Tag: citizens

  • دبئی میں شہریوں کے لیے حفاظتی اقدامات کا اعلان

    دبئی میں شہریوں کے لیے حفاظتی اقدامات کا اعلان

    دبئی: دبئی کے حکام نے رمضان المبارک کے دوران حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے اور شہریوں کو ان کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دبئی حکام نے رمضان المبارک کے دوران مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

    دبئی حکام اپنے یہاں اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے والے اقدامات کر رہے ہیں، اسی کے ساتھ ریاست کے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون و اشتراک سے حفاظتی اقدامات کی سختی سے پابندی کروا رہے ہیں۔

    دبئی حکام نے جن حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے وہ یہ ہیں۔

    نجی مقامات پر 10 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی، شادی ہو یا جنازہ ہر حال میں سماجی دوری کا اصول لاگو کیا جائے گا۔ مصافحے اور گلے ملنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    کسی بھی تقریب میں خاندان کے افراد کے سوا باہر کے لوگوں کو بلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    کھانا تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، گھر والوں کے سوا کسی کو بھی کھانا عطیہ کرنے یا براہ راست پیش کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔ کھانا تقسیم کرنے کا کام صرف فلاحی انجمنوں اور سرکاری اداروں تک محدود رہے گا۔

    رمضان المبارک کے دوران ایک خاندان کے افراد اگر مختلف مکانات میں رہ رہے ہوں گے تو انہیں بھی ایک دوسرے کو افطار بھیجنے کی اجازت نہیں ہوگی، یہ پابندی وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی وجہ سے لگائی جارہی ہے۔

    اگر کسی شہری یا مقیم غیر ملکی نے خاندان کے کسی فرد یا دوست سے کھانے کی کوئی چیز وصول کرلی تو اسے انتہائی احتیاط کے ساتھ گھر کے کچرے کے ڈبے کے حوالے کرنا ہوگا۔

    وائرس کے خطرات سے بہت زیادہ متاثر ہونے والوں سے ملاقات پر پابندی لگائی گئی ہے جیسے بوڑھے اور لاعلاج امراض میں مبتلا افراد۔

    گھریلو عملے کو پارسل وصول کرنے کے حوالے سے حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کی تاکید کی جائے، انہیں کہا جائے کہ وہ پیکٹ یا کھانے کا ڈبہ سینی ٹائز کر کے وصول کریں اور دستانوں کا استعمال کریں۔

    گھر سے انتہائی ضرورت کے تحت ہی باہر نکلا جائے، رشتہ داروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ محدود رکھا جائے، ملنے پر حفاظتی تدابیر کا خیال رکھا جائے۔ گھر سے باہر کسی بھی چیز کو چھونے سے پرہیز کیا جائے۔

    پبلک یا پرائیویٹ ٹرانسپورٹ استعمال کرتے وقت ماسک استعمال کیا جائے، سفر کی حالت میں بار بار سینی ٹائزنگ کا اہتمام کیا جائے۔

    کرونا وائرس کی علامتیں نمودار ہونے والے شخص کو فوری الگ تھلگ کر دیا جائے، دبئی محکمہ صحت سے ہاٹ لائن پر رابطہ کر کے مطلع کیا جائے، گھر کے تمام افراد خصوصاً بوڑھے اور کمزور قوت مزاحمت والے افراد مریض سے فاصلہ رکھیں۔

  • کورونا وائرس ، وزیراعظم کی شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت

    کورونا وائرس ، وزیراعظم کی شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد : کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے افسران کو ہدایات جاری کردیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے مسائل نظر انداز نہیں ہونے چاہئیں۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیراعظم آفس کی جانب سے خصوصی مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری افسران مسائل کے حل کیلئےشہریوں سے رابطےمیں رہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں لاک ڈاؤن کے باعث شہریوں کو مسائل کا سامنا ہے، شہری سیٹیزن پورٹل کا استعمال کر کے شکایات درج کرا رہے ہیں، سرکاری افسران کو گھروں سے کام کیلئے پورٹل کی سہولت میسر ہے۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ افسران شہریوں کی شکایات کےازالےکیلئےاقدامات کریں اور شہریوں کو شکایات کے حل سے متعلق با خبر رکھا جائے۔

