Tag: civil aviation

  • مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر پھنسے حاجیوں کو لینے شاہین ایئرلائن کا جہاز پہنچ گیا

    مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر پھنسے حاجیوں کو لینے شاہین ایئرلائن کا جہاز پہنچ گیا

    کراچی : اے آر وائی نیوز کی کاوشیں رنگ لے آئیں، مدینے میں پھنسے حاجیوں کی سن لی گئی، شاہین ایئرلائن کا طیارہ جمعہ کی صبح سے مدینہ ایئرپورٹ پر پھنسے حاجیوں کو لینے پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق واجبات کے تنازع پر سول ایوی ایشن نے شاہین ائیرلائن کو حج آپریشن سے روک دیا تھا۔ جس کی وجہ سے تین سو پچیس حاجی مدینہ ایئرپورٹ پر گھنٹوں پروازکا انتظار کرتے رہے۔

    اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد سول ایوی ایشن متعلقہ حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے شاہین ائیرلائن کے لائسنس میں تیس ستمبرتک توسیع کر دی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مدینہ کے حج ٹرمینل پر325 سے زائد پاکستانی حجاج 24گھنٹے سے محصورہیں، شاہین ایئر کوانسانی بنیادوں پر اجازت دے گئی ہے۔

    بعد ازاں شاہین ائیرلائن کا طیارہ مدینہ ایئرپورٹ پر پھنسے حاجیوں کو لینے پہنچ گیا، ابتداء میں دوسو حجاج وطن روانہ ہوں گے، مدینہ ایئر پورٹ پر موجود حاجیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    مزید پڑھیں: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ایئرکے لائسنس کی توسیع کردی

    انہوں نے کہا کہ ہم اے آر وائی کے شکر گزار ہیں جس کی وجہ سے ہماری وطن واپسی ممکن ہو سکی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ دیگر حاجیوں کی واپسی یقینی بھی بنائی جائے۔

  • لائسنس منسوخ : شاہین ایئر کا حج آپریشن بند، ہزاروں حاجیوں کی واپسی خطرے میں

    لائسنس منسوخ : شاہین ایئر کا حج آپریشن بند، ہزاروں حاجیوں کی واپسی خطرے میں

    کراچی : شاہین ایئر لائن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تنازعہ کے باعث شاہین ایئر کا حج آپریشن منسوخ ہوگیا، حجاج کرام کی وطن واپسی کھٹائی میں پڑگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر لائن کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس میں توسیع کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث شاہین ایئر لائن کا حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مدینہ سے کراچی آنے والی شاہین ایئر کی حج پرواز این ایل 704 دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ایئرلائن کی حاجیوں کو لینے کیلئے جانے والی پرواز کو کلیئر قرار نہیں دیا، پرواز کو کراچی سے مدینہ جانے کی اجازت نہ ملنے پر مدینہ کے حج ٹرمینل پر 325 سے زائد حجاج کرام بے یارو مددگار بیٹھے ہیں۔

    طیارے کو سعودی عرب کے وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے روانہ ہونا تھا، مذکورہ حجاج کرام صبح سے ہی مدینہ ایئرپورٹ پر موجود ہیں، حاجیوں کو ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے پرواز کی روانگی کے حوالے سے کوئی معلومات اور سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔

    مدینہ کے حج ٹرمینل پر موجود حجاج کرام نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لے کر واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔

    اس حوالے سے ترجمان شاہین ایئر لائن کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایویشن کی جانب سے شاہین ایئر لائن کا حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے، لائسنس کی ہر سہ ماہی کے بعد توسیع ہوتی ہے جسے سول ایوی ایشن نے کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    لائسنس نہ ہونے کی وجہ سے شاہین ایئر کی حجاج کرام کو مدینہ اور جدہ سے واپس لانے کی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں، شاہین ایئر کی پروازیں حجاج کرام کو واپس لانے کے لیے تیار کھڑی ہیں، سول ایوی ایشن کے اس اقدام سے شاہین ایئر سے واپس آنے والے ہزاروں حجاج متاثر ہونگے۔

    ترجمان شاہین ایئر کا مزید کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن نے یقین دہانی کرائی تھی کے شاہین ایئر کے حجاج کرام کو واپس لانے کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی جبکہ معزز عدالت نے بھی اسی بات کی تلقین کی تھی جسے سول ایوی ایشن نے ماننے سے انکار کیا۔

    ترجمان کے مطابق شاہین ایئر نے پچھلے دو ماہ میں کوئی آمدنی حاصل نہیں کی لیکن اس کے باوجود حجاج کرام کو واپس لانے کے لیے اخراجات کر رہی ہے تاکہ اُنہیں واپس لایا جا سکے۔

