Tag: civil aviation authority

  • سول ایوی ایشن کے سینئر افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد دفتری امور بری طرح متاثر

    سول ایوی ایشن کے سینئر افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد دفتری امور بری طرح متاثر

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی میں متعدد افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد ادارے میں دفتری امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں، افسران کی کمی کے باعث سی اے اے کے اہم عہدوں پر ایڈیشنل ڈائریکٹرز کو اضافی ذمہ داریاں دے دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اہم عہدوں پر افسران کے ریٹائرمنٹ کے بعد ادارے کو افسران کی کمی کا سامنا ہے، متعدد افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد دفتری امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث اہم عہدوں پر ایڈیشنل ڈائریکٹرز کو اضافی ذمہ داریاں سونپنا شروع کردی گئیں۔

    ڈائریکٹر کمرشل القرہ عتیق کی ریٹائرمنٹ کے بعد عہدہ خالی تھا، سی اے اے کی جانب سے ڈی جی کے اسٹاف افسر تاشفین اشرف کو ڈائریکٹر کمرشل کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔

    اس کے علاوہ سی اے اے کے اہم ڈائریکٹر ایئر پورٹ سروسز صادق رحمان کے تبادلے کے بعد یہ شعبہ بھی خالی تھا، جس کے بعد ڈپٹی ڈی جی عامر محبوب کو ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز کی اضافی ذمہ داری سونپ دی گئی اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہلکار نے مسافر کا قیمتی بیگ اس کے حوالے کردیا

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہلکار نے مسافر کا قیمتی بیگ اس کے حوالے کردیا

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہلکار نے دیانتداری کی مثال قائم کرتے ہوئے بزرگ میاں بیوی کا قیمتی بیگ مالکان کے حوالے کردیا، سی اے اے حکام نے اہلکار کو شاباش دی۔

    تفصیلات کے مطابق بزرگ میاں بیوی کی کروڑوں روپے کی گم شدہ جمع پونجی محفوظ ہاتھوں میں پہنچ گئی، جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر سی اے اے کے عملے نے دیانتداری کی نئی تاریخ رقم کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج میں سی اے اے اہلکار عارف نے ایک ہینڈ بیگ پڑا دیکھا، بیگ میں دوکروڑ روپے کے بچت سرٹیفیکیٹس اور دیگر سامان تھا۔

    بیگ پر مالک کا نام اور فون نمبر بھی درج تھا، بعد ازاں بیگ کے مالک فیاض مرزا سے رابطہ کرکے ضروری تصدیق کرنے کے بعداسے بیگ لوٹا دیا گیا۔

    بزرگ میاں بیوی برطانیہ سے پرواز ای کے چھ سو سے کراچی آئے تھے، بزرگ جوڑے نے ائیرپورٹ پر مامور سی اے اے کے عملے کی دیانتداری کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

    سی اے اے کی اعلی انتظامیہ اور ائیرپورٹ منیجر نے سی اے اے کے فیسیلیٹیشن کے عملے کو اس دیانتداری کا مظاہرہ کرنے پر شاباشی دی۔

  • سول ایوی ایشن نے انٹرنیشنل پروازوں کے لیے کراچی کے تین روٹس کو بند کردیئے

    سول ایوی ایشن نے انٹرنیشنل پروازوں کے لیے کراچی کے تین روٹس کو بند کردیئے

    اسلام آباد : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کراچی کی فضائی میں حدود میں تبدیلی کرتے ہوئے انٹرنیشنل پروازوں کے لیے کراچی کے تین روٹس کو بند کردیا، تینوں روٹ کی پابندی آج سے 31 اگست تک رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایو ی ایشن اتھارٹی نے انٹرنیشنل پروازوں کے لیے کراچی کے تین روٹس کو بند کردیا، ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے روٹس کی تبدیلی سے متعلق باقاعدہ ناٹم جاری کردیا ہے.

    یہ پابندی اکتیس اگست تک جاری رہے گی جبکہ تینوں روٹس کے متبادل روٹ بھی دے دئیے گئے ہیں، تینوں روٹس بند کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کی تجویز کے بعد کیا گیا، اس حوالے سے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان آج ڈھائی بجے پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

  • سول ایوی ایشن تھارٹی : افسران کی ترقیوں اور سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری دے دی گئی

    سول ایوی ایشن تھارٹی : افسران کی ترقیوں اور سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری دے دی گئی

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افسران کو ترقیاں دے دیں، مسافروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے سی اے اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی میں افسران کو ترقیاں دے دی گئیں، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ منیجر ظفر اعتماد کو ترقی دے کر ڈائریکٹر آپریشن تعینات کردیا گیا۔

    ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر عمران خان کو کراچی ایئرپورٹ پر چیف آپریٹنگ آفیسر تعینات کردیا گیا، ڈائریکٹر ایچ آر کی جانب سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں مذکورہ افسران کی ترقیوں کی منظوری دی گئی، ذرائع کے مطابق ملک کے دیگر ائرپورٹس مینجر کے تبادلوں کا امکان ہے، اس کے علاوہ ملک کے دیگر ائیرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر مسافروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اہم اقدام کیا ہے جس کے تحت مختلف ایئرپورٹس پر مسافر بلا تاخیر اپنی شکایات سی اے اے کے اعلیٰ حکام تک پہنچا سکیں گے۔

    عوام وزیر اعظم کی قائم کردہ سٹیزن پورٹل پر براہ راست اپنی شکایتیں درج کراسکتے ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سٹیزن پورٹل اپنی ویب سائٹ پر بھی آویزاں کردیا گیا، مسافروں کی شکایت کے ازالے کیلئے ڈی جی سی اے اے براہ راست نگرانی کریں گے

    سی اے اے کے مطابق اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کی جو بھی شکایتیں ہوں گی ان کا فوری ازالہ کیا جائے گا، شکایتوں کے ازالے کے حوالے سے کوئی بھی افسر غفلت کا مرتب پایا گیا تو اس کیخلاف ضابطے کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،۔

    علاوہ ازیں ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر اندرون و بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کو تمام تر سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔

  • کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی ریوینیو کمانے والے اداروں میں سب سےآگے

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی ریوینیو کمانے والے اداروں میں سب سےآگے

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سال 2019کی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے شعبہ فنانس کی رپورٹ کے مطابق ادارے نے ریکارڈ ریوینیو حاصل کیا ہے، گزشتہ سال کی نسبت ادارے نے دو ارب روپے سے زائد بچت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت ہوا بازی کی صنعت میں سی اے اے اہم کردار ادا کررہا ہے، نئی ایوی ایشن پالیسی کے ثمرات آنا شروع ہوگئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ریوینیو کمانے والے اداروں میں بازی لے گیا، سی اے اے نے سال 2019میں ہونے والی آمدن کی رپورٹ جاری کر دی۔

    سی اے اے کی جاری کردہ مالی سال کی رپورٹ اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی۔مذکورہ رپورٹ کے مطابق سی اے اے کے شعبہ فنانس نے جاری پرفارمنس رپورٹ میں ریکارڈ ریوینیو حاصل کیا ہے۔

    سی اے اے نے سال 2018 اور 2019 میں 89 ارب روپے ریوینیو حاصل کیا، اتھارٹی میں حاصل ہونے والے ریوینیو میں اخراجات 54ارب ہوئے34 ارب روپے بچت ہوئی۔

    سی اے اے نے گزشتہ سال2017 اور2018 ایک سال میں78 ارب ریوینیو حاصل کیا اور اخراجات56 ارب روپے رہے، سی اے اے نے رواں سال حاصل ہونے والے ریکارڈ ریوینیو میں سے 7۔13 فیصد ٹیکس کی ادائیگی بھی کی، گزشتہ سال کی نسبت سی اے اے نے امسال اخراجات میں بھی 2 ارب سے زائد بچت کی۔

  • عید الاضحیٰ : شہری جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں، سول ایوی ایشن

    عید الاضحیٰ : شہری جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں، سول ایوی ایشن

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحٰی کے ایام میں قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں تاکہ پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں کے موقع پر پرندوں سے ہوائی جہازوں کو محفوظ بنانے کیلئے سول ایوی ایشن نے احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فضائیہ نے ملک بھر کے ائیر بیس اور ایئرپورٹس پر آگاہی مہم شروع کردی۔

    اس حوالے سے سی اے اے حکام نے شیریوں سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحیٰ پر شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں اور جانوروں کی آلائشیں صرف مقرر کردہ جگہوں پر ہی پھینکیں تاکہ گندگی کی وجہ سے وہاں آنے والے پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان نہ پہنچے اور فضائی سفر محفوظ رہے۔

    ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس منیجر کی جانب سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور اعلیٰ حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی باقیات کو ٹھکانے لگانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

    آلائشوں کے پڑے رہنے کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے جہازوں کیلئے خطرہ جود رہتا ہے۔

    سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ مختلف ایئرپورٹس اور پاک فضائیہ کے ایئربیسز کے اطراف بلدیاتی ادارے صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔

    تمام بلدیاتی ادارے عید الاضحی پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں، عیدا لاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مخصوص جگہ پر ٹھکانے لگائے جائیں، قومی اثاثوں کی حفاظت اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے تمام شہریوں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • جشن آزادی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی ایئرپورٹ پر25 ہزار سے زائد پودے لگائے گی

    جشن آزادی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی ایئرپورٹ پر25 ہزار سے زائد پودے لگائے گی

