا تھا، پاؤں پکڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کلرک اور طالبہ کے والد کو اپنے دفتر سندھ سیکرٹیریٹ میں طلب کیا۔

    اس موقع پر حیدرآباد ریجنل ڈائریکٹر کالجز، ڈگری کالج کی انتظامیہ مذکورہ کلرک جانب کیریو اور طالبہ کے والد ظفر اللہ میمن صوبائی وزیر کے سامنے پیش ہوئے۔

    طالبہ کے والد کا کہنا تھا کہ کلرک نے فارم دینے سے انکار کردیا تھا وہ اپنی بیٹی کا سال بچانے کیلئے کلرک کے پاؤں میں گر گئے تھے لیکن اسے پھر بھی رحم نہ آیا، جس پر صوبائی وزیر نے اس کی سرزنش کی۔

    مزید پڑھیں: کالج کلرک فرعون بن گیا، طالبہ کا والد پیر پکڑنے پر مجبور

    تاہم کلرک نے بھی طالبہ کے والد کے پاؤں پکڑ کر معافی مانگی، سردار شاہ نے معافی کو مسترد کرتے ہوئے ڈگری کالج کے سینئر کلرک جانب کیریو کو طالبہ کے والد سے بدتمیزی کرنے اور شرمناک رویہ اختیار کرنے پر برطرف کیا جب کہ دوسرے کلرک کامران خانزادہ کو معطل کر دیا۔

  • جامعہ کراچی میں کلرک رشوت طلب کرتے ہوئے پکڑا گیا

    جامعہ کراچی میں کلرک رشوت طلب کرتے ہوئے پکڑا گیا

    کراچی : جامعہ کراچی کے کلرک کی رشوت وصولی کی ویڈیو منظرعام پرآگئی، مذکورہ کلرک بلا جھجک فارم جمع کرنے کے سو روپے وصول کر رہا تھا، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونی ورسٹی میں رشوت کا بازار گرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے کلرک فارم جمع کرنے کے لیےطلباء سے رشوت لیتے ہیں، کلرکوں نے فی طالب علم 100روپے ریٹ مقرر کر رکھا ہے۔

    ایک طالبہ نے ہمت کرکے رشوت خور کلرک کی فوٹیج بنالی، کلرک کی رشوت مانگتے ہوئے ویڈیو منظرعام پرآگئی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمداجمل خان نے نوٹس لے لیا، انہوں نے انتظامیہ کو واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    اس حوالے سے لائبریری انچارج نے وائس چانسلر کو بریفنگ دی کہ کلیئرنس سے پہلے واجبات دینا ہوتے ہیں، ترجمان جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ طالبہ پر سیمینار لائبریری کے واجبات تھے، خبرمیں تصویر کا صرف ایک رخ پیش کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب اے آر وائی نیوز کو ملنے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک طالبہ نے سو روپے دینے سے انکار کیا تو کلرک نے دستخط کرنے سے صاف منع کردیا، طلباء نے کئی بار جامعہ کراچی میں رشوت خوروں کے خلاف شکایات درج کروائی مگر تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

     اس حوالے سے جامعہ کراچی کے رجسٹرارمعظم علی کا کہنا ہے کہ رشوت کا واقعہ محمود الحسن لائبریری میں پیش آیا جس کی رپورٹ مانگ لی گئی ہے اور رشوت ستانی میں ملوث کلرک کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ ذرائع کے مطابق رشوت لیتے ہوئے اس کلرک کا تعلق شعبہ بین الاقوامی تعلقات عامہ سے بتایا جاتا ہے۔