Tag: civil aviation authority

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ملک بھر کے ایئر پورٹس کی تنصیبات کا جائزے کا فیصلہ

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ملک بھر کے ایئر پورٹس کی تنصیبات کا جائزے کا فیصلہ

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی تین ماہ میں ملک بھر کے ایئر پورٹس کی تنصیبات کا جائزہ لے گی، ایئر پورٹس پر فضائی آلات کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام بھی کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہوا بازی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے نیا پلان ترتیب دے دیا، انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے قواعد و ضوابط کے مطابق ملک بھر کے ایئر پورٹس کی تنصیبات کے جائزے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے مرحلہ وار جولائی تا ستمبر تین ماہ میں ملک بھر کے ایئر پورٹس پر فضائی آلات کی مرمت اور تزئین و آرائش کرے گی۔

    کراچی سمیت ملک بھر میں60 مقامات پر نصب طیاروں کی مکمل رہنمائی کے آلات کو مزید فعال اور درست کیا جائے گا، طیاروں کی ٖکارکردگی میں اہم کردار آئی ایل ایس سسٹم،لوکو لائزر،اورسگنلز سمیت اہم ریڈار سسٹم بھی شامل ہیں۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق ہوا بازی کے شعبہ میں طیاروں کے آپریشن اور مسافروں کی سیفٹی اور سیکیوریٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    سی اے اے فضائی سفر کو محفوظ اور موثر بنانے کے لئے جدت کی جانب گامزن ہے، جدید انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم خراب موسم میں بھی طیاروں کی محفوظ لینڈنگ میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ہوا بازی کے سسٹم کی بہتری غیر ملکی ائیر لائنز کو پاکستان کے لیے اپنا آپریشن شروع کرنے کے لیے موثر کردار ادا کرے گی۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی : اعلیٰ عہدوں پہ فائز افسران کے تقرری وتبادلے

    سول ایوی ایشن اتھارٹی : اعلیٰ عہدوں پہ فائز افسران کے تقرری وتبادلے

    سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اعلیٰ عہدوں پہ فائز نو افسران کے تقرری وتبادلے کر دیئے گئے، تبادلوں کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹرمینل مینیجر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور محمد انور ضیاء کو ڈپٹی ایئرپورٹ مینیجر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔

    انچارج ائیرپورٹ سروسز آرائیول علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اظہر فاروق کو ایئرپورٹ منیجر بہاولپور ایئرپورٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر اسلام آباد ائیرہورٹ زاہد نسیم کو کوئٹہ اور جوائنٹ ڈائریکٹر ایچ آر ہیڈ کوارٹر لطیف یار خان کو کراچی ائیرپورٹ تعینات کر دیا گیا۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق جوائنٹ ڈائریکٹر محمد اشرف کو ایچ آر بی ایس ایس جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر گل بیگ بلوچ کو ڈپٹی ریگولیٹری سیکشن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انور علی کو ڈی اے اے آر تعینات کر دیا گیا ہے۔

  • سول ایوی ایشن نے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرادیا

    سول ایوی ایشن نے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرادیا

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وزیراعظم عمران خان کے سیاحت کے وژن کے حوالے سے اقدامات شروع کردیئے۔ اس سلسلے میں سی اے اے نے ائیر نیوی گیشن آڈر (اے این او) جاری کر دیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرادیا ہے، جسے ٹورزم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن کا نام دیا گیا ہے،۔

    لائسنس متعارف کرانے کا مقصد ملک میں سیاحت کا فروغ ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے ائیر آپریٹرز کے لائسنس کے اجراء اور تجدید کے نظر ثانی شدہ تقاضے جاری کردیئے۔

    نئے تقاضوں کے مطابق ائیر آپریٹرز سرٹیفیکیٹس (لائسنس) (اے او سی).کی اقسام تین سے بڑھا کر چار کردی گئی ہیں۔ نئی قسم ٹورازم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن (ٹی پی آر آئی) لائسنس ہے، نئی قسم ٹی پی آر آئی نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت سیاحت کے فروغ کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

    اس سے قبل محض تین اقسام کے لائسنس بنام ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (آر پی ٹی), چارٹر اور ایریل ورک ہوا کرتی تھی، نظر ثانی شدہ دیگر تقاضوں میں لائسنس کے حصول کے لیے مالی استطاعت, تیکنیکی مہارتیں اور انتظامی اہلیتیں شامل ہیں۔

