Tag: CJP saqib nisar

  • بتایا جائے پاکستان کا ہربچہ کتنامقروض ہےاور دس سال میں کتنے وزرائے خزانہ نے قرضے لیے،چیف جسٹس

    بتایا جائے پاکستان کا ہربچہ کتنامقروض ہےاور دس سال میں کتنے وزرائے خزانہ نے قرضے لیے،چیف جسٹس

    لاہور : چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہر پیدا ہونے والا بچہ مقروض ہو گیا، بتایا جائے پاکستان کا ہر بچہ کتنا مقروض ہے؟ یہ بھی بتایاجائے دس سال میں کتنے وزرائے خزانہ نے قرضے لیے،رات تک بیٹھے ہیں ،تمام ترتفصیلات سے آگاہ کیا جائے ۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثوں اور اکاؤنٹس کی تفصیلات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

    عدالت نے گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکرٹری خزانہ کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا، چیف جسٹس نے قرار دیا کہ پاکستان میں حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہر پیدا ہونے والا بچہ مقروض ہو گیا، بتایا جائے کہ پاکستان کا ہر بچہ کتنا مقروض ہے؟ پچھلی دو حکومتوں نے کیا کیا؟ تعلیم، صحت اور پینے کے پانی کا حال دیکھ لیں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ قرضے خود لیتے ہیں اور بوجھ ایسے بچوں پر ڈال دیتے ہیں جو ابھی پیدا نہیں ہوئے، ہم مفاد عامہ کا اہم ترین مقدمہ سن رہے ہیں جبکہ گورنر اسٹیٹ بنک اور سیکرٹری خزانہ کو پرواہ ہی نہیں، اربوں کھربوں کا سرمایہ پاکستان سے باہر چلا گیا، برآمدات ختم اور درآمدات بڑھتی جا رہی ہیں۔

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ ختم نہیں کر سکے، شاہ عالم مارکیٹ میں بیٹھے سمگلروں کو کوئی نہیں روک سکا، کون کہتا ہے کہ ہم نے ایمنسٹی سکیم کو رد کر دیا ہے؟ ایمنسٹی سکیم کا معاملہ تو ہمارے سامنے آیا ہی نہیں۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہمیں بھی ایمنسٹی سکیم سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

    چیف جسٹس نے قرار دیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اکاؤنٹس اور اثاثوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، بتایا جائے کہ ہر پاکستانی بچے پر کتنا قرض ہے، کسی کو کوئی حق نہیں کہ وہ پیدا ہونے سے پہلے پاکستانی بچے کو مقروض کر دے، بتایا جائے دس سالوں میں کتنے وزراء خزانہ نے قرضے لیے اور غیر ملکی دورے کیے؟

    جسٹس ثاقب نثار کا مزید کہنا تھا کہ زرمبادلہ کو پاکستان سے باہر لے جانے کے لیے کوئی پابندی ہی نہیں لگائی گئی، پتہ ہونا چاہیئے کہ ہر پاکستانی کے بیرون ملک کتنے اثاثے اور اکاؤنٹس ہیں، سوئزر لینڈ میں پڑے پاکستانیوں کے پڑے اربوں کھربوں بارے کیا کھوج لگایا گیا ، رات تک بیٹھے ہیں ،تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • قوم کے پیسے واپس نہ کیے تو معاملہ نیب کے حوالے کردیں گے،جائیدادیں بھی ضبط کرلی جائیں گی، چیف جسٹس

    قوم کے پیسے واپس نہ کیے تو معاملہ نیب کے حوالے کردیں گے،جائیدادیں بھی ضبط کرلی جائیں گی، چیف جسٹس

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے قرض معاف کروانے والی دو سو بائیس کمپنیوں سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا، چیف جسٹس نےریمارکس دیے قوم کے پیسے واپس نہ کیے تو معاملہ نیب کے حوالے کردیں گے،جائیدادیں بھی ضبط کرلی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 54 ارب روپےکےقرضوں سےمتعلق ازخودنوٹس پرسماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے قرضے معاف کرانے والی دو سو بائیس کمپنیوں سےایک ہفتےمیں تفصیلی جواب طلب کرلیا۔

    دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے قوم کے پیسے واپس نہ کیے تو معاملہ نیب کے حوالے کردیں گے اور نادہندگان کی جائیدادیں بھی ضبط کرلی جائیں گی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ قوم کے چوون ارب کھانے کے باوجود تاحال کمپنیاں کام کررہی ہیں، پیسے بھی ہضم، لینڈ کروزر اور کاروبار بھی چل رہےہیں۔

    فریقوں کے وکلا نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے کہا اس اہم کیس کوملتوی نہیں کرسکتا، روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی۔

    وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایس ای سی پی کے ذریعے کمپنیوں کو نوٹسز دیے جائیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا پبلک نوٹس کردیا کوئی نہیں آتا تو اپنے رسک پر مت آئے، جو کمپنیاں نہیں آئیں گی، ان کےخلاف یکطرفہ کارروائی ہوگی۔

    عدالت نے فریقوں سے انیس جون تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دل کرتاہے ڈیمز بنانے اور ملک کا قرضہ اتارنے کے لیے چولا پہن کر چندہ مانگوں،چیف جسٹس

    دل کرتاہے ڈیمز بنانے اور ملک کا قرضہ اتارنے کے لیے چولا پہن کر چندہ مانگوں،چیف جسٹس

    اسلام آباد:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پانی کی کمی سےمتعلق کیس میں ریمارکس میں کہا نوازشریف اورزرداری نے اپنے ادوار میں کچھ نہیں کیا، دل کرتا ہے ڈیمز بنانے اور ملک کاقرضہ اتارنے کے لیے چولہ پہن کر چندہ مانگوں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پانی کی کمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ،سماعت میں میٹروپولیٹن حکام اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پیش ہوئے۔

    ڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ دارالحکومت کو 58.7 ملین گیلن پانی سپلائی کیا جارہا ہے، پانی کی طلب 120 ملین گیلن سے بھی زیادہ ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی ٹینکرز کا پانی فروخت ہورہا ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں مزید کہا دل کرتا ہے ڈیمز بنانے اور ملک کا قرضہ اتارنے کے لیے چولہ پہن کر چندہ مانگوں، نواز شریف اور زرداری نے اپنے ادوار میں کچھ نہیں کیا۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا مطلب یہ ہے لوگوں کو بنیادی حقوق دیے جائیں، بلی کی طرح آنکھیں بند نہیں کر سکتے،عملی طور پر کچھ کرنا ہوگا۔

    جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اربوں کا پانی ہم منرلز کے ساتھ سمندرمیں ضائع کررہےہیں، پانی کے مسئلے پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، اعتزاز احسن آپ چند روز میں پانی کے معاملے پر پالیسی بنا کر دیں۔

    درخواست گزار نے کہا کہ طارق فضل چوہدری نوسربازہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ 20 مرتبہ طارق فضل چوہدری کو بلایا ہے، اسلام آباد میں پانی کے ڈیمز نہ بنانے پر شور مچا ہے۔

    عدالت نے اعتزاز احسن کو عدالتی معاون مقرر کردیا اور کہا اعتزاز احسن پینے کے پانی کے ذخیرہ پر رپورٹ مرتب کر کے دیں، پانی کا مسئلہ مستقبل میں خطرناک ناسور بن سکتا ہے۔

    عدالت نے پانی کے مسئلے پر اعتزاز احسن سے 21جون تک رپورٹ طلب کرلی۔

    سپریم کورٹ نے ملک ابرارا، زمرد خان، چیف کمشنر اسلام آباد، آفیسرز کنٹونمنٹ بورڈ اور چیئرمین سی ڈی اے کو طلب کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس کا قصور کی ننھی زینب کی زندگی پر بننے والی فلم سے متعلق نوٹس

