Tag: Citizen portal

  • سٹیزن پورٹل پر شکایت، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین حقدار کو واپس دلوا دی گئی

    سٹیزن پورٹل پر شکایت، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین حقدار کو واپس دلوا دی گئی

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان سٹیزن پورٹل عوام کی آواز بن گیا، سائل کی شکایت پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین اصل حقدار کو واپس دلوا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی سجاد احمد کی داد رسی کرلی گئی، سائل نے خان پور میں زمین پر قبضے کے خلاف سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کی تھی۔

    سجاد احمد کے 15 سال سے پھنسے کیس کو ایک ماہ کے اندر حل کروا دیا گیا، ہری پور کی تحصیل خان پور میں قبضہ مافیا نے ان کی زمین پر قبضہ کر رکھا تھا۔ سائل کا کہنا تھا کہ زمین 15 سال قبل ان کی والدہ نے خریدی تھی۔

    سٹیزن پورٹل پر شکایت کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین واپس دلا دی گئی، مسئلہ فوری حل ہونے پر سجاد احمد نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

  • سٹیزن پورٹل کی کارروائی : 52 سال بعد زمین حقدار کو مل گئی

    سٹیزن پورٹل کی کارروائی : 52 سال بعد زمین حقدار کو مل گئی

    اسلام آباد : پاکستان سٹیزن پورٹل (پی سی پی) نے شہری کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سالوں پہلے قبضہ کی گئی زمین واپس دلوادی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل کی ویب سائٹ پر قبضہ مافیا کیخلاف کی گئی شکایت پرفوری کارروائی کی گئی۔

    انتظامیہ نے52سال سے زیر قبضہ زمین شکایت کنندہ کو واپس دلوا دی، وزیرآباد میں قبضہ مافیا کیخلاف ایک سائل نے شکایت درج کرائی تھی۔

    شکایت کنندہ کے مطابق قبضہ مافیا نے کئی سال قبل ٹھیکے پر دی گئی 3کروڑ مالیت کی اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا، اراضی کا مالک ایک طویل عرصہ سے ٹھیکے کی رقم سے محروم تھا۔

    مسقط میں مقیم پاکستانی درخواست گزار محمد علی نے وزیراعظم عمران خان اور سٹیزن پورٹل کا شکریہ ادا کیا ہے، یاد رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سٹیزن پورٹل عوامی مسائل حل کرنے میں کوشاں ہے۔

  • سٹیزن پورٹل پر شکایت : قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن، اسکول ٹیچر کو زمین واپس مل گئی

    سٹیزن پورٹل پر شکایت : قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن، اسکول ٹیچر کو زمین واپس مل گئی

    اسلام آباد : سٹیزن پورٹل نے قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے خیرپور ٹامیوالی کے رہائشی اسکول ٹیچر کو زرعی زمین واپس دلوادی، سیاسی اثرورسوخ کے حامل قبضہ مافیا نے ٹیچر کی 8 ایکڑ زمین پر قبضہ کر لیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے قبضہ مافیا کے خلاف ایک اور ایکشن لیا اور سٹیزن پورٹل نےخیرپور ٹامیوالی کے رہائشی اسکول ٹیچرامتیازاحمد کی دادرسی کردی۔

    سائل نےوراثتی زمین پر قبضےکےخلاف سٹیزن پورٹل پرشکایت درج کرائی تھی کہ سیاسی اثرورسوخ کے حامل قبضہ مافیا نے ٹیچر کی 8 ایکڑ زمین پر قبضہ کر لیا تھا۔

    سٹیزن پورٹل نے قبضہ مافیا کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے زرعی زمین ٹیچر کوواپس دلوا دی۔

    عوام کے مسائل کا تیزی سے حل پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے ، تحریک انصاف کی حکومت نے انصاف کو شہریوں کی دہلیز پر پہنچایا۔

    انصاف کی فراہمی پر ٹیچر حافظ امتیازاحمد کا وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

  • سیٹیزن پورٹل : مسیحی برادری کو کیا سہولیات ملیں، رپورٹ جاری

    سیٹیزن پورٹل : مسیحی برادری کو کیا سہولیات ملیں، رپورٹ جاری

    اسلام آباد : پاکستان سیٹیزن پورٹل نے مسیحی برادری کے افراد کی شکایات اور حل سے متعلقہ اعداد وشمار پیش کردیئے۔