    مراسلے میں کورونا کے باعث شکایات کے حل کا دورانیہ 41 سے 60 روز کر دیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب کا اپنے شہریوں کو 3 دن کے اندر اندر وطن واپسی کا حکم

    سعودی عرب کا اپنے شہریوں کو 3 دن کے اندر اندر وطن واپسی کا حکم

    ریاض: کروناوائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی حکام نے اپنے ان تمام شہریوں کو جو متحدہ عرب امارات اور بحرین میں موجود ہیں انہیں تین دن کے اندر اندر وطن واپس آنے کا حکم دے دیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جو سعودی شہری متحدہ عرب امارات یا بحرین میں موجود ہیں وہ 72 گھنٹے کے اندر اندر سعودی عرب واپس پہنچ جائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔

    یو اے ای اور بحرین میں قائم سعودی سفارت خانوں کی جانب سے مذکورہ اعلان کیا گیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سفارت خانوں نے ئوٹٹ کیا کہ یو اے ای سے سعودی عرب واپس آنے کے خواہشمند تمام سعودی شہری تین دن تک دبئی ایئرپورٹ سے سعودی ائیر لائن کے ذریعے واپسی کا سفر کرسکتے ہیں۔

    سعودی عرب میں کرونا کے مریض صحت یاب ہونے لگے

    دریں اثنا شہریوں کی واپسی کے لیے دیگر انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ کئی شہری ابوظہی کے قریب البطحاء سرحدی چوکی کے راستے سے بھی سعودی عرب میں داخل ہو سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں بحرین سے سعودی عرب آنے کے لیے شہری کنگ فہد پل کا راستہ استعمال کرسکتے ہیں۔

  • ترکی میں سعودی سفارت خانے کا اپنے شہریوں پر مسلح حملے کے بعد انتباہ

    ترکی میں سعودی سفارت خانے کا اپنے شہریوں پر مسلح حملے کے بعد انتباہ

    انقرہ /ریاض : ترکی میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے استنبول میں نامعلوم مسلح افراد کے سعودی شہریوں کے ایک گروپ پر حملے کے بعد انتباہ جاری کیا ہے اور سعودی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ استنبول کے علاقے سسلی ( صقلیہ) میں واقع ایک کیفے میں سعودی سیاح بیٹھے ہوئے تھے،اس دوران میں اچانک مسلح افراد نے ان پر حملہ کردیا اور ان میں سے ایک کو گولی مار دی، پھر ان کا سامان لُوٹ کر چلتے بنے۔

    وزارت کے مطابق ایک سعودی شہری گولی لگنے سے زخمی ہوگیا تھا لیکن اس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ اس کا زخمی کتنا گہرا یا شدید ہے۔

    وزارت نے ترکی میں موجود سعودی شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے قیام کے دوران میں حفظ ماتقدم کے طور پر تمام ضروری حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، وہ سسلی یا تقسیم اسکوائر میں سورج غروب ہونے کے بعد جانے سے گریز کریں۔،یہ دونوں غیر ملکی سیاحوں کی مقبول جگہیں ہیں۔

    ترکی میں سعودی سفارت خانے نے جولائی میں بھی اپنے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس ملک کی سیاحت کے دوران میں اپنے سامان ومال متاع کا خود تحفظ کریں، تب استنبول میں سعودی پاسپورٹس چوری ہونے کے متعدد واقعات پیش آئے تھے۔

    سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی کی سیاحت کے لیے جانے والے شہریوں نے بعض علاقوں میں اپنے ساتھ ہونے والی چھینا جھپٹی کی وارداتوں کی شکایت کی تھی اور ان میں سے بعض کو ان کے پاسپورٹس اور زادِ راہ سے محروم کردیا گیا تھا۔

