Tag: Citizen tortured

  • ویڈیو: چوری کے شبہے میں بزرگ شہری پر تشدد، نوجوانوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے

    ویڈیو: چوری کے شبہے میں بزرگ شہری پر تشدد، نوجوانوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر میں چوری کے شبہے میں ایک بزرگ شہری کو باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے تشدد کرنے والے نوجوانوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے۔

    تفصیلات کے مطابق چوری کی واردات کے شک میں نوجوانوں نے خود ہی قانون کو ہاتھ میں لے لیا، تھانہ سعود آباد کی حدود ملیر شادمان ٹاوٴن کے علاقے میں ایک بزرگ شہری کو تشدد کا نشانہ بنا لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بزرگ شہری کو باندھ کر نوجوان تشدد کر رہے ہیں، اس دوران کوئی اس کی ویڈیو بھی بناتا رہا۔ فوٹیج میں تشدد کرنے والوں کے چہرے واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔

    تشدد کرنے والے دونوں افراد کی شناخت دانیال اور ولایت کے ناموں سے ہو گئی ہے، دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کرنے والے دونوں ملزمان تاحال فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس حکام نے کہا اگر کسی نے چوری کی بھی ہے تو اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جانا چاہیے تھا، کسی کو بھی جرم ثابت ہونے سے پہلے کسی پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    علاقہ مکینوں نے واقعے پر اپنے رد عمل میں کہا کہ اعلیٰ حکام واقعے کی صاف شفاف انکوائری کے بعد قانونی کارروائی کرے۔

  • کراچی میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات، ویڈیو مںظر عام پر آگئی

    کراچی میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات، ویڈیو مںظر عام پر آگئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد رضویہ تھانے کی حدود میں 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان شہری کو تشدد کا نشانہ بنا کر نقدی و موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اپارٹمنٹ کے نیچے کھڑے شہری کو 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے آکر دھکا دیا، ملزمان نے اسلحہ کے زور پر نقدی، موبائل فون چھینا اور شہری کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری زمین گرا اور مزاحمت کرتا رہا، ملزمان نے اس کے کپڑے بھی پھاڑ دئیے۔

    واردات کے وقت درجنوں افراد آس پاس سے گزرتے رہے لیکن کوئی شہری کی مدد کو آگے نہ آیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 22 جون کو کراچی کے علاقے نیو ٹاؤن میں ایک تاجر کے گھر میں ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، نیو ٹاؤن تھانے کے قریب 5 ملزمان نے گھر کے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر گھر سے سوا کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    متاثرہ فیملی کا کہنا تھا کہ مسلح ملزمان نے گھر سے 110 تولے سونا، نقد رقم 6 لاکھ روپے، اور گھر میں موجود 3 ہزار ریال لوٹ کر لے گئے۔