    اس حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 3سال میں مسیحی برادری کے10ہزار 700 افراد سیٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ ہوئے ان میں 1300سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق13ہزار430شکایات رپورٹ ہوئیں جن میں سے 95فیصد درخواستیں نمٹائی گئیں، حل شدہ شکایات کے تناظرمیں 6 ہزار664افراد نےاپنی رائے کا اظہار کیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر پورٹل کی خدمات پر اظہار اطمینان کا تناسب 50فیصد رہا، سب سے زیادہ دو ہزار366شکایات بجلی و توانائی شعبہ سے متعلق موصول ہوئیں۔

    میونسپل سروسز کی شکایات 2031تھیں، مسیحی برادری صحت انصاف کارڈ کی سہولت پر سو فیصد مطمئن ہے جبکہ کسان و زراعت سے 90فیصد اور آڈیٹر جنرل سے79فیصد مطمئن ہیں۔

    پاکستان سیٹیزن پورٹل کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ لائف سے75فیصد، نادرا سے72 فیصد لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا، اقلیتی برادری کے24 ہزار532 افراد سیٹیزن  پورٹل پر رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ اقلیتی برادری کی 95فیصد شکایات نمٹائیں جاچکی ہیں۔

  • مبینہ زیادتی کا شکار بچی کی والدہ سے رشوت کا انکشاف، وزیراعظم کا نوٹس

    مبینہ زیادتی کا شکار بچی کی والدہ سے رشوت کا انکشاف، وزیراعظم کا نوٹس

    اسلام آباد: وزیراعظم نے سیٹیزن پورٹل پر شکایت کی شنوائی نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نوٹس معذور بچی کی والدہ کی شکایت پر لیا، معذور بچی کو اوکاڑہ میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، افسوسناک واقعے کا مقدمہ تو درج کرلیا گیا مگر تفتیشی افسر کی جانب سے رشوت لئے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

    متاثرہ خاتون نے سیٹیزن پورٹل پر شکایت کی، جس پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے معاملےکی فوری تحقیقات کا حکم دیا، وزیراعظم کی ہدایت پر ڈلیوری یونٹ نے ڈی پی او اوکاڑہ کو کارروائی کی ہدایت دی، جس پر ڈی پی او اوکاڑہ نے متعلقہ تفتیشی افسر کو معطل کردیا ہے۔

    وزیراعظم نے ہدایت کی کہ معاملےکی شفاف تحقیقات کی جائیں، ملزمان کو گرفتار اور فوری قانونی کارروائی کی جائے اور وزیراعظم آفس کو تحقیقات سےآگاہ رکھا جائے۔

    جسمانی طور پر معذور بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ گذشتہ ماہ تھانہ بی ڈویژن کی حدود میں پیش آیا تھا، واقعے کے مرکزی ملزم کامران کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا جا چکا ہے۔

    ڈی پی او نے مدعی مقدمہ کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے تفتیشی سب انسپکٹر عمرکو معطل کیا ڈی پی او فیصل شہزاد نے متاثرہ فیملی سے خود ملاقات بھی کی اور کہا کہ ان کو ہر صورت انصاف فراہم کروایا جائے گا، بدعنوان ملازمین کی محکمہ میں ہرگز گنجائش نہیں ہے۔

    ڈی پی او نے ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرتے ہوئے حکم دیا کہ تفتیشی امور کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد چالان مرتب کیا جائے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان سیٹیزن پورٹل پر درج کرائی شکایات کی گاہے با گاہے تفصیلات حاصل کرتے رہتے ہیں اور شنوائی نہ ہونے پر متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کرتے رہتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کرپشن اور بدعنوانی کی حوصلہ شکنی، سیٹیزن پورٹل پر نئی کیٹیگری متعارف

    دو ماہ قبل بھی سٹیزن پورٹل پر دو بیوہ خواتین کی شکایت کی داد رسی نہ ہونے پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی کےخلاف انکوائری کاحکم دیا تھا۔

    بیوہ بہنوں نے وزیراعظم کو پورٹل پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی شکایت کی تھی ، جس میں کہا تھا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بنا مؤقف جانے ہماری شکایت کو خارج کیا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے سائلین پر شکایت واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالنے کا بھی الزام ہے۔

