Tag: civil aviation

  • سول ایوی ایشن نے غیر ملکی ایئر لائن پر جرمانہ عائد کردیا

    سول ایوی ایشن نے غیر ملکی ایئر لائن پر جرمانہ عائد کردیا

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر غیرملکی ائیرلائن کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے اس پر جرمانہ عائد کردیا، طیارے میں ایک شخص نے کورونا ٹیسٹ کے بغیر مالی سے استنبول تک کا سفر کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے مسافر سے کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کروانے پر ترکش ائیر لائن پر جرمانہ عائد کردیا، اتھارٹی کی جانب سے ترکش ائیرلائن پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔

    سی اے اے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایوی ایشن قوانین کے مطابق ائیرلائن پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکش ائیر لائن نے محمد اشفاق نامی مسافر کو بغیر کورونا ٹیسٹ کے مالی سے استنبول تک کا سفر کرایا مذکورہ مسافر کو کینکٹنگ پرواز کے ذریعے استنبول سے لاہور آنا تھا۔

    ذرائع کے مطابق مسافر اشفاق کو استنبول ائیر پورٹ پر ہی اتار دیا گیا تھا، مسافر پانچ دن سے استنبول ائیرپورٹ پر ہی محصور رہا
    مسافر کے پاس ترکی کا ویزہ نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    پاکستانی سفارت خانے نے مسافر سے رابطہ کیا اور اس واقعے سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے پاکستانی سفارت خانہ نے سی اے اے کو خط ارسال کیا اور ترکش ائیر لائن کے خلاف کاروائی کی ہدایت جاری کی۔

    ذرائع کے مطابق بی کیٹگری والے ممالک کے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، وزارت خارجہ کی ہدایت پر محمد اشفاق نامی مسافر کو بغیر پی سی آر ٹیسٹ کے پاکستان میں داخلے کی اجازت دی گئی۔

    مسافر محمد اشفاق کو استنبول ائیرپورٹ ترکی سے لاہور پاکستان لایا جائے گا، بعد ازاں ائیرلائن مسافر کو ہیلتھ اسٹاف کے حوالے کرے گی جس کے بعد مسافر کا قرنطینہ میں رکھ کر کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

    محمد اشفاق ترکش ائیرلائن کے ذریعے مالی کے شہر بماکو سے لاہور آرہا تھا، مسافر کو پی سی آر کا ٹیسٹ نہ ہونے کے سبب اسے فلائٹ میں سفر نہیں کرنے دیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکی کے استنبول ائیرپورٹ پر پی سی آر کی سہولت موجود نہیں تھی جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

  • کورونا وائرس ، بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئے اہم خبر

    کورونا وائرس ، بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئے اہم خبر

    کراچی : سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی پروازوں کیلئے نظر ثانی شدہ قواعد و ضوابط جاری کردئیے، جس کے مطابق بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئے ہوم قرنطینہ شق برقرار ہے جبکہ مسافروں کاکوروناٹیسٹ منفی ہو ان کیلئے سرکاری یاہوٹل قرنطینہ کی شرط نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن کی بحالی کے معاملے پر سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی پروازوں کیلئے نظر ثانی شدہ قواعد و ضوابط جاری کردئیے، جو 10 جون تک نافذ العمل رہیں گے۔

    قوائدوضوابط کےتحت بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئےہوم قرنطینہ شق برقرار ہے جبکہ مسافروں کا کورونا ٹیسٹ منفی ہو، ان کیلئے سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ کی شرط نہیں ہوگی، منفی رپورٹ کی صورت میں مسافر اپنے گھر میں ہی 14روز قرنطینہ رہ سکیں گے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ مثبت،علامات زیادہ ہوں توسرکاری یاہوٹل قرنطینہ میں جانا ہوگا ، ٹیسٹ مثبت مگرحالت خراب نہیں توہوم قرنطینہ کی اجازت دی جاسکتی ہے جبکہ مثبت ٹیسٹ پر مسافر کو کسی دوسرےصوبے جانے کی اجازت نہیں۔

