Tag: Citizens portal

  • سٹیزن پورٹل: سرکاری افسران کی جعلسازی کا انکشاف

    سٹیزن پورٹل: سرکاری افسران کی جعلسازی کا انکشاف

    اسلام آباد: سٹیزن پورٹل پر عوامی مسائل کے حل میں سرکاری افسران کی جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد جعلسازی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر عوامی مسائل کے حل میں سرکاری افسران کی جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے، جعلسازی پر افسران کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردی گئی۔

    پی ایم ڈی یو نے 254 سرکاری افسران کے ڈیش بورڈز پر جعلسازی پر رپورٹ تیار کی ہے۔

    عوامی شکایات پر کارروائی سے متعلق غلط بیانی پر سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ پنجاب کے 54، پختونخواہ کے 86، سندھ کے 8 اور وفاق کے 11 افسران کے ڈیش بورڈز کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ تحقیقات میں پنجاب کے 44 سرکاری اہلکار جعلسازی کے مرتکب قرار پائے گئے، پختونخواہ کے چیف سیکریٹری نے 39 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی اور جعلسازی ثابت ہونے والے سرکاری ملازمین معطل کردیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق آئی جی پنجاب کی تحقیقات کے بعد 45 سرکاری اہلکاروں، آئی جی کے پی کے کی 10 اہلکاروں اور آئی جی سندھ کی تحقیقات کے بعد 3 اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو ہدایات جاری کردی گئیں جن میں کہا گیا ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، غلط بیانی کرنے والے افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

    وزیر اعظم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کو خود مانیٹر کرتا ہوں، غلط بیانی کرنے والے افسران سے رعایت نہیں کی جائے گی۔

  • کرپشن اور بدعنوانی کی حوصلہ شکنی، سیٹیزن پورٹل پر نئی کیٹیگری متعارف

    کرپشن اور بدعنوانی کی حوصلہ شکنی، سیٹیزن پورٹل پر نئی کیٹیگری متعارف

    اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر سیٹیزن پورٹل پر کرپشن اور بدعنوانیوں کی شکایات کےاندراج کیلئے خصوصی کیٹیگری متعارف کرادی گئی، اس سےقبل کرپشن سے متعلق شکایات کیلئے جنرل کیٹیگری کااستعمال ہوتاتھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کرپشن اور بدعنوانی کی حوصلہ شکنی کے لئے اہم فیصلہ کیا، وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سیٹیزن پورٹل پر نئی کیٹیگری کااضافہ کردیا گیا ہے ، کرپشن،بدعنوانیوں کی شکایات کے اندراج کیلئے خصوصی کیٹیگری متعارف کرائی گئی ہے۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق عوام کی سہولت کیلئے کیٹیگری مزید6 درجہ بندی میں تقسیم کی گئی ، جن میں مالی کرپشن، فراڈ،میرٹ کی خلاف ورزی، اختیارات کاغلط استعمال،نا اہلی شامل ہیں ، اس سےقبل کرپشن سےمتعلق شکایات کیلئے جنرل کیٹیگری کااستعمال ہوتاتھا۔

    وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ اقدام عوام کی جانب سے شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایاگیا، حکومتی اداروں میں کرپشن کی شکایات کیلئےمالی کرپشن کی کیٹیگری مختص کردی گئی ہے ، اختیارات کےناجائزاستعمال پرعوام متعلقہ کیٹیگری میں شکایت درج کراسکتے ہیں۔

    فراڈوردھوکادہی سےمتعلق شکایات کے لیے بھی خصوصی کیٹیگری متعارف کرائی گئی ہے جبکہ دستاویزات میں ردوبدل اورجعلی کوائف کیلئےبھی خصوصی کیٹیگری شامل ہیں۔

    خیال رہے سٹیزن پورٹل ملک میں شکایات کے ازالے کا سب سے مؤثر نظام بن گیا ہے ، وزیراعظم آفس نے بتایا تھا سٹیزن پورٹل پر91 فیصد سےزائد شکایات کا ازالہ کردیا گیا، زندگی کےہرشعبے سے تعلق رکھنے والے 13 لاکھ 97 ہزار 537 لوگ پورٹل پر رجسٹرڈ ہیں۔