    نئے تقاضے 22اپریل 2019سے لاگو ہوچکے ہیں، نئے تقاضے ائیر نیویگیشن آرڈر ایف ایس ڈبل ایکس8.1 کے نمبر سے سی اے اے کی ویب سائٹ پر آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔

  • سول ایوی ایشن عملے کی ایمانداری، لاکھوں روپے مالیت کے میچ ٹکٹ مالک کو پہنچا دیئے

    سول ایوی ایشن عملے کی ایمانداری، لاکھوں روپے مالیت کے میچ ٹکٹ مالک کو پہنچا دیئے

    کراچی : خاتون کرکٹ ورلڈ کپ دیکھنے لندن پہنچ گئی، میچ کی ٹکٹیں باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بھول گئی،ڈیوٹی افسران نے خاتون کا بیگ ڈھونڈ کر پشاور میں ان کے بھائی کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی اتھارٹی پشاور کے عملہ نے ایمان داری کا ایک اور عملی مظاہرہ کیا، سات لاکھ روپے ما لیت کے کرکٹ ورلڈ کپ کے ٹکٹ کا بیگ مالک کو پہنچا دیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ڈیوٹی افسر قیصرہ نے ایمانداری کی مثال قائم کردی، اقیلہ نامی مسافر خاتون ڈیپارچر لاؤنج میں اپنا بیگ بھول گئی تھیں، مسافر خاتون کے بیگ میں کرکٹ ورلڈ کپ کے وی آئی پی ٹکٹ موجود تھے جن کی مالیت سات لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    ڈیوٹی افسر قیصرہ اور عمران نے خاتون کا بیگ ڈھونڈ کر پشاور میں ان کے بھائی کے حوالے کردیا، سول ایوی ایشن حکام نے اس ایمانداری پر خاتون افسر قیصرہ اور عمران کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • سول ایوی ایشن نے ڈومیسٹک پروازوں کے لیے ایروناٹیکل چارجز ختم کرنے کا اعلان کردیا

    سول ایوی ایشن نے ڈومیسٹک پروازوں کے لیے ایروناٹیکل چارجز ختم کرنے کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈومیسٹک پروازوں کے لیے ایروناٹیکل چارجز ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈومیسٹک آپریشنز پر ایروناٹیکل چارجز نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت ختم کئے گئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈومیسٹک آپریشنز پر چارجز ختم کرنے سے ملکی ائیر لائنز کوسپورٹ ملے گی اور ایوی ایشن سیکٹر بھی ترقی کرے گا۔ ترجمان کے مطابق چارجز ختم کرنے سے ڈومیسٹک فلائٹس کے ٹکٹوں کی قیمتیں کم ہوسکیں گی اور ڈومیسٹک مسافروں کو بھی فائدہ ہوگا۔

  • سول ایوی ایشن افسران کی تنخواہوں کے ٹیکس میں ردو بدل، الاؤنسز میں کٹوتی

    سول ایوی ایشن افسران کی تنخواہوں کے ٹیکس میں ردو بدل، الاؤنسز میں کٹوتی

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افسران کی تنخواہوں کے ٹیکس میں تبدیلی کردی، الاؤسز کو تنخواہوں سے الگ کیا جائے گا، ایڈمن آرڈر جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افسروں کی تنخواہوں میں ادا کئے جانے والے ٹیکس میں رد و بدل کردیا، ایڈمن آرڈر میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے کے شعبہ ایچ آر کی جانب سے کار فیول مینٹینس اور ڈرائیورز کے چاروں الاؤنس کو تنخواہوں سے الگ کیا جائے گا۔

    شعبہ ایچ آر پرانی تاریخوں سے الاؤنسز کی مد میں صرف پانچ فیصد ٹیکس کٹوتی کا ایڈمن آرڈر جاری کر دیا، نئے ایڈمن آرڈر کا فائدہ ایگزیکٹو گروپ 7 تا 10 کے افسروں کو ہوگا، پے گروپ ایک تا چھ کے افسروں کی تنخواہوں سے20سے25 فیصد ٹیکس کٹوتی ہوتی ہے۔

    ایڈمن آرڈر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مالی فوائد حاصل کرنے کے لئے پانچ فیصد ٹیکس کی کٹوتی8دسمبر2017سے کی جائے گی۔ ڈائریکٹر ایچ آر کی جانب سے ایڈمن آرڈر جاری کر دیا گیا جو یکم اپریل سے نافذ العمل ہو گا۔

