Tag: Civil Hospital

  • کوئٹہ اسپتال دھماکا: ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف وکلاء کی ریلی

    کوئٹہ اسپتال دھماکا: ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف وکلاء کی ریلی

    کوئٹہ : سانحہ آٹھ اگست کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ آٹھ اگست کو کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خود کش حملے کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف گزشتہ روز کئے گئے اعلان کے مطابق وکلاء نے احتجاجی مظاہروں کا آغاز کردیا۔

    کوئٹہ میں وکلاء نے بلوچستان ہائی کورٹ سے احتجاجی ریلی نکالی اوربلوچستان اسمبلی کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا، شرکاء نے مختلف نعروں پر مبنی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

    انہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالغنی خلجی نے وکلاء سے خطاب میں سانحہ آٹھ اگست کی تفتیش پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ گزرنے کو ہیں لیکن ملزمان اب تک بے نقاب نہیں ہوئے۔

    وکلاء رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر اُن کے مطالبات پر عملدرآمد نہیں ہوا تو وہ حکومت کے خلاف مزید سخت لائحہ عمل اپنائیں گے۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکا، 74افراد جاں بحق، 112 زخمی

     واضح رہے کہ آٹھ اگست کے خود کش حملے کے بعد وکلاء کا کوئٹہ میں یہ پہلا احتجاجی مظاہرہ تھا، وکلاء نے ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

    یاد رہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خود کش حملے کے نتیجے میں 74 افراد جاں بحق اور 112 سے سے زائد زخمی ہوئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں تی وی چینلز کے دو کیمرہ مین بھی شامل ہیں۔

  • کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکا، 74افراد جاں بحق، 112 زخمی

    کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکا، 74افراد جاں بحق، 112 زخمی

      کوئٹہ : بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے سول اسپتال میں  دھماکہ ہوا ، جس کے نتیجے میں 74 افراد جاں بحق جبکہ 112 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز پیربلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سول اسپتال کے شعبہ حادثات کے دروازے پر ہوا جس کے نتیجے میں آج نیوز کے کیمرا مین شہزاد سمیت 74 افراد جاں بحق اور 112 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    بلوچستان کے وزیرِ صحت رحمت بلوچ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پولیس سرجن کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق 93 افراد اب تک اس سانحے میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی قومی ذمہ داری ہے کہ اس وقت اپنے زخمی ہم وطنوں کی مدد کے لیے باہر نکلیں اور خون کے عطیات دیں، انہیں ان لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جو قطاریں لگا کر خون کے عطیات دے رہے ہیں۔

    کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے بڑے واقعات*

     زخمی ہونے والے افراد کوکمبائنڈ ملٹری اسپتال کوئٹہ اوردیگر نجی اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

     تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ واقعہ خود کش نوعیت کا ہے اورحملہ آور نے 08 سے 10 کلو بارود استعمال کیا ہے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوئٹہ پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوئٹہ پہنچ چکے ہیں، انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض کے ہمراہ سول اسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا اورزخمیوں کی عیادت کی۔

    آرمی چیف کی زخمیوں کی عیادت*

    زخمیوں کی عیادت کےبعد آرمی چیف اسپتال سے روانہ ہوگئے اور اطلاعات ہیں کہ کچھ دیر بعد ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں وزیراعظم نواز شریف بھی شرکت کریں گے جبکہ وزارتِ داخلہ اور انٹلی جنس اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔

    کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض کاسول اسپتال کا دورہ

    کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض نے سول اسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا انہوں جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔

    اسپتال کے ایم ایس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود اسپتال عملے کی خدمات قابل ستائیش ہے،دشمن بزدل ہے اس تک ضرور پہنچیں گے۔

    سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، دھماکہ انتا زور دار تھا کہ اس کی آوازدور دور تک سنی گئی،دھماکے کے بعد اسپتال میں بھگدڑ مچی گئی جبکہ عمارت کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    دھماکا اسپتال کی شعبہ حادثات کے بیرونی دروازے پر ہوا، جہاں اب سے کچھ دیر قبل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے وکیل بلال کاسی  کی میت  وصول کرنے کے لیے وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی، دھماکے میں کئی وکلا زخمی ہو گئے جن میں سے  کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے، تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔


    بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر ہلاک


     واضح رہے کہ آج صبح دھماکے سے کچھ دیر قبل بلوچستان بار کونسل کے صدر بلال انور کاسی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    Q-post-2

    صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی مذمت

    صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے کوئٹہ میں ہونے والے اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور اور ملک اور قوم کے دشمنوں کاآخری سانس تک پیچھا کیا جائے گا۔

    وزیراعظم نواز شریف نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام ، فورسز اور پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا، کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤنآج سے شروع ہوگا: وزیر داخلہ بلوچستان 

    واقعے میں ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا: وزیراعلیٰ بلوچستان

    وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے سول اسپتال کوئٹہ میں ہونے والے خود کش حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا واقعہ بزدلانہ واقعہ ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہاہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    سابق صدآصف زرداری کی مذمت

    پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کےساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے ۔

    کوئٹہ کےاسپتال میں دھماکے پر مذمتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وکلاءاور صحافیوں کے قاتلوں کو سخت سزائیں دی جائیں ۔ انہوں نے کوئٹہ میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت اور جانی ضیاع پر اظہار افسوس کیا ۔

    دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مربوط حکمتِ عملی کی ضرورت ہے: خورشید شاہ

    پیپلزپارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بربریت اور دہشت گردی کے خاتمے کےلیے مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے،پاکستان دہائیوں سے بدترین دہشت گردی کا شکا ر ہے

    دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن ہوگا: وزیرِ داخلہ بلوچستان

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز ببگٹی نے افسوسناک واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورا بلوچستان ٖغم اور دکھ کی کیفیت میں ہے،دہشت گرد عام شہریوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں ان کا مقصد عوام میں خوف پھیلانا ہے لیکن ہم دہشت گردوں کے ان عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پہلے ہی کاروائیاں جاری ہیں تاہم آج سے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کریک  ڈاؤن کیا جائے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہم وار زون میں ہیں اس لیے ہر وقت کسی نہ کسی حوالے سے امن عامہ میں خلل پڑنے کا خدشہ رہتا ہے ،تا ہم صدر بلوچستان بار ایسوسی ایشن یا وکلا برادری پر حملے کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔

    وزیر داخلہ بلوچستان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہار نہیں مانیں گے اور جلد ہی کریک ڈاون آپریشن کر کے دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

    خودکش حملے کے شہداء کو ذاتی طور پر جانتا تھا: ڈاکٹرعبدالمالک

    سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سول اسپتال میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے آج ہمارے لیے سیاہ دن ہے ، خود کش حملے کے تمام شہدا کو ذاتی طور پر جانتا تھا۔

    سکیورٹی فورسز اپنی تمام تر توجہ دہشتگردی کے خاتمے کی طرف دے رہی ہیں لیکن اس کے باوجود اس طرح کے واقعات ہورہے ہیں جس کا واضح مطلب ہے کہ ہمیں اپنے آپ کو متحد کرنا ہوگا اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا از سر نوجائزہ لینا ہوگا اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔

    گورنر سندھ  ڈاکٹرعشرت العباد کی مذمت

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سول اسپتال کوئٹہ میں دہشت گردوں کے حملہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، دہشت گرد اس طرح کی کاروائیوں سے قوم کو ڈرا نہیں سکتے۔

    بلوچستان حکومت کے ترجمان کی خصوصی گفتگو

    بلوچستان حکومت کے ترجمان انوارالحق کاکڑ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلال کاسی کا تعلق شہر کے ایک ممتاز گھرانے سے تھا اور لوگ ان کی میت وصول کرنے کثیر تعداد میں آئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میتوں اور زخمیوں کی تعداد کے بارے میں کچھ دیر میں حتمی اطلاع فراہم کی جائے گی۔

    سیکیورٹی وارننگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حتمی طور پر سیکیورٹی ادارے ہی بتاسکتے ہیں تاہم سیکیورٹی الرٹ تو رہتا ہے کہ ہم حالتِ جنگ میں ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے بھی ایسا ہوا تھا کہ شہر میں ایک ٹارگٹ کلنگ ہوئی، اور جب پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی ناصر خان ہزارہ جب اسپتال پہنچے تو دھماکہ ہوگیاتھا جس میں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