    چیف جسٹس کا قصور کی ننھی زینب کی زندگی پر بننے والی فلم سے متعلق نوٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان نے قصور میں درندگی کا شکار ہونے والی کمسن زینب کی زندگی پر بننے والی فلم سے متعلق نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے زینب کے والد حاجی امین کی درخواست پر نوٹس لیا، زینب کے والد نے درخواست میں استدعا کی کہ میری بیٹی کی زندگی پر اجازت کے بغیر مقامی ٹی وی چینل کا مالک فلم بنا رہا ہے، اس کو روکیں اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    چیف جسٹس نے صوبائی اور وفاقی حکومت کے وکیل سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ پیمرا کا اس معاملے میں کیا کردار ہے، رپورٹ دی جائے۔

    چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل کو حکم دیا کہ ایسی فلمیں نہیں بننی چاہییں۔

    واضح رہے کہ قصور کی 7 سالہ ننھی زینب کے ساتھ درندگی کے واقعے کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا، کچھ عرصہ قبل  پنجاب کے شہرقصور سے اغوا کی جانے والی 7 سالہ ننھی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا تھا، زینب کی لاش گزشتہ ماہ 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

    زینب کے قتل کے بعد ملک بھرمیں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی جبکہ تحقیقات کے بعد قتل کے مرکزی ملزم عمران کو عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یہ بات ذہن سے نکال دیں الیکشن تاخیرکا شکار ہوں گے، الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، چیف جسٹس

    یہ بات ذہن سے نکال دیں الیکشن تاخیرکا شکار ہوں گے، الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، چیف جسٹس

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں دوٹوک بتادیا الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، الیکشن میں تاخیر کا خیال ذہن سے نکال دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ورکرزپارٹی سےمتعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے واضح اعلان کیا کہ آئندہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، اگر کسی کے ذہن میں ایسا خیال ہے کہ الیکشن دو یا تین مہینے کی تاخیر سے ہوسکتے ہیں، تو ایسا خیال اپنے ذہن سے نکال دے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا نئے کاغذات نامزدگی کی وجہ سے امیدوارمعلومات اکٹھی ہی نہیں کرسکے، پرانے کاغذات نامزدگی بحال کئے جاتے ہیں تو انہیں بہانہ مل جائے گا کہ ہمارے پاس معلومات نہیں، اس لئے چاہتے ہیں انتخابات تاخیر کا شکار نہ ہوں۔

    جسٹس ثاقب نثار نے یہ بھی واضح کیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر بنایا ہے، اس ضابطہ اخلاق کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

    سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ انتخابی اصلاحات پر دو ہزار بارہ میں فیصلہ دے چکی ہے، جس میں الیکشن کمیشن کے اختیارات کا بھی تعین کر دیا گیا ہے۔

    اس موقع پر ڈی جی الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے بعد الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کا جائزہ لیا اور تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر نیا ضابطہ اخلاق بنایا، نیا ضابطہ اخلاق 2018 کے انتخابات کے لیے بنایا گیا ہے۔

    بعد ازاں مقدمے کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

    واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 کا انعقاد 25 جولائی کو کیا جائے گا، جس کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری کیا جاچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس کا کراچی سینٹرل جیل کا دودہ ، سزا مکمل کرنے والے قیدیوں کی تفصیلات طلب

    چیف جسٹس کا کراچی سینٹرل جیل کا دودہ ، سزا مکمل کرنے والے قیدیوں کی تفصیلات طلب

    کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سینٹرل جیل کا تفصیلی دورہ کیا اور جن قیدیوں کی سزائیں مکمل ہوگئی ہے ان کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار اچانک دورے پر سینٹرل جیل پہنچ گئے، چیف جسٹس کچن, اسپتال, قیدیوں کی مختلف بیرکوں میں گئے۔

    چیف جسٹس نے قیدیوں سے ملاقات میں جیل کے حالات دریافت کیے تو قیدیوں نے چیف جسٹس کے  سامنے شکایات کے  انبار  لگا دیئے۔

    قیدیوں نے شکایت کی کہ سزائیں پوری ہونے کے باوجود قید کر رکھا ہے، جس پر چیف جسٹس نے یقین دہانی کرائی،  جس کی سزا  مکمل ہو چکی ہے اسے رہائی مل جائے گی۔

    چیف جسٹس نے جیل حکام کو حکم دیا کہ ایسے قیدی جن کی سزا مکمل ہوچکی ان کی رپورٹ دیں۔

