Tag: Cilifton police

  • کراچی : پی ٹی آئی کارکنان کا کلفٹن تھانے کے باہر دھرنا

    کراچی : پی ٹی آئی کارکنان کا کلفٹن تھانے کے باہر دھرنا

    کراچی : پی ٹی آئی کراچی کے رہنما کے گھر پر پولیس کے چھاپے اور دیگر کارکنان کی گرفتاری کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن تھانے کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں نے پولیس کارروائی کے خلاف کلفٹن تھانے کے باہر دھرنا دیا۔

    اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان نے گرفتار افراد کی رہائی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا کہ سندھ حکومت انتقام کی آگ میں جل رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جیالی سرکار کی پولیس بھی جیالی بن چکی ہے، پی ٹی آئی رہنما مراد شیخ کے گھر پر بغیر وارنٹ چھاپہ مارا کر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

    بلال غفار نے کہا کہ کارکنان کے اہل خانہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، کارکنان رمیش کمار کی رہائش گاہ سےکافی دور احتجاج کررہے تھے۔

    اس حوالے سے وفاقی علی حیدر زیدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ پرامن مظاہرین کو سندھ حکومت گرفتار کروا رہی ہے،کارکنان نے پی ٹی آئی سے منحرف ہونے والے ایک اقلیتی ایم این اے کے گھر کے باہر پرامن احتجاج کیا تھا۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے ایف آئی آر میں موجودہ ایم پی اے کو بھی نامزد کیا ہے، بلاول زرداری کے لہجے، چہرے اور رویے دونوں پر گھبراہٹ کے آثار نمایاں ہیں۔

  • چوروں کا تین رکنی گروہ گرفتار، بھاری مالیت کرنسی اور طلائی زیورات برآمد

    چوروں کا تین رکنی گروہ گرفتار، بھاری مالیت کرنسی اور طلائی زیورات برآمد

    کراچی : کلفٹن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوروں کے3رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں غیر ملکی کرنسی اور قیمتی اشیاء برآمد کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن پولیس نے انتہائی مطلوب 3رکنی چور گروہ کو اس کے سرغنہ سمیت حراست میں لیا ہے، اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔

    اس کے علاوہ گھڑیاں، طلائی زیورات، انگوٹھیاں، چوڑیاں، موبائل فونز کے علاوہ غیر ملکی قیمتی سکے اور دیگر قیمتی اشیاء بھی ملزمان کے پاس موجود تھیں جو برآمد کی گئی ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان ڈیفنس کے مختلف گھروں میں باورچی کا کام کرتے تھے، گرفتار چوروں کا سرغنہ ایک اعلیٰ سرکاری افسر کا خانساماں ہے۔

    جاوید اکبر ریاض کے مطابق گذشتہ 10سالوں سے ملزم ایک سرکاری افسر کے گھر کام کر رہا تھا، ملزمان جن گھروں میں کام کرتے واردات سے قبل اس کے برابر والے گھر کی ریکی کیا کرتے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان چوری کی واردات بہت منظم انداز میں اور آسان ہدف کو نشانہ بناتے تھے، چوروں کا یہ گروہ رات کے اندھیرے میں گھر میں داخل ہوکر چوری کی وارداتیں کیا کرتا تھا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ ملزمان کو کلفٹن پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا،اس وقت یہ ملزمان ایک گھر سے لوٹ مار کے بعد فرار ہورہے تھے کہ پکڑے گئے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتاری کے بعد سرکاری افسر کو اپنے قابل اعتماد باورچی کے مجرمانہ عمل پر یقین نہیں آیا،
    پولیس کے ریکارڈ سے ایک ملزم کا 2019کا کرمنل ڈیٹا سامنے آگیا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کراچی : باپ کے قتل میں ملوث بیٹا ڈرامائی انداز میں گرفتار

    کراچی : باپ کے قتل میں ملوث بیٹا ڈرامائی انداز میں گرفتار

    کراچی : سفاک بیٹا 80 سالہ باپ کو قتل کرکے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرانے کلفٹن تھانے پہنچ گیا، پولیس نے کمال ہوشیاری سے ملزم سے سچ اگلوالیا۔

    کراچی کے علاقے کلفٹن شیریں جناح کالونی میں 80 سالہ شخص کے قتل کا واقعہ پیش آیا  ہے یہ قتل کسی اور نے نہیں بلکہ مقتول کے بیٹے نے کیا۔