    سوگ

    حادثے کے ردعمل میں بلوچستان بار کونسل اور کراچی بار کونسل نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے، اس موقع پر عدالتی سرگرمیاں بند رہیں گی اور وکلاء بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔

    دوسری جانب کوئٹہ کی تاجر برادری نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہربھر میں بھرپور شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

  • دس ماہ کی بسمہ کی نماز جنازہ، کوئی پی پی رہنما شریک نہ ہوا

    دس ماہ کی بسمہ کی نماز جنازہ، کوئی پی پی رہنما شریک نہ ہوا

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اوربلاول بھٹوکی سول اسپتال کراچی آمد کے موقع پرسیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے دس ماہ کی بچی بروقت طبی امداد نہ ملنے کے سبب جاں بحق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹوزرداری آج وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اوراسپیکرسندھ کے ہمراہ سول اسپتال کراچی میں نئے تعمیرشدہ بینظیربھٹوٹراماسنٹر کا افتتاح کرنے پہنچے۔

    بلاول بھٹوکی آمد کے موقع پرسول اسپتال میں سیکیورٹی کے اعلیٰ ترین انتظامات کئے گئے جس کے سبب اسپتال میں عوام کا داخلہ بندکردیا گیا اوراطراف میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

    سیکیورٹی انتظامات کے سبب اولڈ سٹی ایریا لیاری کی رہائشی دس ماہ کی بسمہ بروقت اسپتال نہ پہنچنے کے سبب دم توڑگئی۔

    ذرائع کے مطابق جب بچی کے والدین اسے لے کر اسپتال کے قریب پہنچے تو انہیں سیکیورٹی انتظامات کے سبب روک دیا گیا بچی کی حالت تشویشناک دیکھ کروالدین کو پیدل اسپتال کی جانب جانے کی اجازت دی گئی۔

    دس ماہ کی معصوم بسمہ اسپتال کے راستے میں اپنے والد کے ہاتھوں پر بیماری کی شدت سے جاں بحق ہوگئی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچی کو خسرہ کے سبب شدید بخارتھا اگر دس منٹ قبل بچی اسپتال پہنچ جاتیتو اس کی جان بچائی جاسکتی تھی۔

     – بلاول بھٹو زرداری کی مذمت، تحقیقات کا حکم دے دیا –

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دس ماہ کی بچی بسمہ کی موت پر بے انتہا دکھ ہے انہوں نے کہا کہ ہر انسان کی زندگی اہم ہے، اس واقعے میں جو بھی ملوّث پوگا اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بچی کی ہلاکت کے واقعے میں کس کی غلطی تھی پتہ لگا یا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ دل دہلا دینے والے واقعے کی خود تحقیقات کراﺅں گا ۔

     – بسمہ کے والد کا بیان –

    معصوم بسمہ کے غم سے نڈھال والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتہائی غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو کسی کی جان کی پروا نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ پروٹوکول کے سبب ٹریفک جام تھا میں موٹرسائیکل چھوڑکردوڑتا ہوا اسپتال کی جانب آیا لیکن مجھے اندرنہیں جانے دیا گیا۔

     – متوفیہ بسمہ کی نماز جنازہ ادا، پی پی رہنماؤں کی عدم شرکت-

    بلاول بھٹو زرداری کے پروٹوکول کے باعث اپنی جان سے جانے والی دس ماہ کی معصوم بسمہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    سرکاری پروٹوکول کی وجہ سے بر وقت اسپتال نہ پہنچنے کے باعث جاں بحق ہونے والی دس ماہ کی بسمہ کی نماز جنازہ گبول پارک میں ادا کردی گئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق نماز جنازہ میں بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے کسی عہدار نے شرکت نہیں کی ۔

    دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی کے ایم این اے شاہجہاں بلوچ نے متوفیہ بسمہ کے گھر جاکر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیاہے۔

     