    سی اے اے ڈائریکٹرایئرٹرانسپورٹ نے قواعد و ضوابط کانوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق کمرشل اور نجی پرائیویٹ طیاروں کی پروازوں پر لاگو ہوگا جبکہ جہاز کواڑان بھرنے سےپہلےجراثیم سےپاک کرنے کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا بھی لازمی ہوگا۔

    سی اے اے کی جانب سے نوٹیفکیشن میں کہا گیا جہاز میں پی پی ای کا ضروری ذخیرہ لازمی رہے گا اور مسافروں کے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی فضائی کمپنی کی ذمہ داری ہے۔

    نوٹیفکیشن میں مسافروں،جہاز کےعملے کو ذاتی حفاظت،سماجی فاصلہ یقینی بنانےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دوران پرواز مسافروں کاسٹنگ پلان  تصاویر کی صورت سی اے اے کوبھجوایا جائے گا اور لینڈنگ کےبعدمسافروں کاسامان جراثیم سےپاک کرکےدیا جائے گا۔

    پرواز کے مسافروں کیلئے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم بھی جمع کرانا لازمی ہوگا اور ایئرپورٹس کے انٹرنیشنل،ڈومیسٹک لاؤنجز میں تھرمل اسکینرزسے اسکینگ بھی لازمی ہے جبکہ بیرون سے آنے والی پروازوں کے کیبن کریو کے کورونا ٹیسٹ ترجیح ہوں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کارگو  میں ڈیڈ باڈیز لانے والے عملے کے ٹیسٹ بھی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔

  • پی آئی اے کا خصوصی پروازوں کے آپریشن کا شیڈول جاری

    پی آئی اے کا خصوصی پروازوں کے آپریشن کا شیڈول جاری

    کراچی : پی آئی اے نے خصوصی پروازوں کے آپریشن کا شیڈول جاری کردیا جس کے تحت برطانیہ سمیت دیگر ممالک کیلئے پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    اس حوالے سے سول ایوی ایشن کے شعبہ ائیر ٹرانسپورٹ نے نوٹم بھی جاری کردیا ہے، نوٹم کے مطابق9مئی کو پی کے701اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے مسافر لے کر روانہ ہوگی۔

    پرواز پی کے701مانچسٹر سےخالی ابوظہبی اور واپس لاہور آئے گی،9مئی کو پرواز پی کے785اسلام آباد سے مسافروں کو لے کر ہیتھرو جائے گی، واپسی پر بھی ہیتھرو سے پرواز مسافروں کو واپس اسلام آباد لے کر آئے گی۔

    نو مئی کو پی آئی اے کا خالی طیارہ کراچی سے بیجنگ جاکر کارگو لے کراسلام آباد واپس آئے گا، 9مئی کو پرواز پی کے783لاہور سے ٹورنٹو مسافروں کو لے کر جائے گی، ٹورنٹو سے خالی پرواز واشنگٹن سے مسافروں کو لے کر اسلام آباد آئے گی۔

    اس کے علاوہ 10مئی کو پی کے 701 اسلام آباد سے مانچسٹر جائے گی اور  واپس خالی آئے گی،10مئی کو کراچی کے درمیان بھی مسافر طیارہ آپریٹ کرے گا،10مئی کو ہی فیصل آباد اور دبئی کے درمیان بھی پرواز چلے گی۔

    نوٹم کے مطابق اسلام آباد سے10مئی کو پی کے894کوالالمپور مسافر لے کر جائے گی، پی کے894واپسی پر مسافروں کو پشاور میں اتارے گی،10مئی کو خالی طیارہ بیجنگ سے کارگو لاہور لائے گا۔