    رجسٹرڈ لوگوں میں 48 ہزار 349 طلباء، 34 ہزار 995 کاروباری افراد،33 ہزار277 انجینئر، 20 ہزار25 سرکاری ملازم ،14 ہزار 437 اساتذہ ، کارپوریٹ سیکٹر سے 14ہزار 579 اور 9 ہزار542 مسلح افواج میں سے شامل ہیں۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق 8 ہزار 816 ڈاکٹرز،6 ہزار 841 سماجی کارکن، 46 ہزار 16 وکلا ، 29 ہزار 90 سینئر سٹیزن ،26 ہزار 15 سیاسی کارکن،2 ہزار 309 صحافی اور ایک ہزار 695 این جی اوز میں کام کرنے والے بھی رجسٹر ہیں۔

  • سول ایوی ایشن تھارٹی : افسران کی ترقیوں اور سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری دے دی گئی

    سول ایوی ایشن تھارٹی : افسران کی ترقیوں اور سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری دے دی گئی

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افسران کو ترقیاں دے دیں، مسافروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے سی اے اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی میں افسران کو ترقیاں دے دی گئیں، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ منیجر ظفر اعتماد کو ترقی دے کر ڈائریکٹر آپریشن تعینات کردیا گیا۔

    ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر عمران خان کو کراچی ایئرپورٹ پر چیف آپریٹنگ آفیسر تعینات کردیا گیا، ڈائریکٹر ایچ آر کی جانب سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں مذکورہ افسران کی ترقیوں کی منظوری دی گئی، ذرائع کے مطابق ملک کے دیگر ائرپورٹس مینجر کے تبادلوں کا امکان ہے، اس کے علاوہ ملک کے دیگر ائیرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر مسافروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اہم اقدام کیا ہے جس کے تحت مختلف ایئرپورٹس پر مسافر بلا تاخیر اپنی شکایات سی اے اے کے اعلیٰ حکام تک پہنچا سکیں گے۔

    عوام وزیر اعظم کی قائم کردہ سٹیزن پورٹل پر براہ راست اپنی شکایتیں درج کراسکتے ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سٹیزن پورٹل اپنی ویب سائٹ پر بھی آویزاں کردیا گیا، مسافروں کی شکایت کے ازالے کیلئے ڈی جی سی اے اے براہ راست نگرانی کریں گے

    سی اے اے کے مطابق اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کی جو بھی شکایتیں ہوں گی ان کا فوری ازالہ کیا جائے گا، شکایتوں کے ازالے کے حوالے سے کوئی بھی افسر غفلت کا مرتب پایا گیا تو اس کیخلاف ضابطے کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،۔

    علاوہ ازیں ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر اندرون و بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کو تمام تر سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔

  • سندھ حکومت شہریوں کی شکایات حل کرنے میں سب سے پیچھے، سٹیزن پورٹل رپورٹ

    سندھ حکومت شہریوں کی شکایات حل کرنے میں سب سے پیچھے، سٹیزن پورٹل رپورٹ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبائی محکموں کی کارکردگی پرمایوسی کا اظہار کیا، شہریوں کے شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سرفہرست جبکہ سندھ حکومت سب سے پیچھے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو پاکستان سٹیزن پورٹل پرصوبوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی، شہریوں کے شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سرفہرست ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارتوں اوراداروں نے تین لاکھ چونسٹھ ہزار سےزائد شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سےنواسی فیصد شکایات حل کی گئیں۔

    شہریوں کے شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سرفہرست

    شہریوں کی شکایات حل کےحوالے سےسندھ حکومت سب سے پیچھے ہے، سندھ کےصوبائی محکمے اب تک صرف تیس فیصد شکایات حل کرسکے۔

    رپورٹ میں کہا گیا پاکستان بھر میں زیرالتوا شکایات کی تعداد سینتیس ہزار پانچ سوچوہترہے، جس میں سے بتیس ہزار زیرالتوا شکایات صرف حکومت سندھ کی ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نےصوبائی محکموں کی کارکردگی پرمایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت سندھ کی جانب سے عدم تعاون کا نقصان شہریوں کو ہو رہا ہے۔