    جسٹس ثاقب نے قیدیوں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کا معائنہ کیا، چیف جسٹس اور جسٹس فیصل عرب نے کھانا خود کھا کر چیک کیا۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سینٹرل جیل کے انتظامات دیگر صوبوں سے بہتر ہیں۔

    خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار 14 مئی کو روس اور چین کے13 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، جسٹس ثاقب نثار کی غیر موجودگی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ قائم مقام چیف جسٹس ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس ثاقب نثار نے 12 مئی کیس کی فائل طلب کرلی

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے 12 مئی کیس کی فائل طلب کرلی

    کراچی : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے 12 مئی کیس کی فائل طلب کرتے ہوئے کہا کہ 12 مئی کو کراچی میں المناک واقعہ ہوا، شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کرنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بارہ مئی کے اہم مقدمے کی سماعت بھی ہوئی، چیف جسٹس نے بارہ مئی کیس کی فائل طلب کرتے ہوئے کہا بارہ مئی کو کراچی میں المناک واقعہ ہوا، شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کرنی چاہیے

    سپریم کورٹ رجسٹری میں بارہ مئی کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

    چیف جسٹس نے فیصل صدیقی سے استفسار کیا کہ کیا سانحہ بارہ مئی کی تحقیقات نہیں ہوئیں، جس پر فیصل صدیقی نے بتایا سندھ ہائی کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہے، جس پرچیف جسٹس نے کہا آپ کیس نمبر دیں ہم جائزہ لیں گے۔

    خیال رہے کہ آج بارہ مئی کو کراچی میں جلسے منعقد کئے جارہے ہیں ، گیارہ برس پہلے 2007 میں آج ہی کے دن شہر میں آگ و خون کی ہولی کھیلی گئی ۔ درجنوں افراد جان سے گئے۔

    روشنیوں کے شہر کراچی میں بارہ مئی دو ہزار سات کا دن تاریخ کا سیاہ ترین دن تصور کیا جاتا ہے، یہ دن شہریوں میں خوف وہراس کی ایک علامت بن کر ابھرا ، آج کے دن شدید ہنگامے برپا ہوئے اور قیامت خیز دن 40 شہریوں کی زندگی نگل گیا جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔

    سانحہ 12 مئی کی تفتیش کی گاڑی کچھ ملزمان کی گرفتاری سے آگے نہ بڑھ سکی۔ وکلا کا کہنا ہے کہ سانحہ کا ذمہ دار کوئی بھی ہو، انصاف ہونا چاہیئے۔

    سانحے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین آج بھی اپنے پیاروں کے خون ناحق کا انصاف کیے جانے کے منتظر ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایسا ملک دے کر نہیں جائیں گے، جہاں سانس لینا بھی مشکل ہو، چیف جسٹس

    ایسا ملک دے کر نہیں جائیں گے، جہاں سانس لینا بھی مشکل ہو، چیف جسٹس

    اسلام آباد : ماحولیاتی آلودگی  کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ایسا ملک دے کر نہیں جائیں گےجہاں سانس لینابھی مشکل ہو، ہم انشااللہ چیزوں کو بہتر کرکے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کےخلاف کیس کراچی رجسٹری میں سنیں گے، حکومت کے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے اقدامات ناقص ہیں۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ ہر فیکٹری کوکلاؤڈ ٹیکنالوجی کے لیے نگرانی کی ضرورت ہے، جسٹس ثاقب نثار نے ہدایت کی کہ جسٹس منیب اختر کے ساتھ کراچی میں میٹنگ کریں، کراچی میں کئی کچی آبادیاں ہیں، پینے کا پانی بھی میسر نہیں ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ہم انشااللہ چیزوں کو بہتر کرکے جائیں گے، چاہے بنیادی بہتری ہی لانا پڑے لائیں گے، ایسا ملک دے کر نہیں جائیں گے، جہاں سانس لینا بھی مشکل ہو، 6 سال کی بچی کو ماحولیاتی آلودگی سے پھیپھڑوں کا کینسر ہوگیا۔