      – حکومت کا ردعمل –

    اسپتال میں ٹراما سنٹرکے افتتاح کے موقع پروزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کاکہنا تھا کہ پورے پاکستان میں اس پیمانے کا ٹراما سنٹر کہیں نہیں ہے۔

    بچی کی ہلاکت سےمتعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دینے کے بجائے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اوربلاول  بھٹو پریس کانفرنس فوری ختم کرکے واپس روانہ ہوگئے۔

     – پی پی رہنما نادیہ گبول نے نرالی منطق پیش کردی –

    وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر نادیہ گبول نے انوکھی منطق پیش کی ہے کہ اس ڈاکٹر کے خلاف تحقیقات ہوگی جس نے دس منٹ پہلے لانے کا کہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما نادیہ گبول نے لیاری میں متوفی بسمہ کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پولیس اہلکار کی انکوائری ہو گی جس نے بیمار بچی کو ہسپتال جانے سے روکا.

    انہوں نے ایک نرالی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈاکٹر کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی جس نے بسمہ کے والد کو کہا تھا کہ اگر دس منٹ پہلے بچی کو لے آتے تو اس کی جان بچ سکتی تھی۔

    اس موقع پر انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے مذکورہ واقعے پر معافی بھی مانگی۔ نادیہ گبول کے لیاری پہنچنے پر لیاری کے مکینوں نے اپنے غصے کا کھل کر اظہار کیا، ان کی آمد پر لوگوں نے ”گو نادیہ گو “اور ”گو بلاول گو “کے نعرے لگائے۔

     – نثار کھوڑو کی بے حسی –

    پیپلز پارٹی کے رہنماء نثارکھوڑو نے واقعے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو کا پروٹوکول بھی ضروری ہے۔

     – آصف زرداری کا ایکشن –

    پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پروٹوکول کے سبب بسمہ کی جان جانے کا واقعے

    کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کاروائی کا حکم دے دیا۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو ٹیلی فون کیا اور واقعے کی فی الفور

    انکوائری کا حکم دیا۔

    آصف زرداری کا کہنا تھاکہ کہ سندھ کے ہرشہری کے جان و مال کی حفاظت ہمارے لئے بے حد اہم ہے۔

    انہوں وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت دیں کہ فوری طورپرانکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے اوربہترگھنٹے میں

    ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

    سابق صدر نے یہ بھی ہدایات دیں کہ آئندہ کسی بھی اسپتال میں اس قسم کی تقریب کا انعقاد نہ کیا جائے جس سے عوام کے لئے مشکلات پیدا ہوں۔

    – انکوائری کمیٹی کا قیام –

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی ہدایت پروزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے بلاول بھٹو کے پروٹوکول کے سبب دس ماہ کی بچی کے جاں بحق ہونے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    کمیٹی کا سربراہ کمشنرکراچی کو مقررکیا گیا ہے اورانہوں بہترگھنٹے کے اندرواقعے کی تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

     – فیصل واوڈا کا ردعمل –

    تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واوڈا نے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور نثار کھوڑو کا ردعمل افسوسناک ہے ایسے سیاستدانوں کو سرعام کوڑے مارنے چاہئے عوام جان لے کہ یہ حکمران عوام کی جان و مال کا ایسے ہی ضیاع کرتے رہیں گے۔

     – نبیل گبول کا رردعمل –

    پیپلز پارٹی کے سابق رہنما نبیل گبول کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے وی وی آئی پی پروٹوکول کے سبب جاں بحق ہونے والی بچی بسمہ کے والد کا نام فیصل ہے اور وہ پیپلز پارٹی کا کارکن ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول کو چاہیے کہ بینظیربھٹو کی طرح اس شخص کے گھر پہنچے اور اس سے معافی مانگے۔

     – شیخ رشید کا ردعمل –

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی ذمہ دار سندھ حکومت اور بلاول بھٹو بذات خود ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم بحیثیت قوم اس قدر بے حس ہوچکے ہیں کہ دوسرے کے بچے کے مرنے کا کسی کو غم نہیں ہوتا۔