    نئے ایڈمن آرڈر سے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کو ماہوار ٹیکس کی وصولی میں مالی نقصان کا سامنا ہو گا۔ اس حوالے سے ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی کٹوتی کا شیڈول مختلف ہوتا ہے اور کار اور دیگر الائونسز گروپ سات تا دس کے افسران کو ملتا ہے نچلے گروپ کو نہیں دیا جاتا۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت ایوی ایشن سیکٹر میں فی ملازم ایک درخت کے عنوان سے موسم بہار کی شجر کاری مہم پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے صاف اور سرسبز پاکستان پروگرام پر ایوی ایشن سیکٹر میں عمل درآمد کے لیے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی ہدایات پر تمام ائیر پورٹس ہمہ گیر شجرکاری کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

    مہم کا آغاز سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ائیر وائس مارشل تنویر اشرف بھٹی نے آج جناح ٹرمینل شارع فیصل انٹرسیکشن پر پودا لگا کر کیا۔

    اس موقع پر شجرکاری کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے واک بھی کی گئی جس میں ائیرپورٹ سے متعلقہ اداروں کے عملے کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔

    اے ڈی جی سی اے اے نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پودا لگا دینا ہی کافی نہیں ہوتا ہے بلکہ اس کی آبیاری کرتے ہوئے تن آور درخت بنانا بھی ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سیکریٹری ایوی ایشن، ڈائریکٹر جنرل سی اے اے شاہ رخ نصرت نے گزشتہ ماہ جناح ٹرمینل کراچی پر پودا لگا کر شجرکاری پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔

    موسم بہار کی اس شجر کاری مہم میں سی اے اے کے ساتھ ائیرلائنز، گراؤنڈ ہینڈلرز اور فوڈ وینڈرز کے ملازمین، اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ بھی حصہ لے رہے ہیں۔

    مذکورہ شجرکاری مہم کے تحت جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر نیم، کنار، بوگن ولا، مورینگا وغیرہ اورمختلف پھولوں کے ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

  • سول ایوی ایشن کی خاتون ملازم نے زیورات سے بھرا بیگ مسافر کو واپس کردیا

    سول ایوی ایشن کی خاتون ملازم نے زیورات سے بھرا بیگ مسافر کو واپس کردیا

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی خاتون ملازم نے ایمانداری کی مثال قائم کرکے  لاکھوں روپے مالیت کا زیورات سے بھرا ملنے والا بیگ مسافر کو واپس کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی خاتون ملازم نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی، سی اے اے کے ایئرپورٹ منیجر طاہر سکندر نے لاکھوں روپے مالیت کا زیورات سے بھرا بیگ مسافر کو واپس کردیا۔

    پی آئی اے کی پرواز پی کے757کے ذریعے لندن جانے والا مسافر انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج میں اپنا سفری بیگ بھول گیا تھا، مشتاق نامی مسافر کے بیگ میں40لاکھ روپے مالیت کے قیمتی زیورات تھے، مذکورہ بیگ کو شمع ریاض نامی خاتون ملازم نے فوری طور پر اپنے قبضے میں لے کر لاہور ایئرپورٹ مینیجر کو صورتحال سے آگاہ کیا۔

    ائیر پورٹ منیجر نے لندن جانے والے مسافر مشتاق کی فیملی سے رابطہ کیا اور تفصیلات بیان کیں، بعد ازاں مذکورہ مسافر کے بھائی محمد اکرم کے آنے پر ایئرپورٹ منیجر نے چالیس لاکھ روپے مالیت سے بھرا زیورات کا بیک ان کے حوالے کردیا۔

    علاوہ ازیں ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے خاتون ملازمہ شمع ریاض کو فرض شناسی اور ایمانداری کا مظاہرہ کرنے پر تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا گیا ہے

  • کراچی : سول ایوی ایشن نے پاکستان کی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کردیا

    کراچی : سول ایوی ایشن نے پاکستان کی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کردیا

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جنوبی ایشیاء کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کھول دی ہے، تاہم بھارت کی جانب سے پاکستان میں داخل ہونے والی فضائی حدود تاحال بند رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت پاکستان کی جانب سے بند کی جانے والی مشرقی فضائی حدود سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر اعلانیہ طور پر بند کردی تھیں۔

    ان فاضائی حدود کو کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں داخل ہونے والی فضائی حدود تاحال بند رہے گی۔

    بھارت سے آنے والی کوئی پرواز پاکستتانی حدود میں داخل نہیں ہوسکے گی، اس حوالے سے سی اے اے نے ائر لائن انتظامیہ کو نوٹم بھی جاری کردیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، رحیم یارخان اور بہاولپور ائیر پورٹ بند رہیں گے۔

