Tag: Civil Court

  • اداکارہ میرا کی ایک ریسٹورنٹ کیخلاف نیب میں درخواست

    اداکارہ میرا کی ایک ریسٹورنٹ کیخلاف نیب میں درخواست

    لاہور: اداکارہ میرا نے گلبرگ کے علاقے میں واقع ایک ریسٹورنٹ کے خلاف نیب میں درخواست دے دی۔

    اداکارہ میرا کی جانب سے نیب کو دی جانے والی درخواست کے مطابق ان کے انڈسٹریل ایریا میں واقع گھر کے ساتھ ایل ڈے اے کے پلاٹ پر ملک اشفاق نامی شخص نے قبضہ کررکھا ہے جہاں غیر قانونی طور پر ایک شادی ہال بنایا گیا ہے۔

    اس شادی ہال میں جوا کھیلا جاتا ہے اور آئے روز ڈانس پارٹیاں منعقد ہوتی ہیں جس کی وجہ سے پورا علاقہ مشکلات کا شکار ہے تاہم ملک اشفاق ایک بااثر انسان ہے اور ایل ڈی اے کے اہلکاروں اور افسران کو بھتہ دیتا ہے جس کی وجہ سے متعدد درخواستیں دینے کے باوجود آج تک اس کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔

    دھمکیاں مل رہی ہیں، جان کو خطرہ ہے، اداکارہ میرا

    اداکارہ میرا کے مطابق قانون اجازت نہیں دیتا کہ کسی رہائشی پلاٹ کو کمرشل سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے اس لیے نیب پورے معاملے کی انکوائری کروائے اور قانون کے مطابق ملک اشفاق سمیت ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    میرا نے اس سے قبل اس معاملے پر وزیراعظم پاکستان کو بھی درخواست دی تھی جہاں وزیراعظم پبلک افیئر ونگ کی جانب سے کارروائی کا احکامات بھی جاری کیے گئے تھے۔

  • اداکارہ میرا کا نکاح پر نکاح کیس، عدالت نے کیس کی کارروائی روک کر حکم نامہ جاری کردیا

    اداکارہ میرا کا نکاح پر نکاح کیس، عدالت نے کیس کی کارروائی روک کر حکم نامہ جاری کردیا

    لاہور : مقامی عدالت نے اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس کی کارروائی روکتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

    اسٹاف رپورٹر (عابد خان) کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت اداکارہ میرا کی وکیل نور العین نے جوڈیشل مجسٹریٹ عظمیٰ ستار کو بتایا کہ ’’میرا نے اپنے مبینہ شوہر عتیق الرحمان کے خلاف سول کورٹ میں تکذیب نکاح کا دعویٰ دائر کررکھا ہے‘‘۔

    انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ ’’سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اگر کوئی کیس سول کورٹ میں زیر التواء ہو تو اس پر فوجداری مقدمے پر بھی کارروائی نہیں کی جاسکتی، عدالت کے علم میں یہ بات ہونی چاہیے کہ میرا اور اُن کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان کا کیس سول کورٹ میں زیر التواء ہے لہذا اس کیس کی سماعت روکی جائے‘‘۔

    عدالت نے میرا کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ’’جب تک میرا کا نکاح پر نکاح کا مقدمہ سول کورٹ میں ہے اُس وقت تک اس کیس پر سماعت نہیں کی جائے گی‘‘۔

    یاد رہے میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان نے مقامی عدالت میں استغاثہ دائر کر رکھا ہے کہ ’’اداکارہ میرا میری منکوحہ ہیں مگر اس کے باجود انہوں نے کپٹین نوید سے شادی کرلی ہے لہذا عدالت میرا کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے‘‘۔

    دوسری جانب اداکارہ میرا کی جانب سے بھی سول کورٹ میں مبینہ شوہر کے خلاف تکذیب نکاح کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’’عتیق الرحمان نامی شخص کے ساتھ میرا کبھی نکاح نہیں ہوا، تاہم عتیق نامی شخص نے سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے جعلی نکاح نامہ بنوا کر اپنی بیوی قرار دے رہا ہے لہذا عدالت اُس نکاح نامے کو کالعدم قرار دے۔