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر کراچی ایئرپورٹ کے احاطے میں25 ہزار سے زائد پودے لگائے جائی گے، جس کا مقصد وزیراعظم عمران خان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو فروغ دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم سول ایوی ایشن میں جاری ہے، اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر جشن آزادی کے موقع پر رواں ماہ 25 ہزار سے زائد پودے لگائے گی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی ایئرپورٹ پر تین سال کے دوران ایک لاکھ سے زائد مختلف اقسام کے پھلوں کے درخت لگائے گی۔

    اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ کوسرسبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بھی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

    ڈی جی سی اے اے کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر مختلف اقسام کے پھولوں کے پودے لگائے ہوئے ہیں۔

    ہمارا مقصد بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ درخت لگانے کی مہم کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

  • بارش : ائیرپورٹ کے کارگو شیڈ میں پڑا سامان بھیگ کر تباہ ، ایکسپورٹرز کو لاکھوں کا نقصان

    بارش : ائیرپورٹ کے کارگو شیڈ میں پڑا سامان بھیگ کر تباہ ، ایکسپورٹرز کو لاکھوں کا نقصان

    کراچی : شہر میں ہونے والی بارشوں میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا ایکسپورٹ ہونے والا سامان بھیگ کر خراب ہوگیا جس کے باعث مالک کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق ائیرپورٹ کے کارگو شیڈ میں بارش کے پانی کی وجہ سے ایکسپورٹرز کا سامان بھیگ گیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ویدر الرٹ جاری ہونے کے باوجود متعلقہ ایئرلائنز نے انتظامات نہیں کیے تھے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کارگو شیڈ میں سامان کو ڈھانپا نہیں گیا اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے کارگو ایکسپورٹ کو نقصان پہنچا، شیڈ کے اطراف ترپال نہیں ڈالے گئے تھے جس کی وجہ سے بارش کے پانی نے سامان کو متاثر کیا۔

    ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ کارگو سامان کو پلاسٹک اور ترپال سے ڈھانپنا ایئرلائنز کی ذمہ داری ہے، سی اے اے نے کارگو شیڈ بناکر دیے ہیں لہٰذا سامان کی رکھوالی اور اس کی حفاظت کرنا ایئرلائنز پر عائد ہوتی ہے۔

  • تیز بارشوں کی پیش گوئی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کردیا

    تیز بارشوں کی پیش گوئی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کردیا

    کراچی : محکمہ موسمیات کی جانب سے تیزبارشوں کی پیش گوئی کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کردیا، سی اے اے کے محکمہ فائر میں ہائی الرٹ کی واررننگ دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث رن وے پر طیاروں کے سلپ ہونے کے امکانات ہوتے ہیں، جس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے محکمہ فائر کے عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

    بارشوں کی پیش گوئی اور ممکنہ طور پرتیز ہواوں کے چلنے کے امکان کے حوالے سے سی اے اے کے جناح ٹرمینل اور ٹرمینل ون پر اقدامات کیے گئے ہیں۔

    چھوٹے سائز کے فکس ونگ (طیاروں ) اور روٹری ونگ (ہیلی کاپٹرز) کے ساتھ اضافی وزن لگانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ منیجر کی ہدایت دی ہے کہ کچھ طیاروں کو متوقع بارش اور ہواؤں کی شدت سے بچانے کے لیے محفوظ شلٹرز میں منتقل کیا جائے جبکہ ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ طیاروں کی حفاظت کے پیش نظر ہر قسم کے پروسیجر لیے گئے ہیں۔

  • بیرون ملک جانے والے مسافروں سے پاکستانی کرنسی میں چارجز وصولی کا فیصلہ

    بیرون ملک جانے والے مسافروں سے پاکستانی کرنسی میں چارجز وصولی کا فیصلہ

    کراچی : ملک بھر کے ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ڈالر کے بجائے پاکستانی کرنسی میں ایئرپورٹ چارجز وصول کیے جائیں گے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کیلئے خوشخبری سنادی، سی اے اے نے فیصلہ کیا ہے کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ایئرپورٹ چارجز امریکی ڈالر نہیں بلکہ پاکستانی کرنسی میں وصول کئے جائیں گے۔

    اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کا جاری کردہ نوٹیفکیشن اے آروائی نیوز کو موصول ہوگیا۔

    اس سے قبل بیرون ملک جانے والے مسافروں سے20امریکی ڈالر ایئرپورٹ چارجز کی مد میں وصول کئے جاتے تھے، اس حوالے سے سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے مسافروں کو اس کا بوجھ برداشت کرنا پڑرہا تھا، اب بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ایئرپورٹ چارجز صرف2800سو روپے وصول کئے جائیں گے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ایئرپورٹ چارجز فکس کرنے کے حوالے سے تمام ایئرلائنوں کو آگاہ کردیا ہے کہ تمام ایئرلائنز کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احکامات دیئے ہیں کہ تاحکم ثانی اس آرڈر پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