     – خواجہ اظہارالحسن کا بیان –

    سندھ اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف خواجہ اظہارالحسن وی آئی پی پروٹوکول کے سبب دس ماہ کی بچی کے جاں بحق ہونے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ اسمبلی میں وی آئی پی پروٹوکول کلچرکے خلاف قرارداد پیش کریں گے کہ حکومتی شخصیات کا پروٹوکول کم کرکے سیکیورٹی تک محدود کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی مسئلہ نہیں ہے لیکن اس سے عوام میں کسی کو تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔

    خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ بسمہ کے والد کی ہرممکن مدد کریں گے اوران کی بیٹی کے قتل کا مقدمہ
    حکومت اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف درج ہونی چاہئے۔

  • گجرانوالہ میں سول اسپتال سے کارچورگرفتار

    گجرانوالہ میں سول اسپتال سے کارچورگرفتار

    گجرانوالہ: سول اسپتال کے احاطے سے ایک مبینہ کارچورکوگرفتارکرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی افراد اور سول اسپتال کی انتظامیہ نے علی رضا نامی اس 18 سالہ نوجوان کو اسپتال کے احاطے سے اس وقت گرفتار کیاجب کہ وہ ایک گاڑی چرارہا تھا۔

    مبینہ چور کو پکڑنے کے بعد اسپتال انتظامیہ جائے وقوعہ پر آئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار کے مالک نے علی رضا کو گاڑی چراتےدیکھا اور شورمچادیا جس کے نتیجے میں ارد گرد موجود افراد اور انتظامیہ نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

  • بلاول کا دس روزبعد سول اسپتال کا دورہ

    بلاول کا دس روزبعد سول اسپتال کا دورہ

    کراچی: ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کی عیادت کے لئے پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے دس روز بعد سول اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دس روز میں کراچی میں شدید گرمی سے ہلاکتوں کی تعداد بارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے اور اس موقع پر حکومتی کارکردگی نہ ہونے کے برابر دکھائی دی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے پروٹوکول کے ہمراہ مریضوں کی عیادت کرنے سول اسپتال پہنچے، بلاول کے ہمراہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، شیری رحمان اورصوبائی وزیرصحت جام مہتاب ڈہربھی تھے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے سول اسپتال کےمختلف وارڈز کا دورہ کیا اورہیٹ اسٹروک مریضوں کی عیادت کی اوران کا حال واحوال معلوم کیا۔

    مریضوں کو بہترطبی امدادکی ہدایت کرکے پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اسپتال سے روانہ ہوگئے۔

  • گرمی سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 445 تک جا پہنچی

    گرمی سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 445 تک جا پہنچی

    کراچی: شہر قائد میں تین دن کے دوران گرمی اور لو لگنےسےجاں بحق افراد کی تعداد چار سو پینتالیس ہو گئی
    کراچی سمیت پورے صوبہ سندھ کو گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے.

    اس شدید موسم نے پیر کو 163 مزید جانیں لے لیں، جس کے بعد کراچی میں شدید گرمی اور لو لگنے کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 445 سے زائد ہوگئی ہے۔

    عباسی شہید ہسپتال میں پیرکی صبح 7 افراد ہلاک ہوئے، اس سے قبل ہفتے اور اتوار کو عباسی شہید ہسپتال میں 30 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں 12 خواتین اور 2 بچے بھی شامل تھے۔

    دوسری جانب جناح اسپتال میں گزشتہ رات سے لے کر اب تک مزید 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس سے قبل جناح ہسپتال میں 85 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔

    سول ہسپتال کراچی میں پیر کی صبح مزید 6 ہلاکتیں ہوئیں، جس کے بعد سول ہسپتال میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 35 تک جا پہنچی ہے۔

    کراچی کے پانچ اسپتالوں سے لئے گئے اعدادوشمار کے مطابق اب تک شہر میں کم از کم 445 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گرمی اور حبس سے جاں بحق افراد میں سے 80 فیصد ہیٹ سٹروک کے باعث ہوئیں۔

    گرمی سے متاثرہ سب سے زیادہ افراد جناح ہسپتال لائے گئے جبکہ عباسی شہید ہسپتال، سول ہسپتال، لیاری جنرل ہسپتال اور سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی میں بھی بڑی تعداد میں گرمی سے جاں بحق افراد کی لاشیں لائی گئیں۔