  • آٹھ ناٹیکل مائیل ہیلی کاپٹر کے استعمال پر سو لیٹر فیول خرچ ہوتا ہے، ماہرین

    آٹھ ناٹیکل مائیل ہیلی کاپٹر کے استعمال پر سو لیٹر فیول خرچ ہوتا ہے، ماہرین

    کراچی : وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالا ہیلی کاپٹر پر جانے کا معاملہ پر ایوی ایشن انڈسٹری ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹھ ناٹیکل مائیل ہیلی کاپٹر کے استعمال کرنے پر سو لیٹر ایوی ایشن فیول استعمال ہوتا ہے۔

    ایوی ایشن فیول 90سے سو روپے فی لیٹر حکومتی اداروں کو فراہم کیا جاتا ہے، وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے۔

    گوگل نقشے کے مطابق بنی گالا سے پاک سیکرٹیریٹ کا فاصلہ 15 کلومیٹر بنتا ہے، ہوا بازی کی زبان میں یہ فاصلہ 8 ناٹیکل مائل بنتا ہے، آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی کا ہیلی کاپٹر اے ڈبلیو139وزیراعظم کے زیر استعمال ہے۔

    ایوی ایشن ماہر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر حکومتِ پاکستان کی ملکیت ہیں، وزیر اعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر کا فی ناٹیکل میل خرچ 13ڈالر یعنی1600روپے بنتا ہے، پاکستانی روپوں میں مجموعی خرچہ دس ہزار سے12 ہزار روپے تک بنتا ہے۔

    ایوی ایشن انڈسٹری ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ہوائی سفر فی کلو میٹر نہیں، فی گھنٹہ کے حساب سے چارج کیا جاتا ہے، لاگت میں کرایہ ،کریو، مینٹیننس اور تیل کا خرچ شامل ہوتا ہے۔ ماہرین تو کہتے ہیں کہ سب سے سستا سفر سڑک پھر ریل اور پھر پانی کے جہاز کا سفر ہوتا ہے، پوری دنیا میں ہوائی سفر سے سب مہنگا ہوتا ہے۔

    کراچی میں ایک نجی کمپنی چارٹرڈ طیارے اور ہیلی سروس بھی فراہم کرتی ہے، نجی کمپنی کے مطابق کراچی سے حیدرآباد اور واپسی کراچی کا کرایہ ہیلی کاپٹر سروس کا چار ہزار ڈالر وصول کیا جاتا ہے، جو پاکستانی روپے میں پانچ لاکھ روپے بننتے ہیں۔

    نجی کمپنی نے کراچی کا پچیس منٹ ٹوور کی بھی سروس چلائی تھی۔ جو فی مسافر25 ہزار روپے تھی اور ہیلی کاپٹر میں چار مسافر سے ایک لاکھ روپے وصول کیا جاتا تھا۔

  • چیف جسٹس  نے سول ایوی ایشن  میں  عارضی بھرتیوں پر پابندی  ہٹادی

    چیف جسٹس نے سول ایوی ایشن میں عارضی بھرتیوں پر پابندی ہٹادی

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان نے سول ایوی ایشن میں عارضی بھرتیوں پر پابندی ہٹا دی اور کہا کہ پابندی حج آپریشن میں رکاوٹ نہ آنے کے لیے ہٹائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جعلی ڈگریوں پر پائلٹس کی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے سول ایوی ایشن میں عارضی بھرتیوں پر پابندی ہٹاتے ہوئے کہا پابندیاں حج آپریشن کی حد تک عارضی بھرتیوں پر اٹھائی جارہی ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ مستقل بھرتیوں کے معاملے کا جائزہ کابینہ لے گی، عارضی پابندی حج آپریشن میں رکاوٹ نہ آنے کے لیے ہٹائی جارہی ہے جبکہ جعلی ڈگریوں کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ پی آئی اے جلد مکمل کرے۔

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ کرپشن کی مطلوب دستاویزات 2 دن میں آڈیٹرجنرل کو فراہم کی جائیں، دستاویزات فراہم کرکے بیان حلفی عدالت میں جمع کرایا جائے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے پی آئی اے یونین بھرتیوں یا کرپشن کی تحقیقات میں مداخلت نہ کرے ، مداخلت کی شکایت کی پرایف آئی آر درج کی جائے گی، جو بھرتیاں کی جائیں وہ میرٹ پرہو ں اور وجوہات بھی بیان کی جائیں۔

    دوران سماعت وکیل نعیم بخاری نے کیس کی فیس ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ میں سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی۔

  • احکامات کی خلاف ورزی پر سول ایوایشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری

    احکامات کی خلاف ورزی پر سول ایوایشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کردیا، مذکورہ نوٹس میں ڈی جی، ڈپٹی ڈی جی اور لاہور ایئرپورٹ منیجر نامزد ہیں، سی اے اے نے چین میں پھنس جانے والی شاہین ایئر لائن کی فلائٹ کو آنے کی اجازت دے دی ۔