    اس سے قبل اپریل میں مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک لاکھ 55ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا، یہ شکایات جولائی تا دسمبر دو ہزار بیس میں دائر کی گئیں تھیں۔

  • پاکستان سیٹیزن پورٹل پر 2 بیوہ بہنوں کی دہائی، وزیراعظم کا نوٹس

    پاکستان سیٹیزن پورٹل پر 2 بیوہ بہنوں کی دہائی، وزیراعظم کا نوٹس

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر 2بیوہ بہنوں کی دہائی کا نوٹس لے لیا اور شکایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی کے خلاف انکوائری کاحکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر 2بیوہ خواتین کی شکایت پر داد رسی نہ کرنے پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی کےخلاف انکوائری کاحکم دے دیا۔

    وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب کو31 مئی تک رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا راولپنڈی ڈویژن کے تمام ریونیو افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کی جائے۔

    وزیراعظم کی ہدایت پر پی ایم ڈلیوری یونٹ نے کارکردگی جانچ پڑتال کا مراسلہ جاری کردیا ہے ، وزیراعظم آفس کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اعلی افسران اپنے ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔

    مراسلے میں راولپنڈی کے سرکاری افسران کی کارکرگی رپورٹ جلد وزیراعظم آفس بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوامی شکایات سے متعلق ڈیش بورڈز کی جانچ پڑتال کی جائے اور افسران عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

    وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ غلط بیانی پر متعلقہ افسران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے بیوہ بہنوں نے وزیراعظم کو پورٹل پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی شکایت کی تھی ، جس میں کہا تھا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نےبنا مؤقف جانے ہماری شکایت کو خارج کیا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے سائلین پر شکایت واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالنے کا بھی الزام ہے۔

  • وزیر اعظم کا سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس، سخت برہمی کا اظہار

    وزیر اعظم کا سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس، سخت برہمی کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سخت احکامات جاری کردیے جس کے بعد متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے موٹر وے ریسٹ ایریاز پر اشیائے خور و نوش کی زائد قیمتوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم آفس کے ڈیلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور آئی جی موٹر وے کو مراسلہ جاری کردیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں، ٹیمیں موٹر وے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں۔ ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سے ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت مدد لے سکتی ہیں۔

    مراسلے کے مطابق ریسٹ ایریاز پر زائد قیمتوں کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جائے، ریسٹ ایریاز پر آگاہی کے لیے بینرز آویزاں کیے جائیں۔ سٹیزن پورٹل پر شکایات کی آگاہی سے متعلق بھی اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر اعظم آفس نے متعلقہ حکام کو 21 دن میں ابتدائی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقدامات کی تکمیل سے پہلے اور بعد کی تقابلی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔

  • وزیر اعظم کی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم ہدایت

    وزیر اعظم کی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی اداروں کے کمپلینٹ سیلز کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی اداروں کے کمپلینٹ سیلز کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ون ونڈو کمپلینٹ سسٹم کی منظوری دے دی۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم آفس نے وفاقی وزارتوں کو مراسلہ جاری کر دیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے کمپلینٹ سیلز کا ایک مرکزی نظام بنانے کی ہدایت کی ہے اور ون ونڈو آپریشن پر 60 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر وزارتوں کے 33 شکایات سیل منسلک کیے جائیں گے، وزیر اعظم کے اقدام سے شکایات درج کروانے کا نظام مستحکم ہوگا۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے کہا گیا کہ مختلف وفاقی اداروں میں کمپلینٹ سیلز کام کر رہے ہیں، باہمی اور مربوط روابط پر مشتمل یونیورسل شکایتی نظام کی ضرورت ہے۔ شہریوں کی ہر قسم کی شکایات میرٹ پر حل کی جائیں گی۔

    مراسلے کے مطابق ون ونڈو آپریشن سے شکایات کے حل پر آگاہی میسر ہوگی، وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ تھرڈ پارٹی آڈٹ نظام مؤثر ثابت ہوگا۔

  • وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی بڑی کامیابی ، 91 فیصد سے زائد شکایات کا ازالہ

    وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی بڑی کامیابی ، 91 فیصد سے زائد شکایات کا ازالہ

    اسلام آباد: وزیراعظم سٹیزن پورٹل نے کامیابی کی مثال قائم کردی ، پورٹل پر91 فیصد سے زائد شکایات کا ازالہ کردیا گیا ، 13 لاکھ 97 ہزار 537 لوگ پورٹل پررجسٹر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل ملک میں شکایات کے ازالے کا سب سے مؤثر نظام بن گیا، وزیراعظم آفس نے بتایا سٹیزن پورٹل پر91 فیصد سےزائد شکایات کا ازالہ کردیا گیا، زندگی کےہرشعبے سے تعلق رکھنے والے 13 لاکھ 97 ہزار 537 لوگ پورٹل پر رجسٹرڈ ہیں۔

    رجسٹرڈ لوگوں میں 48 ہزار 349 طلباء، 34 ہزار 995 کاروباری افراد،33 ہزار277 انجینئر، 20 ہزار25 سرکاری ملازم ،14 ہزار 437 اساتذہ ، کارپوریٹ سیکٹر سے 14ہزار 579 اور 9 ہزار542 مسلح افواج میں سے شامل ہیں۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق 8 ہزار 816 ڈاکٹرز،6 ہزار 841 سماجی کارکن، 46 ہزار 16 وکلا ، 29 ہزار 90 سینئر سٹیزن ،26 ہزار 15 سیاسی کارکن،2 ہزار 309 صحافی اور ایک ہزار 695 این جی اوز میں کام کرنے والے بھی رجسٹر ہیں۔

    مزید پڑھیں : 2019میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم کی زبردست کامیابی

    وزیراعظم آفس کا کہنا تھا کہ پورٹل پر16 لاکھ 53 ہزار 45 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 15 لاکھ 52 ہزار 529 شکایات اندرون ملک ، 94 ہزار 880 شکایات بیرون ملک سے اور 5 ہزار 636 شکایات غیرملکیوں نے رجسٹرکرائیں۔

    خیال رہے سال  2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو زبردست کامیابی ملی، اس سلسلے میں مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

  • وزیراعظم سٹیزن پورٹل نے کامیابی کی مثال قائم کردی

    وزیراعظم سٹیزن پورٹل نے کامیابی کی مثال قائم کردی

    اسلام آباد: وزیراعظم سٹیزن پورٹل نے کامیابی کی مثال قائم کردی، کتنی شکایات درج اور کتنی حل ہوئیں ایک سالہ کارکردگی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ تیار کرلی گئی جس کے مطابق سٹیزن پورٹل نے شہریوں کی 87 فیصد سے زائد شکایات حل کرادیں۔

    دستاویزات کے مطابق وزیراعظم سٹیزن پورٹل میں 14 لاکھ 28 ہزار 810 شکایات درج کرائی گئیں، سٹیزن پورٹل انتظامیہ نے 12 لاکھ 54 ہزار 363 شکایات حل کرادیں۔

    رپورٹ کے مطابق سٹیزن پورٹل کے 40 فیصد شکایت کنندگان شکایات کا ازالہ ہونے پر مطمئن ہیں، پورٹل انتظامیہ نے 27 وزارتوں کے سیکریٹریز کو ریڈ لیٹرز جاری کیے۔

    مزید پڑھیں: سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر وزیر اعظم برہم ہوگئے

    دستاویزات کے مطابق ڈیڑھ لاکھ سے زائد شکایت کنندگان نے مثبت تاثرات بھیجے ہیں، سب سے زیادہ پنجاب اور اسلام آباد کے شہریوں نے شکایات درج کرائیں۔

    وزیراعظم سٹیرن پورٹل کا ایک سال مکمل ہونے پر جلد بڑی تقریب منعقد کی جائے گی، وزیراعظم عمران خان تقریب میں سٹیزن پورٹل کی کارکردگی رپورٹ جاری کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے طرز عمل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سخت نوٹس لیا تھا۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا تھا کہ کمیٹی متعین افسران کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال کر کے رپورٹ جمع کرائے گی، یہ کمیٹی بہترین اور بدترین کارکردگی کے ذمہ داران کے تعین کے ساتھ ساتھ حل، غیر حل شدہ شکایات میں خامیوں کی نشان دہی بھی کرے گی۔