Tag: cinemas

  • ایف نائن کی نمائش : سنیما گھروں کی رونقیں جلد بحال ہونے والی ہیں

    ایف نائن کی نمائش : سنیما گھروں کی رونقیں جلد بحال ہونے والی ہیں

    لاس اینجلس : ایکشن اور تھرلر سے بھرپور شہرہ آفاق فلم "فاسٹ اینڈ فیوریس 9” نے کامیابی کے جھنڈے گاڑدیئے، اس فلم کی نمائش سے کورونا سے متاثرہ امریکی سنیما میں دوبارہ جان پڑنے کی امید ہے۔

    دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے سبب جہاں کئی ممالک کی معاشی صورتحال خراب ہوئی ساتھ ہی تفریحی سرگرمیاں بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئیں جس کے باعث فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کو بھی شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    تاہم اب صورتحال کسی حد تک بہتری کی جانب جارہی ہے کیونکہ نئی آنے والی فلم سے امریکی سنیماؤں کی رونقیں دوبارہ لوٹ آئیں گی، تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سیریز فاسٹ اینڈ فیوریس کی نویں فلم ایف9 سے امریکی سنیما میں دوبارہ جان پڑنے کی امید ہے۔

    یہ گزشتہ دو سالوں میں کورونا وائرس کے باعث پہلی بڑے بجٹ کی فلم ہوگی جو سلور اسکرین پر ریلیز کی جارہی ہے۔

    سنیما مالکان کا ماننا ہے کہ اس کی وجہ سے سنیما کی رونقیں دوبارہ بحال ہوجائیں گی اور فلم کی ٹکٹوں کی بکنگ سنیما کو دوبارہ اٹھنے میں مدد کرے گی جو اس وقت بند ہونے کے دہانے پر ہیں۔

    فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر جسٹن لِن کا کہنا ہے کہ ہمارا اس طرح کی فلمیں بنانے کا مقصد ہوتا ہے، یہ لوگوں کے لیے ہوتی ہیں، تاکہ لوگ اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ہمراہ سنیما جائیں اور انھیں ساتھ میں تفریح میسر آئے۔

    ایف9 میں جان سینیا ایکشن میں دکھائی دیں گے اور وہ فلم میں ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ اس میں فلم کے نامور کردار ہان (سنگ کینگ) کو دوبارہ لایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ فاسٹ اینڈ فیوریس 9 نے چین کے سنیما گھروں میں بھی کھڑکی توڑ رش رہا۔ ایف نائن نے پہلے دن کورونا وبا کے دوران ریکارڈ 6 کروڑ 90لاکھ ڈالرسے زائد کمالیے۔ فلم نے ریلیز میں مجموعی طور پر سات کروڑ ڈالر سے زائدکا بزنس ریکارڈ کیا ہے۔

  • کرونا وائرس: فرانس میں ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان

    کرونا وائرس: فرانس میں ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان

    پیرس: فرانس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان کردیا گیا، فرانس میں اسکول پہلے ہی بند کیے جاچکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے وزیر اعظم ایڈورڈ فلپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے فرانس میں کیفے، ریستوران، سنیما، نائٹ کلبز اور دکانیں بند کی جارہی ہیں۔

    فرانس میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 500 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے اور 91 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بڑی تعداد اب بھی گھروں سے باہر نکل رہی ہے لہٰذا مجبوراً یہ قدم اٹھانا پڑا، اس دوران فوڈ اسٹورز، فارمیسی اور پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ فعال رہے گی تاہم دفاتر کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے گھر سے کام کرنے کے سسٹم کو جلد سے جلد وضع کریں۔

    وزیر اعظم نے بتایا کہ اتوار کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے تاہم اس دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔

    فرانس میں پہلے ہی اسکول بند کیے جا چکے ہیں اور 70 سال سے زائد افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اب دیگر افراد کو بھی بلا ضرورت باہر نہ نکلنے اور گھروں میں رہنے کی تاکید کردی گئی ہے۔

    فرانس کا پڑوسی ملک اٹلی اس وقت یورپ کا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 14 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 5 ہزار 835 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 56 ہزار 533 ہوگئی ہے۔

  • سعودی عرب میں سنیما انڈسٹری آئندہ برس بحال ہوگی

    سعودی عرب میں سنیما انڈسٹری آئندہ برس بحال ہوگی

    دبئی : سعودی عرب میں سنیما انڈسٹری کی بحالی کا موضوع ایک عرصے سے زیر بحث تھا‘ مگر اب اس فیصلے پر تصدیق کی مہر ثبت ہو گئی ہے۔

     بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رایٹرز کے مطابق سعوری عرب میں جلد سنیما انڈسٹری بحال کردی جائے گی اور غالب امکان ہے کہ 2018 کے اوائل میں سعودی عرب میں پہلا سنیما گھرکھل جائے گا۔

    سعودی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت عواد بن صالح نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ انڈسٹری کی ریگولٹری باڈی کی حیثیت سے کمیشن برائے آڈیو ویژول میڈیا نے سنیما گھروں کو لائسنس جاری کرنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔

    انھوں نے مارچ 2018 میں پہلے سنیما کے افتتاح کی امید ظاہر کی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں مذہبی طبقات کی شدید مخالفت کے باعث سن 70میں سنیما گھروں کو بند کردیا گیا تھا۔

    تجزیہ کاروں نے اس اقدام کو سعودی عرب کے سخت گیر معاشرے میں جاری اصلاحات میں کلیدی قرار دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سال کے وسط میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے اہم فیصلے کے بعد طالبات کو یونیورسٹیوں میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی تھی۔

    بعد ازاں سعودی حکومت نے روشن خیالی  کی سمت ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر عرب لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کا میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔

    سعودی عرب: سرکاری ٹی وی پر میوزیکل کنسرٹ نشر*

    تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تبدیلیاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کا حصہ ہیں۔ جس کے تحت دارالحکومت ریاض کے نزدیک ایک عظیم الشان تفریحی شہر بنایا جائے گا، جس میں گالف کورسز، کار ریسنگ ٹریک اور سنیما گھروں کی تعمیر شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ برس بھی سعودی عرب سے سنیما انڈسٹری کی بحالی کے ساتھ عشروں پر محیط ثقافتی جمود ٹوٹنے کی خبریں آئی تھیں اور سعودی ثقافت اور فنون ایسوسی ایشن کے چیئرمین سلطان البازی نے اسے بدلتی ہوئی سماجی تبدلیوں کا نتیجہ قرار دیا تھا، تاہم پھر یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