    وزیراعظم نے سندھ کےچیف سیکرٹری کوخط لکھنےکی ہدایت کردی اور کہا وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی بنائی جائے۔

    رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 90 فیصد شکایات پر عملدرآمد ہوا، کےپی حکومت نے86 اورپنجاب نے 85 فیصد شکایات حل کیں جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان حکومت نے 74 فیصد شکایات حل کیں۔

  • سٹیزن پورٹل : وزیر اعظم عمران خان کا 33ہزار شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم

    سٹیزن پورٹل : وزیر اعظم عمران خان کا 33ہزار شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم

    اسلام آباد : پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کے ازالے اور مزید مؤثرحل کیلئے وزیراعظم نے نوٹس لے لیا، وزیراعظم نے پی ایم ڈیلیوری یونٹ کو33ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا۔

    انہوں متعلقہ محکموں کو14روز کےاندرشکایات حل کرنے کی ہدایت کردی، اس سلسلے میں وزیراعظم آفس سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ افسران شکایات کے حل کے بعد اسے اداروں کے سربراہان کے نوٹس میں لائیں۔

    شکایات کی درست تفصیلات نہ دینے والے افسران کیخلاف کارروائی ہوگی، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے خارج شدہ شکایات بھی دوبارہ کھولنے کا حکم دیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ جن شہریوں نے اپنی شکایات واپس لیں ہیں ڈیلیوری یونٹ ان سے بھی رابطہ کرے، شکایات واپس لینے والے شہریوں سے پوچھا جائے کہ انہوں نے کسی دباؤ میں آکر تو شکایات واپس تو نہیں لیں؟

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل استعمال کرنے والوں کی تعداد9لاکھ60ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، سٹیزن پورٹل پر سات لاکھ64ہزار657شکایات درج ہوئیں جن میں سے چھ لاکھ17ہزار239 شکایات اب تک حل کی جاچکی ہیں۔

    مزید پڑھیں: سٹیزن پورٹل پرعوامی مسائل حل نہ کرنے والے متعدد افسران معطل، شوکاز نوٹس جاری

    اس کے علاوہ جعلی اور جھوٹی شکایات درج کرانے والے50ہزارصارفین کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، مسلسل جعلی شکایات درج کرنے والوں کو فہرست سے بلاک کردیا جائے گا۔

  • سٹیزن پورٹل پرعوامی مسائل حل نہ کرنے والے متعدد افسران معطل، شوکاز نوٹس جاری

    سٹیزن پورٹل پرعوامی مسائل حل نہ کرنے والے متعدد افسران معطل، شوکاز نوٹس جاری

    اسلام آباد : وزیر اعظم کی ہدایت پرقائم سٹیزن پورٹل کے ذریعے عوامی شکایات کی شنوائی نہ کرنے والے افسران کی شامت آگئی، متعدد افسران معطل اور دیگر کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کیخلاف حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا آغاز کردیا، اسلام آباد میں عوامی مسائل حل نہ کرنے اور فرائض میں غفلت برتنے پر کئی افسران معطل کر دیئے۔

    پنجاب کی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر افسران کو معطل کیا گیا اس کے علاوہ غفلت برتنے پر اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ، گجرات، ڈی جی خان کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ31اسسٹنٹ کمشنرز کو شوکاز نوٹس اور بیس کو وارننگ لیٹر جاری کیے گئے ہیں، عوامی شکایات اور مسائل بروقت حل نہ کرنے پر اعلیٰ افسران کی سخت سرزنش بھی کی گئی ہے جبکہ بروقت ایکشن کرنے والے71اسسٹنٹ کمشنرز کو تعریفی لیٹرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سٹیزن پورٹل پر درج ہونے والی غلط شکایت بھجوانے اور انکوائری میں غفلت برتنے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دو پولیس افسران کو معطل کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان نے 28 اکتوبر 2018 کو ملکی تاریخ میں پہلی بارآن لائن عوامی شکایات کے اندراج کےلیے سیٹیزن پورٹل کا افتتاح کیا تھا، جس کے تحت درج ہونے والی شکایات کا ازالہ بھی کیا گیا۔