  • ایران روسی شہریوں کے حقوق کا احترام کرے، روس

    ایران روسی شہریوں کے حقوق کا احترام کرے، روس

    ماسکو : روس کے ایوان بالا کی خارجہ کمیٹی کے چیئرمین کوسٹیٹکن کوساچیووف نے کہا ہے کہ روس اس بات کو یقینی بنائے کہ ایران آبنائے ہرمز میں ضبط ٹینکر پر سوار روسی شہریوں کے حقوق کا احترام کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی طرف سے ضبط کئے گئے ٹینکر سے متعلق کمپنی نے ایران میں روسی سفارت خانے کو اطلاع دی ،کوساچیو وف نے کہا کہ ہمیں ایران کے ساتھ موجودہ موثر مواصلاتی ذرائع کی مدد سے جلد سے جلد اس معلومات کی تصدیق کرنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر اس کی معلومات کی تصدیق ہو جاتی ہے تو روس کو اس بات کا یقینی بنانا ضروری ہے کہ ایران ہمارے شہریوں کے حقوق کا احترام کرے۔

    کوسا چیووف نے کہا کہ ہمارے شہریوں کو مغربی ممالک اور ایران کے درمیان جاری سیاسی رسہ کشی میں یرغمال نہیں بنایا جانا چاہیے۔

    واضح رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے جس برطانوی آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیا ہے، اس میں سوار عملے کے 23 افراد میں سے اٹھارہ کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ دیگر پانچ شہریوں کا تعلق فلپائن اور روس سے ہے۔

     بھارت اور فلپائن کی حکومتوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ  آبنائے ہرمز سے ایرانی قبضے میں لیے جانے والے برطانوی آئل ٹینکر کے عملے میں ان کے شہری بھی شامل ہیں۔

    بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ بھارتی حکام ایران میں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بھارتی شہریوں کی بازیابی جلد از جلد ممکن بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ اس بحری جہاز میں اٹھارہ بھارتی موجود ہیں۔

    منیلا میں وزرات خارجہ نے کہا کہ تہران میں ان کے سفیر کوشش میں ہیں کہ اس ٹینکر میں سوار ایک فلپائنی شہری کو جلد از جلد رہا کر دیا جائے۔

  • پولش شہریوں کے خلاف نیتن یاہو کا بیان، پولش وزیر اعظم نے دورہ اسرائیل منسوخ کردیا

    پولش شہریوں کے خلاف نیتن یاہو کا بیان، پولش وزیر اعظم نے دورہ اسرائیل منسوخ کردیا

    وارسا : پولش وزیر اعظم نے ہولوکاسٹ میں پولش شہریوں کے ملوث ہونے کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں منعقدہ ایران مخالف کانفرنس سے واپسی کے بعد کہا تھا کہ ہولوکاسٹ کے دوران پولش شہریوں نے نازیوں کے ساتھ مل کر یہودیوں کا قتل عام کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولینڈ کے وزیر اعظم ماتیور موراویکی نے نیتن یاہو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے یروشلم میں وسطی یورپی ممالک کے سفارتی اجلاس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    پولیش حکومت کا کہنا ہے کہ ماتیور موراویکی نے نیتن یاہو کو ٹیلی فونک رابطہ کرکے اپنا دورہ منسوخ کرنے اور وزیر خارجہ کے شریک ہونے کی خبر دی۔

    وزیر اعظم ماتیور موراویکی کا کہنا تھا کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران پولش شہریوں کی بے باک قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے، پولش شہریوں کی حقیقی تاریخ کو بیان کرنا ضروری ہے۔

    پولش حکومت کا کہنا تھا کہ دوسری عالمی جنگ سے قبل پولینڈ پر جرمن نازیوں کا قبضہ تھا لیکن پولش شہریوں نے ہولوکاسٹ میں نازیوں کی معاونت نہیں کی اگر کسی نے ذاتی حیثیت میں یہودیوں کے قتل عام میں حصّہ لیا ہو تو اس کا پولینڈ سے کوئی تعلق نہیں۔

    یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولش حکومت نے دارالحکومت وارسا میں تعینات اسرائیلی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا تھا۔

    پولش حکومت کی مذمت پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر اعظم نے ردعمل پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے بیان کو غلط طریقے اور قیاس آرائیوں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جس نے پولینڈ حکومت کو اسرائیل کے خلاف بڑھکا دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نے وضاحتی بیان میں کہا کہ ’خبررساں ادارے نے میرے بیان میں ’پولینڈینز‘ کی اصطلاح استعمال کی جو تمام پولش شہریوں پر یہودیوں کے قتل عام کا الزام عائد کررہی ہے۔

    نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ میں اپنے بیان میں ان چند پولش شہریوں کا ذکر کیا تھا جنہوں نے یہودیوں کے قتل عام میں جرمن نازیوں کا ساتھ دیا تھا۔

  • جرمنی میں افغان شہری کا چاقو سے حملہ، تین افراد زخمی

    جرمنی میں افغان شہری کا چاقو سے حملہ، تین افراد زخمی

    برلن : جرمن شہر راوینز برگ میں غیر قانونی افغان مہاجر نے تیز دھار چاقو سے حملہ کرکے دو شامی مہاجر سمیت تین شہریوں کو زخمی کردیا ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک جرمنی کے مغربی حصّے کے شہر راوینزبرگ میں غیر قانونی تارک وطن نے تیز دھار خنجر کے ذریعے حملہ کرکے تین افراد کو شدید زخمی کردیا جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    جرمن خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افغان شہری نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر چاقو سے دو شامی اور ایک 52 سالہ جرمن شہری کو گذشتہ روز زخمی کیا تھا، زخمی افراد میں ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور کو جرمن پولیس نے شہر کے میئر ڈانیئل راپ کی مدد سے موقع واردات سے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جب حملہ ہوا تو شہر کے میئر موقع واردات پر موجود تھے جنہوں نے افغان شہری کو فرار ہونے روکا اور اپنے گفتگو کے ذریعے اسے ہتھیار ڈالنے پر قائل کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حملے میں زخمی ہونے والے شامی تارکین وطن کی عمریں بھی 19 سے 20 برس ہیں اور حملہ آور کی عمر بھی 19 برس ہے۔

    جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز پیش آنے والی چاقو زنی کی واردات کو دہشت گردی کے زمرے میں شمار نہیں کیا جاسکتا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ افغان مہاجر نے شہر کے بس اسٹاپ پر دونوں شامی نوجوانوں کو زخمی کیا تھا جبکہ جرمن 52 سالہ جرمن شہری پر چاقو کے وار بس اسٹاپ سے کچھ فاصلے پر ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں مسافروں سے بھری بس جرمنی کے شہر لیوبیک کے ایک معروف ساحل کی طرف رواں دواں تھی کہ بس میں بیٹھے ایک شخص نے چاقو نکال کر لوگوں پر حملہ کرنا شروع کردیا جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • یمنی شہریوں کے لیے پہنچائی گئی امداد حوثیوں نے لوٹ لی، عبداللہ الربیعہ

    یمنی شہریوں کے لیے پہنچائی گئی امداد حوثیوں نے لوٹ لی، عبداللہ الربیعہ

    ریاض/دبئی : شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے سپروائزر نے کہا ہے کہ الحدیدہ کے متاثرہ کی ہر ممکن امداد کررہا ہے، متحدہ عرب امارت نے الحدیدہ کے جنگ متاثرین کے لیے 8کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز ریلیف سینٹر یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے میں کامیاب رہا ہے، ریلیف سینٹر کے سپر وائزر عبد اللہ الرربیعہ نے کہا ہے کہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے یمن میں کامیابی سے امدادی آپریشن انجام دے رہا ہے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ الربیعہ کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر الحدیدہ بندر گاہ کے علاقے میں جنگ سے متاثر ہونے والے یمنیوں کی ہر ممکن امداد کررہا ہے۔

    شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے سپروائزر نے حوثی جنگجوؤں پر الزام عائد کیا کہ یمنی شہریوں کے لیے پہنچائی جانے والی امداد حوثی جنگجو راستے میں ہی لوٹ لیتے ہیں، حوثیوں کی جانب سے سنہ 2015 اور 17 میں 65 امدادی کشتیاں، 124 امدادی قافلے جبکہ 628 ٹرک لوٹے گئے ہیں۔

    مشترکا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے معاون وزیر خارجہ سلطان الشامسی کا کہنا تھا کہ یو اے ای، سعوی عرب کے ہمراہ یمنی شہریوں کی امداد میں مصروف ہے۔

