Tag: Cities

  • مختلف شہروں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ جاری

    مختلف شہروں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ جاری

    اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ جاری ہے، یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ شرح صوبہ پنجاب کے شہر نوشہرہ میں اور دوسرے نمبر پر کراچی میں رپورٹ کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بڑے شہروں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، ملک میں کرونا وائرس کی بلند ترین یومیہ شرح 46.77 فیصد نوشہرہ میں ریکارڈ کی گئی۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں کراچی میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کی شرح 21.67 فیصد اور حیدر آباد میں 20.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    گلگت میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کی شرح 18.99 فیصد، دیامر میں 5.21 فیصد، اسکردو میں 1.23 فیصد، مظفر آباد میں 39.04 فیصد اور میر پور میں 13.73 فیصد رپورٹ کی گئی۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یومیہ کیسز کی شرح 14.77 فیصد، راولپنڈی میں 16.07 فیصد، لاہور میں 19.30 فیصد، بہاولپور میں 12.50 فیصد، گجرات میں 3 فیصد، ملتان میں 8.41 فیصد اور سرگودھا میں 6.25 ریکارڈ کی گئی۔

    کوئٹہ میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح 10.21 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

  • پختونخوا کے مزید شہروں میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ

    پختونخوا کے مزید شہروں میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں مزید 6 اضلاع کے اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، مجموعی طور پر 16 اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں 11 اپریل تک معطل رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم نے مزید 6 اضلاع میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرونا وائرس کیسز میں اضافے کی وجہ سے ہوا، مذکورہ اضلاع میں خیبر، شانگلہ، باجوڑ، ایبٹ آباد، اپر دیر اور ہری پور شامل ہیں۔

    شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 16 اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں 11 اپریل تک معطل رہیں گی۔

    اس سے قبل کرونا وائرس کے 5 فیصد مثبت کیسز پر متاثرہ اضلاع میں اسکولوں کو بند کیا گیا تھا۔

    ان اضلاع میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر شامل تھے جنہیں 28 مارچ تک بند کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی تیسری لہر خطرناک ثابت ہورہی ہے، صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 4 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    اب تک ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار 663 ہے۔

    ملک میں وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہزار 256 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ کیا جاچکا ہے۔

  • ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق

    ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، وائرس کی موجودگی کے بعد پولیو ویکسی نیشن کی عمر کی حد بھی بڑھا کر 10 سال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سیوریج میں پی ون پولیو وائرس کی تصدیق خطرے کی گھنٹی ہے۔

    جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ 2 ماہ قبل بھی کراچی، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، سکھر، قلعہ عبد اللہ، کوئٹہ، ڈیرہ اسمعٰیل خان، پشاور اورجنوبی وزیرستان کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی۔

    گزشتہ ماہ کراچی کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کے سبب محکمہ صحت سندھ نے 2 ہزار ویکسین سینٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ رواں برس اب تک 6 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے 2، 2 خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں اور 1، 1 پنجاب اور سندھ میں ریکارڈ کیا گیا۔