    بعد ازاں کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی ، آئندہ سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوگی۔

    یادرہے کہ اس سے قبل ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مقدمے میں سپریم کورٹ نے حکم دیا  تھاکہ سموگ کمیشن رپورٹ مرتب کرکے نو جون کوپیش کی جائے ، چیف جسٹس نے متنبہ کیا صحت معاملہ ہے،اس پرتاخیربرداشت نہیں کی جائےگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس ثاقب نثار 14مئی سے روس اورچین کے  دورے پرروانہ ہوں گے

    چیف جسٹس ثاقب نثار 14مئی سے روس اورچین کے دورے پرروانہ ہوں گے

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار  14  مئی کو  روس اور چین کے13 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے،  جسٹس ثاقب نثار کی غیر موجودگی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ قائم مقام چیف جسٹس ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان چیف جسٹس ثاقب نثار 14مئی کوسرکاری دورے پر روس روانہ ہوں گے، جہاں وہ عالمی چیف جسٹسزکانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار کا غیرملکی دورہ 13 روزپرمشتمل ہے۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ دورہ روس کے بعد چین جائیں گے، چین میں جسٹس ثاقب نثار عالمی جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار کی غیر موجودگی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ13دن کے لیے قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس  کا نوازشریف کی سیکیورٹی بحال کرنے کاحکم

    چیف جسٹس کا نوازشریف کی سیکیورٹی بحال کرنے کاحکم

    اسلام آباد : چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نےنوازشریف کی سیکیورٹی بحال کرنےکاحکم دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کی جان کوخطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے، قانون کے تحت جو سیکیورٹی بنتی ہے وہ نوازشریف کو دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں وی آئی پی شخصیات کو اضافی سیکیورٹی دینے کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نوازشریف کی سیکیورٹی بحال کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ نواز شریف کی بطورسابق وزیراعظم جوسیکیورٹی ہےدی جائے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم کسی کی جان کوخطرےمیں نہیں ڈالناچاہتے، قانون کےتحت جو سیکیورٹی بنتی ہےوہ نوازشریف کودی جائے، یہ پولیس نےدیکھناہےکون سےافرادکوسیکیورٹی درکارہے، سیکیورٹی سب کی مناسب ہونی چاہیے۔

    جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ہم نےیہ نہیں کہاسب کی سیکیورٹی واپس لےلیں، پولیس رپورٹ دےکس کوکتنی سیکیورٹی درکارہے۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔


    مزید پڑھیں :  مائی لارڈ! دہشت گردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنے والے وزیراعظم کی سیکیورٹی چھین لو،مریم نواز


    یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم کی بیٹی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں چیف جسٹس کے سیکیورٹی سے متعلق احکامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مائی لارڈ! دہشت گردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنے اور اس پر کاری ضرب لگانے والے وزیر اعظم کی سیکیورٹی چھین لو،خدانخواستہ اُسے کچھ ہوا تو ذمہ دار صرف آپ ہوں گے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک بھر میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی کے لیے تعینات پولیس نفری کو واپس بلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ جن کے پاس سب کچھ ہے وہ اپنی سیکیورٹی کا بھی خود انتظام کریں۔

    جس کے بعد سپریم کورٹ کے احکامات پر پنجاب بھر سے 1856 شخصیات سے سیکیورٹی واپس لے کر چار ہزار چھ سو انیس اہلکاروں کو بلالیا گیا تھا اور سپریم کورٹ کے حکم کے بعد وفاقی وصوبائی وزرا، سابق وزرائے اعظم، سیاسی شخصیات کی سکیورٹی کا تعین بھی ہوگیا تھا۔

    جس کے تحت سابق وزیراعظم نواز شریف کے پروٹوکول میں 2 گاڑیاں شامل ہوں گی، نوازشریف کیساتھ ایک جیمر اور 34 پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔

    بعد ازاں نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء کے قریب لگائے گئے سیکیورٹی کیمرے اور اضافی لائٹیں اتار لی گئیں تھیں ، کروڑوں روپے مالیت کے یہ سی سی ٹی وی کیمرے پنجاب حکومت نے لگوائے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