    جبکہ 11مئی کو پی کے8261 لاہور سے ابوظہبی جائے گی اور واپسی پر لاہور آئے گی، 11مئی کو پی کے8751 اسلام آباد سے اوسلو جائے گی اور خالی واپس آئے گی، 11مئی کو پی کے757اسلام آباد سے ہیتھرو جائے گی اور خالی واپس آئے گی، پشاور سے بیجنگ خالی جانے والاطیارہ12مئی کو کارگو لے کر اسلام آباد آئے گا۔

  • کرونا وائرس: سعودی ایئرپورٹس اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے

    کرونا وائرس: سعودی ایئرپورٹس اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر فضائی سفر میں سخت احتیاط کی جانے لگی، ایئرپورٹس کے تمام حصوں اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے کیے جا رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے مسافروں کی سلامتی اور فضائی سفر کو وبائی بیماریوں سے پاک رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر مزید سخت کردی ہیں۔

    محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے انسداد کے لیے سفر سے پہلے، سفر کے دوران اور سفر کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    محکمے کے مطابق سفر سے پہلے تمام مسافروں کا طبی معائنہ ہوتا ہے، پرواز کے دوران کام کرنے والے عملے کو دستانے اور ماسک پہنے رکھنے کی سختی سے تاکید کر دی گئی ہے۔

    محکمے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران کسی مریض پر شبہ ہوجائے تو اسے کس طرح باقی مسافروں سے دور رکھا جائے اور اس کی استعمال کی جانے والی جگہ کو کس طرح وائرس سے پاک کیا جائے اس کی مکمل تربیت عملے کو دی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق جہاز میں سوار ہونے سے پہلے تمام مسافروں کا اسکین کیا جاتا ہے تاکہ یقین ہوجائے کہ کسی میں کرونا کا شبہ نہیں ہے، جہازوں کے علاوہ ایئرپورٹ کے تمام حصوں کو بھی جراثیم کش مواد سے صاف کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سفر کے بعد منزل مقصود تک پہنچنے پر جب تمام مسافر جہاز سے اتر جاتے ہیں تو جہاز کے اندرونی حصے کو بھی اچھی طرح سے صاف کیا جاتا ہے اور اس میں جراثیم کش مواد کا سپرے کیا جاتا ہے۔

  • سول ایوی ایشن سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، غلام سرور خان

    سول ایوی ایشن سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، غلام سرور خان

    کراچی :  وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لیے سی اے اے نے ٹی پی آر ائی لائسنس متعارف کرادیا ہے، وزیراعظم کے وژن کے مطابق ایوی ایشن اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کی صدارت میں ایوی ایشن ڈویژن کا اہم اجلاس ہوا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے سی اے اے نے ٹی پی آر ائی لائسنس متعارف کرادیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی سیاحت کے وژن کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سی اے اے کے نئے لائسنس کو ٹورزم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن کا نام دیا گیا ہے، سی اے اے نے ایئر آپریٹرز کے لائسنس کے اجراء اور تجدید کے نظر ثانی شدہ تقاضے جاری کر دیئے ہیں،۔

    مزید پڑھیں: سول ایوی ایشن نے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرادیا

    نئے تقاضوں کے مطابق ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ کی اقسام 3 سے بڑھا کر 4 کر دی گئی ہیں، غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ اس لائسنس کے لیے کمپنی کو ایس ای سی پی سے مربوط ہونا چاہیے،سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وزیراعظم کے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔

  • مسافروں کی تین تین جگہ تلاشی، سول ایوی ایشن نے نئے احکامات جاری کردیئے

    مسافروں کی تین تین جگہ تلاشی، سول ایوی ایشن نے نئے احکامات جاری کردیئے

    کراچی : ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والوں کی تین تین جگہ تلاشی کی شکایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے اے این ایف، اے ایس ایف اور کسٹمز کو ایک ہی کاوئنٹر پر تلاشی کی ہدایت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر عملے کی جانب سے وزارت داخلہ کے احکامات یکسر نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزات داخلہ کی ہدایت پر سی اے اے کی جانب سے مختلف ائیرپورٹس پر قائم کئے گئے جوائنٹ بیگج، سرچ کاوئنٹر اور جوائنٹ سی سی ٹی وی پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔

    اس کے علاوہ ائیر پورٹس پر اداروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان بھی پایا جاتا ہے، احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ائیرپورٹس مینیجرز کو خط ارسال کردیئے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے لکھے گئے خط کی کاپی اے ار وائی نیوز کو موصول ہوگئی، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بعض ادارے سرچ کاوئنٹر پر عمل درآمد نہیں کر رہے، محکمہ کسٹم اپنی من مانیاں کررہا ہے اور احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔

    لکھے گئے خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر جوائنٹ بیگج سرچ کاؤنٹر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، اے ایس ایف، اے این ایف اور پاکستان کسٹمز ایک ہی جگہ مسافروں کے سامان کی چھان بین کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پہلے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کی تلاشی تین مختلف جگہوں پر لی جاتی تھی جس سے مسافروں کو تکلیف اٹھانی پڑتی تھی، اے ایس ایف، اے این ایف اور پاکستان کسٹمز الگ الگ مسافروں کے سامان کی تلاشی لیتے تھے جس سے مسافروں کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا تھا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بنائے گئے جوائنٹ بیگجز سرچ کاوئنٹر پر سختی سے عمل درآمد کریں اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کی تلاشی تینوں محکمے ایک ہی جگہ پر یقینی بنائیں۔

  • مختلف ایئرپورٹس پر مسافروں کا سامان چوری ہونے کے واقعات میں اضافہ

    مختلف ایئرپورٹس پر مسافروں کا سامان چوری ہونے کے واقعات میں اضافہ

    کراچی/ سیالکوٹ : مختلف ایئر پورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیاء غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سیالکوٹ ایئر پورٹ پر مسافر نے عملے کیخلاف مظاہرہ کرتے ہوئے سامان کی برآمدگی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر مسافروں کے بیگ میں سے قیمتی چوری ہونے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، مسافر جب اپنا سامان کنوینر بیلٹ سے حاصل کرتے ہیں تو ان میں سے سامان مبینہ طور پر چوری کرلیا جاتا ہے۔

    ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر سامان چوری ہونے کے واقعات کے باوجود اب تک سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

    گزشتہ دنوں سیالکوٹ ائیر پورٹ پر بھی مسافروں کے سامان میں سے قیمتی اشیاء چوری پر مسافروں نے احتجاج کیا تھا، مسافروں کے سامان چوری ہونے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

    مسافر نے الزام عائد کیا کہ جب میں نے بیگ کھولا تو اس میں سے مختلف چیزیں غائب تھیں، بیگ میں سے قیمتی سامان اور کیمرہ غائب ہے،عملے کو شکایت کر نے کے باوجود کارروائی سے انکار کیاجارہا ہے، احتجاج کے موقع پر عملہ کی جانب سے مسافر کو موبائل سے فوٹیج بنانے سے روکنے کی کوشش بھی کی گئی۔

  • پی آئی اے کا طیارے حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ نے بحفاظت زمین پراتار لیا

    پی آئی اے کا طیارے حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ نے بحفاظت زمین پراتار لیا

    لاہور : پی آئی اے کے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا، پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو بحفاظت اتار کرطیارے کو حادثے سے بچالیا، مذکورہ پرواز جدہ سے لاہور آرہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت و لاپرواہی کے باعث طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جدہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔

    کپتان نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت ایئرپورٹ اتار لیا، مذکورہ پرواز پی کے 760جدہ سے لاہور آرہی تھی، پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے کو نقصان پہنچا ہے جس کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی کے759کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، پرواز رات بارہ بجے جدہ کیلئے روانہ ہوگی۔