    سی اے اے نے بین الاقوامی ٹرانزٹ پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں 11مارچ تک توسیع کردی ہے، پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازیں11مارچ دوپہر3بجے تک بند رہے گی۔

    سی اے اے نوٹم میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کے فعال ہوائی اڈوں پر15مارچ تک جزوی طور پر آپریشن بحال رہے گا جبکہ غیر فعال ائیر پورٹس27فروری سے فضائی آپریشن کے لیے مکمل طور پر بند ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی، تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

    یاد رہے کہ دو مارچ کو پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر بحال کیا گیا تھا، جس کے تحت ملک کے چار ایئر پورٹس پر پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

    ابتدائی طور پر کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس پر فضائی آپریشن کی اجازت دی گئی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں مخصوص ایئر پورٹس کی بحالی کا ذکر کیا گیا ہے۔

  • ڈرون اڑانے کےلیے سول ایوی ایشن کی رجسٹریشن لازمی قرار، برطانوی وزیر

    ڈرون اڑانے کےلیے سول ایوی ایشن کی رجسٹریشن لازمی قرار، برطانوی وزیر

    لندن : برطانوی حکومت نے گیٹ وک ایئرپورٹ حادثے کے بعد ہوائی اڈوں کو محفوظ بنانے کےلیے ڈرونز کا سراغ لگانے والی جدید ڈیوائسز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات ک مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے گیٹ وک انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب دو ڈرونز کی پرواز کے باعث 36 گھنٹے مسلسل پروازوں کی آمد و رفت منسوخ رہی تھی، جس کی وجہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب مسافروں کو پریشانی کا سامان کرنا پڑا۔

    برطانیہ کے وزیر برائے سیکیورٹی بین ویلز خبردار کیا ہے کہ آئندہ جو بھی شخص ’غیر ذمہ دارایہ‘ طریقے سے ڈرون اڑائے گا یا اس کا ’جرائم پیشہ مقاصد‘ کے لیےاستعمال کرے گا اسے سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    بین ویلز کا کہنا تھا کہ رن وے کے قریب پرواز کرتے ڈرونز کو عوامی مقام پر مار گرانا فوج کے لیے مشکل ہوگیا تھا، اس لیے ہم نے ایسی ڈیوائسز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو باآسانی ڈرونز کو پکڑ سکے۔

    برطانوی وزیر برائے سیکیورٹی کا اعلان کیا کہ ہوائی اڈوں کی حفاظت کےلیے ڈرونز اڑانے والے افراد کو سول ایوی ایشن اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہونا پڑے جس کے لیے آن لائن ٹیسٹ بھی ہوگا۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ کے گیٹ وک ایئرپورٹ پر ڈرونز کی اطلاع، فلائٹ آپریشن معطل

    یاد رہے کہ بدھ کی رات سے گیٹ وک ایئرپورٹ پر پرواز کرنے والے ڈرونز کی وجہ سے 36 گھنٹوں میں 1 ہزار فلائٹ کینسل ہوئی تھیں اور ایک لاکھ 40 ہزار افراد متاثر ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : لندن: ڈرون اڑانے کے الزام میں گرفتار جوڑے کو عدم شواہد پر رہا کردیا گیا

    یاد رہے کہ سینتالیس سالہ پاؤل گئیت،57 سالہ ایلائنی کرک کو برطانوی پولیس نے شک کی بنیاد پر جمعے کی شب 10 بجے گرفتار کیا تھا جنہیں ثبوت کی عدم موجودگی کے باعث رہا کردیا گیا تھا۔

    برطانوی پولیس نے گیٹ وک ایئرپورٹ کے قریب سے ایک ناکارہ ڈرون برآمد کرلیا ہے۔

    مزید پڑھیں: گیٹ وک ایئرپورٹ پر مشکوک ڈرونز اڑانے والا جوڑا گرفتار

    واضح رہے کہ گیٹ وک ایئرپورٹ پر پروازیں مسلسل 36 گھنٹے تک منسوخ رہی تھیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق مشکوک ڈرونز کو کنٹرول کرنے پولیس کی ناکامی کے بعد حکومت نے فوج کی خدمات حاصل کی تھیں۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے گیٹ وک آنے والی پروازوں کا رخ ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا، جن میں لندن ہیتھرو، لوٹن، برمنگھم، گلاس گلو اور مانچیسٹر بھی شامل ہیں۔