    تفصیلات کے مطابق شاہین ایئر کے فلائٹ آپریشنز کو روکنے اور عدالتی احکامات کو رد کرنے پر سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران کو نوٹس جاری کردیا، جس میں ڈی جی سی اے اے، ڈپٹی ڈی جی اور لاہور ایئرپورٹ کے منیجر کو نامزد کیا گیا ہے۔

    شاہین ایئر لائنز ترجمان کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن معزز عدالت کے جاری احکامات کے باوجود شاہین ایئر پر الزامات لگانے سے باز نہیں آیا، سول ایوی ایشن نے13جولائی کو بذریعہ خط شاہین ایئر کو تمام انٹرنیشنل آپریشنز بند کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں جسے سندھ ہائی کورٹ نے معطل کردیا تھا۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے اس خط کو بھی معطل کر دیا جس میں لاہور کے ایئرپورٹ منیجر نے شاہین ایئر کو لاہور شہر سے فلائٹ آپریٹ کرنے سے باز رہنے کا کہا تھا، سول ایوی ایشن کے اس اقدام سے نہ صرف ایئرلائن کو بلکہ قومی خزانے کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

    ترجمان شاہین ائیر کے مطابق سی اے اے کے اس اقدام سے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے، سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو شاہین ایئر کے خلاف مزید کسی قسم کے کارروائی کرنے سے روک دیا ہے۔

    ترجمان شاہین ایئر نے واضح کیا کہ شاہین ایئر لائنز کا بیرونِ ملک فلائٹ آپریشن بحال کردیا گیا ہے اور جلد تمام پروازیں شیڈول کے مطابق آپریٹ ہوں گی، سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق سول ایوی ایشن کو توہینِ عدالت اور شاہین ایئر کے آپریشن جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن ادارے کو فیکس کردیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں72گھنٹے گزرنے کے باوجود سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کی چین سے لاہور پرواز کو اُڑنے کی اجازت نہیں دی تھی، پاکستانی مسافر تا حال چین کے ہوٹل میں محصور ہیں اور اُن کے ويزا کی میعاد ختم ہورہی ہے جن سے اُنہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

     ترجمان شاہین ائیر نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اس مسئلے پر کسی قسم مؤقف اختیار کرنے سے قاصر ہے، ہفتے کے روز سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو شاہین ائیر کی بیرون ملک پروازوں کو روکنے اور عدالت کے احکامات پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا،۔

     دوسری جانب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ترجمان سی اے اے نے بتایا ہے کہ ڈی جی سی اے اے نے چین میں پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کی وطن واپسی کے لیے شاہین ائیر کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی، یہ اجازت انسانی بنیادوں پر دی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • عدالت نے سول ایوی ایشن کو نجی ایئرلائن کے آپریشنز بند کرنے سے روک دیا

    عدالت نے سول ایوی ایشن کو نجی ایئرلائن کے آپریشنز بند کرنے سے روک دیا

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی یشن اتھارٹی کو شاہین ایئر انٹرنیشنل کے آپریشنز بند کرنے سے روک دیا، تمام آپریشنز اور فلائٹ شیڈول معمول کے مطابق جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان شاہین ایئر لائن نے کہا ہے کہ سول ایوی یشن اتھارٹی کی جانب سے شاہین ایئر لائن کو جاری کیا گیا تھا،13جولائی کو جاری کردہ خط میں سول ایوی یشن نے شاہین ایئر کو واجبات کی عدم ادائیگی پر اس کے تمام انٹرنیشنل آپریشنز بند کرنے کا حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں۔

    شاہین ایئر نے اس اقدام کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، ترجمان شاہین ایئر لائن کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے شاہین ایئر کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے سول ایوی یشن کی ہدایات کو معطل کر دیا ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ شاہین ایئر قانون کی پاسداری کرنے والا ادارہ ہے اور ملک کی سب سے بڑی نجی ایئر لائن ہونے کے نا طے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے اور شاہین ایئر کے تمام آپریشنز اور فلائٹ شیڈول معمول کے مطابق جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ ڈیڑھ ارب روپے کے لگ بھگ واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ دنوں شاہین ائیر انٹرنیشنل کی سعودی عرب کے سوا تمام بین الاقوامی پروازوں کے لیے ملک کے تمام ائیرپورٹس پر فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات مورخہ 16جولائی سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • نجی ایئرلائن کی مسافروں کو کاک پٹ میں سیلفی لینے کی اجازت