    سلطان الشامسی کا کہنا تھا کہ حوثی جنگجوؤں نے یمن میں باردی سرنگوں کو بچھا کر بین عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، امارات اور سعودی عرب مشترکا طور پر یمن میں اقوام متحدہ کے قوانین نافذ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے معاون وزیر کا کہنا تھا کہ اماراتی حکام کی جانب سے گذشتہ تین ماہ میں یمن کے علاقے الحدیدہ کے متاثرین کے لیے 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی گئی ہے جبکہ اب تک یواےای یمن کے لیے 4 ارب ڈالر کی امداد فراہم کرچکا ہے۔

  • یواےای میں شراب نوشی پر سزا ہوگی، برطانوی حکام کی شہریوں کو تنبیہ

    یواےای میں شراب نوشی پر سزا ہوگی، برطانوی حکام کی شہریوں کو تنبیہ

    ابو ظہبی : برطانوی قونصل خانے نے برطانوی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اماراتی شہروں میں شراب نوشی کرنے پر سیاحوں کو   پکڑا گیا تو انہیں سزا اور جرمانےکا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کی غرض سے متحدہ عرب امارات کا سفر اختیار کرنے والے برطانوی شہریوں کو حکومت نے خبردار کیا ہے کہ امارات کے سفر کے دوران شراب پینے والے سیاحوں کو  جیل جانا پڑسکتا ہے۔

    برطانوی حکام کی جانب سے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے سیاحوں کو پہلے بھی بغیر لائسنس شراب نوشی کرنے پر اماراتی عدالتیں قید کی سزائیں دے چکی ہیں۔

    برطانوی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات میں شراب نوشی ممنوع ہے، برطانیہ کے شہریوں کو اماراتی رسم و رواج کی پاسداری کرنی چاہیے۔

    قونصل خانے نے برطانوی شہریوں  کو متبنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی بھی سیاح بغیر لائسنس ممنوع اشیاء لے جاتے یا نوش کرتے ہوئے پکڑا گیا یا ان کے میڈیکل چیک اپ کے دوران خون میں شراب شامل ہوئی تو انہیں بھاری جرمانے یا سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ 31 اگست کو دبئی کی عدالت نے برطانوی سیاح کو شراب پینے، دو پولیس افسران پر تشدد کرنے اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیج دیا۔

    عدالت نے برطانوی شخص پر الزام ثابت ہونے پر بغیر لائسنس کے شراب پینے، خاتون پولیس افسر پر تشدد کرنے اور پولیس کار کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو رواں برس 6 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • یمنی شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان جیاٹ

    یمنی شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان جیاٹ

    ریاض : عرب اتحاد کی تحقیقاتی کمیٹی کے ترجمان منصور المنصور نے کہا ہے کہ اتحادی فورسز نے یمن میں کسی بھی شہری عمارت یا گھر کو بمباری کا نشانہ نہیں بنایا۔ عرب اتحاد پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں بنے والے عرب اتحاد کی دوران جنگ حالات و واقعات کا جائزہ لینے والی تحقیقاتی کمیٹی (جیاٹ) نے یمن کے شمالی صوبے میں شہری عمارتوں اور عام شہریوں پر بمباری کرنے کے الزامات کی تردید کردی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یمن میں حالیہ کچھ دنوں میں عام شہریوں کو گولہ باری کا نشانہ بنانے کے کئی واقعات منظر عام پر آئے تھے جن کے الزامات عرب اتحاد پر عائد کیے جارہے تھے۔

    عرب اتحاد کی تحقیقاتی کمیٹی کے ترجمان منصور المنصور نے گذشتہ روز سعودی دارالحکومت ریاض میں میڈیا سے گفتگو کے دوران یمنی صوبے میں واقع ایک عمارت کو بمباری کا نشانہ بنانے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ عمارت میں حوثیوں کی خفیہ موجودگی پر نشانہ بنایا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی کچھ بین الااقوامی تنظیموں کی جانب سے الزام عائد کیا جارہا تھا کہ صعدہ میں جس گھر پر بمباری کی گئی ہے وہ عام شہریوں کے گھروں سے متصل تھا۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ منصور المنصور کی جانب سے دیکھائی جانے والی تصاویر کے مطابق مذکورہ گھر کے اردگرد کوئی عمارت موجود نہیں۔ اور تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مذکورہ گھر پر عالمی قوانین کے تحت بمباری کی گئی ہے۔