    گرمی اور حبس سے مرنے والوں کی تعداد اتنی بڑھ گئی کہ ان کے لئے سٹریچرز بھی کم پڑ گئی۔ سرکاری ہسپتالوں میں گرمی کی شدت سے جاں بحق ہونے والے افراد میں زیادہ تعداد ساٹھ سے زائد عمر کے افراد تھے جن میں خواتین بھی شامل تھیں جنہیں مختلف علاقوں سے لایا گیا۔

  • کراچی: سول اسپتال میں ڈاکٹرپر تشدد کیخلاف احتجاج، مریض دربدر

    کراچی: سول اسپتال میں ڈاکٹرپر تشدد کیخلاف احتجاج، مریض دربدر

    کراچی : سول اسپتال میں ڈاکٹروں نے ساتھی ڈاکٹر پر مبینہ تشدد کیخلاف ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات میں آنے والے مریضوں کے علاج سے انکار کردیا۔ جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ڈاکٹروں کی احتجاج کے باعث سول اسپتال کی ایمرجنسی سمیت مختلف شعبہ جات میں مریض بے یارو مدد گار اسٹریچر اور گاڑیوں میں پڑے رہے ۔

    احتجاجی ڈاکٹروں کاکہنا تھا کہ کہ ایک مریض کے تیمارداروں کی جانب سے ڈیوٹی ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔

    محکمہ صحت کی جانب سے بھی گذشتہ دو سے تین روز کے دوران کراچی کے تین بڑے سرکاری اسپتالوں میں پیرا میڈیکل اسٹا ف اور سول اسپتال میں ڈاکٹر وں کے احتجاج کا نوٹس نہیں لیا گیا۔

  • کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ایک زخمی

    کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ایک زخمی

    کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں  صبح سویرے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کردیا۔

    پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پرسوار نقاب پوش ملزمان نے مسجد پرواقع دکان پرفائرنگ کردی اورموقع سے فرار ہوگئے۔

    فائرنگ کی زد میں آکردکان میں موجود دو بھائی سلمان اورفضل شدید زخمی ہوگئے، جنہیں سول ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ فضل راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق دونوں بھائیوں کو سرمیں گولیاں لگیں ہیں۔ سول ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد سلمان کو شدید زخمی ہونے کے باعث سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

  • بلدیہ ٹاؤن میں خوفناک حادثہ، ڈمپر نے نو افراد کو کچل ڈالا

    بلدیہ ٹاؤن میں خوفناک حادثہ، ڈمپر نے نو افراد کو کچل ڈالا

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں خونی ڈمپر کی ٹکر سے ہائی روف میں سوار نو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، حادثہ نادرن بائی پاس کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن  نادرن بائی پاس کے قریب تیز رفتار ڈمپرنے ہائی روف  کو کچل ڈالا، حادثے میں گاڑی میں سوار نو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، واقعے کے بعد ریسکیو اداروں نے ایمبولینسوں کے ذریعے ہلاک اور زخمی افراد کو سول اسپتال پہنچایا،جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد پکنک منا کر واپس آرہے تھے،  ہلاک شدگان اور زخمیوں میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں ایم کیوا یم کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں نوافراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے واقعہ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونیوالے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس واقعہ میں جاں بحق ہونیوالے تمام افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا فرمائے۔

  • سول اسپتال کے نزدیک آگ لگ گئی

    سول اسپتال کے نزدیک آگ لگ گئی

    کراچی: سول اسپتال کے نزدیک واقع اسکول میں آگ لگ گئی، فائربریگیڈ کی دو گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اولڈسٹی ایریا میں واقع سول اسپتال کے ایمرجنسی گیٹ کے نزدیک واقع نجی اسکول میں یکایک آگ بھڑک اٹھی۔

    حادثے کے وقت اسکول میں تدریسی عمل جاری تھا، اساتذہ اوربچوں نے بہت مشکل سے اپنی جان بچائی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی دو فائربریگیڈ گاڑیاں جائے حادثہ کی جانب روانہ کردیں گئیں جو کہ آگ بھجانے اورامدادی کاروائی کرنے میں مشغول ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق جنریٹرمیں شارٹ سرکٹ کےباعث آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