    بوئنگ777طیارے کا پرزہ کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے304کے ذریعے لایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پرندے ٹکرانے کے چار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے۔

    کراچی ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے تین طیاروں سے پرندے ٹکرائے جس کے باعث ایک777اور دو ایئربس320طیاروں کو نقصان پہنچا تھا۔

  • برٹش ایئر ویز پاکستان کے لئے فضائی آپریشن شروع کر رہی ہے

    برٹش ایئر ویز پاکستان کے لئے فضائی آپریشن شروع کر رہی ہے

    کراچی : برطانوی ہائی کمیشن نے سیکٹری ایوی ایشن ڈویژن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فضائی آپریشن کیلئے برٹش ائیر کا تین رکنی وفد پا کستان کا دورہ کر ے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تین رکنی وفد نیو اسلام آباد ایر پورٹ کا دورہ کر ے گا۔

    برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے معاملات میں کافی بہتری آئی ہے، برٹش ایئر ویز کا تین رکنی وفد پاکستان کا دورہ اور حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔

    برٹش ایئر ویز مکمل اعتماد کے ساتھ اپنا پاکستان کے لئے فضائی آپریشن شروع کر رہی ہے برٹش ایئر ویز کے وفد کی سربراہی ورلڈ وائڈ ایئر پورٹس ہیڈ پال کاونٹری کریں گے۔

    برٹش ایئر ویز کی تین رکنی ٹیم میں انٹر نیشنل رسک ایڈوائزر ڈیوڈ کریچ اور ڈائریکٹر سیفٹی اینڈ سیکیریٹی جان مونکس بھی ہوں گے، برٹش ایئر ویز کی ٹیم کے پاکستان آنے کا مقصد سیکیوریٹی اور سیفٹی کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔

    رواں ماہ کی 29 اور 30 جنوری کو برطانوی ٹیم نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کا دو روزہ دورہ کرے گی، برطانوی وفد کے پاکستان آنے کا مقصد فضائی آپریشن کے ساتھ سیفٹی اور سیکیوریٹی اقدامات پر مکمل تسلی کرنا ہے۔

  • پی آئی اے پائلٹوں کے لائسنس کی تجدید نہ ہوسکی، پروازیں تاخیر کا شکار

    پی آئی اے پائلٹوں کے لائسنس کی تجدید نہ ہوسکی، پروازیں تاخیر کا شکار

    کراچی : قومی ایئرلائن پی آئی اے کے پائلٹوں کے لائسنس کی تجدید روک کر فضائی میزبانوں کے پرمٹکو بھی واجبات کی ادائیگی سے مشروط کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فلائٹ اسٹیندرڈ نے قومی ایئرلائن کے پائلٹوں کے لائسنس کی تجدید روک دی، سی اے اے نے پائلٹوں کے لائسنس اور فضائی میزبانوں کے پرمٹ کو ادائیگی سے مشروط کر دیا۔

    قومی ایئر لائن کے اے 320 اور777طیاروں کے درجنوں پائلٹوں کے لائسنس کی تجدید تعطل کا شکار ہوگئی، پی آئی اے کے ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن سی اے اے سے معاملہ حل کیے بغیر ایک روز قبل ہی کینیڈا روانہ ہوگئے۔

    اس کے علاوہ پی آئی اے کے پائلٹوں کے لائسنس کی تجدید نہ ہونے سے متعدد پروازیں منسوخی کا شکار ہو گئیں، پی آئی اے نے لائسنس کی تجدید کے لئے سی اے اے کے لاکھوں روپے کے واجبات ادا کرنے ہیں۔

    پی آئی اے کے چیف پائلٹ کیپٹن زرک خان سے بھی سی اے اے نے معذرت کرلی، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو لائسنس کی تجدید کے لیے واجبات کا چیک تیار کر لیا گیا ہے جو آئندہ دو روز میں ادا کر دیا جائے گا۔