    جلاد بیٹے نے پہلے80سالہ بوڑھے باپ شہزاد گل کو قتل کیا اور پھرخود ہی مظلوم بن کر مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گیا، ملزم یاسر نے باپ کو قتل کرکے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرادیا۔

    لیکن اس کی چالاکی زیادہ دیر نہ چل سکی اور پولیس نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی ملزم کی ہوشیاری پکڑلی، اور مقتول کے بیٹے یاسر کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر نے میڈیا کو بتایا کہ80سالہ شہزاد گل کی لاش گزشتہ روز ملی تھی، ملزم یاسر نے اپنے بوڑھے والد کو گھریلو تنازع پر قتل کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم یاسر پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا جس پر اس کا والد راضی نہیں تھا، اس کے علاوہ باپ کی جانب سے گھر فروخت کرنے کے حوالے سے بھی تنازع چل رہا تھا، ملزم نے قتل کے بعد تھانے آکر نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔

  • کراچی : کلفٹن سے10سالہ موٹرسائیکل لفٹر دو بچے اور مکینک گرفتار

    کراچی : کلفٹن سے10سالہ موٹرسائیکل لفٹر دو بچے اور مکینک گرفتار

    کراچی : نو عمر کمسن بچے موٹر سائیکلیں چُراتے ہوئے پکڑے گئے، پولیس نے مسروقہ موٹرسائیکلیں خریدنے والے مکینک کو بھی گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ افراد بچوں کا استعمال کرنے لگے، ملزمان نے بچوں کو بھی اپنے مکروہ دھندے پر لگادیا۔ کراچی کے علاقے کلفٹن اور دیگر مقامات میں موٹر سائیکل چوری کی پے در پے وارداتوں پر پولیس حرکت میں آگئی۔

    دس سال کے موٹرسائیکل لفٹر بچوں کو کلفٹن پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتارکرلیا۔ بچوں کی نشاندہی پر مسروقہ موٹر سائیکلیں خریدنے والا مکینک بھی پکڑاگیا۔ دس سالہ شاہد اور سلیمان مہارت سے گھروں کے باہر کھڑی موٹرسائیکلوں کا لاک کھولتے اور باآسانی لے کر فرار ہوجاتے۔

    پولیس کے مطابق ملزم بچوں نے اب تک چھ موٹرسائیکلیں چوری کیں جنہیں برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ بچوں کی نشاندہی پر چوری شدہ موٹرسائیکلیں خریدنے والے صدام نامی مکینک کو بھی دھر لیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز نے میڈیا کو بتایا کہ کارروائی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی، مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کراچی : نوکری کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے 8 ملزمان گرفتار،مقدمہ درج

    کراچی : نوکری کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے 8 ملزمان گرفتار،مقدمہ درج

    کراچی : نوکریوں کے نام پر جعل سازی اور تاوان وصول کرنے والے آٹھ ملزمان گرفتار کرلیے گئے، پولیس نےمقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس نے نوکریوں کا جھانسہ دے کر لوگوں کو پھانسنے والے آٹھ ملزمان گرفتار کرلیے۔

    ملزمان لوگوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر بلاتے اور حبس بے جا میں رکھ کران کے اہل خانہ سے رقم منگواتے تھے۔

    اس حوالے سے متاثرہ شہری اعجازنے بتایا کہ اسے نوکری دینے کیلئے فون کرکے بلایاگیا تھا اور حبس بیجا میں رکھ کر موبائل فون بھی لے لیے گئے، ملزمان نے مجھ سے کہا کہ گھر والوں کو فون کرکے پیسے منگواؤ۔

    پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ کلفٹن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، تفتیشی افسر کے مطابق دفاتر کے لوگ نوکری کیلئے1300سے3500 تک رقم جمع کرانے کا کہتے تھے۔

    دفاتر کے لوگوں پرنوکری کیلئے آنے والوں کو حبس بیجا میں رکھنے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

    علاوہ ازیں نیو کراچی اور اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کرکے20 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق نیو کراچی گودھرا اور اطراف کے علاقوں میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کرکے 14 افراد کو حراست میں لیا جن سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہیں۔

    دوسری جانب اورنگی ٹاؤن کے علاقے پیرآباد اور میاں والی کالونی میں بھی پولیس کے کومبنگ آپریشن کے دوران چھ افراد کو حراست میں لیاگیا ہے۔