Tag: Clean Karachi

  • کراچی میں نالوں کی صفائی سے کافی حد تک بہتری آئی ہے: علی زیدی

    کراچی میں نالوں کی صفائی سے کافی حد تک بہتری آئی ہے: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ کہیں کسی کو کچرا پھینکتے دیکھیں تو تصویر کھینچ کر ہمیں بھیجیں ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے، بارشوں کے بعد پانی کافی حد تک نکل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ نالوں کی صفائی سے کافی حد تک بہتری آئی ہے، بارشوں کے بعد پانی کافی حد تک نکل گیا، کچھ جگہوں پر تھوڑا بہت پانی ہوگا وہ بھی نکالا جا رہا ہے۔ عوام سے بھی تعاون کرنے کی گزارش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ درخواست ہے کہیں کسی کو کچرا پھینکتے دیکھیں تو تصویر کھینچ کر وائرل کریں، تصاویر ہمیں بھی بھیجیں ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے، ناصر حسین شاہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا بھی شکر گزار ہوں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل فوٹیج میرے خلاف پروپیگنڈا ہے، خیابان شجاعت پر فینسی گاڑیاں کھڑی کر کے روڈ بند کیا گیا تھا، کے پی ٹی کی پرچم کشائی کی تقریب میں جا رہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں کچرا ملے گا ہم اٹھاتے جائیں گے، لیاری کو صاف ستھرا بنا دیں گے۔ لیاری میں کم مشینری لگی ہے لیکن کام ہوتا رہے گا، تنقید کی جا رہی ہے کہ لیٹس کلین کراچی مہم کے لیے پیسے مانگ رہا ہوں، ہم نے صفائی مہم کے لیے الگ سے اکاؤنٹ کھولا ہے۔ سندھ حکومت نے بھی کام کا آغاز کر دیا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مجھے وزیر اعظم کی ہدایات تھیں کراچی صاف کرنا ہے، میڈیا والوں سے درخواست ہے اگر کہیں کچرا ہے تو بتا دیں۔ نالے صاف کرنا ہمارا کام نہیں تھا پھر بھی کراچی کے لیے کیا۔ ’میری ٹائم وزیر کا کام نہیں کہ نالے صاف کرے، ہم تو مدد کو آئے ہیں کہ کام تیز ہوجائے‘۔

  • کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار

    کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا گیا، مہم کے لیے ضلع غربی میں 48 مقامات اور ضلع جنوبی و شرقی میں 70 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) آفس میں کراچی صاف کریں مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کی۔

    اجلاس میں تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے جن میں آفتاب صدیقی، صائمہ ندیم، غزالہ صدف، خرم شیر زمان، عمران شاہ، راجہ اظہر، شہزاد قریشی اور عباس جعفری شامل ہیں۔

    اجلاس میں وفاقی حکومت کی کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا گیا۔ اجلاس میں اس امکان پر بھی غور کیا گیا کہ کلین کراچی مہم کا دورانیہ 2 ہفتے سے بڑھا دیا جائے۔ مہم کے پہلے مرحلے میں 6 اضلاع میں بڑے نالوں کی صفائی کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں شاہراہوں اور گلیوں سے کچرا اٹھایا جائے گا۔

    کچرا اٹھانے کے فیز میں ڈمپنگ یارڈ خالی کرنا اور اسکولز و پارکس کے اطراف سے کچرا اٹھانا شامل ہے۔ مہم میں حصہ لینے والے وفاقی و بلدیاتی اداروں کے نمائندگان کا بھی اجلاس ہوگا۔ تحریک انصاف ارکان قومی و صوبائی اسمبلی حلقوں میں صفائی کا پلان پیش کریں گے۔ کاروباری و صنعتی اداروں، تنظیموں اور کارپوریٹ سیکٹر کا الگ اجلاس ہوگا۔ وفاقی وزیر علی زیدی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی اجلاس کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر کراچی میں 2 ہفتے کی صفائی مہم کا آغاز کل سے ہوگا، کلین کراچی مہم کی نگرانی وفاقی وزیر علی زیدی کریں گے۔ مہم میں 10 ہزار سے زائد رضا کار، سیاسی کارکن اور عوامی نمائندے حصہ لیں گے۔ وفاقی حکومت کی کلین کراچی مہم کے لیے قومی خزانے سے فنڈز نہیں لیے جائیں گے۔

    فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کلین کراچی مہم کی کلیدی شراکت دار ہے جو تکنیکی مدد و ہیوی مشینری دے گی۔ کراچی کی کاروباری و صنعتی تنظیمیں بھی کلین کراچی مہم میں حصہ لیں گی۔ مہم میں ایک ہزار ٹریکٹر ٹرالیوں 200 سے زائد ڈمپر لوڈر سے کچرا ٹھکانے لگایا جائے گا۔ ہر بلدیاتی وارڈ میں رضا کار صفائی مہم کا حصہ بنیں گے۔

    کلین کراچی مہم میں ضلع غربی میں 48 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے، ضلع جنوبی و شرقی میں 70 مقامات کو منتخب کرلیا گیا ہے۔

  • بحریہ ٹاؤن اور بلدیہ عظمیٰ کی کلین کراچی مہم

    بحریہ ٹاؤن اور بلدیہ عظمیٰ کی کلین کراچی مہم

    کراچی: بحریہ ٹاؤن اور بلدیہ عظمیٰ نے رضا کارانہ کلین کراچی مہم کے آغاز کا اعلان کردیا جس کے تحت کراچی سے یومیہ 12 ہزار ٹن کچرا صاف کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین بحریہ ٹاؤن اور میئر وسیم اختر کے درمیان کلین کراچی معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔

    مہم کے تحت کراچی سے یومیہ 12 ہزار ٹن کچرا صاف کیا جائے گا۔

    اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں کی جانب سے ملک ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شہر تباہ و برباد ہوگیا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کراچی کو دیکھنے والا کوئی نہیں۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ 10 ماہ سے کراچی کی بہتری کی کوشش کی جارہی ہے۔

    مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل سے کلین کراچی مہم کا آغاز کریں گے۔ عید کے بعد کلین کراچی مہم کے تحت کام شروع کردیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ معاہدے میں ہے کہ روزانہ کا کچرا اٹھانے کے لیے سندھ حکومت پالیسی بنائے۔ سندھ حکومت تعاون کرے، وزیر اعلیٰ ہمیں بلائیں مل کر بیٹھیں گے۔

    بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم میئر یا کراچی والوں پر احسان نہیں کر رہے۔ یہ سب اللہ اور عوام کی امانت ہے جو ہم کرنے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے واضح کہا ہے کہ میئر کراچی کے ساتھ مل کر کام کریں۔ میئر وسیم اختر کی قیادت میں کراچی کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔

    ملک ریاض کا کہنا تھا کہ کراچی کی بہتری کے لیے 10 ارب تک کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