    نجی ایئرلائن کی مسافروں کو کاک پٹ میں سیلفی لینے کی اجازت

    کراچی : سیرین ایئرلائن نے سیلفی مقابلے کے نام پر جہاز مسافروں کو کاک پٹ میں داخلے کی اجازت دے کر ایک انوکھا کارنامہ انجام دیا، ایئر لائن کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیرین ائیر لائن نے کمرشل فائدے کے لئے سول ایوی ایشن قانون کی دھجیاں اڑا دیں، ایئر لائن انتظامیہ نے مسافروں کو ٹکٹ کا لالچ دے کر کاک پٹ کا دروازہ بھی مسافروں کے لئے کھول دیا اور مسافروں کو سیلفی مقابلے میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

    سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا سول ایوی ایشن قانون کسی ائر لائن کے مسافروں کو کاک پٹ میں جانے کی اجازت دیتا ہے؟ اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن قوانین کے تحت کاک پٹ میں تصویر نہیں کھینچی جا سکتی۔۔

    ترجمان نے کہا کہ اگر کسی ائر لائن نے ایسا کیا ہے تو اس کے خلا ف سول ایوی ایشن قانون کے تحت کاروائی کی جا سکتی ہے۔

    دوسری جانب ترجمان سرین ائرلائن کا مؤقف ہے کہ انتطامیہ نے کچھ مسافروں کو اجازت کے بعد کاک پٹ میں سیلفی بنانے کی اجازت دی تھی۔

    ترجمان سرین ائرلائن کا مزید کہنا ہے کہ ائرلائن انتظامیہ اپنی اجازت سے مسافر کو کاک پٹ میں سیلفی بنانے کی اجازت دے سکتی ہے۔

  • سول ایوی ایشن حکام نے مسافرکا نوٹوں سے بھرا بٹوہ واپس کردیا

    سول ایوی ایشن حکام نے مسافرکا نوٹوں سے بھرا بٹوہ واپس کردیا

    اسلام آباد : سول ایوی ایشن حکام نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے بے نظیر انٹربیشنل ایئر پورٹ پرایک مسافر کے گرنے والے بٹوے  کو اس کے مالک تک پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر 30 دسمبر 2016 کو ایک مسافر کا انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج بی بی آئی اے پی میں بٹوہ گرگیا۔ وائلٹ میں تقریباً دس ہزار درہم اور صرف ایک یو اے ای بنک کا کریڈٹ کارڈ موجود تھا اورکوئی شناخت یا رہائشی پتا موجود نہیں تھا۔

    سی اے اے کے پسنجر فیڈ بیک اور سوجیشن سیل نے تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے سی سی ٹی وی نیٹ ورک کی مدد سے مسافر کی شناخت کی اور یو اے ای بینک اور امیگریشن سے رابطہ کرکے مسافرکا پتا معلوم کیا۔

    مزید پڑھیں : لاہور ایئرپورٹ: پورٹر نے مسافر کے گمشدہ ڈھائی لاکھ روپے واپس کردیے

    مذکورہ شخص قبائلی علاقہ جات متصل ڈی آئی خان کا رہائشی ہے اور اس کا نام شبیر مومن ہے۔ آج مورخہ 6 جنوری کو ائیر پورٹ مینجر بی بی آئی اے پی امان اللہ علوی نے شبیر مومن کو ائیر پورٹ پروائلٹ بمعہ رقم اس کے حوالے کر دیا۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی ڈرائیور کی دیانت داری، 17 لاکھ درہم واپس لوٹا دیے

    یاد رہے کہ اس سے چند روز قبل بھی سی اے اے نے کنکورس ہال میں فرش پر گرے  30,000 روپے کی رقم سی سی ٹی وی کی مدد سے مالک تلاش کر کے اس کے حوالے کی تھی۔

     

     

  • پالپا اور پی آئی اے میں معاملات طے پاگئے

    پالپا اور پی آئی اے میں معاملات طے پاگئے

    اسلام آباد: پاکستان ائیرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن ”پالپا“اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکریٹیریٹ کے چیئرمین طلحہ محمود نے بتایا کہ فریقین نے 10 میں سے 9 نکات پراتفاق کرکے معاہدے پردستخط کردیے ہیں۔

    ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن کو ہٹانے سے متعلق معاملے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے اورجب تک چیرمین پی آئی اے مسودے پر دستخط نہیں کریں گے اس کی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔

    کمیٹی نے چیرمین پی آئی اے ناصرجعفر یا ان کے کسی نمائندے کے اجلاس میں عدم شرکت پراپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    چیرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ حکومت اورچیرمین پی آئی اے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں اورکمیٹی کی حیثیت کو مذاق بنایا ہوا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن کو ہٹانے کا فیصلہ قا نونی رائے لینے کے بعد کیا جائے گیا، پی آئی اے کسی کی ذاتی میراث نہیں بلکہ قومی ادارہ ہے۔

    اس موقع پرپالپا کے صدرعامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں، پالپا کی ہڑتال کے باعث مسافروں کو درپیش مشکلات پرمعذرت خواہ ہیں۔